Monthly Archives: October 2023
پاکستانی صحافیوں کو ویزا میں تاخیر پر بھارتی صحافی بھی بول پڑے
نئی دہلی(این این آئی)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی صحافیوں کو ویزا میں تاخیر پر بھارتی صحافی بھی بول پڑے۔
سینئر بھارتی صحافی راج دیپ سرڈیسائی نے پاکستانی صحافیوں کو ویزا نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
راج دیپ سرڈیسائی نے کہا کہ پاکستان بھارت میں ورلڈ کپ کھیل رہا ہے تو اس کے صحافیوں کو ویزا دینے سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔
سینئر بھارتی صحافی نے کہا کہ صحافی کیوں سیاسی دنگل کا شکار ہوں، ہمیں اچھے میزبانوں والا رویہ اپنانا چاہیے۔
کرکٹ کو 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں شامل کرلیا گیا
لاس اینجلس (این این آئی)کرکٹ کو 2028 میں لاس اینجلس میں ہونے والے اولمپکس میں شامل کرلیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کے ساتھ فلیگ فٹ بال، بیس بال اور سافٹ بال کو بھی اولمپکس کا حصہ بنالیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس اولمپکس آرگنائزنگ کمیٹی جلد کھیلوں کی شمولیت کا اعلان کرے گی۔
رپورٹس کے مطابق اسکواش کو اولمپکس میں اضافی کھیل کے طور پر شامل کرنے کی تجویز ہے جبکہ کرکٹ مقابلے ٹی 20 فارمیٹ میں ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس اولمپکس میں مردوں اور خواتین دونوں کے کرکٹ مقابلے ہوں گے۔رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس اور انٹرنیشنل اولمپک پروگرام کمیشن اتوار سے شروع ہونے والے آئی او سی کے 141ویں سیشن میں باقاعدہ اعلان کرے گی۔
برطانوی میڈیاکے مطابق کرکٹ کو لاس اینجلس اولمپک گیمز میں شامل کر لیا گیا ہے، اس سے پہلے 1900 میں پیرس میں ہونے والے اولمپکس میں کرکٹ کھیلی جا چکی ہے، جب انگلینڈ اور فرانس نے گولڈ میڈل کے لیے ایک ہی میچ کھیلا تھا۔
لاس اینجلس اولمپکس میں مردوں اور خواتین کا T20 ٹورنامنٹ ہوگا، جو ایشیا اور برصغیر میں ممکنہ طور پر منافع بخش تجارتی مارکیٹ کھول دے گا۔ہندوستان میں موجودہ اولمپک نشریاتی حقوق انفرادی کھیلوں کے لیے فروخت کیے جاتے ہیں اور پیرس 2024 کے لیے صرف 15اعشاریہ 6 ملین پاونڈ کی قیمت بتائی جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر کرکٹ کو لاس اینجلس گیمز میں شامل کیا جائے تو یہ رقم 150 ملین پائونڈ تک بڑھ سکتی ہے۔اس کے ساتھ فلیگ فٹ بال، بیس بال اور سافٹ بال بھی 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں شمولیت کے لیے تیار ہیں، جس کی انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی جانب سے تصدیق ہونا باقی ہے۔
بھارتی وکیل نے زینب عباس کے بھارت چھوڑنے کو بڑی فتح قرار دیدیا
نئی دہلی (این این آئی)بھارتی وکیل وینیت جنڈال نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ کی پاکستانی پریزینٹر زینب عباس کے بھارت چھوڑنے کو بڑی فتح قرار دے دیا۔
مہمان نوازی کی روایات پامال کرنے پر بھارتی وکیل نے شرم ساری کے بجائے ڈھٹائی کا مظاہرہ بھی کیا ہے۔
وینیت جنڈال نے سوشل میڈیا پر پیغام لکھا کہ زینب عباس کے خلاف ایکشن لینے پر شکر گزار ہوں۔
وینیت جنڈال نے زینب عباس کے خلاف سائبر کرائم میں شکایت کی تھی جبکہ ورلڈ کپ کی پریزینٹر زینب عباس گزشتہ روز بھارت سے دبئی پہنچی تھیں۔
واضح رہے کہ وینیت جنڈال نے زینب عباس پر بھارت مخالف ٹوئٹ کرنے کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا تھا۔یاد رہے کہ آئی سی سی ترجمان نے زینب عباس کو ڈی پورٹ کرنے کی خبروں کی تردید کی ہے۔
ہنڈی حوالہ میں ملوث منظم گروہ کے 2 ملزمان گرفتار
لاہور ( این این آئی) ہنڈی حوالہ میں ملوث منظم گروہ کے 2 ملزمان کو گرفتار کر کے 15لاکھ 46ہزار روپے برآمد کر لئے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور کی جانب سے ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز ورک کی ہدایت پر ہنڈی حوالہ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈائون جاری ہے ۔
برانڈرت روڈ لاہور پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران ہنڈی حوالہ میں ملوث منظم گروہ کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ۔
گرفتار ملزمان سے 15لاکھ 46ہزار روپے برآمد کر لئے گئے، گرفتار ملزمان میں محمد نزیر اور امیر تاج شامل ہیں ۔ ترجمان کے مطابق ملزمان بھاری رقوم وصول کر کے بیرون ملک بذریعہ ہنڈی حوالہ منتقل کرتے تھے۔
ملزمان غیر قانونی طور پر بھاری رقوم بھجوا کر ملکی معیشت کو بھاری نقصان پہنچا رہے تھے،ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔جبکہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جار ہے ہیں۔
اسرائیل کی بمباری،میڈیا دفاترپر مشتمل ٹاور پرحملہ،3 صحافی ہلاک
تل ابیب(این این آئی)فلسطینی تنظیموں کی طرف سے اسرائیل کے خلاف شروع کیے گئے طوفان الاقصی آپریشن کے چوتھے روزکے آغاز پر اسرائیل نے غزہ پر فضائی اور سمندری اطراف سے شدید بمباری کی ہے۔
عرب ٹی وی کے مطابق منگل کوغزہ کے علاقوں پراسرائیلی بمباری کی گئی ،اسرائیلی بحری کشتیوں نے بھی غزہ شہر کے ساحل پر تازہ بمباری کی ۔
ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ مغربی غزہ میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی بمباری میں متعدد صحافی ہلاک ہو گئے جبکہ فلسطینی میڈیا نے بتایا کہ مغربی غزہ میں رہائشی عمارت پر اسرائیلی بمباری میں 3 صحافی ہلاک ہو گئے ۔
ایک اسرائیلی حملے نے برج حجی کو نشانہ بنایا جس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہاں پر مختلف میڈیا اداروں کے دفاتر موجود ہیں۔
آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان ، پاکستان کا کوئی کھلاڑی بھی شامل نہیں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)آئی سی سی نے ستمبر کے مہینے کے مین اور ویمن پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ نامزدگیوں میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں جب کہ بھارت کے دو کرکٹرز کو نامزد کیا گیا ہے۔
نامزدگیوں کا اعلان کھلاڑیوں کی ستمبر کے مہینے کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا، بھارت کے شبمن گل اور محمد سراج پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان کو بھی پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا گیا۔
دوسری جانب آئی سی سی ویمن پلیئر آف دی منتھ کے لیے ساؤتھ افریقا کی لاورا ولفارٹ اور نڈائن ڈی کلرک اور سری لنکا کی چمازی اتھاپتھو کو نامزد کیا گیا ہے۔
برائلر گوشت کی قیمت میں 11روپے کلو کمی، فارمی انڈے مہنگے
لاہور( این این شئی) شہر میں پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت 11روپے کمی سے501روپے، زندہ برائلر مرغی کی قیمت 7روپے کمی سے334روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت مزید ایک روپے اضافے سے306روپے فی درجن کی سطح پر رہی ۔
اسلامی سرٹیفکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کیلئے خوشخبری
لاہور( این این آئی)قومی بچت کے سروا اسلامی سرٹیفکیٹ کا شرح منافع 21.8فیصد کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ایک سال کیلئے سروا سرٹیفکیٹ کا شرح منافع 21.8 فیصد کردیا گیا۔پانچ سال کیلئے سروا ٹرم اکائونٹ پر شرح منافع 15.12فیصد کردیاگیا۔
پانچ سال کیلئے سروا ٹرم کانیا شرح منافع 5 ستمبر سے کی گئی سرمایہ کاری پرہوگا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ نئے شرح منافع کا اطلاق 5ستمبر 2023سے کی گئی سرمایہ کاری پر ہوگا۔
24 گھنٹے کے دوران 137 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق
لاہور( این این آئی)پنجاب میں گز شتہ 24 گھنٹے کے دوران 137 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔
سیکرٹری صحت علی جان خان کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز 72 ،راولپنڈی میں 33 ،ملتان ،گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں6 ،6،،مظفرگڑھ اور سرگودھا میں 3،3، شیخوپورہ میں 2 جبکہ اٹک، اوکاڑہ، ڈیرہ غازی خان، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال اور راجن پور میں ڈینگی کا ایک ،ایک نیا مریض سامنے آیا۔
سیکرٹری صحت کے مطابق پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 100 مریض زیر علاج ہیں۔
نواز شریف کی وطن واپسی کاسفر آج سے شروع ، سعودی عرب پہلی منزل، خصوصی طیارہ بک
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے دبئی سے خصوصی طیارہ بُک کرا لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کہ نواز شریف جس خصوصی پرواز سے پاکستان پہنچیں گے اسے ’امید پاکستان‘ کا نام دیا جائے گا ، اس اسپیشل فلائٹ میں تقریباً 150 افراد کی گنجائش ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف عمرے کی ادائیگی کیلئے آج لندن سے سعودی عرب روانہ ہوں گے جہاں ایک ہفتہ قیام کے دوران وہ سعودی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے ، سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے 17 یا 18 اکتوبر کو دبئی پہنچیں گے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کی دبئی میں بھی کئی ملاقاتیں طے ہیں، وہ دبئی میں 3 دن قیام کے بعد 21 اکتوبر لاہور کیلئے روانہ ہوں گے، ان کے ہمراہ طیارے میں لیگی رہنما اور صحافی بھی ہونگے۔
24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں آشوب چشم کے صرف 165 نئے مریض رپورٹ
لاہور(این این آئی)گز شتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں آشوب چشم کے صرف 165 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔
وزیر پرائمری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر کے مطابق پنجاب کے 18 اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران آشوب چشم کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔
اٹک، بہاولپور، بھکر ، چکوال، حافظ آباد ،جھنگ ،جہلم، خوشاب، لیہ، میانوالی، ننکانہ صاحب، نارووال ،اوکاڑہ ،راولپنڈی ، ساہیوال ، سرگودھا ، شیخوپورہ اور سیالکوٹ میں آشوب چشم کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔
لاہور میں آشوب چشم کے 4 ،ملتان میں 1 اورفیصل آباد میں56 مریض رپورٹ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ آشوب چشم کے مریض علاج اور رہنمائی کے لئے ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔ صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں آئی سرجنز کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔آشوب چشم خطرناک نہیں اور نہ ہی اس سے بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔