فرخ کھوکھر کی اہلیہ کی پھندا لگی لاش کمرے سے برآمد



راولپنڈی کے لینڈ مافیا فرخ کھوکھر پر اپنی بیوی کو قتل کرنے کا الزام، پولیس نے لاش اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کرا دی ہے اور واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق فرخ کھوکھر کی اہلیہ 32 سالہ رمشاء کی پھندا لگی لاش کمرے میں پائی گئی۔

فرخ کھوکھر کے بھائی عمر کھوکھر نے پولیس کو کال کرکے رمشاء کی خود کشی کی اطلاع دی۔

پولیس جب موقع پر پہنچی تو مقتولہ رمشاء کے بھائی علی رضا نے بہن کے قتل کا الزام فرخ کھوکھر پر لگایا۔

پولیس چوکی گلزار قائد نے لاش اپنے قبضے میں لے کر ہسپتال منتقل کرا دی ہے اور تفتیش شروع کر دی ہے۔

ڈالر کی قلت، کمپنیوں کو منافع باہر بھیجنے میں مشکلات



کراچی(این این آئی)ڈالر کی کمی کی وجہ سے ملٹی نیشنل کمپنیوں کو منافع باہر بھیجنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

عالمی نشریاتی ادارے بلومبرگ نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ رواں برس شروع ہونے والی ڈالر کی شدید قلت کی وجہ سے عالمی کمپنیوں بشمول نیسلے، یونی لیور اور فلپ مورس کا پاکستان کے بینکوں میں تقریبا ایک سے دو ارب ڈالر کا منافع پھنس گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان کمپنیوں کے پیسے گزشتہ 18 ماہ سے پاکستانی بینکوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ایشیا پیسفک کے لیے نائب صدر فلپ گوہ نے کہا کہ حال ہی میں اگست میں چار کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے اخراج سے کچھ بہتری آئی ہے لیکن رواں سال کے آغاز میں غیر ملکی کمپنی پاکستان سے باہر جو فنڈز بھیجنا چاہتی تھی اس میں کمی ہوئی۔

ورلڈ کپ : جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 102 رنز سے شکست دیدی



ورلڈ کپ کے میچ میں جنوبی افریقا نے سری لنکا کو 102 رنز سے ہرا دیا، پروٹیز نے آئی لینڈرز کو جیت کیلئے میگا ایونٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا 429 رنز کا ہدف دیا  سری لنکن ٹیم 326 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ ایڈن مرکرم کو جارحانہ سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کوشال مینڈس، چریتھا اسالانکا اور داس شناکا کی جارحانہ بیٹنگ بھی سری لنکا کے کام نہ آئی، مینڈس 42 گیندوں پر 76، اسالانکا 65 گیندوں پر 79 اور شناکا 62 گیندوں پر 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کے دیگر کھلاڑیوں میں پاتھم نشانکا صفر، کوشال پریرا 7، سدیرا سماراوکرما23، دھننجایا ڈی سلوا 11، کاسن رجیتھا 33، ویلالاگے صفر اور متھیشا پتھیرانا 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جوبی افریقا کی طرف سے جیرالڈ کوئٹزر نے تین، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور مارکو جینسن نے 2، 2  کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، لنگی انگیدی ایک شکار کر سکے،اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا نے اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کیخلاف 428 رنز بنا ڈالے، میگا ایونٹ کی تاریخ میں یہ سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔

جنوبی افریقی بیٹرز کے سامنے سری لنکن بولرز بے بس نظر آئے، کپتان ٹیمبا باوما 8 رنز پر آؤٹ ہوئے تو کوانٹن ڈی کاک اور رسی وان ڈوسین نے دوسری وکٹ پر ریکارڈ 204 رنز کی شراکت قائم کی،  کوانٹن ڈی کوک 84 گیندوں پر 100 اور وان ڈوسین 110 گیندوں پر 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ایڈن مرکرم نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 106 رنز کی اننگز کھیلی، ہینرک کلاسن 20 گیندوں پر 3 چھکوں کی مدد سے 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ڈیوڈ ملر نے 21 گیندوں پر 2 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے جبکہ مارکو جیسن 7 گیندوں پر 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے،سری لنکا کی جانب سے متھیشا پتھیرانا 10 اوورز میں 95، کاسن رجیتھا 10 اوورز میں 90، دلشان مدوشناکا 10 اوورز میں 86 اور دنیتھ ویلالاگے 10 اوورز میں 81 رنز دے کر مہنگے ترین بولرز رہے، دھننجایا ڈی سلوا نے 4 اوورز میں 39 اور داسن شناکا نے 6 اوورز میں 36 رنز دیئے۔

 غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کیخلاف کارروائیاں ، 1172  کی جانچ پڑتال ، 69 مقدمات درج



 غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، اب تک 1172 افراد کی جانچ پڑتال عمل میں لائی گئی ہے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق 511 غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف 69 مقدمات درج کرکے مجاز عدالتوں میں پیش کیا گیا جبکہ پاکستانی دستاویزات کے حامل 19 غیر ملکیوں کی تصدیق کےلیے نادرا کی مدد لی گئی ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق تمام مقیم غیر ملکیوں کی جیو ٹیگنگ مکمل کرلی گئی ہے، غیر ملکیوں کی سرکاری زمین پر تجاوزات والی آبادیوں میں آگاہی پیغامات نشر کیے جارہے ہیں ،علاوہ ازیں رضاکارانہ طور پر آئندہ 48 گھنٹے میں مختص شدہ کیمپوں میں منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

احتیاط کریں”برطانیہ میں شدید گرمی اور بارش کی وارننگ جاری



برطانوی محکمہ موسمیات نے موسم کی صورتحال کے حوالے سے وارننگ جاری کردی ہے، جبکہ لوگوں احتیاط برتنے کا کہا گیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں آج سے کہیں شدید گرمی تو کہیں موسلا دھار بارشیں ہوسکتی ہیں۔

اسکاٹ لینڈ نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں تیز بارشوں سے رہائشیوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، بعض مقامات پر 7 انچ تک بارش ہوسکتی ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی انگلینڈ میں ہفتہ کو درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ جبکہ لندن میں ہفتے کے اختتام پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں گزشتہ سال شدید ترین گرمی سے بے حال ہوکر ساڑھے چار ہزار سے زائد لوگ زندگی کی بازی ہار گئے تھے، 2022کے گرم ترین دنوں میں ملک میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کر گیا تھا، تاہم رواں سال ستمبر 2023کو گزشتہ 138 سال بعد برطانیہ کی تاریخ کا گرم ترین مہینہ قرار دیا جارہا ہے۔

 غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں ماہ ستمبر کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی وجہ سے 1884 کے بعد سے سب سے گرم ترین مہینہ قرار دیا گیا ہے، برطانوی محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق 1884 کے بعد سے اب تک یہ سب سے گرم ترین ستمبر تھا۔

حماس کے حملوں نے اسرائیلی سکیورٹی پر بڑا سوالیہ نشان لگا دیا



, حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد امریکی خبر رساں ادارے ”دی گارڈین“ کا کہنا ہے کہ یوم کپور جنگ کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر حماس کا اسرائیل پر اچانک حملہ ایک طویل عرصے تک انٹیلی جنس کی ناکامی کے طور پر یاد رکھا جائے گا.

 حماس کے جنگجو چند گھنٹوں میں ہی غزہ سے سرحدی باڑ کو توڑ کر جنوبی اسرائیل میں داخل ہوئے، جنہیں دیکھ کر اسرائیلی فوجی پوزیشنز حیران رہ گئیں۔

بندوق برداروں نے جنوبی سرحدی علاقے میں کئی اسرائیلیوں کو اغوا اور متعدد کو ہلاک کیا، اس دوران ان کی پیش قدمی اور حملے فلم بندی بھی کی جاتی رہی ، حالیہ کارروائی سے دو چیزیں سامنے آتی ہیں۔ پہلا یہ کہ اس حملے کی منصوبہ بندی نہ صرف حماس کے اندر بلکہ غزہ کے حریف دھڑوں کے ساتھ آپریشنل سیکورٹی لیول کے ساتھ کی گئی۔ پچھلی لڑائیوں میں اس کی مثال نہیں ملتی،عسکری تجزیہ کار وں کا کہنا ہے کہ یہ خوفناک حد تک واضح نظر آتا ہے کہ اس کا اختتام ہولناکیوں کے ساتھ ہو گا۔

حملہ قابل مذمت: امریکہ کا اسرائیل کو ہر طرح کی مدد دینے کا اعلان



امریکا نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے حملوں کے خلاف اسرائیل کی حمایت اور دفاعی ضروریات پوری کرنے کا اعلان کردیا۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے رابطہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اسرائیل کو تعاون کے لیے تمام مناسب ذرائع دینے کو تیار ہے، حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، امریکا اسرائیل مخالف کسی بھی دوسرے فریق کو صورتحال کا فائدہ اٹھانے پر خبردار کرتا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ  اسرائیل کی سلامتی کے لیے ہماری انتظامیہ کی حمایت مضبوط اور غیرمتزلزل ہے، اسرائیل کی صورتحال کا قریب سےجائزہ لے رہے ہیں اور اسرائیلی وزیراعظم سےرابطےمیں رہیں گے۔
دوسری جانب امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے بیان جاری کرتے ہوئے  کہا کہ اسرائیلی شہریوں کو تشدد اور دہشتگردی سے بچانے کےلیے اسرائیلی ضروریات پوری کرنے کیلئےکام کریں گے۔

حماس کا حملہ اسرائیلی مظالم کا ردعمل ہے: مسلم دنیا: بدترین دہشتگردی ہے: مغربی اقوام



پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان مخاصمت میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہم مشرق وسطیٰ میں ابھرتی ہوئی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ہے، ترجمان  نے واضح کیا کہ 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر قابل عمل، خودمختار اور ملحقہ ریاست فلسطین قائم کی جائے ،جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، ہم عالمی برادری سے شہریوں کے تحفظ اور مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے متحد ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے فلسطین اور اسرائیل کے مابین کشیدگی کے بارے میں کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تشدد سے دل شکستہ ہے، مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے دونوں متحارب قوتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تحمل کا مطاہرہ کریں اور باہم بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالیں۔وزیراعظم نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کا امن دو ریاستی حل میں پوشیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطین کو فوری طور پر 1967 سے پہلے کی طرح خود مختار ریاست اور القدس کو دارالحکومت بنایا جائے۔

 سابق صدر آصف  زرداری نے فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کی ہمدردیاں اوردعائیں فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں جوطویل عرصے سے فلسطینی عوام ظلم اور بربریت کا سامنا کر رہے ہیں۔

دوسری طرف حماس کے اسرائیل پر تاریخ کے سب سے بڑے حملے اور اسرائیل کی جوابی کارروائی پر عالمی ردعمل میں مسلم اور مغربی دنیا کے درمیان واضح خلیج دکھائی دے رہی ہے۔ مسلم دنیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو مقبوضہ مغربی کنارے پر اپنی کارروائیوں میں کمی لاتے ہوئے فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ ختم کرنا چاہئے کیونکہ حماس کا تازہ حملہ اسرائیلی مظالم کا رد عمل ہے ۔ جبکہ  مغربی اقوام اس حملے کو حماس کی دہشتگردی قرار دینے پر مصر دکھائی دیتی ہیں۔

ادھرفلسطینی صدر محمود عباس کی زیر صدارت رام اللہ میں فلسطینی اتھارٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔فلسطینی صدرنے کہا کہ فلسطینی عوام کو مسجد اقصیٰ کے احاطے اور فلسطینی علاقوں میں “یہودی آباد کاروں اور قابض فوجیوں کی دہشت گردی” کے خلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات اٹھانے کا حکم بھی دیا۔

دریں اثنا ایرانی رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای کے مشیر رحیم صفوی نے فلسطینی مزاحمت کاروں کو اسرائیل پر حملہ کرنے پر مبارک باد دی ہے، رحیم صفوی نے کہا کہ ہم فلسطین اور مقبوضہ بیت المقدس کی آزادی تک فلسطینی مزاحمت کاروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ قابض صہیونی ریاست پر حملہ کرنے پر ہم حماس کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
دوسری جانب مصر اور ترکی نے صورت حال کے سنگین نتائج سے خبردار کرتے ہوئے تحمل اختیار کرنے پر زور دیا ہے ، جبکہ مصری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو مزید خطرے میں ڈالنے سے بچانے کے لیے فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔
ترک صدر رجب طیب اِردوان نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے کشیدگی میں اضافے کاخدشہ ہو۔  انقرہ میں حکمراں جماعت کی کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ مقبوضہ مشرقی یروشلم کی تاریخی اور مذہبی حیثیت اور مسجد اقصیٰ کو کسی بھی طرح سے نقصان پہنچانے کی کوششیں ناقابل برداشت ہوں گی۔

قطر نے اسرائیل فلسطین کشیدہ صورت حال کی مذمت کرتے ہوئے تمام تر ذمہ داری اسرائیل پر عائد کی ہے،ایک بیان میں قطری وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ حالیہ کشیدہ صورت حال اور تشددکا ذمہ دار صرف اسرائیل ہے، حالیہ کشیدگی میں فریقین سے تحمل کا مطالبہ کرتے ہیں۔ عالمی برادری اسرائیل کو ان واقعات کا بہانہ بنا کر فلسطینیوں پر جنگ مسلط کرنے سے روکے۔

سعودی وزارت خارجہ نے  کہا ہےکہ فلسطین کی غیر معمولی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، فلسطین اسرائیل کشیدگی میں متعدد محاذوں پر تشدد کے واقعات ہوئے ہیں، فریقین فوری تشدد کو روکے۔ عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں نبھانے اور امن کے لیے دو ریاستی حل پرکام کرے، دو ریاستی حل ہی خطے میں سلامتی، امن اور شہریوں کی حفاظت کا ضامن ہے۔

عمان نے مطالبہ کیا ہےکہ اسرائیل اور فلسطین تحمل سےکام لیں، بین الاقوامی برادری اسرائیل اور فلسطین میں کشیدگی رکوانےکی کوشش کرے۔دوسری طرف فرانس کے صدر ایمنول میکرون نے اسرائیل پر ان حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اُنھوں نے ’ان حملوں میں نشانہ بننے والے لوگوں اُن کے اہل خانہ اور متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔‘
جرمنی کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ’عام شہریوں کے خلاف راکٹ اور میزائل داغنے کے اس سلسلے کو فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔‘
یورپی کمشن کی چیئرمین نے اسرائیل پر حملے کو ’دہشت گردی کی ایک انتہائی گھناؤنی شکل قرار دیا۔‘ امریکہ کی جانب سے بھی فریقین پر حالات کو معمول پر لانے کے لیے زور دیا گیا ہے،روسی نائب وزیر خارجہ کے مطابق ’یہ کہنے کی ضرورت نہیں ہے کہ ہم ہمیشہ تحمل کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘

افغانیوں کو قانون کے مطابق واپس بھیجا جائے ، کسی کیساتھ زیادتی برداشت نہیں کرینگے ، محمود اچکزئی



پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ افغان مہاجرین کو قانون کے مطابق واپس بھیجا جائے لیکن کسی کے ساتھ زیادتی برادشت نہیں کریں گے۔

کوئٹہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے  محمود اچکزئی نے کہا کہ پاکستان میں آئین موجود ہے، کوئی بھی غیر قانونی رہاش اختیار نہیں ، ہندوستان میں سکھ، عسیائی، ہندو اور مسلمان سب ایک ساتھ رہتے ہیں۔  قانونی اور غیرقانونی رہاش پذیر افراد کے لیے قوانین موجود ہیں۔ بلاجواز رات کو کسی کے گھر میں گھسنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ افغان مہاجرین کو بھی ہم نے آباد کیا ہے، کسی کی جائیداد ضبط نہیں ہونے دیں گے۔

سربراہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے مزید کہا کہ پاک افغان سرحد سے غیر قانونی اسمگلنگ ہورہی ہے، سرحدوں میں موجود سکیورٹی اہلکاروں کو سب معلوم ہے کہ کونسی اشیاء اسمکلنگ ہو رہی ہیں۔

محمود اچکزئی نے کہا کہ جمہوریت کے لیے جانوں کا نذرانہ دینے والے سیاسی رہنماؤں کو سرکاری سطح پر شہید قرار دیا جائے۔ ہمارے صوبے میں بلوچ پشتون سندھی اور پنجابی سمیت دیگر اقوام آباد ہیں، پنجابی سندھی اور بلوچ صوبے رکھتے ہیں ہمیں بھی صوبہ دیا جائے۔

الیکشن لڑینگے ، پی ٹی ایم اور پی ٹی آئی نہیں ہونگے ، بلاول بھٹو



پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے واضح کیا ہے کہ ہم اپنا الیکشن لڑیں گے کہ پی ٹی ایم اور پی ٹی آئی نہیں ہوں گے، میرا اپنا نظریہ، منشور اور جماعت ہے، ضروری ہے کہ پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کریں۔  الیکشن نہ ہوئے تو ہم سب ذمہ دار ہوں گے، میرا نہیں خیال کہ مولانا فضل الرحمان نے الیکشن نہ ہونے سے متعلق بیان دیا ہے۔

جیکب آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ  پیٹرول اتنا مہنگا ہوگیا ہے کہ اب ہم بھی برداشت نہیں کرسکتے، مہنگائی عوام کیلیے سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ پیپلزپارٹی ہر وقت الیکشن کیلیے تیار ہے، عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا جلدی موقع ملے گا۔ جمہوریت پسند سیاستدان ہر مسئلے کا حل الیکشن میں دیکھتے ہیں ، ہم چاہتے ہیں کہ جلد الیکشن ہوں تاکہ عوام کی خدمت کرسکیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ خواجہ آصف کی پریس کانفرنس پر خوشی ہوئی، ن لیگ کے جو وزیر ہمارے ساتھ تھے، معلوم نہیں ، کہاں غائب ہو گئے، کچھ دنوں بعد  نواز شریف واپس آرہے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ سارا بوجھ شریف خاندان اٹھائے، اُن کے وزیروں کو اب محنت کرنا ہو گی۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ ن لیگ کے سابق وزرا کو میدان میں آکر وال چاکنگ کرنی چاہیے مگر نواز شریف کی واپسی پر ن لیگ کی وہ تیاری نظر نہیں آرہی جبکہ پیپلزپارٹی خوش ہے کہ نوازشریف واپس آرہے ہیں۔

 

طالبان کے افغانستان پر قبضہ کے بعدکالعدم تحریک طالبان پاکستان نے خود کو منظم کر لیا: رپورٹ



 افغانستان میں طالبان کے کنٹرول سنبھالنے کے بعد سب سے زیادہ فائدہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو ہوا اور ٹی ٹی پی نے خود کو دوبارہ سے منظم کیا.

ایک رپورٹ کے مطابق 2014 میں ضرب عضب آپریشن کے نتیجے میں ٹی ٹی پی کو نقصان پہنچا، جس کے بعد ٹی ٹی پی کے دہشتگرد خود کو بچانے اور دوبارہ منظم ہونے کیلئے افغانستان منتقل ہو گئے۔
2021 جب افغانستان کے دارالحکومت کابل پر طالبان نے فتح کا پرچم لہرایا، طالبان کی جانب سے فتح کا پرچم لہرانے کے چند ہی گھنٹوں کےبعد ٹی ٹی پی پہلا گروہ تھا جس نے اس فتح کاجشن بھرپور انداز میں منایا۔افغان طالبان کے حکومت سنبھالنے کے بعد کابل کی جیل میں قید سیکڑوں دہشتگردوں کو رہائی ملی، 17 اگست 2021 کو ٹی ٹی پی نے بیان میں افغان طالبان کے کابل پر قبضے کو عظیم فتح سے تعبیر کیا۔
ٹی ٹی پی کمانڈر نور ولی محسود نے کہا کہ اب ٹی ٹی پی طالبان حکومت کا استحکام یقینی بنانے کیلئے کام کرے گی، نور ولی محسود نے طالبان کے امیر ہیبت اللہ اخونزادہ سے وفاداری کے عہد کی تجدید کا اعلان کیا اور نور ولی محسود نے طالبان کی غیر مشروط حمایت جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔

پولیس گدھ کی طرح پشتونوں پر ٹوٹ پڑی ہے،انسانی حقوق کی تنظیمیں یہاں آ کرحالات کا جائزہ لیں: فضل الرحمان



 جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہنے والے صرف پشتون نہیں لیکن ہاتھ صرف پشتونوں پر ڈالا جا رہا ہے۔ ہماری بیورکریسی اور پولیس افسران ان پر گد کی طرح جھپٹ رہے ہیں ،میں انسانی حقوق کی تنظیموں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ پاکستان آکر حالات کا جائزہ لیں ۔

سوشل میڈیا سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کمیشن قائم کیا جائے ۔  یہ نگران حکومت نہیں ،بغیر ماں باپ کی حکومت ہے۔ مجھے توان پر تنقید کرتے ہوئے شرم آتی ہے کہ ان بے چاروں پر کیوں تنقید کی جائے۔

فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہماری مشکلات کیا ہیں، کچھ حقائق ہیں جیسے ہمیں تسلیم کر لینا چاہیے، پاکستان اس وقت داخلی اور بیرونی مشکلات سے دوچار ہے، ہمیں ایک قوم کی طرح اپنے وطن کیلیے سوچنا ہوگا۔وطن عزیز کو بچانے کے لئے تمام قوتوں کو اکٹھا ہونا پڑے گا۔ جنوری میں آخری ہفتے میں آدھے پاکستان میں برف ہوگی ۔اب اس پر تجزیے کئے جارہے ہیں کہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نگرانوں کومیرا مشورہ ہے کہ آئین کے مطابق نوے دن پورے کریں اور اپنے اپنے گھر جائیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ دنوں مجھ سے ملاقات کرنے والے ایک اہم ملک کے سفارتکار نےکہا کہ ہمیں عمران خان کی گرفتاری پر تشویش ہے۔جس پرمیں نے کہا کہ تشویش تو مجھے بھی ہے مگر جب اس ملک کا تین دفعہ منتخب وزیراعظم سی کلاس میں پڑا تھا، تب تو آپکو تشویش نہیں ہوئی۔یہ آپکا نمائندہ ہے اس لئے آپکو فکر پڑ گئی ہے۔
فضل الرحمان نے مزید کہا کہ  میرا مخالف قید میں ہو اور میں اس کے خلاف جلسے کروں تو مزہ نہیں آئے گا، چاہتا ہوں ہر سیاستدان جیل سے باہر ہو۔ میں جس سے جنگ لڑتا ہوں اس کے بھی ہاتھ کھلے ہونے چاہیئں، اگر وہ قانون کے گھیرے میں آیا ہے تو پھر کوئی بھی اس سے باہرنہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آگے دیکھنا ہے پاکستان کا پورا انتظامی ڈھانچہ اس وقت زوال پذیر ہے۔ قوم کی ناراضیاں بڑھتی جا رہی ہیں، کوئی بھی ہمارے اندر خامی نہیں نکال سکا، انہوں نے کہا کہ میں نے پی ڈی ایم کے سربراہ کی حیثیت سےتمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر رکھا تاکہ ملک کی وحدت کو بچایا جا سکے، غربت اور مہنگائی اپنی جگہ پر بدامنی اور خوف ہے۔