ورلڈ کپ میں پاکستان بھارت کو ہرا سکتا ہے ، مائیکل اتھرٹن



انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن  نے کہا ہے کہ ورلڈکپ 2023 میں  شاہینوں کے ہاتھوں بھارت کو شکست ہو گی۔

 مائیکل ایتھرٹن نے کہا کہ پاک بھارت میچ ورلڈکپ کا سب سے بڑا میچ ہو گا اور ایسے لگ رہا ہے کہ پاکستان بھارت کو ہرا دے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیمی فائنل یا فائنل میں دونوں ٹیمیں دوبارہ ٹکرائیں تو وہ بھی بڑا میچ ہوگا، ہوسکتا ہے پاک بھارت میچ میں پاکستا ن سرپرائز دے دے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے ایک اور سابق کپتان این مورگن نے کہا کہ میرا خیال ہے جو ٹیم اس ورلڈکپ میں سب کو حیران کرسکتی ہے وہ پاکستان ہے، پاکستانی کھلاڑی ایونٹ میں اچھی پرفارمنس دے سکتے ہیں۔

21 اکتوبر کو پاکستان کے اچھے دن واپس آ رہے ہیں ، مریم نواز



مسلم لیگ ( ن ) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ  نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپسی پر پاکستان کی ترقی کا ویژن دیں گے۔

مریم نواز کی زیر صدارت پارٹی کے اقلیتی ونگ کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مسیحی ، سکھ اور ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے عہدیداران نے شرکت کی،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا  کہ کوئی اقلیت کوئی اکثریت نہیں، ہم سب پاکستانی ہیں، نوازشریف عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے آ رہے ہیں، 21 اکتوبرکو پاکستان کے اچھے دن واپس آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو نکالا تو ملک سے ترقی اور خوشحالی اور امن وسکون بھی نکل گیا، نواز شریف مینار پاکستان پر پاکستان کو معاشی آزادی دلانے کا ایک اور تاریخی عہد کریں گے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ  اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی نظریہ پاکستان اور قائد اعظم کے فرمودات کی خلاف ورزی ہے، قومی فیصلہ سازی میں اقلیتوں کے کردار اور آواز کو بڑھانا ہے، پاکستان کے نوجوانوں کو مذموم مقاصد کے لئے استعمال کیا گیا، اللہ تعالیٰ کے فضل سے تمام سازشی کردار اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ سانحہ جڑانوالہ نے ہمارے سر شرم سے جھکا دئیے ، سانحہ میں ملوث عناصر کو سزا ملنی چاہیے۔

مہنگائی کے ستائے عوام کوایک اور جھٹکا، بجلی مزید مہنگی کر دی گئی



مہنگائی کے ستائے عوام کوایک اور جھٹکا، بجلی کی  قیمت میں مزید اضافہ کر دیا گیا۔

 نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 71 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے،  قیمت میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ۔

 نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں کے اضافے کا اطلاق رواں ماہ کے بلوں پر ہو گا، تاہم  لائف لائن سمیت کے الیکٹرک کے صارفین پر اضافے کا اطلاق نہیں ہو گا۔

بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر  22ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

مسلم لیگ ن کا مفاہمتی گروپ نواز شریف کی وطن واپسی ملتوی کرانے کیلئے سرگرم ہو گیا



مسلم  لیگ ن کا مفاہمتی پالیسی کا حامی گروپ نواز شریف کی واپسی مؤخر کرانے میں سرگرم ہو گیا جبکہ پارٹی کے دوسرے گروپ کی خواہش ہے کہ واپسی ملتوی نہ ہو۔

پارٹی ذرائع  کا کہنا ہے کہ مفاہمتی گروپ نے وطن واپسی ملتوی کرنے کی تجویز دی ہے، تاہم قائد ن لیگ  نے اس تجویز پر فوری ردعمل دینے سے گریز کیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق  مفاہمتی گروپ کا مؤقف ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری سے پریشان عوام کو نواز شریف کی وطن واپسی میں زیادہ دلچسپی نہیں، موجودہ حالات میں عوام کی جانب سے نواز شریف کے شایان شان استقبال کی توقع رکھنا مناسب نہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ الیکشن کے قریب یا اس کی باقاعدہ تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد نواز شریف کو واپس آنا چاہئے۔

دہشتگردی کے مقدمے میں علی وزیر کی ضمانت منظور



عدالت نے دہشتگردی کے مقدمے میں  پی ٹی ایم کے رہنما علی وزیر کی درخواستِ ضمانت 50 ہزار مچلکوں کے عوض منظور کر لی۔

” اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں علی وزیر کی جانب سے تھانہ ترنول میں درج مقدمے میں درخواستِ ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت ہوئی۔ وکیل عطاء اللّٰہ کنڈی نے عدالت کو بتایا کہ 3 سال تک علی وزیر کو گرفتار نہ کرنے کی کوئی وضاحت تفتیشی افسر کے پاس نہیں، علی وزیر کو جب گرفتار کیا تھا تو تھانہ ترنول میں درج مقدمے میں شامل تفتیش کیوں نہیں کیا گیا؟

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پولیس علی وزیر کو گرفتار کرنے سے متعلق کوئی جواز پیش نہیں کر سکی، علی وزیر کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔

بابر اعظم کے دلچسپ پنجابی جملوں کی ویڈیو وائرل



اسلام آباد (این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے دلچسپ پنجابی جملوں کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

حال ہی میں ایک بھارتی پنجابی سوشل میڈیا انفلوئنسر کے ساتھ بھی بابراعظم کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انفلوئنسر کپتان کے ساتھ پنجابی میں دلچسپ اور مزاحیہ جملے بول رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کو صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا گیا۔

واضح رہے قومی کرکٹ ٹیم ورلڈکپ کیلئے بھارت میں موجود ہے جہاں ٹیم اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔

ورلڈکپ 2023 کیلئے بابراعظم کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے: شعیب ملک



کراچی (این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ ورلڈکپ 2023 کیلئے بابر اعظم کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں شعیب ملک نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نوجوان کھلاڑیوں کو پروموٹ کرنے کیلئے سندھ پریمیئر لیگ کو این او سی دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رئوف اور نسیم شاہ کی بولنگ جوڑی بن گئی تھی، بدقسمتی سے اب نسیم شاہ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

سابق کپتان نے کہاکہ مینجمنٹ کو دیگر بولرز کو بھی موقع دینا چاہیے تھا تاکہ ایڈجسٹ ہو جاتے، ہم سب کی امیدیں پاکستان ٹیم کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کپتان بابر اعظم کو اعتماد دینے کی ضرورت ہے، پوری قوم یہی دعا کر رہی ہے کہ پاکستان اچھی کار کردگی دکھائے۔

مغربی کنارہ: اسرائیلی اور فلسطینی خواتین کی امن کے لیے مشترکہ ریلی



مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی) سینکڑوں فلسطینی اور اسرائیلی خواتین نے مقبوضہ مغربی کنارے میں القدس اور بحیرہ مردار میں ریلی نکالی اور اسرائیل فلسطین تنازع کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مظاہرین نے ہم امن چاہتے ہیں کے نعرے لگائے۔ بہت سے لوگوں نے سفید لباس میں ملبوس اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا ہمارے بچوں کو مارنا بند کرو۔

ایک فلسطینی نے کہا ہم چاہتے ہیں ہمارے بچے مرنے کے بجائے زندہ ہوں ۔ ایک فلسطینی کارکن اور الائنس فار مڈل ایسٹ پیس این جی او کے ڈائریکٹر ہدا ابو عرقوب نے بتایا کہ شرکا نے ابتدا میں القدس میں ریلی نکالی۔

یہ پہلا موقع ہے جب ہم اسرائیلی اور فلسطینی خواتین کے درمیان برابری کی سطح پر حقیقی شراکت داری کر رہے ہیں۔مظاہرین بعد میں مغربی کنارے میں بحیرہ مردار کی طرف چلے گئے جہاں ان کے ساتھ مزید مظاہرین بھی شامل تھے۔

سعودی عرب کے پاس فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کے تمام وسائل موجود: او آئی سی



ریاض (این این آئی) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے 2034 فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کی مملکت کی خواہش کے اعلان کے بعد اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے جنرل سیکرٹریٹ نے اس کی مکمل تائید کا اظہار کیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے شہزادہ محمد بن سلمان کے بیان کے مندرجات کی تعریف کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب کے پاس عالمی کپ کا ایک ممتاز اور بے مثال ورژن پیش کرنے کے لیے تمام انسانی، لاجسٹک اور بنیادی ڈھانچے کی صلاحیتیں موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب محبت، امن اور ہم آہنگی کی سرزمین کے سوا کچھ نہیں ہے اور وہ دنیا کے پہلے مقبول کھیل فٹ بال کی نمائندگی کرنے والے ایونٹ کو دنیا کے لوگوں تک محبت اور امن کے پیغامات پھیلانے کے لیے پوری صلاحیت رکھتا ہے۔

سیکرٹری جنرل نے اپنے بیان میں اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ یکجہتی کے فریم ورک کے اندر 2034 کے فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی امیدواری کی حمایت کریں اور مشترکہ اسلامی اقدام کو مضبوط بنائیں۔

استاد کا عالمی دن: سعودی جامعہ سینما اور تھیٹر پر بیچلر ڈگری دے گی



ریاض (این این آئی) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی نے ایک نئے شعبہ کی تشکیل کے حصے کے طور پر سینما اور تھیٹر میں بیچلر ڈگری کا آغاز کیا ہے۔

یہ اعلان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں استاد کی تکریم کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سینما اور تھیٹر کا شعبہ یونیورسٹی کے کالج آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کا حصہ ہے۔

بیچلر کی ڈگری طلبا کو فلم سازی اور تھیٹر کے فنون کی تربیت دے گی اور ساتھ ہی اس بات کو بھی یقینی بنائے گی کہ ان کا تیار کردہ مواد سعودی رسم و رواج اور ثقافت کے مطابق ہو۔

کرکٹ ورلڈ کپ: محمد عامر اور عماد وسیم نے سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے نام بتا دیئے



کرکٹ کے عالمی مقابلے کا آغاز آج بھارت میں ہونے جا رہا ہے، جہاں ہر کوئی اپنی اپنی فیورٹ ٹیموں کو لے کر تبصرے کر رہا ہے وہیں کرکٹ اسٹارز کی جانب سے سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے حوالے سے پیشگوئیاں بھی کی جا رہی ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر اور آل راؤنڈر عماد وسیم کی جانب سے بھی اپنی سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان، بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے فیورٹ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی ٹیم کو جب بھی نظرانداز کیا جائے تو وہ شاندار کم بیک کرتی ہے۔

دوسری جانب قومی آل راؤنڈر عماد وسیم نے پاکستان، انگلینڈ، بھارت اور جنوبی افریقا کو فیورٹ قرار دیا ہے کہ یہ سیمی فائنل میں کوالیفائی کر سکتی ہیں۔

مفت جہیز ملنے کے لالچ میں دوشیزہ عزت گنوا بیٹھی



مکوآنہ (این این آئی) فیصل آباد اوباش نوجوان نے مفت جہیز دلوانے کا لالچ دے کر دوشیزہ کو گھر بلا کر بے آبرو کر دیا۔

غلام محمد آباد پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کر کے اوباش ملزم سلطان کی تلاش شروع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق 279 موڑ کے رہائشی جاوید نے پولیس کو دی جانیوالی درخواست میں بتایا کہ اوباش ملزم سلطان نے اسکی دو بیٹیوں (ن) اور (الف) کو مفت جہیز دلوانے کا جھانسہ دیکر دونوں بہنوں کو گھر بلایا اور وہاں پر سبز باغ دکھاتے ہوئے (ن) کو کمرہ میں لے جا کر ہوس کا نشانہ بنایا تو لڑکی کے شور مچانے پر اسکی بہن موقع پر پہنچی تو ملزم دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گیا۔

بعدازاں پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمہ درج کر کے اوباش ملزم سلطان کی تلاش شروع کر دی ہے۔