بھارتی ریاست سکم میں موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں ڈیم ٹوٹ گیا اور سیلابی ریلے نے فوجی کیمپ میں داخل ہوکرتباہی مچادی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزارت دفاع نے بتایا کہ ریاست سکم میں بادل پھٹنے (Cloud Burst) سے ہونے والی تباہ کن بارش میں ڈیم ٹوٹ گیا اورسیلابی ریلا چین کی سرحد کے نزدیک فوجی کیمپ سے ٹکرا گیا۔
بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق سیلابی ریلے سے فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچا اور 23 اہلکار لاپتا ہوگئے جن کا اب تک سراغ نہیں مل سکا ۔
ہر گزرتے لمحے کے ساتھ ان کے زندہ ملنے کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔
سیلابی ریلے میں گاڑیاں اور کئی سڑکیں تک بہہ گئی ہیں اور پورے علاقے میں بجلی منقطع ہوگئی۔ ریاستی حکومت نے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے تاہم خراب موسم کے باعث اکثر علاقوں میں امدادی کام کا آغاز نہ ہوسکا۔
Monthly Archives: October 2023
پی ٹی آئی نے روپوش رہنمائوں کواہم ہدایات جاری کردیں
اسلام آباد( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ انتخابات کے لیے سیاسی حکمت عملی مرتب کر لی۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے انتخابی مہم کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں کو ہدایات پہنچا دیں۔ انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی پی ٹی آئی انتخابی مہم کا آغاز کردے گی۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں ضلعی سطح پر ورکرز کنونشنز کروائے جائیں گے۔ روپوش رہنماؤں کو بھی ورکرز کنونشن کے لیے تیاریاں شروع کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی روپوش رہنما بھی منظر عام پر آجائیں گے۔
بلوچستان میں دہشتگردی کاایک اور واقعہ،2 افراد جاں بحق
چاغی (ویب ڈیسک) ضلع چاغی میں واقع چاغی بازار میں سڑک کنارے ہونے والے بم دھماکے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
لیویز حکام کے مطابق دالبندین سے 60 کلومیٹر دور پاک افغان سرحدی علاقے میں واقع چاغی بازار میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد پھٹنے سے اس وقت دھماکا ہوا جب ایک گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔
لیویز حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جب کہ تین زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے دالبندین ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے،لیویز اورایف سی نے علاقےکو گھیرے میں لےلیا ہے۔
شعیب شاہین ، بیرسٹر گوہر عمران خان کے ترجمان نامزد
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے شعیب شاہین اور بیرسٹر گوہر کو عمران خان کا ترجمان نامزد کردیا۔
سیکرٹری جنرل عمرایوب کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈووکیٹ شعیب شاہین اور بیرسٹر گوہر کوچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا ترجمان نامزد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ رون قبل پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے رکن اور عمران خان کے وکیل شیرافضل مروت نے الزام عائد کیا تھا شعیب شاہین ایڈووکیٹ پی ٹی آئی کے غدارہیں۔
ہم جنس پرست شادی پر پوپ فرانسس نے پالیسی بیان دے دیا
ویٹی کن سٹی: مسیحی برادری کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے ہم جنس پرست شادیوں کے حوالے سے انتہائی اہم پالیسی بیان دیا ہے ۔
عالمی خبررساں ادارے کے مطابق ہم جنس پرستی کو جرم قرار دینے والے پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ کیتھولک چرچ ہم جنس پرستوں جوڑے کو شادی کے بعد دعا دینے کے لیے کھلے ہیں۔
کارڈینلز کے ایک گروپ نے سوال پوچھا تھا کہ کیا شادی کرنے والا نوبیاہتا ہم جنس پرست جوڑا اپنی زندگی میں خیر و برکت کی دعا کے لیے کیتھولک چرچ سے رابطہ کرسکتا ہے۔
جواب میں پوپ فرانسیس نے کہا کہ خیر و برکت کے لیے کسی بھی دعا کی درخواست پر “پادری” سے رابطہ کیا جانا چاہیے اور چرچ کو ایسی درخواستوں کو مسترد یا خارج نہیں کرنا چاہیے۔
انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر کوئی جوڑا چرچ آکر کسی رشتے میں خیر و برکت کی دعا کرانے کی درخواست کرے تو بشپ کو نرمی سے کام لینا چاہیے کیوں کہ جب کوئی خیر و برکت کی دعا کرنے کا کہتا ہے تو یہ خدا سے مدد کی درخواست اور بہتر زندگی گزارنے کی خواہش ہوتی ہے، جس سے انکار نہیں کیا جانا چاہیے۔
تاہم پوپ فرانسس نے چرچ کے اس موقف کو بھی دہرایا کہ ہم جنس پرستی کو “معروضی طور پر گناہ” سمجھا جاتا ہے اور چرچ ہم جنس پرستوں کی شادی کو تسلیم نہیں کرے گا۔
سعودی عرب بھی فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کا خواہشمند
سعودی عرب نے فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے لیے خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے اس امر کی تصدیق کی گئی ہے کہ سعودی عرب سال 2034 کے ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے کا خواہاں ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس حوالے سے کہا کہ ’میزبانی کا ارادہ اس امر کی واضح دلیل ہے کہ مملکت نے ہمیشہ دنیا میں امن و محبت کے پیغام کوپھیلایا ہے۔‘
’ امن وسلامتی کے پیغام کو پھیلانے کے لیے کھیل اس کے سب سے اہم اورنمایاں پہلوؤں میں سے ایک ہے کیونکہ اس کے ذریعے مختلف نسلوں اورثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو آپس میں ملنے کا موقع ملتا ہے۔
مملکت نے بہت سے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جن میں اسپورٹس شامل ہے۔
سعودی عرب اپنے شاندار ثقافتی ورثے، معاشی طاقت اور اپنے عوام کے عزائم کی بدولت بڑے ایونٹس کی میزبانی کےلیے ایک معروف مرکز اور بین الاقوامی منزل کے طور پر تیزی سے ابھرا ہے۔
بلوچستان میں زلزلہ آنے کے امکانات پرماہر ارضیات کاموقف آگیا
کراچی (این این آئی) بلوچستان میں زلزلہ آنے کی پیش گوئی پرصوبے کے ماہر ارضیات کاموقف بھی سامنے آگیا۔
ماہر ارضیات پروفیسرڈاکٹردین محمد کاکڑ نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ڈچ سائنسدان کی طرف سے بلوچستان میں زلزلے کی پیشگوئی سے زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ 24 سے 48گھنٹے کے دوران زلزلے کی کم مدتی پیشگوئی ممکن نہیں۔
ڈاکٹر دین محمد کاکڑکاکہناتھا کہ چمن فالٹ لائن کابل کے جنوب سے شروع ہوتی ہے جو بلوچستان کے شہرچمن سے نوشکی قلات خضدار ،آواران سے بحیرہ عرب میں جاکر ختم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فالٹ لائن میں 1892 میں ایک بڑا زلزلہ آیا تھا جس سے پرانا چمن شہر تباہ ہوا تھا، انہوں نے کہا کہ س وقت چمن فالٹ لائن اگرچہ فعال ہوگئی ہے مگر یہ کہنا درست نہیں کہ اس سے ہنگامی طور پر زلزلہ آسکتا ہے ۔
دین محمد کاکڑ نے بتایا کہ چمن فالٹ لائن کوئٹہ کو براہ راست متاثر نہیں کرتی کیونکہ کوئٹہ کی اپنی فالٹ لائن موجود ہے۔انہوں نے کہاکہ کوئٹہ اورغزہ بند فالٹ لائن پر بھی خطرات موجود ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ کوئٹہ میں بلڈنگ کوڈ کی مکمل پاسداری اور زلزلے سے محفوظ بلڈنگیں بنانے کی اشد ضرورت ہے ۔
خیال رہے کہ رواں سال نیدرلینڈز سے تعلق رکھنے والے تحقیق کار فرینک ہوگر بیٹس نے 3 فروری کو ایک ٹوئٹ کی تھی اور بتایا تھا کہ جلد یا بدیر جنوبی وسطی ترکیہ، اردن، شام اور لبنان میں 7 اعشاریہ 5 شدت کا زلزلہ آئے گا، ان کی زلزلے سے متعلق پیشگوئی 3 روز بعد ہی سچ ثابت ہوئی تھی ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو شدید ترین زلزلہ آیا تھا جس میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں زخمی ہوئے تھے، اس کے علاوہ دیہات کے دیہات تباہ ہوگئے۔
بینک دیوالیہ ہونیکی صورت میں 5 لاکھ روپے تک کی رقم کو قانونی تحفظ حاصل ہے، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک
ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ بینکوں میں صرف پانچ لاکھ روپے تک کی رقوم کو قانونی تحفظ حاصل ہے۔
سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں شرکاء کو بریفنگ کے دوران ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک نے بتایا کہ کوئی بینک دیوالیہ، ڈوب جائے یا ناکام ہو جائے تو 5 لاکھ سے زیادہ جمع رقم کو تحفظ حاصل نہیں۔ اکاؤنٹ میں موجود 5 لاکھ روپے سے زائد رقم محفوظ نہیں ۔
ڈپٹی گورنرسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ 5 لاکھ روپے تک کے ڈپازٹس رکھنے والے کھاتہ داروں کی شرح 94 فیصد ہے، صرف 6 فیصد اکاؤنٹ ہولڈرز کا بینک بیلنس 5 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔ 5 لاکھ روپے تک کے اکائونٹ ہولڈرز کو ڈیپازٹس پروٹیکشن کارپوریشن کے ذریعے ادائیگی کی جا سکتی ہے۔
۔
9 مئی حملے عمران خان نے کرائے،مقصد آرمی چیف کو ہٹانا تھا،کارکنوں کوانسانی ڈھال بنایا:عثمان ڈار نے بھی پارٹی چھوڑ دی
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے پی ٹی آئی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی حملوں کا مقصد فوج پر دباؤ ڈال کر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو عہدے سے ہٹانا تھا، پی ٹی آئی کی موجودہ صورت حال کے ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی خود ہیں۔
تحریک انصاف کے عثمان ڈار نے نجی ٹی وی کے انٹرویو میں پارٹی چیئرمین کے خلاف چارج شیٹ پیش کرتے ہوئے کہاکہ 9 مئی کے واقعات کا منصوبہ تحریک انصاف کے چیئرمین کی زیر صدارت زمان پارک میں ہونے والے اجلاس میں پہلے ہی بنالیاگیا تھا۔ اسی اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی گرفتاری کی صورت میں حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ہدایت دی، حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی ہدایت بھی خود چیئرمین پی ٹی آئی نے دی تھی جبکہ رہائی کے بعدچیئرمین پی ٹی آئی نے فوج سے ٹکراؤ کی پالیسی کی قیادت کی۔
عثمان ڈار نے مزید کہا کہ چئیرمین پی ٹی آئی نے خود کو گرفتاری سے بچانے کے لیے کارکنوں کی ذہن سازی کی، کارکنوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔
ان کا کہنا تھا تحریک انصاف کے اکتوبر میں لانگ مارچ کامقصد جنرل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف تعیناتی رکواناتھا۔
ورلڈ کپ کے احمد آباد میں ہونیوالے میچوں کے دوران دہشتگردی کا خطرہ ہے ، بھارتی میڈیا
بھارتی میڈیا نے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے بھارتی شہر احمد آباد میں ہونے والے میچز کے دوران دہشتگردی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ پچھلے میگا ایونٹ کی دفاعی چیمپئن انگلینڈ ا ور رنرز اپ نیوزی لینڈ کے درمیان کل احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،تاہم ورلڈ کپ شروع ہونے سے قبل بھارتی میڈیا دعویٰ کر رہا ہے کہ احمد آباد میں ہونے والے میچز کے دوران دہشتگردی کا خطرہ ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد میں ہونے والے میچز میں دہشتگردوں کی جانب سے حملے کی دھمکی دی گئی ہے جس کے بعد احمد آباد اسٹیڈیم اور اطراف میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے ،بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد اسٹیڈیم اور اطراف میں 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ میچز کے دوران اسٹیڈیم جانے والی سڑک کو مکمل بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ احمد آباد اسٹیڈیم میں میچ کے دوران موبائل فون کے علاوہ کوئی چیز اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
واضح رہے کہ احمد آباد میں ورلڈکپ کے افتتاحی اور پاک بھارت میچ سمیت کل 5 میچز شیڈول ہیں، آئی سی سی ورلڈ کپ کا فائنل میچ بھی احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
چمن ، باب دوستی پر افغان فورسز کی فائرنگ ، 2 شہری شہید ، سکیورٹی اہلکار سمیت 2 زخمی
چمن میں باب دوستی گیٹ پر افغان فورسز کی فائرنگ سے 2 پاکستانی شہری شہید جبکہ ایک سکیورٹی اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنر چمن راجہ اطہر عباس کے مطابق بدھ کی شام پاک افغان سرحد زیرو لائن کے قریب باب دوستی گیٹ پر افغان فورسز ، نے پاکستانی علاقے میں بلا اشتعال فائرنگ کر دی ، جس کے نتیجے میں 70 سالہ عبدال محمد اور 14 سالہ لڑکا شہید ہو گئے جبکہ ایک 16 رفیع اللہ اور ایف سی اہلکار محمد عمران زخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ واقعے میں جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ حکام کے مطابق افغان فورسز کی فائرنگ کے بعد سرحد پر پاکستانی فورسز کو الرٹ کر دیا گیا تاہم فائرنگ کا تبادلہ نہیں ہوا، یکطرفہ فائرنگ کے بعد کچھ دیر کیلئے باب دوستی گیٹ پر پیدل آمد و رفت بند کردی گئی جسے بعد ازاں کھول دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر چمن راجہ کے مطابق سرحد پر سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور فورسز کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔
کورولس عثمان کے ہیرو کا پاکستان آنے کااعلان
لاہور:عالمی شہرت یافتہ ترکش سیریز ‘کورولش عثمان’ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے تْرک اداکار بوراک اوزچیوت نے پاکستان آنے کا اعلان کردیا ۔ بوراک اوزچیوت نے اپنے پاکستانی مداحوں کو خوشخبری دینے کے لیے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کا رْخ کیا،بوراک اوزچیوت نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ وہ رواں ماہ 7 اکتوبر کو پاکستان آرہے ہیں۔اداکار نے کہا کہ وہ پاکستانی نجی پرفیوم برانڈ کے برانڈ ایمبیسڈر کی حیثیت سے پرفیوم کی لانچ پر پاکستان آئیں گے۔اس سے قبل شہرہ آفاق ترک سیریز ‘ارطغرل غازی’ کے مرکزی کردار ارطغرل غازی، ترگت الپ اور بامسی الپ بھی مذکورہ پرفیوم برانڈ کے ایمبیسڈر کی حیثیت سے پاکستان آ چکے ہیں۔