سپریم کورٹ میں 2 ججز کی خالی آاسامیاں:چیف جسٹس نے جوڈیشل کمیشن کے ارکان کو 28 خطوط لکھ دیئے



سپریم کورٹ میں 2 ججز کی خالی نشستوں کے معاملے پر چیف جسٹس قاضی فاٸز عیسیٰ نے جوڈیشل کمیشنز کے ممبران کو 28 خطوط لکھ دیئے۔

ذراٸع کے مطابق جوڈیشل کمیشن رولز سے متعلق چیف جسٹس نے خطوط لکھے ہیں، خطوط تمام جوڈیشل کمیشنز کے ممبران کو لکھے گئے ہیں۔

ذراٸع کے مطابق تمام جوڈیشل کمیشنز سے تجاویز آنے کے بعد جوڈیشل کمیشن اجلاس ہوگا۔سپریم کورٹ میں اس وقت 15 ججز فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ کل 17 ججز میں سے 2 کی نشستیں خالی ہیں۔

پاکستان پر قرضوں کا بوجھ 64 ہزار ارب ہو گیا ، ہر شہری ڈھائی لاکھ روپے کا مقروض



پاکستان پراندورونی اور بیرونی قرضوں کابوجھ 64 ہزارارب روپے تک جا پہنچا، ہرشہری ڈھائی لاکھ روپے کا مقروض بن گیا۔

،اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق وفاقی حکومت نے اگست 2023میں 2 ہزار218ارب روپے کے نئے قرضے لئے، جس کے بعد پاکستان پرمقامی قرضوں کاحجم  24 فیصد بڑھ کر 39792 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

مرکزی بینک کے مطابق ملک پربیرونی قرضوں کا بوجھ 39 فیصد سے بڑ ھ کر 24 ہزار175ارب روپے تک جا پہنچا ہے۔

اسرائیلی اور فلسطینی خواتین کا پہلی مرتبہ مشترکہ امن مارچ



مقبوضہ مغربی کنارے میں مسلسل ہونے والی جھڑپوں میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان سے پریشان اسرائیلی اور فلسطینی خواتین نے مشترکہ  امن مارچ کیا۔ 

عرب میڈیا کے مطابق مغربی کنارے کے دو مقامات القدس اور بحیرہ مردار میں سیکڑوں اسرائیلی اور فلسطینی خواتین نے امن ریلی نکالی۔ شرکا نے امن کی علامت کے طور سفید چھتریاں اُٹھا رکھی تھیں، مظاہرے میں شامل خواتین نے  ہمارے بچوں کو مارنا بند کرو اور  ہم امن چاہتے ہیں، کے نعرے لگا ئے۔ بینرز پر لکھا تھا کہ ہم نے جنگ کے لیے بچے پیدا نہیں کیے۔

مغربی کنارے میں پہلی بار یہ منظر دیکھنے کو ملا ہے کہ اسرائیلی اور فلسطینی خواتین نے مشترکہ طور پر کوئی مظاہرہ کیا ہو۔ اس پر خواتین شرکاء کا کہنا تھا کہ دونوں طرف کی ماؤں اور بہنوں کا ایک سا دکھ ہے،اس ریلی کا انعقاد ’الائنس فار مڈل ایسٹ پیس‘‘ نے کیا تھا۔

کبھی فائل کھولنے کی زحمت بھی کر لیا کریں” چیف جسٹس سرکاری وکیل پر برہم



 سپریم کورٹ میں کمشنر ان لینڈ ریونیو کی ہاٸیکورٹ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تیاری نہ ہونے اور سوالات کے جواب نہ دینے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سرکاری وکیل کو مائیک پر مزید بولنے سے روک دیا۔

چیف جسٹس قاضی فاٸز عیسی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کمشنر ان لینڈ ریونیو کی ہاٸیکورٹ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت تیاری نہ ہونے اور سوالات کے جواب نہ دینے پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سرکاری وکیل کو ماٸیک پر مزید بولنے سے روک دیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ تقریر نہ کریں، ہمارے سوالات کا جواب دیں، آپ لوگ فاٸل کھولنے کی زحمت کیوں نہیں کرتے؟ جن دستاویز پر کیس لڑھ رہے ہیں وہ عدالت کو تو دکھا دیں؟ کیس چلانے کے لیے آپ کی جگہ ہمیں جدوجہد کرنی پڑتی ہے،سپریم کورٹ نے کمشنر ان لینڈ ریونیوکی نظر ثانی کی استدعا مسترد کرتے ہوے ہاٸی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔

واجبات کی عدم ادائیگی ، متعدد سرکاری اداروں کی گیس منقطع کر دی گئی



سوئی ناردرن نے واجبات کی عدم ادائیگی پر متعدد سرکاری اداروں کی گیس منقطع کر دی۔

ترجمان سوئی ناردرن کے مطابق مختلف نادہندہ اداروں اور محکموں سے 4 کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کر لی ، ایم این اے ہاسٹل کے ذمہ 2 کروڑ 36 لاکھ 39 ہزار سے زائد کے واجبات پر گیس کاٹی گئی۔

اس کے علاوہ  کیو بلاک کے ذمہ 55 لاکھ 14 ہزار سے زائد، سیکٹر جی فائیو میں خواتین ہاسٹل کے 62 لاکھ 54 ہزار سے زائد کے واجبات جبکہ پوسٹ ماسٹر جنرل اسلام آباد کے ذمہ 6 لاکھ 22 ہزار سے زائد کی عدم ادائیگی پر گیس کنکشن کاٹ دیئے گئے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ پوسٹل اسٹاف کالج کے ذمہ ایک لاکھ 30 ہزار،  پنجاب ایمرجنسی سروسز کے ذمہ ایک لاکھ سے زائد کے واجبات پر گیس منقطع کر دی گئی۔

ترجمان کے مطابق ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی سے 87 لاکھ 74 ہزار سے زائد ، راولپنڈی انسیٹیٹوٹ آف کارڈیالوجی سے 84 لاکھ 31ہزار روپے ، پمز اسپتال سے 49 لاکھ 43 ہزار روپے  اور کیپیٹل اسپتال اسلام آباد سے 20 لاکھ روپے کے واجبات وصول کر لئے گئے۔

نواز شریف کی واپسی کا پروگرام فائنل ، نہ آنے کی خبریں غلط ہیں ، عرفان صدیقی



 مسلم لیگ ن  کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی کا پروگرام فائنل ہے، پروگرام میں کوئی تبدیلی  نہیں ہوئی۔ 

اپنے ویڈٰو پیغام میں عرفان صدیقی  نے کہا  کہ نواز شریف پہلے سعودی عرب عمرہ کی ادائیگی  کیلیے جائیں گے، اس کے علاوہ  وہ متحدہ امارات بھی قیام کریں گے جس کے بعد 21 اکتوبر کو پاکستان آئیں گے۔

عرفان صدیقی  نے مزید کہا کہ نوازشریف کی واپسی کے  پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے،  کسی مفاہمتی گروپ کی جانب سے  ان کے واپس نہ آنے کی خبریں  درست نہیں، مسلم لیگ ن میں  کوئی مفاہمتی گروپ ہے نہ مزاحمتی گروپ، نواز شریف کی واپسی سے متعلق تمام افواہوں کی تردید کرتا ہوں ۔

یوٹیلٹی سٹورز پر گھی کی قیمت میں کمی



ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی کی قیمت میں کمی  ہو گئی۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا کہ معروف برانڈز کے گھی کی قیمت میں 60 روپے فی کلو کی کمی کی گئی، بی آئی ایس پی رجسٹر صارفین کیلیے قیمت 325 روپے فی کلو کی کر دی گئی،ترجمان کے مطابق عام صارفین کیلیے گھی 455 سے کم کر کے 395 روپے فی کلو کر دیا گیا۔

گزشتہ روز گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں ستمبر کے دوران عمومی کمی کا رحجان دیکھنے میں آیا۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق ستمبرکے مہینے میں گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اگست کے مقابلہ میں کمی دیکھنے میں آئی۔

ستمبر میں 5 کلو ڈالڈا آئل کی اوسط قیمت 2977.17 روپے ریکارڈ کی گئی جو اگست کے مقابلہ میں 2.06 فیصد کم ہے۔

کرکٹ ورلڈکپ کا افتتاحی میچ : خالی سٹیڈیم بھارتی بورڈ کا منہ چڑاتا رہا



  کرکٹ ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں بھارتی شائقین کی عدم دلچسپی دیکھنےمیں آئی۔ دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ سٹیڈیم میں شائقین کی تعداد بہت کم رہی۔

احمد آباد میں کھیلے جانے والے دنیا کے سب سے بڑے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم کے افتتاحی میچ میں بھارتی شائقین کی بڑی تعداد کی توقع کی جارہی تھی لیکن پہلی اننگز میں خالی اسٹیڈیم کا بڑا حصہ خالی بھارتی کرکٹ بورڈ کا منہ چڑاتا رہا۔

نریندرا مودی اسٹیڈیم میں 1 لاکھ 32 ہزار شائقین کی جگہ موجود ہے جس کی وجہ سے اس اسٹیڈیم کو دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم کا اعزاز حاصل ہے۔

روپیہ دن بدن مضبوط ہونے لگا، ڈالر 283 روپے پر آ گیا



ایک ماہ سے مسلسل اپنی قدر کم کرنے والا ڈالر جمعرات کو انٹر بینک میں مزید سستا ہوگیا۔

انٹر بینک میں ڈالر مزید 1 روپے 8 پیسے سستا ہونے کے بعد 283 روپے 60 پیسے کا ہو گیا۔گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر 284 روپے 68 پیسے کا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 5 ستمبر کو انٹر بینک میں ڈالر 307 روپے 10 پیسے کا تھا، انٹر بینک میں ڈالر گزشتہ 1 ماہ میں 23 روپے 50 پیسے کم ہوا ہے۔ادھر اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1 روپیہ سستا ہوکر 284 روپے کا ہو گیا۔

پی آئی اے نے پی ایس او کو48 کروڑ کی ادائیگی کر دی



قومی ایئرلائن پی آئی اے اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او)کے درمیان معاملات طے پاگئے۔

 پی آئی اے نے پی ایس او کو 48 کروڑ روپے کی ادائیگی کردی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی ایس او کو باقی واجبات کی ادائیگی کا شیڈول بھی طے پاگیا۔

پی ایس او نے مدینہ پرواز پی کے 747 سمیت پی آئی اے کے طیاروں کو ایندھن سپلائی شروع کردی ہے۔

انار کھائیں:قدرت کے انمول عطیہ سےصحت پائیں: ماہرین



انار صحت کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ہے۔اس کو کھانے سے جسم صحت مند ہوتا ہے اور مختلف امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زمانہ قدیم سے یہ پھل انسانوں کی غذا کا حصہ ہے اور اس کے بے پناہ فوائدہیں۔

 غذائی ماہرین کہتے ہیں کہ انار میں پولی فینولز کی ایک قسم فلیونوئڈز موجود ہوتی ہے جو صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ہے،فائبر کی یہ قسم نظام ہاضمہ کو صحت مند رکھتی ہے اور قبض سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنا آسان ہوجاتا ہے جبکہ بے وقت بھوک بھی محسوس نہیں ہوتی۔

انار کے دانوں سے بھرے آدھے کپ سے 9 ملی گرام وٹامن سی جسم کا حصہ بنتا ہے۔انار جسم میں نائٹرک آکسائیڈ کے اثر کو بڑھاتا ہے جس سے خون کی شریانیں کشادہ ہوتی ہیں،انار کے جوس پینے سے بلڈ پریشر کی سطح کم ہوتی ہے جس سے بھی امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔انار کا جوس پوٹاشیم کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے اور پوٹاشیم مسلز کے صحت مند افعال کے لیے اہم جز ہے۔انار کھانے سے گردوں میں پتھری کی روک تھام ہوتی ہے۔

سی ڈی اے کا آپریشن ، مارگلہ ٹائون اسلام آباد میں غیر قانونی افغان بستی مسمار



 اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے نے آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی افغان بستی کو مسمار کر دیا ۔

انتظامیہ کے مطابق مارگلہ ٹائون میں  میں موجود غیر قانونی تعمیرات کو گرا دیا گیا،سی ڈی اے نے بتایا کہ موہریاں موچی موہڑا میں افغان شہریوں نے قبضہ کر رکھا تھا۔ آپریشن کرنے پر غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی جانب سے مزاحمت کی گئی۔ اسلام آباد پولیس نے مزاحمت کرنے والوں کو منتشر کر دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی سربراہی میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ 31 اکتوبر کے بعد غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کی جائیدادیں ضبط کرکے ملک بدر کیا جائے گا۔