انٹر بینک میں امریکی ڈالر مزید سستا



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کاروباری ہفتے کے آغاز میں ہی انٹر بینک میں امریکی ڈالر مزید سستا ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 88 پیسے سستا ہونے کے بعد 281 روپے 80 پیسے کا ہو گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر انٹر بینک میں امریکی ڈالر 282 روپے 68 پیسے کا تھا۔

چودھری پرویز الٰہی کے اہلخانہ کی عبوری ضمانتوں میں 25 اکتوبر تک توسیع



لاہور ( این این آئی) اینٹی کرپشن کی خصوصی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے اہلخانہ کی عبوری ضمانتوں میں 25 اکتوبر تک توسیع کر دی۔

اینٹی کرپشن عدالت میں چودھری پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی ، بیٹے راسخ الٰہی اور زہرہ الٰہی کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

جج علی رضا اعوان نے ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر محکمہ اینٹی کرپشن سے تفتیشی رپورٹ طلب کرتے ہوئے پچاس، پچاس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 25 اکتوبر تک توسیع کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ عدالت نے ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا تھا، ملزمان کی جانب سے ضمانتی درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

جناح ہائوس حملہ ، مقدمے میں گرفتار ملزمان کاجیل ٹرائل کرنے کا فیصلہ



لاہور( این این آئی) جناح ہائوس حملے کے مقدمے میں گرفتار ملزمان کا جیل ٹرائل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

پنجاب حکومت نے ملزمان کا جیل ٹرائل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، ملزمان کا ٹرائل سنٹرل جیل لاہور میں ہو گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق عسکری ٹاور پر حملے کے مقدمے کا ٹرائل بھی جیل میں ہو گا، تھانہ شادمان پر حملے اور جلائو گھیرائو کے مقدمے میں گرفتار ملزمان کا ٹرائل بھی جیل میں ہو گا ۔

واضح رہے کہ پراسیکیوشن نے ملزمان کے خلاف چالان مکمل کر کے عدالت میں جمع کرا رکھے ہیں۔اس حوالے سے جناح ہائوس حملہ کیس کے سپیشل پراسیکیوٹر فرہاد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جناح ہائوس حملہ کیس میں گرفتار تمام ملزمان کا ٹرائل جیل میں ہو گا ۔

انسداد دہشت گری کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید جیل میں جا کر ملزمان کا ٹرائل کریں گے، جناح ہائوس حملہ کیس میں ملزمان کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

فرہاد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی تعداد میں ملزمان کو روز جیل سے عدالت لانا اور واپس لے جانا مشکل کام ہے، ہماری کوشش یہی ہے کہ مقدمے کا ٹرائل جلد از جلد مکمل کرائیں ۔

اے ٹی سی کے رولز کے تحت جناح ہاس حملہ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئر مین پی ٹی آئی کی جناح ہائوس حملہ کیس میں ضمانت عدم پیروی پر خارج ہوئی، اگر چیئرمین پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہوئے تو انہیں بذریعہ ویڈیو لنک جیل ٹرائل میں شامل کیا جائے گا۔

فلسطینیوں کی نسل کشی کرنیوالی فاشسٹ حکومت کو خطرناک ردعمل سے آگاہ کر دیا تھا ، اسرائیلی رکن پارلیمنٹ



اسرائیل کے رکن پارلیمنٹ عوفر كیسف نے اسرائیلی حکومت اور وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کو اسرائیل پر حملوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فاشسٹ اسرائیلی حکومت فلسطینیوں کے قتل عام کی حمایت کرتی ہے اور نسل کُشی کے لیے کام کر رہی ہے۔

 بائیں بازو اتحاد کے رکن اسمبلی عوفركیسف کا کہنا ہے کہ فلسطینی سرزمین پر مسلسل غیرقانونی قبضوں اور فلسطینیوں سے رواسلوک پر بن یامین حکومت کو ایسے حملوں کے لیے خبردار کر دیا تھا۔

 عوفركیسف نے کہا کہ موجودہ اسرائیلی حکومت ایک فاشسٹ حکومت ہے جو فلسطینیوں کے قتل عام کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔ بارہا حکومت کو کہا تھا کہ اگر  فلسطینیوں کی سرزمین سے  قبضہ ختم نہ کیا تو اس کا خطرناک ردعمل آئے گا۔

ورلڈ کپ ، بھارت نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی



بھارت نے ورلڈکپ کے پانچویں میچ میں آسٹریلیا کو6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 

بھارتی بیٹرز نے آسٹریلیا کا 200 رنز کا ہدف 42 ویں اوور میں پورا کر لیا، 2 رنز پر 3 کھلاڑی  آؤٹ ہونے کے بعد ویرات  کوہلی اور کے ایل راہول نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سہارا دیا، ویرات کوہلی نے 85 اور کے ایل راہول نے ناقابل شکست 97  رنز بنائے اور ٹیم کو جیت دلوائی۔آسٹریلیا کے ہیزل ووڈ نے 3 جبکہ مچل اسٹارک نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔

چینئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے  ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف پورے میچ میں سست روی سے بیٹنگ کی، بھارتی بولرز کے سامنے  آسٹریلوی بیٹرز کھل کر نہ کھیل سکے ۔ کینگروز کی پوری ٹیم آخری اوور میں 199 رنز پر ہو گئی، کینگروز کی جانب سے اسٹیو اسمتھ 46  اور ڈیوڈ وارنر 41 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

بھارت کے روینڈرا جڈیجا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کلدیپ یادیو اور جسپریت بمرا نے  2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن سے پہلے رہا ہونگے یا نہیں ، فیصلہ عدالت کریگی ، انوار الحق کاکڑ



نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن سے پہلے رہا ہوں گے یا نہیں فیصلہ عدالت نے کرنا ہے، ہم نے نہیں۔

 ایک انٹرویو میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ آرمی چیف سویلین بالا دستی پر یقین رکھتے ہیں، ورلڈکپ میں شائقین کو ویزے نہ دینے کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ  پاکستانی کرکٹ شائقین کو ویزے دے، اگر ایسا ایونٹ پاکستان میں ہوتا تو بھارتی شائقین کو ضرور ویزے دیتے۔

 انہوں نے کہا کہ مجھے نگران وزیراعظم بننے کی اطلاع سابق وزیراعظم نے دی، دریں اثنا نیشنل ریزیلینس ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹیز کی صورت میں آفات سے نمٹنے کیلئے ایک مضبوط اور متحرک ادارہ جاتی ڈھانچہ موجود ہے، ضلعی سطح پر آفات سے نمٹنے کے انتظام وانصرام کے نظام کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے.

فلسطینی مجاہدین کا اسرائیل پر حملہ تاریخی کامیابی ہے ، مولانا فض الرحمن



جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نے ہمیشہ فلسطینیوں کے موقف کو صحیح سمجھا ہے۔  جےیوآئی تسلسل کےساتھ فلسطینیوں کےموقف کےشانہ بشانہ کھڑی رہی ہے ، آج بھی  فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں فلسطینی مجاہدین کا اسرائیل پرحملہ تاریخی کامیابی اورمعرکہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ  غاصبانہ قبضے سے اپنے علاقوں کو چھڑانے پر فلسطینی مجاہدین اور فلسطینی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں دنیا سمجھ رہی تھی کہ مسئلہ فلسطین مردہ بن چکا ہے۔ ہمارے ہاں ایک طبقے نے اسرائیل کو تسلیم کرانے کی ناکام کوشش کی ہے۔ تازہ واقعے نے ثابت کیا کہ مسئلہ فلسطین مردہ نہیں ہوا۔

جےیوآئی سربراہ نے کہا کہ حماس کے حملے نے اسرائیل کے دفاعی نظام اوران کے گھمنڈ کو زمین بوس کر دیا ہے ، اقوام متحدہ اپنا فرض پوراکرکے 1967 کی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے، آئندہ جمعے کو ملک بھر میں اہل فلسطین کےساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔

موسم خشک اور گرم رہے گا ، بعض مقامات پر بارش کا امکان



ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا تاہم بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، کشمیر،گلگت بلتستان ،بالائی خیبر پختونخوا ،بالائی پنجاب اورم خطہ پوٹھوہار میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں / آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک اور جنوبی علاقوں میں گرم رہا،اتوار کو سب سے زیادہ درجہ حرارت  شہید بینظیرآباد،سبی 42 اور تربت میں 41  ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

نواز شریف کے بغیر ملک رل گیا ، ہم گالی دینے کے بجائے لوگوں کے دلوں کو جوڑیں گے ، مریم نواز



مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نوازشریف کے بغیر ملک رل گیا، ہم لوگوں کے دلوں کو جوڑیں گے۔

 لاہور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سمجھ نہیں آ رہی، آج 8 اکتوبر ہے یا 21 اکتوبر، آج ایک حلقے کا یہ عالم ہے تو 21 اکتوبر کو کیا عالم ہو  گا، 21 اکتوبر کو پاکستان کا لیڈر نوازشریف واپس آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص 21 اکتوبر کو واپس آرہا ہے اس نے عوام کی خاطر اقتدار کے دن کم اور مشکلات کے زیادہ دیکھے، 7 سال سے جو اداسی پاکستان پر چھائی تھی وہ امید میں بدلتی جارہی ہے،مریم نواز نے کہا کہ شیر کو ہرانے اور مٹانے والے کئی آئے اور کئی گئے، شیر وہیں کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  آج پاکستان کے کونے کونے سے آوازیں آ رہی ہیں وزیراعظم نوازشریف، آج سفید پوش کے گھر بیماری آجائے تو سوچتا ہے بل ادا کروں یا دوائی لوں، سازش کے ذریعے نوازشریف کو 2017ء میں اقتدار سے نہ نکالا جاتا تو آج پاکستان کا یہ حال ہوتا؟

مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ 4 سال جوکروں کی حکومت تھی، گزشتہ حکومت میں جو جتنی بڑی گالی دیتا تھا اس کو اتنی بڑی وزارت ملتی تھی۔ جنہوں نے خدمت کرنی تھی وہ گالی دیتے رہے اور الزامات لگاتے رہے، ہم کسی کو گالی نہیں دیتے، نوازشریف اس بار پھر آئیں گے اور ملک کو ٹھیک کرکے دکھائیں گے، نوازشریف نے کسی سے شاباش نہیں لینی کیونکہ وہ اس مٹی کا بیٹا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  نوازشریف باہر سے امپورٹ ہو کر نہیں آئے، نوازشریف کو کسی نے فارن فنڈنگ کے ذریعے ملک میں لانچ نہیں کیا، یہ مٹی ہماری ہے اور ہم نے ٹھیک کرنا، انشاءاللہ کر کے دکھائیں گے، نوازشریف واپس آرہے ہیں اور اس ملک کے اچھے دن بھی۔

بھارت سے نیپا وائرس کی منتقلی کا خدشہ ، وفاقی ، صوبائی ہیلتھ اتھارٹیز کو انتباہی مراسلہ ارسال



قومی ادارہ صحت نے نیپا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی ہیلتھ اتھارٹیوں کو نیپا وائرس کا انتباہی مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ بھارتی سرحدی علاقوں میں موجود چمگادڑ سے نیپا وائرس  پاکستان منتقل ہوسکتا ہے،قومی ادارہ صحت کے مطابق نیپا وائرس متاثرہ چمگادڑ  اور  سور سے انسان میں منتقل ہوتا ہے۔

قومی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ نیپا وائرس کی علامات 5 تا 14 دن تک رہ سکتی ہیں،سر درد، بخار  اور  سانس لینے میں دشواری نیپا وائرس کی علامات ہیں،اس کے علاوہ جی متلانا، قے، پٹھوں میں درد اور  غنودگی بھی نیپا وائرس کی علامات ہیں۔

قومی ادارہ صحت نے مزید کہا کہ ائیرپورٹ اور سرحدی مقامات پر مؤثرسرویلینس یقینی بنائی جائے، نیپا وائرس کے علاج کے لیے اینٹی وائرل یا ویکسین دستیاب نہیں۔

سولر پینلز درآمد کرنیکی آڑ میں 13 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا انکشاف



کراچی میں  سولر پینلز کی درآمدات کی آڑ میں 13 ارب  روپے کی منی لانڈرنگ کا انکشاف ہوا ہے۔

 ایف بی آر کی  رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ  منی لانڈرنگ مافیا اور اوور انوائسنگ کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں ڈائریکٹوریٹ پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے سولرپینلز کی مزید 6 فرضی کمپنیاں بے نقاب کر دی ہیں۔ فرضی کمپنیوں نے سولرپینلز کی آڑ میں 13ارب روپے کا کالا دھن بیرون ملک منتقل کیا، ان  6 فرضی کمپنیوں میں سے 3 کا  تعلق کراچی اور  دیگر 3 کا تعلق کوئٹہ سے ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ6 فرضی کمپنیوں نے گڈز ڈیکلیئریشن میں 9 ارب روپے کی اصل ویلیو کے سولر پینلزکی مالیت 13ارب ظاہر کی، ایف بی آر حکام  نے بتایا کہ  کسٹمز پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی ٹیم نے 6 نئے مقدمات درج کرکے گرفتاریوں کیلیے ٹیمیں بنا دی ہیں، ایک فرضی کمپنی کا مالک گرفتار کرکے عدالت سے 6 دن کا ریمانڈ بھی لے لیا ہے۔

جنوبی افریقا کیخلاف میچ میں سلو اوور ریٹ پر سری لنکن ٹیم کو جرمانہ



an ورلڈکپ میں جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں سلو اوور ریٹ پر سری لنکن کرکٹ ٹیم پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ 

نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا کے خلاف رن کا پہاڑ کھڑا کردیا اور 429 رن کا ہدف دیا، جنوبی افریقا کے خلاف اننگز کے دوران سری لنکن ٹیم پر سلو اوور ریٹ پر آئی سی سی کی جانب سے جرمانہ عائد کیا گیا۔

آئی سی سی کے مطابق جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں سری لنکن بولرز  مقررہ وقت پر دو اوورز پیچھے تھے جس کی وجہ سے سری لنکا پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد  کیا گیا ہے۔ قانون کے مطابق فی اوور پلیئرز پر میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ ہوتا ہے۔