لاہور: آلودگی کا سبب بننے والی ٹرالیوں اور ڈمپرز کا داخلہ بند



لاہورمیں فضائی آلودگی کا سبب بننے والی بغیر کور ٹرالیوں اور ڈمپرز کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق بڑھتی سموگ کے پیش نظرشہرمیں بغیرکور ٹرالیوں اور ڈمپرزکے داخلے پر پابندی اوردفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا ہے
کمشنرلاہورمحمد علی رندھاوا کے مطابق بغیر کور ٹرالیز، ڈمپرزاور شہر میں ڈمپنگ کرنے پرپابندی عائد کرنے کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے جس کے بعدکوئی بھی سرکاری و نجی ٹرالی یا ڈمپر بغیر کور کے شہر سے نہیں گزرے گا۔
کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس،ضلعی انتظامیہ،ایم سی ایل بغیر کور ٹرالیز کے خلاف ایکشن لے گامال روڈ کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔

پاکستان میں سونے کی قیمت کم سعودی عرب میں بڑھنے لگی



پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا تسلسل آج بھی برقرار ہے۔
جیولرز کے مطابق ڈالر کی قیمت میں نمایاں کمی اور سٹے بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے بعد سونے کی قیمتیں کم ہورہی ہیں۔ سونے کی فی تولہ قیمت میں آج بھی 600 روپے کمی ہوگئی۔
جیولرز کے مطابق مقابی صرافہ مارکیٹ میں کمی کے بعد 10گرام سونا ایک لاکھ 78 ہزار 750 روپے جبکہ فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 95000 ہزار روپے ہوگئی۔دوسری طرفسعودی گولڈ مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی گولڈ مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کے نرخوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 24 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 221.01 ریال، 22 قیراط ایک گرام 202.59 اور 18 قیراط 165.76 ریال رہی جبکہ 21 قیراط ایک گرام سونا 193.38 ریال میں فروخت کیا جاتا رہا۔
کاروبار کے اختتام پرسونے کے نرخ 192.38 ریال میں فروخت کیا گیا۔گولڈ مارکیٹ میں 21 قیراط کی گنی 1,856.47 ریال، آٹھ گرام 22 قیراط کی گنی 1,944.88 ریال ،آٹھ گرام 24 قیراط کی گنی 2,21.68 ریال اورایک کلوگرام سونا 222,555.86 ریال میں دستیاب رہا۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونےکی قیمت 3 ڈالر کم ہوکر 1811 ڈالرکی سطح پر آگئی جبکہ مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 187,500 جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 160,751 روپے ہوگئی۔

کشمیر اور فلسطین کے مسائل حل ہونے تک انتہا پسندی ختم نہیں ہو گی ، انوار الحق کاکڑ



نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ کشمیر اور فلسطین کے مسائل حل نہ کئے گئے تو انتہا پسندی آنے والی صدیوں میں بھی ختم نہیں ہو گی،گورننس کے ڈھانچے، سیاست ، معیشت سمیت اہم قومی معاملات پر پردیانتدارانہ قومی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے،اس ضمن میں پارلیمان قائدانہ کردار ادا کرسکتی ہے۔

 ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت معاشی، سیاسی اور دیگر چیلنجز درپیش ہیں ،بحیثیت قوم ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ملک میں کسی قسم کی بنیاد پرستی یا انتہا پسندانہ رویئے کی کوئی گنجائش نہیں جو بھی ایسا کریگا، ریاست اس کیخلاف کارروائی کرے گی۔

انہوں نے  کہاکہ  دیکھنا ہو گا کہ مہنگائی کے اسباب کیا ہیں۔ یہاں گندم سمیت اجناس وافر مقدار میں دستیاب ہیں تاہم ذخیرہ اندوزی کا مسئلہ سامنے آرہا ہے ،  کارروائی  کرنے پرچینی کی قیمتیں کم ہوئیں ، یہ کام ضلعی حکومتوں کا ہے تاہم وفاق صوبوں کے ساتھ مل کر اقدامات اٹھا رہا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہونا شرو ع ہو گئے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے پلیٹ فارم سے سعودی عرب ، متحدہ امارات سمیت دنیا بھر سے معدنیات ، آئی ٹی سمیت دیگر شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے ، اس حوالے سے دسمبرمیں اہم خبریں آ سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو نکالنے کی قطعی طورپر کوئی بات نہیں کی گئی،،جن کے پاس پاسپورٹ اور ویزے سمیت کوئی قانونی دستاویز نہیں ،انہیں واپس جانا چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستانی نژاد پشتونوں کے بنیادی شہری حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

 انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے مستقبل سے مایوس نہیں بلکہ بہت پرامید ہیں ،ملک بھر میں قائم ووکیشنل ٹریننگ اداروں کا ڈیٹا اکٹھا کر رہے ہیں ، اس بارے میں اس ہفتے اہم اجلاس ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے اگر عدالت انہیں آزاد کرتی ہے تو وہ سیاسی عمل کا حصہ ہوں گے۔ عدالتیں جو بھی فیصلہ کریں گی نگران حکومت اس پر عملدرآمد کی پابند ہو گی۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے پاکستان میں کمیشن کی تشکیل اہم اقدام ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 90 ہزار پاکستانی شہید ہوئے، ہمیں مختلف پرتشدد چیلنجز کا سامنا ہے، اس حوالے سے لیگل فریم ورک نہیں لایا جا سکا۔ آرمی چیف سویلین بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔ اگر ہم سویلین بالادستی کی بات کرتے ہیں تو ہماری کارکردگی ، وقار اور وژن اس کا فیصلہ کرے گا، ان عوامل کے بغیر بالادستی کا دعوی مشکل ہے۔ الیکشن کمیشن جب انتخابات کرائے گا ہم اس کی معاونت کریں گے۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کی ہے ، پاکستان تمام عالمی پلیٹ فارمز پر فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ ہندوستان سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں ، بھارت سے تعلقات معمول پر لانے کے عمل کا اگر کشمیری حصہ نہیں ہوں گے تو کوئی بات چیت دیرپا نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہاکہ ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں کہ وہ میچ دیکھنے بھارت جائیں، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے کے حوالے سے سفارتی ذرائع سے دوطرفہ بات چیت ہو رہی ہے ،چند منصوبوں پر بات چیت جاری ہے ، معاہدے کے قریب ہیں۔

فلسطین اور اسرائیل جنگ میں تیسرے فریق کی انٹری کا خطرہ



روس نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی میں تیسرے فریق کے داخلے کا خطرہ ظاہر کر دیا۔
روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق کریملن نے کہا ہے کہ اسرائیل اور فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے درمیان جاری تنازعہ میں تیسرے فریق کے داخل ہونے کا زیادہ خطرہ ہے۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کا کہنا تھا کہ اس تنازع میں تیسری قوت کے ملوث ہونے کا خطرہ بہت زیادہ ہے، کسی قسم کے مذاکراتی عمل کی طرف بڑھنے کے لئے جلد از جلد راستہ تلاش کرنا بہت ضروری ہے۔
خیال رہے کہ کریملن کا یہ بیان امریکا کی جانب سے اسرائیل کی مدد کے اعلان کے بعد سامنے آیاہے۔
یادرہے کہ امریکا نے اعلان کیا تھا کہ وہ حماس کے خلاف لڑائی میں اسرائیلی کی مدد کے لئے اپنا جنگی بحری بیڑہ بھیجے گا۔

پاکپتن میں بوڑھے باپ کوپیٹنے والے بیٹے کی ویڈیو وائرل



پاکپتن: نواحی علاقے پیر کریاں میں ضعیف باپ پر بیٹے نے تشدد کیا جس کی ویڈیو سامنے آگئی۔
جائیداد کی لالچ میں بوڑھے باپ پر تشدد کی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
پولیس نے واقعے کا علم ہونے پر ضعیف باپ کی مدعیت میں بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جس کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

سپریم کورٹ اپنے پریکٹس اینڈ پروسیجر رولز بنانے کیلئے با اختیار ہے ، چیف جسٹس



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کا آغاز ہو گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ پارلیمنٹ رولز بنا سکتی ہے نہ رولزبنانے کیلیے قانون سازی کر سکتی ہے، موجودہ قانون کے دائرہ کار میں رہ کر رولز میں تبدیلی کا اختیار صرف سپریم کورٹ کے پاس ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ آئین کہتا ہے سپریم کورٹ اپنے پریکٹس اینڈ پروسیجر کے رولز بنانے کے لیے بااختیار ہے، سپریم کورٹ آئین سے بالا رولز بناتا ہے تو کوئی تو یاد دلائے گا کہ آئین کے دائرے میں رہیں۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آئین تو پہلے ہی سپریم کورٹ کو پابند کرتا ہےکہ آئین و قانون کے مطابق رولز بنائے ۔

چیف جسٹس نے صدر سپریم کورٹ بارعابد زبیری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ وقت کم ہے جلدی سے میرے سوال کا جواب دے دیں کہ سبجیکٹ ٹو لا کو نکال دیں تو رولز بنانے کے اختیار پر کیا فرق پڑے گا؟

یاد رہے کہ وکلا کے دلائل مکمل ہونےکی صورت میں سماعت آج مکمل ہونے کا امکان ہے جبکہ چیف جسٹس نے بھی آج کیس مکمل کرنے کا عندیہ دے رکھا ہے۔

 

عدالت نے شکایت پر عمران خان کا سیل کھلا کرنے کا حکم دیدیا



عدالت نے شکایت پر عمران خان کا سیل کھلا کرنے کا حکم دیدیا۔
سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو عدالت سے متصل کمرے میں لایا گیا، جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے حکم پر چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو کمرہ عدالت میں بٹھایا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی ساتھ ساتھ کرسیوں پر کمرہ عدالت میں بیٹھے۔
کمرہ عدالت میں پی ٹی آئی وکلاء میں سے سلمان صفدر، نعیم پنجوتھا، شیرافضل مروت موجود تھے۔
پی ٹی آئی وکلاء نے سماعت شروع ہوتے ہی چیئرمین پی ٹی آئی نے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کو سیل سے متعلق بتایا اور کہا کہ میرے ساتھ مجرموں کی طرح سلوک کیا جا رہا ہے، کمرے میں چہل قدمی بھی ممکن نہیں ہے۔
جج نے چیئرمین پی ٹی آئی سے استفسار کیا کہ ٹرائل چلانا ہے یا نہیں؟ جس پر عمران خان نے کہا ٹرائل چلایا جا رہا ہے لیکن ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے پولیس اہلکار نے عدالت میں بیان دیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں سیل، اٹک جیل کی نسبت چھوٹا ہے۔
شاہ محمود قریشی آج سائفر کیس کی سماعت کے دوران مکمل خاموش رہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی نے پہلے چالان کی نقول وصول کیں، پھر پی ٹی آئی وکلا کی سرگوشی کے بعد دونوں نے چالان وصول کرنے سے انکار کر دیا تاہم عدالت نے نقول کی کاپیاں ملزمان میں تقسیم کر دیں۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل کا دورہ بھی کیا اور سپرنٹنڈنٹ جیل کو سیل میں توسیع کرنے کی ہدایت بھی کی۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو ہدایت کی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل میں قائم دیوار توڑ دی جائے تاکہ سیل کھلا ہو جائے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا کہنا تھا سیکریٹ عدالت کے جج ابوالحسنات کی ہدایت پر جلد از جلد سیل میں قائم دیوار توڑ دیں گے اور سیل کو بڑا کر دیں گے۔

حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ ، قطر میدان میں آ گیا



 قطر اسرائیلی جیلوں سے 36 فلسطینی خواتین اور بچوں کی رہائی کے بدلے میں قید اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کیلئے حماس کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کو ذرائع نے بتایا کہ ’مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں لیکن تاحال کوئی  پیشرفت نہیں ہوئی۔

دوسری جانب چینی خبر رساں ایجنسی شنہوا نے کہا ہے کہ  حماس نے قطر کو مطلع کیا ہے کہ اسے قابض اسرائیلی حکومت کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر اعتراض نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں کہ خواتین سمیت تمام فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔

شنہوا نے بھی کہا کہ قطر حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے فوری تبادلے میں ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔

ساتھی اداکار نےنصیر الدین شاہ کی پیٹھ میں چاقو گھونپ دیا



بالی وڈ کے ورسٹائل اور سینئر اداکار نصیر الدین شاہ نے اپنی کتاب میں انکشاف کیا ہے کہ ایک مرتبہ انہیں ایک دوست اداکارنے پیٹھ میں چاقو گھونپ دیا جس کے باعث ان کا کافی خون بہہ گیا۔
نصیر الدین شاہ نے اپنی سوانح حیات میں اپنی زندگی کے مختلف واقعات کا ذکر کیا ہے۔ بھارتی اداکار نےیہ انکشاف بھی کیا کہ 1977 میں ان کے ایک دوست اداکار جسپال نے انہیں چاقو مار کر اسوقت زخمی کر دیا تھا جب وہ ممبئی میں فلم بھومیکا کی شوٹنگ میں مصروف تھے اور اپنے دوست اوم پوری کے ساتھ ایک ریسٹورینٹ میں کھانا کھا رہے تھے۔
اسی دوران اوم پوری نے میرے پیچھے دیکھ کر چلانا شروع کر دیا اور جب میں نے پیچھے مڑ کر دیکھا تو جسپال کے ہاتھ میں ایک تھا جس سے اس نے مجھ پر حملہ کر دیا۔ بھارتی اداکار نے اپنی سوانح عمری میں بتایا کہ اوم پوری مجھےسپتال لیکر جانا چاہتے تھے لیکن ریسٹورینٹ کے مالک نے کہا کہ جب تک پولیس نہیں آ جاتی آپ لوگ یہاں سے نہ جائیں، پھر پولیس اور ایمبولینس پہنچی اور ہمیں لے جایا گیاتاہم اداکار نے ان وجوہات اور پھر جسپال سے دوستی کے بارے میں کبھی نہیں بتایا کہ ان کی جسپال سے دوستی کیسے ہوئی۔

غزہ ، اسرائیلی بمباری سے شہید ہونیوالوں میں ایک ہی خاندان کے 22 افراد بھی شامل



مقبوضہ فلسطین اور غزہ پٹی سمیت دیگر علاقوں پر صیہونی بربریت رات بھر جاری رہی جس میں شہید ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 22 افراد بھی شامل ہیں۔

الجزیرہ  ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی طیاروں کے حملے میں خان یونس کے قریب ابو دقّہ خاندان کے گھر کو نشانہ بنایا گیا جس میں ان کے خاندان کے کم از کم 22 افراد شہید ہوگئے۔

ادھر فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 413 ہوگئی، جن میں 78 بچے، 41 خواتین بھی شامل ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائیہ غزہ میں عام فلسطینیوں پر بمباری کررہی ہے۔

اسرائیل 1973 کے بعد پہلی بار باضابطہ جنگ کا اعلان کرچکا ہے اور غزہ میں مقیم فلسطینیوں کو علاقہ چھوڑنے کے لیے الٹی میٹم دیا ہوا ہے۔

دی گھوسٹ”حماس کے کمانڈر جن کی کوئی تصویر ہے نہ شناخت



اسرائیل کے خلاف “آپریشن طوفان الاقصیٰ”میں حماس کے عسکری ونگ “القسام بریگیڈ” کے جنرل کمانڈر محمد الضیف اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
محمد الضیف اسرائیلی حلقوں میں”دی گھوسٹ” کے نام سے جانے جاتے ہیںان کا پیدائشی نام محمد دياب إبراهيم المصری ہے ۔ محمد الضیف غزہ کے خان یونس پناہ گزین کیمپ میں 1965 میں پیدا ہوئے ۔2014 میں اسرائیلی فضائی حملے میں محمد الضیف کی اہلیہ، سات ماہ کا شیرخوار بیٹا اور تین سالہ بیٹی جاں بحق ہوگئے تھے ۔جس کے بعد انہوں نے خانہ بدوش زندگی اختیار کرلی ۔1990 میں وہ فلسطینی گروپ حماس کا حصہ بنے اور 2002 میں تنظیم کے لیڈر بن گئے۔اس کے بعد وہ ’الضیف‘ کے نام سے مشہور ہو گئے، جس کا عربی میں مطلب “مہمان” ہوتا ہے۔
اسرائیلی انہیں بھوت یعنی “دی گھوسٹ” اس لئے کہتے ہیں کیونکہ ان کی کوئی حالیہ تصویر موجود نہیں ہے۔
ان کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ کبھی کسی بھی مقام پر ایک رات سے زیادہ قیام نہیں کرتے ہیں کبھی تو ایسا ہوتا ہے کہ وہ رات میں دو یا کئی بار اپنی جگہ تبدیل کرلیتے ہیں۔
محمد الضیف 1995 سے اسرائیلی فوج کے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔محمد الضیف گذشتہ دو دہائیوں کے دوران 7 قاتلانہ حملے ہو چکے ہیں، جن میں محفوظ رہے ۔پہلے قاتلانہ حملے میں وہ ایک آنکھ سے محروم جبکہ دوسرے قاتلانہ حملے میں انکے بازو کا ایک حصہ بیکار ہو گیا تھا ۔اسی وجہ سے اسرائیلی انہیں فلسطین کا سب سے مطلوب شخص اور “نوزندگیوں والی بلی” بھی کہتے ہیں
محمد الضیف وہ ہر قسم کے خطرے میں بچ نکلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
سات اکتوبر کو ایک آڈیو ریکارڈنگ سامنے آئی، جس میں اسرائیل کے خلاف طوفان الاقصیٰ آپریشن کے آغاز کا اعلان کیا گیا
آڈیو ریکارڈنگ میں اسرائیل کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر اسرائیل نے حماس کے مطالبات تسلیم نہ کئےتو اسے “بھاری قیمت”چکانا پڑے گی۔
اس آڈیو ریکارڈنگ میں آواز محمد الضیف کی بتائی جاتی ہے۔ جس میں انہوں نےکہا کہ ہم نے قبضہ ختم کرانے کیلئے آخری جنگ لرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
محمد الضیف نے مبینہ طور پر آڈیو میں پاکستان کا ذکر بھی کیا اور پاکستانی عوام پر زور دیا کہ وہ ’فلسطینیوں کے لیے اٹھ کھڑے ہوں اور آپریشن طوفان الاقصیٰ کی حمایت کریں۔

ترک جنگی طیارے کی شام میں بمباری ، 20 کرد جنگجو ہلاک ، 50 زخمی



 ترک جنگی طیاروں کی شام میں بمباری کے نتیجے میں 20 کرد جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

برطانیہ میں قائم ’’سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس‘ کے مطابق ترکیہ کے جنگی طیارے نے کرد جنگجوؤں کے شام میں بنائی گئی خودساختہ ریاست میں ایک فوجی تربیتی مرکز پر بم برسائے ، حملے میں 20 کرد جنگجو ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے 15 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ شام میں داعش اور حکومتی افواج کے درمیان طویل عرصے سے جاری خانہ جنگی کے درمیان ملک کے شمال مشرقی علاقے میں کردوں نے اپنی ایک نیم خودمختار ریاست قائم کر لی ہے۔

ترکیہ میں بھی یہ علیحدگی پسند کردستان ورکرز پارٹی  کے نام سے کام کر رہے ہیں جسے ترک اور اس کے مغربی اتحادیوں نے دہشتگرد گروپ کے طور پر درج کیا ہے، یہ علیحدگی پسند جنگجو ترکیہ میں مختلف کارروائیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔