شاہ رخ خان کو”جوان” اور”پٹھان” کی کامیابی کے بعد دھمکیاں ملنے لگیں



ممبئی(این این آئی) بالی ووڈ سْپر اسٹار شاہ رخ خان کو ان کی لگاتار دو ہٹ فلموں ‘جوان’ اور ‘پٹھان’ کی شاندار کامیابی کے بعد دھمکی آمیز پیغامات ملنے لگے جس کے بعد اداکار کو Y سیکیورٹی دی گئی ہے۔

شاہ رخ خان نے رواں سال بالی ووڈ کو دو سْپر ہٹ فلمیں دی ہیں جن فلم ‘پٹھان’ اور ‘جوان’ شامل ہیں، ‘جوان’ ریلیز کے ایک ماہ بعد بھی باکس آفس پر چھائی ہوئی ہے، انہی شاندار کامیابوں کے دوران مہاراشٹر حکومت نے کنگ خان کی سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کو دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے ہیں جس کے بعد مہاراشٹر حکومت نے کنگ خان کو Y سیکورٹی فراہم کی ہے، مہاراشٹر کے وی آئی پی سیکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز کی ٹیم ہر وقت بالی ووڈ سْپر اسٹار کے ساتھ رہے گی۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ ممبئی میں شاہ رخ خان کے گھر ‘منت’ کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے، ممبئی پولیس کے 4 اہلکار 24 گھنٹے اداکار کے گھر کی حفاظت کریں گے۔

اس کے علاوہ اداکار جب بھی کہیں گھر سے باہر جائیں گے تو ان کی سیکیورٹی میں ایک تربیت یافتہ کمانڈو کے ساتھ ٹریفک کلیئرنس گاڑی بھی ہوگی جو ٹریفک کو کلیئر کرے گی تاکہ کوئی اداکار کی گاڑی کے آگے یا پیچھے نہ آئے۔

اس سے قبل بھی بالی ووڈ سْپر اسٹار شاہ رخ خان کو دو پولیس کانسٹیبلوں کی سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کا بالی ووڈ میں کامیاب کیریئر رہا ہے، رواں سال اْن کے کیریئر کا بہترین سال رہا ہے، یش راج فلمز کی ‘پٹھان’ نے پوری دنیا میں کامیابی سے بزنس کرتے ہوئے 1050 کروڑ کا مجموعی بزنس کیا جبکہ ایٹلی کی ‘جوان’ اب تک پوری دنیا میں 1090 کروڑ کا بزنس کرچکی ہے۔

شاہ رخ خان کی دونوں فلمیں 2141 کروڑ کا بزنس کرچکی ہیں اور کنگ خان انڈسٹری کے واحد اداکار بن گئے ہیں جن کی دو فلموں نے ایک برس میں ایک ہزار سے زائد کا بزنس کیا ہے۔

اداکار کی ایک میگا فلم ‘ڈنکی’ باقی ہے جسے راج کمار ہیرانی بنارہے ہیں، ‘پٹھان’ اور ‘جوان’ کے بعد اب وہ اپنی سال کی تیسری ریلیز ‘ڈنکی’ کی تیاری کر رہے ہیں۔

انشاء اللہ! دریا سے سمندر تک فلسطین آزاد ہوگا، صبا قمر



کراچی(این این آئی) حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر نے فلسطین کے حق میں اپنی آواز اْٹھا دی۔فلسطینی مزاحمتی تنظیم اور غزہ کی حکمراں جماعت حماس نے ہفتہ کے روز اسرائیل پر اچانک بڑے حملے کرکے اسرائیل سمیت پوری دْنیا کو حیران کردیا ہے۔

ہفتہ کے روز شروع ہونے والی لڑائی اتوار کو بھی سارا دن جاری رہی۔ اسرائیل پر غیر متوقع حملے کے بعد حزب اللہ بھی لبنان سے صہیونی ریاست کو نشانہ بنارہی ہے۔ حماس کے جنگجو اب بھی اسرائیلی مقبوضہ علاقوں کے اندر موجود ہیں جہاں ان کی کئی مقامات پر اسرائیلی فوج سے دو بدو جھڑپیں ہورہی ہیں۔

ایسے میں سْپر اسٹار صبا قمر نے فلسطینیوں کا حوصلہ بْلند کرنے کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر فلسطینیوں کی حمایت میں پیغام جاری کیا ہے۔صبا قم،ر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ‘انشاء اللہ! دریا سے سمندر تک فلسطین آزاد ہوگا۔

واضح رہے کہ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے اچانک حملے کے بعد سے اسرائیلی فوج اب تک سنبھل نہیں پائی ہے۔ مختلف جھڑپوں میں اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تعداد 700 سے تجاوز کرگئی جن میں سیکڑوں فوجی اور پولیس اہلکار شامل ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بزدلانہ کارروائی میں غزہ میں حماس کے کمانڈرز کے گھروں پر رات بھر بمباری کی۔ ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں۔ ان حملوں میں بچوں سمیت 413 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

ادھر لبنان کی حزب اللہ نے اسرائیلی سرزمین پر مارٹر شیلز سے حملے کیے جس میں بڑے پیمانے پر اسرائیلیوں کی ہلاکتوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اسرائیل نے بھی لبنان پر میزائل داغے تاہم کسی نقصان کی اطلاع تاحال موصول نہیں ہوئی۔

سائفر کیس: عمران خان اور شاہ محمود پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 17 اکتوبر کی تاریخ مقرر



اسلام آباد(ادراک نیوز)خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر 17 اکتوبر کو فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود کے خلاف اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقارنقوی، وکیل صفائی سلمان صفدر، ایف آئی اے کی ٹیم اور تفتیشی افسر چالان کی نقول کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

اس دوران شاہ محمود قریشی کی بیٹی اور بیٹا زین قریشی بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔سماعت کے دوران سائفرکیس میں چالان کی کاپیاں تقسیم کردی گئیں۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فردجرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی جو 17 اکتوبر کو عائد کی جائے گی۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت بھی 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

 اس سے قبل چییرمین پی ٹی آئی سے پی ٹی آئی وکلاء نے جالیوں سے مختصر ملاقات  بھی کی۔

اسرائیل فلسطین کشیدگی، سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس بے نتیجہ ختم



نیویارک(این این آئی)فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ ہنگامی اجلاس بے نتیجہ ختم ہو گیا۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے فلسطین اور غزہ کے درمیان جنگ کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی)کا بند کمرہ ہنگامی اجلاس ہوا لیکن نہ تو اس میں کوئی باضابطہ قرارداد پیش ہو سکی اور نہ ہی مشترکہ اعلامیہ جاری ہو سکا۔

یاد رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے کے روز اسرائیل کے خلاف آپریشن الاقصی فلڈ شروع کیا گیا جس کے نتیجے میں اب تک 1000 سے زائد اسرائیلی شہری اور فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ سینکڑوں افراد کو یرغمال بھی بنایا گیا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست یورپی اتحاد کے رکن ملک مالٹا نے دی تھی۔

فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق اجلاس میں شریک متعدد ارکان نے حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملے کی مذمت کی لیکن کسی بھی مشترکہ اعلامیے پر اتفاق نہیں ہوسکا۔سینیئر امریکی سفارت کار رابرٹ ووڈ نے بند کمرے میں ہونے والے اجلاس کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ حماس کے حملوں کی مذمت کرنے والے ممالک کی ایک اچھی تعداد ہے۔

لیکن ظاہر ہے کہ یہ سارے نہیں ہیں۔ووڈ نے روس کی طرف واضح اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ شاید میرے کچھ کہے بغیر ان میں سے ایک کا پتہ لگا سکتے ہیں۔سفارت کاروں نے کہا کہ سلامتی کونسل نے کسی بھی مشترکہ بیان پرغور نہیں کیا، ایک لازمی قرارداد تو دور کی بات ہے، روس کی سربراہی میں ارکان حماس کی مذمت کرنے کے بجائے اس معاملے پر وسیع تر توجہ دینے امید رکھتے ہیں۔

اقوام متحدہ میں روس کے سفیر ویسیلی نیبنزیا نے کہا کہ میرا پیغام فوری طور پر جنگ بندی کرنے اور بامعنی مذاکرات کی طرف جانے کا تھا، جس کے بارے میں سلامتی کونسل نے کئی دہائیوں سے کہہ رکھا ہے۔انہوں نے کہا، یہ جزوی طور پر حل طلب مسائل کا نتیجہ ہے۔چین، جو عام طور پر سلامتی کونسل میں روس کا اتحادی ہے، نے کہا کہ وہ ایک مشترکہ بیان کی حمایت کرے گا۔

سفیر ژانگ جون نے کہا کہ یہ غیر معمولی بات ہے کہ سلامتی کونسل نے کچھ نہیں کہا۔ انہوں نے اس سے قبل شہریوں کے خلاف تمام حملوں کی مذمت کے لیے چین کی حمایت کا وعدہ کیا تھا۔اجلاس شروع ہونے سے قبل اسرائیلی سفیر گیلاڈ ایردان نے حماس کی جانب سے یرغمال بنائے جانے والے اسرائیلی شہریوں کی تصاویر دکھائیں۔

آٹو موبائل ،امپورٹڈ فوڈ، برقی و دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ



کراچی(این این آئی)ڈالر کی قدر میں کمی کے اثرات مارکیٹ میں نظر آنے لگے۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں الیکٹرانک آئٹم، آٹو موبائل، امپورٹڈ فوڈ آئٹمز سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔

گزشتہ ہفتے لکی موٹرز کارپوریشن نے اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں ایک لاکھ سے پانچ لاکھ روپے تک کمی کا اعلان کیا ہے۔

الیکٹرانک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کے مطابق روپے کی قدر میں بہتری کے بعد پاکستان میں استعمال ہونے والے موبائل فونز، اے سی، فریج، ایل سی ڈیز سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مقامی سطح پر تیار ہونے والی اشیا کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک سے آنے والے سامان کی ڈیوٹیز اور خریداری میں کمی کی وجہ سے یہ اثر مارکیٹ میں دیکھا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بچوں کے کھانے پینے کی اشیا، ڈائپرز اور خشک دودھ سمیت دیگر درآمدی اشیا کی قیمت میں 10 سے 50 روپے تک کی کمی رپورٹ کی گئی ہے۔

برفانی تودہ گرنے سے 2 پاکستانی کوہ پیما بال بال بچ گئے، 2 غیرملکی کوہ پیما ہلاک



اسلام آباد (این این آئی)برفانی تودہ گرنے سے2پاکستانی کوہ پیما بال بال بچ گئے 2غیرملکی ہلاک ہو گئے۔

پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی اور سرباز خان چین کے خود مختار علاقے تبت کی شیشاپنگما چوٹی کے قریب برفانی تودہ گرنے سے بال بال بچ گئے تاہم امریکا اور نیپال سے تعلق رکھنے والے دو کوہ پیما ہلاک اور دو کوہ پیما شدید برفانی تودے کی لپیٹ میں آنے کے بعد لاپتا ہوگئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سرباز خان اور نائلہ کیانی امیجن نیپال مہم کی ٹیم کا حصہ تھے، دونوں نے 6 اکتوبر کی شام کو 8 ہزار سے زائد بلند چوٹی سر کرنے کی مہم کا آغاز کیا تھا۔

سربازخان کے ایکسپیڈیشن منیجر سعد منور نے کیمپ ون میں دونوں پاکستانی کوہ پیماؤں کی بحفاظت واپسی کی تصدیق کی ہے۔

برفانی تودہ اس وقت گرا جب پاکستانی وقت کے مطابق صبح 7 بجے کے قریب تمام کوہ پیما چوٹی سر کرنے کی کوشش میں 7 ہزار 800 میٹر سے بلند جگہ پر موجود تھے۔

برفانی تودہ گرنے سے امریکی کوہ پیما اینا گٹو اور ان کی نیپالی گائیڈ منگمار شیرپا برفانی تودے کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے جبکہ ایک اور امریکی کوہ پیما جینا میری اور نیپالی گائیڈ ٹینجین (لاما) شیرپا لاپتہ ہیں۔

ریسکیو ورکرز نے ہلاک ہونے والے دونوں کوہ پیماؤں کی لاشیں نکال لی ہیں جبکہ لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش شروع کر دی گئی۔

اسرائیل پر حملوں میں متعدد امریکی شہری مارے گئے



واشنگٹن(این این آئی )امریکہ کی قومی سلامتی کونسل کے مطابق حماس کے اسرائیل پر اچانک حملے کے نتیجے میں متعدد امریکی شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قومی سلامتی کونسل کے ایک ترجمان نے بتایا کہ امریکی حکام شہریوں کی بیرون ملک اموات کے حوالے سے اسرائیلی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

غزہ اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازعہ میں امریکی شہریوں کی ہلاکت پر موقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب اسرائیل نے غزہ سے یہودی آبادیوں پر خونریز حملوں کے بعد جارحانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

نواز شریف نے برطانیہ میں اپنا قیام مزید بڑھا دیا



لندن(آئی این پی)مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں نواز شریف نے برطانیہ میں اپنا قیام مزید بڑھا دیا ہے۔

ن  لیگ کی جانب سے نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں19 اکتوبر کو درخواست دائر کی جائیگی۔

لیگی ذرائع کے مطابق نواز شریف 9اکتوبر کو لندن سے سعودی عرب روانہ ہونگے۔ بعد ازاں 14 اکتوبر کو امارات اور 21اکتوبر کو نجی فلائٹ سے شام 6بجے لاہور پہنچیں گے۔

مشرق وسطی کشیدگی، خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا



تل ابیب (این این آئی)اسرائیل پر حماس کے حملے نے پیر کو تیل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا کیونکہ مشرق وطی میں وسیع تنازع کے خدشے کے پیش نظر مارکیٹوں میں قیمتیں بڑھ گئیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تشدد نے پیر کو عالمی منڈیوں میں اتار چڑھا ئوکو ہوا دی۔

ایران سے سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات کے ساتھ، ایشیائی تجارت میں برینٹ کروڈ کی قیمت 4.18 ڈالر یا 4.94 فیصد بڑھ کر 88.76 ڈالر فی بیرل تک چلی گئی۔

حیدرآباد کے قریب گیس کے وافر ذخائر دریافت



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں روایتی قدرتی گیس کے ذخائر میں ہر سال 8سے 9فیصدکمی اور ملک میں ایل این جی درآمد کرنے کے حوالے سے محدود انفرااسٹرکچر سہولتوں کے تناظر میں کے یوایس (1)حیدرآباد میں قدرتی گیس کے وافر ذخائر کی علامات بڑی حوصلہ افزا نہیں یہاں قدرتی گیس کی تلاش کا کام 2020میں شروع کیا گیا تھا۔

موقر قومی اخاوجی ڈی سی ایل کے تحت یو ایس اسٹڈی کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ یہاں قدرتی گیس کے ذخائر کا حجم تین ہزار ٹی سی ایف (ٹریلین کیوبک فٹ) ہے جبکہ او جی ڈی سی ایل کے ماہرین آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں چٹانوں میں تیسری عمودی سطح کی کھدائی کریں گے۔ تاہم دو عمودی سطح کی کھدائی ہی میں گیس دریافت ہونے کے آثار نمایاں ہوگئے۔

تیل و گیس کی دریافت سے متعلق او جی ڈی سی ایل کے مشیر ڈاکٹر ایم سعید خان جدون نے بتایا کہ گیس کے اسی کنویں میں 1500سے 2000میٹرز افقی طور پر تین ہزار سے 6ہزار میٹرز تک مزید ذخائر کیلئے کھدائی کی جائے گی۔

اس کیلئے شلمبرگر پاکستان سے پہلے ہی معاہدہ ہوچکا ہے۔ چین اور امریکا جنہوں نے اس معاملے میں سرمایہ کاری کررکھی ہے، انہیں نمائندے بھیج کر باخبر رکھا جارہاہے۔

ڈاکٹر جدون نے مزید بتایا کہ اس پائلٹ کنویں کی کھدائی کے تین ماہ بعد جو اگست 2024میں مکمل ہوگی جس کے بعد گیس کے قطعی حجم کا تین سے چار برسوں میں تعین ہوگا۔ جس پر 25سے 30ملین ڈالرز لاگت آئے گی۔

ڈالر کی قدر میں کمی ، روئی کی قیمتیں بھی گر گئیں



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں ریکارڈ کمی اور توانائی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پوری کاٹن انڈسٹری تاریخ کے بد ترین معاشی بحران کا شکار ہے،کاشتکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے،جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں چار سالہ توسیع کے باعث کاٹن مارکیٹ میں قدرے ٹھراؤ ہے۔

چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ مذکورہ وجوہات کی بناء پر گزشتہ ہفتے پاکستان میں روئی کی قیمتیں ایک ہزار500روپے فی من مندے کے بعد17ہزار روپے من تک گر گئیں جبکہ پھٹی کی قیمتیں ایک ہزار روپے مندے کے بعد7ہزار 500روپے فی چالیس کلو گرام تک گر گئی۔

یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پہ پلس اسٹیٹس میںچار سال تک مزید توسیع کے فیصلے نے پاکستانی کاٹن مارکیٹ میں ٹھراؤ پیدا کیا اور روئی کی قیمتیں جو قبل ازیں17ہزار روپے من سے بھی نیچے گر گئی تھیں اب دوبارہ مضبوط ہو گئی ہیں۔

روئی اور پھٹی قیمتوں میں استحکام لانے کے لئے وفاقی حکومت نے ٹی سی پی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ فوری طور پر کاٹن جنرز سے روئی کی خریداری شروع کرےجبکہ کاٹن کراپ اسسمنٹ کمیٹی کا جلاس بلا کر نیا پیداواری ہدف مختص کیا جانا چاہیئے۔

عالمی بینک نے پاکستان کے نجکاری کے طریقہ کار پر سوالات اٹھا دیے



اسلام آباد (این این آئی)عالمی بینک نے پاکستان کے نجکاری کے طریقہ کار پر سوالات اٹھا دئیے۔

عالمی بینک کے مطابق سیاسی مداخلت یا عدالتوں میں کیسز سے نجکاری کا عمل متاثر ہوگا، پاکستانی حکومتی کمپنیوں کا منافع جنوبی ایشیائی ممالک میں سب کم ہے۔

پاکستانی حکومتی کمپنیوں کا 2014 میں منافع جی ڈی پی کے0.8 فیصد تھا اور 2020 میں سرکاری کمپنیوں کے نقصانات جی ڈی پی کے 0.4 فیصد کے برابر تھے۔

عالمی بینک نے کہا کہ پاکستان کا نجکاری پروگرام 2007 کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سے رک گیا ہے۔

سپریم کورٹ کے پاکستان اسٹیل ملز اور ریکوڈک فیصلوں سے پاکستان کاعالمی سطح پر معاہدوں کی پاسداری نہ کرنے والے ملک کے طور پر ابھرا۔

عالمی بینک کے مطابق پی ٹی آئی دور میں سرمائے پاکستان قانون سے نجکاری میں مزید تاخیر ہوئی۔

پاور سیکٹر اداروں کی نجکاری لیبر یونین کی وجہ سے نہ ہو سکی جب کہ کے الیکٹرک کی نجکاری کے بعد بھی کارکردگی عدم اطمینان بخش رہی۔

عالمی بینک نے کہا کہ سیاسی جماعتیں بھی نجکاری پروگرام پر متفق نہیں ہیں اور دوسرے ممالک کی حکومتی کمپنیوں کو نجکاری پرعدالتوں میں کیسز کا امکان ہے۔

حکومت کمپنیوں کے حصص کو اسٹاک مارکیٹ لائے اور شفاف نجکاری کرے۔