لاہور: قبروں سے بچوں کی لاشیں نکالنے والا ملزم گرفتار



لاہور میں پولیس نے کارروائی عمل میں لائی ہے اور قبروں سے بچوں کی لاشیں نکالنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مانی نامی ملزم کی گرفتاری ساندہ پولیس نے عمل میں لائی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ذہنی مریض معلوم ہوتا ہے جس کے خلاف دفعہ 297 کے تحت ایف آئی آر کاٹ دی گئی ہے، ملزم کی جانب سے اب تک 5 بچوں کی لاشیں قبروں سے نکالی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم کا کہنا ہے کہ وہ بچوں کی قبروں پر مٹی ڈالنے کے خلاف تھا اور اسی وجہ سے تدفین کے چند گھنٹے بعد لاش نکال کر 10 سے 15 گز کے فاصلے پر رکھ دیتا تھا۔

یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مانی نامی ملزم لاش کے ورثا کو اطلاع بھی خود ہی دیا کرتا تھا، پولیس کے مطابق مزید کارروائی کا عمل جاری ہے۔

بھارت کا کشمیریوں کے حقوق پر ایک اور بڑے ڈاکے کا منصوبہ



کشمیر پر غیرقانونی طور پر قابض بھارت نے کشمیریوں کے حقوق پر ایک اور ڈاکا ڈالتے ہوئے لیتھیئم کے ذخائر فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں برس مقبوضہ کشمیر کے ضلع ریاسی میں دریافت ہونے والے لیتھیئم کے ذخائر کو فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، مودی سرکار کا پلان ہے کہ انتخابات سے قبل 6 ملین ٹن کے ذخائر فروخت کر دیئے جائیں۔

عالمی ماہرین کا موقف ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو جاتا کشمیر کے قدرتی وسائل کا بے دریغ استعمال غیر قانونی ہے اور یہ چوری کے زمرے میں آتا ہے۔

عالمی اداروں کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں دریافت ہونے والے لیتھیئم کے ذخائر دنیا کے ساتویں بڑے ذخائر ہیں۔

الیکشن کمیشن کا اجلاس، غیر ملکی مبصرین کیلئے ضابطہ اخلاق کی منظوری



اسلام آباد(این این آئی) الیکشن کمیشن نے عالمی مبصرین کے ضابطہ اخلاق کی منظوری دیتے ہوئے عالمی مبصرین کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس 16اکتوبر کو طلب کر لیا۔

خواہش مند عالمی مبصرین کے کیسز کو فوری طور پر پراسس کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔

 الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوا۔

اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسروں نے بھی شرکت کی۔

الیکشن کمیشن نے وزرات داخلہ و خارجہ اور دیگر اداروں سے خصوصی نمائندے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

چیف الیکشن کمیشن نے اجلاس میں عالمی مبصرین کے ضابطہ اخلاق کی بھی منظوری ددیدی۔

پاکستان کو دہشتگردی جھیلنے میں نصف کھرب ڈالرز کا نقصان



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے سینٹر فار اسٹرٹیجک پر سپیکٹو(سی ایس پی ) میں’’انسانی تحفظ کے ذریعہ تر قی ‘‘کے عنوان سے خصوصی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے شدید متاثر ہے جس کے نتیجے میں ملک کو 2002ء سے 0.5ٹریلین ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ جس نے انسانی تحفظ سے متعلق چیلنجوں کو حل کرنے میں رکاوٹ ڈالی۔

موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سہیل محمود نے نوجوان نسل کی نشوونما پر زور ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ قوم کا قیمتی اثاثہ ہے ۔ جن کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے اعلیٰ تر قیاتی اہداف اور مقاصد کے حصول کو مد نظر رکھتے ہوئے تر قیاتی پالیسی کی ضرورت پر زور دیا ۔

خصوصی رپورٹ میں آفات اور تباہ کاریوں کے تناظر میں کسی رد عمل کے بجائے فعال اور متحرک کرداراختیار کرنا ہوگا ۔ جو بحالی اور تعمیر نو کی صورت ہو۔

عائشہ خان نے  یاد دلایا کہ دنیا بے یقینی کا شکار ہے جہاں دنیا کو مسلسل نت نئے انسانی سلامتی کے حوالے سے چیلنجوں کا سامنا ہے ۔

انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر مزید گر گیا



کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کاروباری ہفتے کے تیسرے روز انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر مزید گر گیا۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز امریکی ڈالر 1.08 روپے سستا ہو کر 284 روپے 64 پیسے کے ریٹ پر ٹریڈ ہونے لگا ہے۔

افغان ٹرانزٹ سے تجارت اور اسمگلنگ، کئی اشیا پر 10 فیصد پروسیسنگ فیس عائد



کراچی(این این آئی)اسمگلنگ کی روک تھام اور مقامی صنعت کے تحفظ کیلئے 5 درآمدی اشیا پر 10 فیصد پروسیسنگ فیس عائد کردی گئی۔ یہ اشیا افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت درآمد ہوتی ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق پاکستان کسٹمز نے ایس آر نمبر 1380 جاری کرتے ہوئے اسمگلنگ کی روک تھام اور مقامی صنعت کے تحفظ کیلئے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت درآمد ہونے والی 5 اشیا پر 10 فیصد پروسسنگ فیس عائد کردی۔

ایف بی آرکے مطابق پاکستان کسٹمز کے نوٹیفکیشن کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، جس کے تحت چاکلیٹ اور ٹافیوں کی 10 ٹیرف لائنز کی درآمد پر پروسسنگ فیس عائد کی گئی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق جوتوں کی 21 ٹیرف لائنز پر بھی پروسسنگ فیس عائد کی گئی ہے جبکہ ایس آر کے تحت ہر قسم کی مشینری ماسوائے مکمل ہوم اپلائنسز پر پروسسنگ فیس عائد ہوگی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق کمبل اور ہوم ٹیکسٹائل کی 10 ٹیرف لائنز پر بھی پروسسنگ فیس عائد ہوگی، ملبوسات کی 33 ٹیرف لائنز پر پروسسنگ فیس عائد کردی گئی ہے۔

ارشد ندیم ایشین گیمزسے کیوں باہرہوئے؟ وجہ سامنے آگئی



ہینگزو:ایشین گیمز میں پاکستان کیلئے میڈل کی امید کو دھچکا لگا ہے، ارشد ندیم ایشین گیمز سے دستبردار ہوگئے۔ارشد ندیم کوآج بدھ کو جیولن تھرو کے مقابلوں میں حصہ لینا تھا، وہ ایشین گیمز میں پاکستان کیلئے میڈل کی امید تھے۔
چیف ڈی مشن پاکستان، ایشین گیمز کے مطابق ارشد ندیم گھٹنے کی انجری کا شکار ہیں۔پی او اے کے مطابق ارشد ندیم نے ہینگزو پہنچنے کے بعد درد کی شکایت کی تھی، وہ ورلڈ چیمپئن شپ کے بعد سے تکلیف میں تھے، 2 اکتوبر کو ارشد ندیم کا ایم آر آئی کرایا گیا تھا۔چیف ڈی مشن کے مطابق ایم آر آئی میں انجری کی تصدیق ہوگئی تھی، ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کی تیاریوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ایشین گیمز سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔

افغان مہاجرین نے رواں سال کیاجرائم کئے؟ تفصیلات آگئیں



پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوا میں رواں سال افغان مہاجرین کے جرائم کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
سرکاری دستاویز کے مطابق خیبر پختونخوا میں رواں سال597افغان مہاجرین پاکستانی شناختی کارڈ بنانے کی کوشش میں گرفتار ہوئے، 6لاکھ 48ہزار 968افغان مہاجرین کے پاس پی او آر کارڈ ہیں۔دستاویز میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملک بھر میں 8لاکھ 40ہزار جبکہ پورے خیبر پختونخوا میں 3لاکھ 70ہزار افغان مہاجرین کے پاس افغان شہریت کے کارڈ ہیں۔
دستاویز کے مطابق امارات اسلامی حکومت قیام کے بعد افغان مہاجرین کی آمد میں اضافہ ہوا، غیر قانونی مقیم افغانوں میں 51فیصد خیبر پختونخوا میں رہائش پزیر ہیں۔اس کے علاوہ خیبر پختونخوا کی 105 مساجد میں افغان مہاجرین بطور پیش امام ہیں۔کمشنرافغان کمشنریٹ عباس خان نے بتایاکہ پاکستان میں 7لاکھ 75ہزار غیرقانونی طور پر مہاجرین داخل ہوئے،ملک بھرمیں 13لاکھ افغان مہاجرین کے پاس پی او آرکارڈہیں

عام انتخابات کی مانیٹرنگ کے لئے غیرملکی مبصرین کوپاکستان آنے کی دعوت



اسلام آباد(این این آئی)غیرملکی مبصرین کو عام انتخابات میں مدعو کرنے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے دفتر خارجہ کو خط لکھ دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق خط میں کہا گیاہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی شفافیت کیلئے عالمی مبصرین کی شرکت پر یقین رکھتا ہے۔
خط کے مطابق دفتر خارجہ غیرملکی مبصرین کی تنظیموں کی لسٹ الیکشن کمیشن کومہیا کرے۔ خط میں کہاگیاکہ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے آئندہ چند دنوں میں اجلاس بھی طلب کیا ہے، اجلاس سے متعلق دفتر خارجہ کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

بغاوت کروائی جارہی ہے،ملک توڑاجارہاہے، میاں جاویدلطیف



شیخوپورہ(این این آئی) مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے کہاہے کہ عالمی سازشوں سے جغرافیائی اور معاشی لحاظ سے ملک کو توڑا جارہا ہے، بغاوت کروائی جارہی ہے۔
میاں جاوید لطیف نے جنرل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی خدمت کرنے والے لوگوں سے قربانیاں لی جاتی ہیں، نواز شریف کہتا ہے میرا استقبال نہ کرو، مینار پاکستان پہنچ کر تجدید عہد کریں،ہم 2017 والا پاکستان لائیں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنمانے کہا کہ عالمی قوتوں کے اشارے سے اداروں میں بغاوت کرائی جارہی ہے، 2017 کے کرداروں کو سزامل جاتی تو 9مئی کا واقعہ نہ ہوتا، اداروں کو کھوکھلا کیا جا رہا ہے۔جاوید لطیف نے کہاکہ سہولت کاری کے ذریعے ملک میں بغاوت کروائی جارہی ہے، ملک کو بدنام کیا جا رہا ہے، ہمیں کہا جا رہا ہے حکومت نہ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس شوکت کی بات سنی جاتی تو بندیال پیدا نہ ہوتا۔

ن لیگ کاسافٹ ویئراپ ڈیٹ ہوگیا،یہ سیاست سے توبہ کریں گے، فیصل واوڈاکادعویٰ



اسلام آباد(این این آئی)سابق وفاقی وزیرفیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے ن لیگ کاسافٹ ویئراپ ڈیٹ ہوگیا اب وہ ہونے والا ہے جس کے بعد یہ سیاست سے توبہ کریں گے۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے کہا کہ مریم نوازکے جلسے میں 500لوگ نہیں تھے5،لاکھ لوگ مینار پاکستان کیسے آئیں گے۔ فیصل واوڈا نے کہاکہ نوازشریف کو واپس نہیں آنا چاہیے،21اکتوبر کونوازشریف واپس آ رہے ہیں اور23کو ارشد شریف کی برسی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ وہ ہونے والا ہے جس کے بعد یہ سیاست سے توبہ کریں گے، ن لیگ کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ نوازشریف واپس آکر جیل چلے جائیں۔

پاکستان نے کپاس کی پیداوار میں اہم سنگ میل عبور کر لیا



اسلام آباد(این این آئی)پاکستان نے کپاس کے شعبے میں اہم سنگ میل عبور کر لیا ۔
وزارت تجارت کی جانب سے جاری اعدادو شمارکے مطابق پاکستان میں گزشتہ سال کے مقابلہ میں کپاس کی پیداوار میں71فیصد،پنجاب میں2.1ملین گانٹھوں کے ساتھ34فیصد جبکہ سندھ میں3.0ملین گانٹھوں کے ساتھ 113فیصد اضافہ ہوا ۔گزشتہ برس ملک میں بڑے پیمانے پر سیلاب کی وجہ سے کپاس کی پیداوار میں34فیصد کمی کی وجہ سے بڑا دھچکا لگا تھاتاہم رواں سال کپاس کی پیداوارشاندار کارکردگی سے نہ صرف پچھلے سال کے اعداد و شمار سے آگے نکل گئی بلکہ توقعات سے بھی بڑھ گئی ہے۔وفاقی وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کپاس کے شعبے کیلئے اپنی امید کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ کپاس کی آمد یکم اکتوبر 2023کو 50 لاکھ گانٹھوں کو عبور کرنا، پاکستان کے لیے ایک اہم کامیابی ہے،گزشتہ سال ہماری کل فصل 50لاکھ تھی، اس سال ہم 12ملین گانٹھوں کی بمپر فصل کی توقع کر رہے ہیں،یہ قابل ذکر ترقی کسانوں کی لگن ، محنت اور کپاس کی صنعت کی لچک کو ظاہر کرتی ہے۔