گائیڈ لائنز کی عدم موجودگی، جج کے بیٹے کو بیرون ملک پروٹوکول دینے کی درخواست پر وزارت خارجہ پریشان



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ایک وی آئی پی شخصیت کے بیٹے کو اس کے بیرون ملک دورے کیلئے پروٹوکول دینے کے معاملے پر وزارت خارجہ مخمصے کا شکار ہے۔

قواعد و ضوابط کے مطابق کسی کو اس طرح ترجیحی پروٹوکول نہیں دیا جا سکتا لیکن وزارت خارجہ سے کہا گیا ہے کہ وہ اس ضمن میں ضروری اقدامات کرے۔

موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پروٹوکول دینے کی درخواست لاہور ہائی کورٹ کے جج کی طرف سے آئی ہے جن کا بیٹا پاکستان سے باہر جا رہا ہے۔

جج کا بیٹا سید محمد علی ایک ڈاکٹر ہے اور امریکا جا رہا ہے۔ ان کے والد کا نام جسٹس علی باقر نجفی ہے۔

یہ خواہش ظاہر کی گئی ہے کہ محمد علی کو ابو ظہبی میں امیگریشن کے دوران اور پھر نیویارک ایئر پورٹ پر پروٹوکول دیا جائے جہاں سفارت خانے کا عملہ محمد علی کو ان کی منزل تک پہنچائے۔

یہی کام محمد علی کی پاکستان واپسی کے موقع پر ہوگا۔ اس ضمن میں لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے سینئر ایڈیشنل رجسٹرار محمد ارم ایاز (جو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہیں لیکن فی الوقت سینئر ایڈیشنل رجسٹرار کے عہدے پر ہیں) کی جانب سے وفاقی حکومت کو خط بھیجا گیا ہے جس میں لکھا ہے کہ جسٹس باقر نجفی چاہتے ہیں کہ ان کے بیٹے سید محمد علی کو ابو ظہبی ایئر پورٹ اور اس کے بعد نیویارک کے جے ایف کے ایئرپورٹ پر پروٹوکول فراہم کیا جائے۔

وزارت کے ساتھ جج کے بیٹے کا شیڈول بھی شیئر کیا گیا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ پاکستانی ایئر پورٹ پر ان کا پروٹوکول پولیس اور ایف آئی اے والے سنبھالیں گے۔

سیکریٹری خارجہ، یو اے ای میں پاکستانی سفیر اور نیویارک میں قونصل جنرل کو بھی خط کی کاپی بھیجی گئی ہے۔

وزارت خارجہ کو مزید معلومات کی ضرورت ہو تو لاہور ہائی کورٹ کے اسٹاف ممبر کا فون نمبر بھی خط میں بتایا گیا ہے۔ تاہم، قوانین کے مطابق، وزارت خارجہ ججوں کو صرف اس وقت سہولت فراہم کر سکتا ہے جب وہ بیرون ملک سرکاری دورے پر ہوں۔

جب وہ نجی دوروں پر ہوتے ہیں تو انہیں پروٹوکول کی قانوناً شق موجود نہیں، اپنے اہل خانہ کو یہ سہولت ملنا تو دور کی بات ہے۔

اس حوالے سے قواعد 2014 میں بنائے گئے قوانین کی منظوری وفاقی کابینہ نے دی تھی۔ وزارت خارجہ کے پروٹوکول ڈویژن کی جانب سے ہائی کورٹس کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی مشن ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ کے معزز ججوں کو ان کے بیرون ممالک سرکاری دوروں پر تمام مناسب سہولتیں فراہم کریں گے۔

پٹرول 38 جبکہ ڈیزل 18 روپے فی لٹر سستا ہونے کا امکان



اسلام آباد (این این آئی) عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی بڑی کمی کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد مقامی سطح پر پٹرول کی قیمت میں 38 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 18 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔

عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت میں 12 ڈالر کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد پٹرول کی قیمت 102 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 9 ڈالر کمی سے 117ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

دوسری جانب روپے کی قدر میں مسلسل اضافے سے بھی قیمتیں کم ہونے کا امکان ہے، حکومت حتمی فیصلہ 15 اکتوبر کو کرے گی۔

یاد رہے کہ نگران حکومت نے 30 ستمبر کو پٹرول کی قیمت میں 8 روپے کمی کی تھی جس کے بعد نئی قیمت 323.38 روپے ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل بھی 11 روپے سستا کیا گیا اور نئی قیمت 318.18 روپے مقرر کی گئی تھی۔

شاید نواز شریف نہ آسکیں‘ حسن مرتضیٰ



لاہور( این این آئی)شہباز شریف کی بات سے لگتا ہے کہ شاید نواز شریف 21اکتوبر کو وطن واپس نہ آسکیں۔

ان کے پاس معاشی پلان ہوتا تو وہ شہباز شریف کو سابق دور میں ضرور دیتے۔

اگر نیب کے کیسز وہاں سے شروع ہوں جہاں سے ختم ہوئے تھے تو علاج بھی وہیں سے شروع ہو گا جہاں سے رکا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری 18 اکتوبر کو بیک وقت سارے ملک میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

استحکام پاکستان پارٹی نے ”شاہین”کا انتخابی نشان مانگ لیا



اسلام آباد(این این آئی)استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی)نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں رجسٹریشن کے بعد ”شاہین” کا انتخابی نشان مانگ لیا۔

سیکریٹری اطلاعات آئی پی پی فردوس عاشق اعوان نے ایک انٹرویومیں کہا کہ شاہین کا انتخابی نشان رکھنے والی پہلے کی جماعت تحلیل ہو چکی ہے،امید ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے شاہین کا انتخابی نشان الاٹ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں انتخابی نشان کی پٹیشن فائل کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے تھے اور انہوں نے جیسے ہی توپوں کا رخ دوسری جانب موڑا تو انہیں چھوڑ دیا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ہم نئے پاکستان کا خواب لے کر پی ٹی آئی میں گئے تھے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی ساری توانائیاں اداروں کے خلاف استعمال کی، ان کے بیانیے کی وجہ سے 9مئی جیسے واقعات ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ عثمان ڈار کے انکشافات بہت پہلے ہماری جماعت کے لوگ کر چکے ہیں، 9مئی کے واقعات منصوبہ بندی تھی اور اس کے کردار چیئرمین پی ٹی آئی تھے۔

نفرت کے بیج بو کر اور انتشار پیدا کر کے 9مئی واقعات کی کیا ضرورت تھی۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں نے عوام کو خواب دکھائے، 15جماعت اتحاد کر کے اقتدار کے مزے لوٹتی رہیں عوام کو کچھ نہیں دیا،ہم کہتے ہیں عوام اس مرتبہ ایک نئی پارٹی کو موقع دیں۔

نو مئی واقعات کی معافی نہیں ہے تو نواز شریف کا طیارہ ہائی جیک کیسے معاف ہوگیا، فیصل واوڈا



اسلام آباد (این این آئی) سابق وزیر فیصل واوڈا نے کہاہے کہ نو مئی واقعات کی معافی نہیں ہے تو نواز شریف کا طیارہ ہائی جیک کیسے معاف ہوگیا۔

سابق وزیر فیصل واوڈا نے ایک انٹرویومیں کہا کہ جو باتیں 13،14ماہ پہلے کی تھیں وہ ساری درست ثابت ہورہی ہیں۔

لوگوں کو اب احساس ہو رہا ہے، اس لیے سامنے آرہے ہیں۔فیصل واوڈا نے کہا کہ عثمان ڈارنے جوباتیں کی ہیں بالکل درست ہیں لیکن چندنام بھول گئے، 9مئی کے واقعات کی کوئی بھی صفائی نہیں دے سکتا۔

سابق وزیر نے بتایاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو کہا تھا آپ غلط کرنے جا رہے ہیں لیکن وہ نہیں مانے، میرااورچیئرمین پی ٹی آئی کااختلاف اسی بات پرہواتھاکہ آپ غلط کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کیمرے کے سامنے بلی بھی شیربن جاتی ہے، کسی پر دبائو تھا تو کیمرے کے سامنے کہہ سکتا تھا کیوں نہیں کہا،9مئی میں جولوگ ملوث تھے، سب لوگ ملبہ چیئرمین پی ٹی آئی پر ڈالیں گے۔

میں نے کہا تھا کہ ان لوگوں کی قطاریں لگیں گی سب پارٹی چھوڑیں گے۔نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے فیصل واوڈا نے کہا کہ 9مئی واقعات کی معافی نہیں ہے تو نوازشریف کی طیارہ ہائی جیک کیسے معاف ہوگیا۔

اسحاق ڈار سے متعلق بھی انہوںنے کہاکہ اسحاق ڈار بھی ایک سو چونسٹھ کا بیان ریکارڈ کرکے گئے تھے، پھر واپس آکر تمام کیسز معاف کروائے۔

سابق وزیر نے کہا کہ کسی پر دبائو ہے تو آکر ٹی وی پر بولے یا ٹوئٹ کریں کیوں نہیں کررہے۔

عارف علوی پر تنقید کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ فوجی تنصیبات پرحملے عارف علوی کی بیعت لے کرہی کیے جارہے تھے، عارف علوی کے خلاف بھی کیس تیار ہیں۔

بیرون ملک یوٹیوبر کی را ایجنٹ سے خفیہ گفتگو کی ایک اور آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل



لندن(این این آئی)بیرون ملک یوٹیوبر عادل راجا کی را ایجنٹ سے جڑے روہت شرما کی مبینہ خفیہ گفتگو کی ایک اور آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پہلی مبینہ آڈیو میں روہت شرما یوٹیوبر سے پاکستان کی سیکیورٹی کے معاملات پر خفیہ معلومات لے رہا ہے۔

دوسری کال میں روہت شرما اور یوٹیوبر نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے بارے میں بات چیت کر رہے ہیں۔

آڈیو میں را ایجنٹ روہت شرما نے سوال کیاکہ شائد فیڈرل کیبنٹ نے ایمرجنسی لگانے کیلئے بولا ہے یہ کنفرم نہیں ہو رہی۔

یوٹیوبر نے جواب دیا کہ نیشنل سیکیورٹی کونسل میں چیئرمین جوائنٹ چیف، ایئر چیف اور نیول چیف نہیں مان رہے۔

تیسری کال میں روہت شرما پاکستان کے اندرونی معاملات پر پوچھ رہا ہے،را ایجنٹ نے پوچھا کہ کیا پاکستان آرمی ٹیک اوور کرسکتی ہے۔

مجھے ایسی خبریں مل رہی ہیں، یوٹیوبر نے جواب دیا کہ وہ دھمکی تو ضرور دے رہے ہیں کے ٹیک اوور کرنا ہے۔

یوٹیوبر نے را ایجنٹ کو کہاکہ سپریم کورٹ کو وہ دھمکی دے رہے ہیں کہ ہم ٹیک اوور کر لیں گے۔

آرمی چیف کا پلان بھی ہے کہ میں کسی طرح ٹیک اوور کر لوں۔یہ3کالز یہ ثابت کرتی ہے یوٹیوبر باقاعدہ طور پر بھارتی را کے ساتھ رابطے میں ہے۔

پشاور میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج پر چھاپے میں ہزاروں ڈالر برآمد، 2 ملزمان گرفتار



پشاور(آن لائن) غیر قانونی کرنسی ایکسچینج پر چھاپا مار کارروائی کے دوران ہزاروں ڈالر برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پشاور نے ڈپٹی ڈائریکٹر رضوان شاہ کی ہدایت پر چھاپا مارا اور کارروائی میں کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جو بغیر لائسنس کے منی چینجر کا کاروبار کر رہے تھے۔

ملزمان کو پشاور کے علاقے صدر بازار سے گرفتار کیا گیا، جن میں عاطف اللہ اور خالد شامل ہیں۔

چھاپے کے دوران ملزمان سے 40 ہزار ڈالر برآمد کرلیے گئے۔ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کر سکے۔

ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کی رواں ہفتے کے آخر میں برفباری اور بارش کی پیشگوئی



اسلام آباد (این این آئی)محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے آخر میں پاکستان میں برفباری اور بارش کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں برفباری کا بھی امکان ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوگی۔

دوسری جانب کراچی سمیت ملک کے ساحلی علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابرآلود اور مرطوب رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا۔

تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی چار ماہ بعد گھر واپس پہنچ گئے



اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی کئی ماہ لاپتہ رہنے کے بعد گھر واپس پہنچ گئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی کئی ماہ لاپتہ رہنے کے بعد گھر واپس پہنچ گئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سانحہ نو مئی کے بعد سے روپوش تھے ۔

صداقت عباسی نے گزشتہ روز انسداد دہشت گردی کی عدالت سے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کی اور پھر وہ اپنے وکیل کے ہمراہ روانہ ہوگئے تھے۔

فیملی ذرائع کے مطابق صداقت عباسی گھر پہنچے تو والدہ اور بیٹیوں کے گلے لگ کر روتے رہے۔

ان کی گھر واپسی پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، جبکہ والدہ اور بیٹیاں گلے لگ کر روتی رہیں۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی



کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ کروڈ کی قیمت میں 47سینٹ یعنی 0.56فیصد کمی ہوئی جس کے بعد اس کی قیمت 83.60ڈالر فی بیرل ہوگئی

امریکی تیل کی قیمت میں 55 سینٹ یعنی 0.66فیصد کمی ہوئی اس کی قیمت 81.76ڈالر فی بیرل ہوگئی ۔

تیل کی عالمی قیمتوں میں حالیہ کمی بھی میکرو اکنامک خدشات کیساتھ ساتھ روسی تیل کی برآمد پر پابندی کے جزوی خاتمے کی وجہ سے ہوئی ہے ۔

دوسری جانب پاکستان میں بھی 16 اکتوبر سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع ہے۔

وفاق کے بعد کشمیر میں بھی تحریک انصاف کو بڑا جھٹکا



اسلام آباد(این این آئی)وفاق کے بعد کشمیر میں بھی پاکستان تحریک انصاف کو بڑا جھٹکا لگ گیا۔

مقامی رہنما پی ٹی آئی چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے۔

بڑی تعداد میں پی ٹی آئی سمیت دیگرجماعتوں کے رہنما اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے۔

تقریب میں صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری یاسین،سابق صدر سردار یعقوب، سردار عنایت اللہ عارف سمیت قیادت شریک ہوئی۔

سردارجمیل اختر، ڈاکٹر ریاست، سردار زبیر، سردار حفیظ سمیت دیگر رہنمائوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

چوہدری یاسین اور سردار یعقوب نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو سب سے زیادہ نقصان چیئرمین پی ٹی آئی نے پہنچایا، جس کا انہیں خمیازہ بھتگنا پڑرہا ہے۔

بجلی بلوں پر ٹیکسز حکومت پاکستان ختم کرے۔پی پی رہنما سردار عنایت اللہ عارف نے کہاکہ پیپلزپارٹی ان رہنمائوں کی شمولیت سے مزید مضبوط ہوگی۔

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی بات کی اوران کے مسائل ایسے ہی حل کرتی رہے گی۔تقریب میں بڑی تعداد میں کشمیری رہنما اور ورکر بھی شریک تھے۔

ججز کو صدارتی آرڈر کے تحت رہائش گاہیں الاٹ کرنے کی یقین دہانی



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کو صدارتی آرڈر کے تحت رہائش گاہیں الاٹ ہوں گی۔

موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اٹارنی جنرل نے وفاقی حکومت کی طرف سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کو الاٹمنٹ میں کوتاہی تسلیم کر لی۔

اسلام آباد کے جسٹس بابر ستار نے تحریری فیصلے میں کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کو رہائش گاہوں کی الاٹمنٹ کا معاملہ اکاموڈیشن رولز میں نہیں آتا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کو صدارتی آرڈر کے تحت رہائش گاہوں کی الاٹمنٹ پر عمل کیا جائے۔

وزارت ہاوسنگ نے پہلے خالی ہونے والے چار گھروں کی الاٹمنٹ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کو کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

جسٹس بابر ستار نے اپنے فیصلے میں عدالتی حکم پر خالی کئے گئے گھر ججز کو الاٹ کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کر دئیے۔

عدالت نے حکم دیا کہ ہائیکورٹ آرڈرز پر جو رہائش گاہیں خالی ہوئیں انہیں ججز کو ملنے والی رہائش کیلئے مختص نہ کیا جائے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ اکاموڈیشن رولز نہیں بلکہ صدارتی آرڈر کے تحت اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کو سرکاری رہائش الاٹ ہونی چاہئیں۔

جسٹس بابر ستار نے کنٹریکٹ پر خدمات انجام دینے والی ریٹائرڈ سرکاری افسر سمیرا صدیقی کی الاٹمنٹ منسوخی کیخلاف درخواست خارج کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔