مستونگ خودکش دھماکے میں ملوث ہونے اور سہولت کاری کے شبہ میں 8 افراد گرفتار



مستونگ (این این آئی)مستونگ خودکش دھماکے میں ملوث ہونے اور سہولت کاری کے شبہ میں 8 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ذرائع کے مطابق مستونگ دھماکے میں جاری تحقیقات کے سلسلے میں 8 افراد کو حراست میں لیا گیا ۔

حراست میں لیے گئے افراد کی نشاندہی پر مزید کارروائیاں تیز کر دی گئیں ۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آور کی شناخت کے حوالے سے تاحال ڈیٹا موصول نہیں ہوا ہے۔

حملہ آور کی شناخت کے لیے دیگر ذرائع بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ڈی این اے اور فرانزک کی رپورٹس تاحال موصول نہیں ہوئیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق مستونگ خودکش دھماکے کی تحقیقات اور نتائج میں کچھ وقت لگے گا۔سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ مستونگ خودکش دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر مختلف آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔

ڈی آئی خان میں پولیس اسٹیشن پر نامعلوم افراد کا حملہ



صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں کلاچی پولیس اسٹیشن پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ حملے کے موقع پر نامعلوم افراد اور اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی اضافی نفری کو موقع پر روانہ کر دیا گیا ہے۔

بھارت، غیر ملکی فنڈنگ کا الزام، کئی صحافی گرفتار



نئی دہلی (این این آئی)بھارت میں گزشتہ روز پولیس نے کئی صحافیوں کے گھروں پر چھاپے مار کر انہیں گرفتار کر لیا۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جن صحافیوں کو گرفتار کیا گیا ہے ان کا تعلق ویب سائٹ نیوز کلک (NewsClick) سے ہے جس پر غیر ملکی فنڈنگ کے حصول کا الزام ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی پولیس نے صحافیوں کو گرفتار کرنے کے بعد ان سے موبائل فون اور لیپ ٹاپ بھی ضبط کر لیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونے والے صحافیوں میں پربیر پورکایستھا، آنندیو چکرورتی، بھاشا سنگھ اور پرانجوئے گوہا ٹھاکرتا شامل ہیں۔

ان صحافیوں کے علاوہ کامیڈین سنجے راجورا اور سماجی کارکن تیستا سیتلواڈ کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت میں صحافیوں اور سماجی کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں اور گرفتاریوں نے ملک میں جمہوریت اور آزادی اظہار پر سوالات اٹھائے ہیں جس کے بعد بین الاقوامی تنظیمیں اور سول سوسائٹی کے گروپس اس صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

انسانی حقوق کے کارکنوں اور حزبِ اختلاف کے قانون سازوں کے مطابق 2014 میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے بھارت میں آزادی صحافت میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔بین الاقوامی تنظیم بھارت: غیر ملکی فنڈنگ کا الزام، کئی صحافی گرفتار

ایران ابراہم معاہدے پر عمل درآمد سے نہیں روک سکتا، اسرائیلی وزیراعظم



تل ابیب (این این آئی)ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے بیان پر اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کا ردعمل آگیا۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران ابراہم معاہدے پر عمل درآمد سے نہیں روک سکتا۔

غیرملکی خبررساں ادرے کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ایران خطے اور انسانیت کیلیے امن کا دائرہ بڑھانے سینہیں روک سکتا۔

اس سے قبل عرب ممالک کے اسرائیل سے تعلقات پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا تھا کہ اسرائیل سے تعلقات قائم کرنا ہاری ہوئی شرط کے مترادف ہے۔

تہران سے جاری اپنے بیان ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے تعلقات کے خواہاں ملک ہارے ہوئے گھوڑے پر شرط لگا رہے ہیں۔صدر ابراہیم رئیسی کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل سے معمول کے تعلقات کا جوا کھیلنے والے ملک ہار جائیں گے۔

خون سفید ہونے کا محاورہ سچ ثابت، بھابھی کے عاشق نے بھائی کو ٹھکانے لگا دیا



خون سفید ہو گیا کا محاورہ تو بہت عام ہے لیکن اس کی زندہ مثال حیدرآباد میں پیش آنے والے واقعہ کی صورت میں دی جا سکتی ہے جہاں بھائی نے بھابھی سے شادی کرنے کے لیے بھائی کو قتل کر دیا ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ واقعہ حیدرآباد میں ایئرپورٹ روڈ کے علاقے میں پیش آیا ہے جہاں ملزم نے اپنی بھابھی اور دوست کے ساتھ مل کر اپنے بڑے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کو نشہ آور شے پلا کر پہلے بے ہوش کیا گیا اور پھر گلا گھونٹ کر مار دیا گیا۔

پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ملزمان نے خودکشی کا رنگ دینے کے لیے لاش کو درخت سے لٹکا دیا، بعدازاں تفتیش کے دوران جب ملزمان کو حراست میں لیا گیا تو انہوں نے اعتراف کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم اپنی بھابھی سے شادی کا خواہاں تھا جس کے لیے اس نے اپنے بڑے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، مقتول کی بیوی اور بھائی گرفتار ہیں جہاں ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

جو بائیڈن کی اتحادیوں کو یوکرین کے لیے امداد جاری رکھنے کی یقین دہانی



واشنگٹن (این این آئی)واشنگٹن میں حکومتی شٹ ڈائون سے گریز کرنے والے امریکی کانگریس کے ایک معاہدے سے کیئف کو دی جانے والی امداد کو خارج کرنے کے چند دن بعد صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے لیے اپنے ملک کی مسلسل حمایت اور مدد جاری رکھنے کی تصدیق کی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے اپنے اتحادی ممالک کے رہ نمائوں کو فون کیے اور انہیں یقین دلایا کہ امریکا یوکرین کی روس کے خلاف جنگ میں مدد جاری رکھے گا۔

وائٹ ہائوس نے کہا کہ صدر بائیڈن نے اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ یوکرین کے لیے مسلسل حمایت کو مربوط کرنے کے لیے فون کیا۔امریکی صدر کی اس ضمن میں کینیڈا، جرمنی، اٹلی، جاپان، پولینڈ، رومانیہ، برطانیہ، یورپی یونین، اور فرانسیسی وزیر خارجہ کے علاوہ نیٹو شامل ہیں۔

مالی مسائل کے باعث پی آئی اے کا کینیڈا فضائی آپریشن بھی بند ہونے کا خدشہ



کراچی(این این آئی)سنگین مالی مسائل کے باعث قومی ایئرلائن(پی آئی اے)کا کینیڈا فضائی آپریشن بھی بند ہونے کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاکھوں ڈالرز کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے پروازوں کو گرائونڈ ہینڈلنگ سروسز بند ہوگئی، جس سے پی آئی اے کا کینیڈا فضائی آپریشن بھی بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

سوئس پورٹ کمپنی نے گرائونڈہینڈلنگ سروسز فراہمی گزشتہ روز بند کرنے کامراسلہ جاری کردیا۔مراسلے کے مطابق واجبات کی عدم ادائیگی پر 3 اکتوبر 5 بجے شام سے سروسز بند کی جا رہی ہیں،2 لاکھ 48 ہزار ڈالرز کی فوری ادائیگی کی جائے جبکہ آئندہ سروسز کی فراہمی کے لئے ایک لاکھ ڈالرز ایڈوانس بھی ادا کئے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کو واجبات ادائیگی کے لئے بارہایاد دہانیاں کرائی گئیں، دونوں کمپنیوں کے مابین معاہدے کی متعلقہ شرائط کے تحت سروسز بند کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ ترجمان پی آئی اے کی جانب سے سارے معاملے پر کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔

50 ہزار روپے اور اس سےکم آمدن والوں پر ٹیکس لگائیں ، عالمی بینک کا پاکستان کومشورہ



کراچی(این این آئی)عالمی بینک نے 50 ہزار روپے اور اس سے کم آمدن والوں پر بھی ٹیکس لگانے کا مشورہ دے دیا۔

عالمی بینک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے اور ٹیکس فری آمدن کی حد کم کی جائے جبکہ پرسنل انکم ٹیکس کا اسٹرکچر آسان بنایا جائے۔

عالمی بینک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 5 لاکھ روپے ماہانہ آمدن والوں پر 35 فیصد شرح سے ٹیکس عائد کیا جائے۔

عالمی بینک کے مطابق وفاقی حکومت ان شعبوں پر خرچ نہ کرے جو صوبوں کے دائرہ کار میں آتے ہیں، ساتویں قومی مالیاتی کمیشن کا دوبارہ جائزہ لے کر وفاقی و صوبائی دائرہ کار میں فنانسنگ کا لائحہ عمل طے کیا جائے۔

عالمی بینک کے مطابق زرعی شعبے میں ساڑھے 12 ایکڑ زمیںنوں کے مالکان پر ٹیکس لگایا جائے، مناسب تیاری اور جائزے کے بغیر شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبے ختم کر دیے جائیں۔

لیسکو کابجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ،مزید451 افراد بجلی چوری کرتے پکڑے گئے



لاہور( این این آئی) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو )ریجن کے پانچوں اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور 27ویںروز 451 افراد بجلی چوری کرتے پکڑے گئے، 450 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کر دی گئیں جبکہ 63 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ۔

ترجمان کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں کمرشل17، زرعی 8، انڈسٹریل1 اور425 ڈومیسٹک کنکشنز تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو9لاکھ75ہزار689یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 4کروڑ49لاکھ122روپے بنتی ہے۔

ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔

رائے ونڈ روڈ کے علاقے میں بجلی چور کو550240 روپے، بدوکی میں520500روپے، باغبانپورہ کے علاقے میں 8338 یونٹس پر458590 روپے اور صدر شیخوپورہ کے علاقے میں بجلی چور کو14670 یونٹس پر456780 کی رقم چارج کی گئی ہے۔27روز کے آپریشن کے دوران کل 12570 کنکشنزچیک کئے گئے،12468 کنکشنز کے خلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے11643 درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ کل4217 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کو 2کروڑ62لاکھ91ہزار198یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی رقم 1ارب18کروڑ11لاکھ44ہزار203روپے بنتی ہے۔

سوئی ناردرن کاکریک ڈائون جاری ،مزید 133گیس کنکشنزمنقطع



لاہور( این این آئی)سوئی ناردرن کے تحت پنجاب، خیبر پختونخواہ اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس چوری کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران مزید 133گیس کنکشنزمنقطع کردئیے گئے، 418انڈر بلنگ کیسز پروسیسڈکیے گئے،گیس چوری میں ملوث افراد پر 17 ملین سے زائد کے جرمانے عائد کردئیے گئے ہیں۔

ترجمان ایس این جی پی ایل کے مطابق لاہور میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر01گھریلو کنکشن اور کمپریسر کے استعمال پر05 کنکشنزمنقطع کیے گئے جبکہ38 انڈر بلنگ کیسز پروسیس کئے گئے اور5.805 ملین کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔

بہاولپور میں ریجنل ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے کمپریسر کے استعمال پر09، گیس کے غیر قانونی استعمال پر01کنکشن منقطع جبکہ22 انڈر بلنگ کیسز پروسیس کئے گئے، ملتان میں ریجنل ٹیم نے غیر قانونی استعمال پر 04گیس کنکشنزمنقطع کیے اور کمپریسر کے استعمال پر03 کنکشنزمنقطع کیے گئے جبکہ03انڈر بلنگ کیسز پروسیس کئے گئے،38ہزارروپے کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔

شیخوپورہ میں گیس کے براہ راست استعمال اور غیر قانونی توسیع پر 17کنکشنزمنقطع کردئیے گئے جبکہ 72انڈر بلنگ کیسز پروسیس کئے گئے۔ سوئی ناردرن گیس نے پشاور میں میٹر سے چھیڑ چھاڑ،گیس کے براہ راست استعمال، غیر قانونی کنکشنزپر 44کنکشنزمنقطع کیے اور08 لاکھ سے زائد کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ راولپنڈی میں ریجنل ٹیم نے07گیس کنکشنزمنقطع کیے گئے۔

مردان میں گیس کے براہ راست استعمال، غیر قانونی کنکشنزپر 11کنکشنزمنقطع کیے گئے جبکہ100 انڈر بلنگ کیسز پروسیس کیے گئے۔ ریجنل ٹیم نے گیس چوروں پر 6لاکھ روپے کے جرمانے بھی عائد کیے۔سیالکوٹ میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 01کنکشنزمنقطع جبکہ 9.061 ملین کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔

سرگودھا میں یجنل ٹیم نے کمپریسر کے استعمال پر03 گیس کنکشز منقطع کیے جبکہ47 انڈر بلنگ کیسز پروسیس کیے گئے اور 96 ہزارروپے کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔گوجرانوالہ میں ریجنل ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 44انڈر بلنگ کیسز پروسیس کیے گئے06 میٹر غیر قانو نی استعمال پر اورکمپریسر کے استعمال پر 02میٹرز منقطع کئے گئے اور2لاکھ سے زائد کے جرمانے بھی عائد کیے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 08کنکشنزمنقطع 10, انڈر بلنگ کیسز پروسیس کیے گئے جبکہ 2 لاکھ 40 ہزار کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔

ساہیوال میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر04گیس کنکشنزمنقطع کئے گئے۔ فیصل آباد میں ریجنل ٹیم نے کریک ڈائون کے دوران میٹر سے چھیڑچھاڑ پر05،کمپریسر کے استعمال پر 02میٹرز منقطع کئے گئے اور 82 انڈر بلنگ کیسزپروسیس کئے جبکہ 1لاکھ 85 ہزار کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔

برائلر گوشت کی قیمت میں 11روپے کلو کمی



لاہور( این این آئی) شہر میں پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت مزید 11روپے کمی سے501روپے، زندہ برائلر مرغی کی قیمت 7روپے کمی سے334روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت مزید ایک روپے اضافے سے300روپے فی درجن تک پہنچ گئے۔

ستمبر میں سیمنٹ کی ترسیل میں 3.96 فیصد کمی ریکارڈ



لاہور( این این آئی)آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2023 میں مجموعی طور پر 4.115 ملین ٹن سیمنٹ کی ترسیل ہوئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے کے دوران ریکارڈ کیے گئے 4.284 ملین ٹن کے مقابلے میں 3.96 فیصد کی کم رہی۔

مقامی سیمنٹ مارکیٹ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جس کی ترسیل ستمبر 2022 میں 3.806 ملین ٹن سے ستمبر 2023 میں 3.544 ملین ٹن رہ گئی، جو 6.87 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ستمبر 2023 میں برآمدات کے حجم میں خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیاجو پچھلے سال کے 478,097 ٹن سے بڑھ کر 570,101 ٹن تک پہنچ گیا۔

شمال کی بنیاد پر ملوں نے ستمبر 2023 میں 3.035 ملین ٹن سیمنٹ روانہ کیا جو کہ ستمبر 2022 میں بھیجے گئے 3.264 ملین ٹن کے مقابلے میں 7 فیصد کمی ہے۔جنوب میں قائم ملوں نے ڈسپیچز میں 5.79 فیصد اضافہ دیکھا، جو ستمبر 2023 میں 1.079 ملین ٹن تک پہنچ گیا جو پچھلے سال کے اسی مہینے کے دوران 1.020 ملین ٹن تھا۔

نارتھ بیسڈ ملوں کی برآمدات میں 12.43 فیصد اضافہ ہوا جو ستمبر 2022 میں 126,502 ٹن سے بڑھ کر ستمبر 2023 میں 142,226 ٹن ہو گیا۔ جنوب میں قائم ملوں کی برآمدات میں 21.70 فیصد کا خاطر خواہ اضافہ دیکھا گیا جو ستمبر 2023 میں 427,875 ٹن تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے دوران 351,595 ٹن تھی۔

رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سیمنٹ کی صنعت نے مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کیاسیمنٹ کی کل ترسیل ملکی اور برآمدات 11.873 ملین ٹن تک پہنچ گئی۔

یہ پچھلے مالی سال کے اسی عرصے کے دوران ریکارڈ کیے گئے 9.621 ملین ٹن کے مقابلے میں 23.40 فیصد کے غیر معمولی اضافے کی نمائندگی کرتا ہے۔شمال میں قائم ملوں نے اس متاثر کن کارکردگی میں نمایاں کردار ادا کیا۔

رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 8.333 ملین ٹن سیمنٹ مقامی طور پر روانہ کیا۔یہ اعداد و شمار گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 7.259 ملین ٹن سیمنٹ کی ترسیل کے مقابلے میں 14.8 فیصد کے قابل ذکر اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔