نیدرلینڈز کیخلاف میچ ، پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون سامنے آگئی



ورلڈکپ کے 13 ویں ایڈیشن میں آج پاکستان اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں مدِ مقابل آئیں گی۔

’’کرک ٹریکر‘‘ کے مطابق قومی ٹیم کی ممکنہ بابر الیون میں شاداب خان، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد اور محمد نواز شامل ہوسکتے ہیں۔

پاکستانی ٹیم کے گیند بازوں میں شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، حسن علی پلیئنگ الیون کا حصہ ہونگے۔

دوسری جانب نیدرلینڈز کی ممکنہ پلیئنگ الیون میں کپتان سکاٹ ایڈورڈز، میکس او داؤد، وکرامجیت سنگھ، ویسلے باریسی، بیس ڈے لیڈے، ٹیجا ندانامارو، شارز احمد، لوگان وین بیک، طین ڈیر میروی، پال وین مییکیرین اور آریان دت شامل ہوسکتے ہیں۔

نواز شریف کو ابھی بھی دل کے عارضے کی شکایات ہیں،میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع



لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروا دی گئی۔

وکیل امجد پرویز نے رجسٹرار آفس میں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ جمع کرائی۔

برطانوی معالج کی رپورٹ کے مطابق نواز شریف کو ابھی بھی دل کے عارضے کی شکایات ہیں، انہیں شوگر اور دیگر امراض کی وجہ سے پاکستان اور لندن میں مسلسل فالو اپ کی ضرورت ہے، نواز شریف کی ماضی میں ہونے والی بائی پاس سرجری اور انجیو پلاسٹی کی وجہ سے مسلسل چیک اپ ہوتا رہا۔

سابق وزیراعظم کے معالج نے رپورٹ میں لکھا کہ ہم نے نواز شریف کی پہلے اینٹی اینجنل تھراپی کی بہتری کے لئے علاج کیا۔

قائد مسلم لیگ (ن) کو انجائنا کی علامات اور کورونا وبا کی وجہ سے پاکستان جانے سے روک دیا تھا، جب نواز شریف میں مرض کی علامات بڑھ گئیں تو ہم نے ان کی انجیو پلاسٹی دوبارہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی انجیو پلاسٹی نومبر 2022ء میں کی گئی، اس دوران نواز شریف کو سٹنٹ بھی ڈالے گئے۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم کی میڈیکل رپورٹ برطانیہ کے رائل برومپٹن ہسپتال نے جاری کی ، رپورٹ کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ پروفیسر کارلو ڈی ماریو کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی نے جو کچھ کیا اس میں کسی نہ کسی طرح اسٹیبلشمنٹ کی ہمدردی رہی،خواجہ آصف



اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن )کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف نے جو کچھ کیا اس میں کسی نہ کسی اسٹیج پر اسٹیبلشمنٹ کی طرف سیکوئی نہ کوئی ہمدردی رہی۔

ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کی حکومت کا خاتمہ، چوہدری پرویز الہی کا راتوں رات پلٹ جانا، سب سے بڑی نشانی یہ ہے کہ آئِین کی نئی تشریح ہو گئی، جس کے نتیجے میں حمزہ کو جانا پڑا۔انہوںنے کہاکہ اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ ہرطرف کھیل رہی تھی۔

اکتوبر 2021 میں ان کے آپس میں اختلافات شروع ہوئے، چیئرمین پی ٹی آئی جنرل فیض حمید کو تعینات کرنا چاہتے تھے، یہ جھگڑا آہستہ آہستہ پھیلتا چلا گیا اور انجام عدم اعتماد کے ووٹ پر ہوا، لیکن یہ سلسلہ رکا نہیں، سب کا ٹارگٹ نومبر 2022 تھا، جس میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی ہونا تھی۔

انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ملاقات کرائی، چیئرمین پی ٹی آئی نے جنرل باجوہ کو کہا کہ تاحیات ایکسٹینشن لے لیں، بس مجھے اقتدار میں واپس لے آئو۔

ایک اور موقع پر خواجہ آصف نے کہا کہ عثمان ڈار کے گھروالوں کی باتوں میں تضاد ہے، پہلے یہ لوگ آپس میں طے کرلیں کہ انہوں نے عثمان ڈار کو گن پوائنٹ پر گرفتار کرایا ہے یا کوئی اور وجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عثمان ڈارکی والدہ ان کے خلاف الیکشن لڑنا چاہتی ہیں تو سو بسم اللہ، الیکشن لڑیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل ٹرائل و جج تعیناتی کیخلاف درخواست، 3 روز میں فیصلہ دینے کا عندیہ



اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں جیل ٹرائل اور ٹرائل کورٹ کے جج کی تعیناتی کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر دو سے تین روز میں فیصلہ دینے کا عندیہ دے دیا جبکہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ جیل ٹرائل اور جج تعیناتی کے خلاف درخواست پر فیصلہ پہلے سے محفوظ ہے، پیر تک تو نہیں لیکن 2 سے 3 روز میں کوشش کریں گے کہ فیصلہ دے دیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جلد فیصلے کی متفرق درخواست پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت کی تو چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے شیر افضل مروت ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔شیر افضل مروت نے کہا کہ سائفر کیس کا جیل ٹرائل شروع ہو گیا لیکن ہماری درخواست پر فیصلہ نہیں آیا۔

پیر کو پھر جیل میں سماعت کے لیے سائفر کیس مقرر ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ میں جلدی کر دیتا ہوں، پیر کو تو نہیں لیکن دو تین دن میں فیصلہ کر دوں گا، ایک بات بتائیں کہ پریس میں آیا ہے کہ اڈیالہ جیل چیئرمین پی ٹی آئی کی منتقلی پر آپ کو اعتراض ہے؟

آپ کی اپنی پٹیشن اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کی تھی اور وہ منظور ہوئی، پھر یہ پریس میں آپ کی طرف سے اتنی بحث کیوں چل رہی ہے؟شیر افضل مروت ایڈووکیٹ نے جواب دیا کہ ہماری طرف سے آفیشلی تو ایسا کوئی بیان نہیں دیا گیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا کہ حیران تھا کہ آپ کی پٹیشن منظور ہوئی پھر یہ کیوں کہہ رہے ہیں۔شیر افضل مروت نے عدالت کو جواب دیا کہ ہمیں یہ معلوم تھا کہ اڈیالہ جیل میں بی کلاس دیں گے لیکن نہیں دی گئی۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا پنجاب میں غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کیخلاف کارروائی کا اعلان



لاہور ( این این آئی) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ یکم نومبر سے پنجاب میں غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی رضا کارانہ طور پر واپس چلے جائیں۔

نگران وزیر اعلی پنجاب محسن رضا نقوی نے طبیعت ناسازی کے باوجود شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کا دورہ کر کے سائٹ پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

انہوں نے فلائی اوورز کا معائنہ کیا اور پل سے شاہدرہ چوک میں جاری تعمیراتی کاموں کا مشاہدہ کیا، صوبائی وزرا عامر میر،اظفر علی ناصر،ڈپٹی کمشنر اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا، چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید اور کنٹریکٹر نے منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے نگران وزیر اعلی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شاہدرہ چوک فلائی اوورز منصوبے کی تکمیل سے یومیہ 3 لاکھ گاڑیاں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی۔

فلائی اوورز کے دونوں برج پر کام تکمیل کے قریب، الیکٹرک پولز کی فکسنگ جاری ہے۔اپنے دورے کے دوران وزیر اعلی محسن رضا نقوی نے فلائی اوورز اور اطراف کی سڑکوں اور نئے راوی پل کے منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہدرہ فلائی اوورز منصوبے کا مجموعی طور پر 90 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

فلائی اوورز کو رواں ماہ ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا، پراجیکٹ مکمل ہونے سے شہر کے داخلی و خارجی راستے پر ٹریفک کا مسئلہ حل ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ زیادتی نہیں ہوگی لیکن غیر قانونی طور پر مقیم کسی غیر ملکی کو نہیں رہنے دیا جائے گا جو غیر ملکی غیر قانونی طور پر پنجاب میں مقیم ہیں ان سے کہتا ہوں خود واپس چلے جائیں۔

پنجاب میں مقیم غیر ملکیوں کا ابتدائی ڈیٹا تیار کر لیا گیا ہے دیگر ادارے بھی غیر ملکیوں کا ڈیٹا اکٹھے کرنے پر کام کر رہے ہیں۔نگران وزیر اعلی پنجاب محسن رضا نقوی نے مزید کہا ہے کہ پنجاب میں غیر ملکیوں کو خود چلے جانا چاہئے ورنہ بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کیا جائے گا، چار دن سکول بند کرنے سے آشوب چشم کے کیسز میں واضح کمی آئی ہے۔

سعودی ڈاکٹر تنزانیہ کے جسم سے جڑے بچوں کو الگ کرنے میں کامیاب



ریاض(این این آئی)سعودی جراحی ٹیم نے تنزانیہ کے جسم سے جڑے ہوئے بچوں کو الگ کرنے کے لیے 16گھنٹے کا ایک پیچیدہ آپریشن انجام دیا۔

یہ آپریشن معروف پیڈیاٹرک سرجن ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کی نگرانی میں کیا گیا جو سعودی انسانی امداد کے ادارے کے ایس ریلیف کے سربراہ ہیں۔

میڈیکل اور سرجیکل ٹیم نے ریاض میں وزارتِ قومی محافظ کے شاہ عبدالعزیز میڈیکل سٹی میں شاہ عبداللہ سپیشلسٹ چلڈرن ہسپتال میں 2 سالہ حسن اور حسین کو الگ کر دیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آپریشن 16 گھنٹے تک 9 مراحل میں جاری رہا جس میں 35 مشیران، ماہر ڈاکٹروں اور تکنیکی، نرسنگ اور معاون عملہ نے حصہ لیا۔یہ سرجری جو جڑے ہوئے بچوں کو الگ کرنے کے سعودی پروگرام کی 59 ویں سرجری تھی، انجام دینے کے بعد ڈاکٹر الربیعہ نے میڈیکل ٹیم کے ارکان کی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا اور جڑواں بچوں کی ماں اور تنزانیہ کے لوگوں کو کامیاب آپریشن پر مبارکباد دی۔

انہوں نے انسانی ہمدردی کے کاموں میں بالعموم اور طبی کاموں میں بالخصوص مملکت کے اہم کردار کا اعادہ کیا جو سعودی حکومت کے لامحدود تعاون کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتا تھا۔الربیعہ نے یہ بھی کہا کہ یہ کامیابی سعودی طبی مہارت کی عکاسی کرتی ہے جو صحت کے شعبے کی ترقی اور اس کے معیار اور کارکردگی کو بڑھانے کے لیے سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے۔جڑواں بچوں کی والدہ نے مملکت کے عظیم انسانی کاموں اور سعودی عرب میں پورے قیام کے دوران انہیں جو پرتپاک استقبال اور فراخدلانہ مہمان نوازی ملی، اس کی تعریف کرتے ہوئے سعودی قیادت اور طبی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

سعودی عرب میں تنزانیہ کے سفیر علی موادینی نے شاہ سلمان، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور طبی ٹیم کے ارکان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے جڑواں بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے سعودی شعب طب کی ترقی کی تعریف کی جو باوقار بین الاقوامی سطح پر پہنچ گیا ہے۔جڑواں بچے اگست میں دارالسلام سے طبی معائنے کے لیے آئے تھے جس سے معلوم ہوا کہ وہ سینے کے نچلے حصے، پیٹ، شرونی، جگر، پیشاب کی نالی، آنتیں اور ایک تولیدی عضو میں جڑے ہوئے تھے۔

مملکت جدید طب میں جراحی کے پیچیدہ ترین طریق کار میں سرخیل ہے۔ 1990 میں آغاز کے بعد سے سعودی عرب کے جسم سے جڑے ہوئے بچوں کے پروگرام نے دنیا بھر کے ممالک سے جڑواں بچوں کے تقریبا 130 کیسز کا علاج کیا ہے۔ الربیعہ نے خود 23 ممالک کے غریب خاندانوں میں پیدا ہونے والے جسم سے جڑے بچوں کے 58 آپریشن کیے ہیں۔شاہ عبداللہ سپیشلائزڈ چلڈرن ہسپتال اس پروگرام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

جدید ترین طبی سہولیات اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہسپتال میں بچوں کی پیچیدہ نگہداشت میں مہارت رکھنے والی ایک انتہائی ہنر مند طبی ٹیم کا عملہ موجود ہے۔پروگرام کے تحت کئے جانے والے آپریشنز کو سعودی حکومت کی طرف سے مکمل سرپرستی حاصل ہوتی ہے۔ وہ بچوں کو ایک طویل اور صحت مند زندگی سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں جو چوبیس گھنٹے کی نگہداشت سے مبرا اور ان کی حالت کے ذہنی اور جسمانی تنا سے آزاد ہو۔طبی مطالعات کے مطابق جسم سے جڑے ہوئے تقریبا 60 فیصد بچے مردہ پیدا ہوتے ہیں جبکہ پیدائش کے وقت بچ جانے والے تقریبا 40 فیصد بچے کچھ ہی دنوں میں مر جاتے ہیں۔ جسم سے جڑے ہوئے بچوں میں سے تقریبا 70 فیصد لڑکیاں ہوتی ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے اکتوبر سے فروری تک نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام روک دیا



لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے اکتوبر سے فروری تک شہر میں نئے ترقیاتی منصوبوں پر کام روک دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تدارک سموگ سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔

عدالت نے وکیل پنجاب حکومت سے استفسار کیا کہ ایک ماہ میں کتنے پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں، پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہر میں پانچ منصوبوں پر اس وقت کام جاری ہے۔

شاہدرہ میں جاری پراجیکٹ بھی جلد مکمل ہو جائے گا۔جسٹس شاہد کریم نے حکم دیا کہ نیازی انٹرچینج ٹو بابو صابو پراجیکٹ پر کام شروع نہ کریں، فروری میں شروع کر لیں جو پراجیکٹ چل رہا ہے وہ ٹھیک ہے، ایئر کوالٹی پر پراجیکٹس کتنا اثر کرے گا یہ بھی بتایا جائے، آئندہ سماعت پر جو ڈیٹا جمع ہوا ہے اسکی روشنی میں عدالت کو آگاہ کریں۔

جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمینٹل کمیشن نے تجویز دی کہ سموگ کے سیزن کے دوران کوئی تعمیراتی پراجیکٹ شروع نہیں ہونا چاہیے، عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ یہ بالکل ٹھیک تجویز ہے ایسا ہی ہونا چاہیے۔پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سڑکوں کی الائنمنٹ کے لیے بھی کام کر رہے ہیں ، جس پر جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ جیل روڈ سمیت دیگر سڑکوں کے ایشوز ہیں، جگہ جگہ سڑکوں پر یو ٹرن نہیں ہونے چاہئیں یوٹرن فاصلے پر رکھیں۔

عدالت عالیہ نے مزید کہا کہ پانی کو بچانے کے لیے کام کرنا ہو گا، دس مرلے کے گھروں کی تعمیر میں بھی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لازمی ہونا چاہیے، آئندہ سماعت پر پروپوزل بنا کر عدالت میں پیش کریں۔

نیدر لینڈز کیخلاف میچ سے قبل برائن لارا کا پاکستانی ٹیم کیلئے اہم پیغام



پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈکپ میں اپنی جنگ کا آغاز آج سے کرے گی جہاں حیدر آباد دکن میں گرین شرٹس کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہوگا۔

نیدرلینڈ کے خلاف پاکستان کے پہلے مقابلے سے قبل انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لیجنڈ کرکٹر برائن لارا نے پاکستان ٹیم سے درخواست کی ہے۔

سابق کرکٹر لارا نے کہا کہ پاکستان کو نیدرلینڈز کے خلاف جیتنا چاہیے، میری درخواست ہے کہ پاکستان ٹیم نیدرلینڈز کو آسان نہ لے ۔

لیجنڈ کرکٹر نے لکھا کہ کوالیفائرز میں ڈچ ٹیم نے اپنی کلاس دکھائی ہے تاہم پاکستانی ٹیم کو تجربے اور بولنگ اٹیک کی وجہ سے ہمیشہ ایسی ٹیموں پر برتری حاصل رہی ہے۔

آئی ایم ایف شرائط ،کھاد فیکٹریوں کیلئے رواں ماہ سےگیس مہنگی کرنےکا فیصلہ



نگران حکومت نے آئی ایم ایف شرائط پرکھاد فیکٹریوں کیلئے رواں ماہ سےگیس مہنگی کرنےکا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کےمطابق کھاد فیکٹریوں کیلئےگیس کی قیمت 302 روپے سے بڑھا کر 580 روپے ایم ایم بی ٹو یو ہوگی اور فیڈاسٹاک کیلئے کھاد مینوفیکچررزکو فی ایم ایم بی ٹی یوگیس 1580 روپےمیں ملےگی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ فیڈ اسٹاک کیلئے کھاد مینوفیکچررز کیلئے فی ایم ایم بی ٹی یوگیس 556 روپے مہنگی ہوگی۔

کھاد مینوفیکچررزکیلئے گیس قیمتوں میں اضافہ آئی ایم ایف اقتصادی جائزے سے پہلےہوگا۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ کھاد مینوفیکچررکیلئے گیس مہنگی کرنے پروزارت خزانہ، پیٹرولیم اور صنعت وپیداوار نے کام شروع کردیا ہے۔

اقتصادی ماہرین نے مارکیٹ میں پیدا ہونے والی افراتفری کا ذمہ دار اسٹیٹ بینک کو ٹھہرا دیا



کراچی(این این آئی)پاکستانی کمرشل بینکوں میں عوام کے ڈیپازٹس 26 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گئے تاہم 5 لاکھ روپے سے زیادہ کے بینک بیلنس کو انشورنس کور حاصل نہ ہونے کی خبر کھاتہ داروں پر بجلی بن کر گری۔

اقتصادی ماہرین نے مارکیٹ میں پیدا ہونے والی افراتفری کا ذمہ دار اسٹیٹ بینک کو ٹھہرا دیا۔پاکستان کے کمرشل بینکوں میں اکائونٹ ہولڈرز کا جمع شدہ سرمایہ 26 ہزار ارب روپے سے بڑھ گیا۔ گزشتہ 8 ماہ کے دوران ہی ان ڈیپازٹس میں 3 ہزار 356 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تاہم بینکاری نظام میں پانچ لاکھ روپے تک کے ڈیپازٹس جمع کرانے والوں کو ہی انشورنس کور حاصل ہے۔ اس سے زیادہ مالیت کا بینک بیلنس ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن کے دائرہ اختیار میں ہی نہیں آتا۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین کا سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں دیا گیا بیان بینک کھاتہ داروں پر جیسے آسمانی بجلی بن کر گرا۔ منفی عوامی ردعمل کے باعث اسٹیٹ بینک نے وضاحت جاری کرکے ڈپازٹس کو محفوظ قرار دے دیا۔

اقتصادی ماہرین کہتے ہیں ایسے متضاد بیانات غیرضروری ہیں۔ماہر اقتصادی امور ڈاکٹر ساجد امیننے کہاکہ پاکستان میں چونکہ اکنامک صورت حال ابتر ہے۔

لوگ بہت زیادہ دیر تک تین چار ماہ پہلے تک ڈیفالٹ کی بات کر رہے تھے اور لگا کہ جیسے پاکستان میں بینک ڈیفالٹ کرنے والے ہیں۔

اس طرح کے حالات میں اس طرح کے بیانات افراتفری پیدا کرتے ہیں اور اس طرح کے بیانات پہلے سے جاری غیر یقینی کو بڑھاوا دیتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق کسی بھی بینکنگ سیکٹر میں 100 فیصد کوریج کہیں بھی نہیں ہوتی، ماہری اقتصادی امور ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا کہ دنیا بھر میں ایک لیول تک ڈپازٹر کی رقم کو تحفظ حاصل ہوتا ہے۔

اگربینک ڈیفالٹ کرتا ہے تو جو گارنٹی ہے وہ انہیں پیمنٹ دیتی ہے۔ پاکستان میں سٹیٹ بینک کا ذیلی ادارہ ڈپازٹ پروٹیکشن بیورو 5 لاکھ تک تحفظ دیتا ہے جس سے 94 فیصد ڈپازٹر کور ہوجاتے ہیں۔

کراچی، تاجر کو گولیوں کے ساتھ دھمکی آمیز خط موصول



کراچی(این این آئی)کراچی میں تاجر اور اہلخانہ کو جان سے مارنے کا دھمکی آمیز خط ملا ہے، خط میں ملزمان نے 3 گولیاں اور تاجر کے 2 بچوں کی تصاویر بھی بھیجی ہیں۔

نارتھ ناظم آباد بلاک ایف کے رہائشی تاجر نوید نے بتایا کہ دو روز قبل مجھے اور بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکی کا خط ملا ہے۔تاجر نوید کے مطابق ہیلمٹ پہنے نامعلوم شخص فلیٹ کے ریسپشن پر دھمکی آمیز خط دے کر گیا۔

نوید نے کہاکہ پولیس مجھ سے تعاون نہیں کررہی، بہت پریشان ہوں، میں اور میرے بچے گھر سے باہر نہیں نکل رہے۔تاجر نے بتایا کہ میرے ساتھ ایک شخص کا لین دین کا تنازع چل رہا ہے، میں نے لین دین کے تنازع پر مقدمات درج کرائے ہیں۔

نوید کے مطابق خط بھیجنے والے شخص نے مقدمات واپس لینے کا کہا ہے۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ حیدری پولیس اسٹیشن میں درج کررہے ہیں۔

دوسری جانب تاجر کو دھمکی آمیز خط دینے والے شخص کی سی سی ٹی وی منظر عام پر آگئی ہے۔ہیلمٹ پہنے ایک شخص کو رہائشی عمارت میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، ملزم نے استقبالیہ پر بیٹھے افراد سے بات چیت کی اور پھر استقبالیہ پر بیٹھے شخص کو لفافہ پکڑا کر باہر چلا گیا۔

16 اکتوبر سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہونے کا امکان



اسلام آباد(آئی این پی)عالمی سطح پر پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں 16اکتوبر سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہونے کا امکان ہے۔

عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اب 7ڈالر فی بیرل کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں پٹرولیم مصنوعات مزید سستی ہونے کا امکان ہے۔

جمعرات کے روز گلف مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 92جبکہ عالمی منڈی میں 84ڈالر پر آگئی ہے اور اس ریٹ کے مطابق پاکستان میں پٹرول کی قیمت میں 22روپے کمی بنتی ہے جبکہ ڈیزل کی موجودہ قیمت میں بھی 20روپے سے زائد کی کمی بنتی ہے۔