مینجمنٹ بابر اعظم کے ساتھ کیاسلوک کرے، شاہدآفریدی نے مشورہ دے دیا



کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کپتان بابر اعظم کو بھارت میں ورلڈ کپ کے دوران کامیابی کے لئے اہم مشورے دیئے ہیں۔
نجی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہدآفریدی نے کہا کہ بابر اعظم مسلسل 3 سالوں سے پاکستان ٹیم کی کپتانی کررہے ہیں، بابر کی ٹیم میں کئی سالوں سے زیادہ تر یہی لڑکے کھیل رہے ہیں، میرا نہیں خیال کہ بابر کی ٹیم میں زیادہ چینج آیا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں ورلڈکپ کے میچز میں بابر سمیت پوری ٹیم پر پریشر ہوگا لیکن ہمیں سمجھنا ہوگا کہ انٹرنیشنل کرکٹ پریشر کا ہی کھیل ہے۔شاہد آفریدی نے کہاکہ اب یہ کپتان اور سینئر اسٹاف کا کام ہے کہ وہ پلیئر کو آن بورڈ لے، ان سے اچھی گیدرنگ کرے کیوں کہ ایک کپتان کو ہی پتا ہوتا ہے کہ ٹیم میں میچ ونرز کون ہیں، گراؤنڈ کے اندر بابر نے ہی ٹیم کو لے کر چلنا ہے۔سابق کپتان نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ دوران میچ ہر وکٹ گرنے کے بعد بابر کے ساتھ گراؤند میں 2 سے 3 لڑکے نظر آئیں، مینجمنٹ کو چاہیے کہ بابر کو کہیں بھی گرنے نہ دیا جائے، بابر کو اسٹرونگ رکھے، بابر کی باڈی لینگویج گراؤنڈ میں مثبت رہنی چاہیے، ان کو چاہیے کہ وہ گراؤنڈ میں ہر وقت جارحانہ نظرآئیں، یہی وہ چیزیں ہیں جو ورلڈکپ میں اہم کردار ادا کریں گی۔

ایشیئن گیمز:پاکستانی کرکٹ ٹیم نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی



ہانگزو: پاکستان نے ہانگ کانگ کو 68 رنز سے ہرا کرایشین گیمز کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ۔
چین کے شہر ہانگزو کی زی جیانگ یونیورسٹی کرکٹ فیلڈ میں جاری 19 ویں ایشین گیمز کے کرکٹ ایونٹ کے کوارٹرفائنل میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی جو مقررہ 20 اوورز میں 160 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 18.5 اوورز میں 92 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کے کپتان قاسم اکرم سمیت چھ کرکٹرز نے اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کریئر کا آغاز کیا۔وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کے نتیجے میں پاکستان کو ایک موقع پر خاصی مشکل کا سامنا تھا، اننگز کے پہلے ہی اوور میں مرزا بیگ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے،روحیل نذیر 13، حیدرعلی 4 اور کپتان قاسم اکرم 12 رنز بناپائے۔ جب عمیر یوسف21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو مجموعی اسکور صرف 54 رنز تھا اور پانچ وکٹیں گرچکی تھیں۔ خوشدل شاہ ایک چھکے کی مدد سے 13رنز بناسکے۔ اس موقع پر آصف علی، عرفات منہاس اور عامر جمال کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے نتیجے میں پاکستان شاہیز 160 کے اسکور تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی، آصف علی نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے25 رنز بنائے۔عرفات منہاس نے دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 25رنز اسکور کیے۔عامرجمال نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 16 گیندوں پر 41 رنز بنائے ان کی اننگز میں2 چوکے اور4 چھکے شامل تھے۔

نواز شریف سے ملاقات کے بعد شاہد خاقان کی میڈیا ٹاک، چند افراد مسلسل نعرے لگاتے رہے



لندن (این این آئی) مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی لندن میں انتہائی اہم ملاقات ہوئی ہے، یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب شاہدخاقان عباسی کے بارے میں یہ تاثر عام ہے وہ مسلم لیگ ن چھوڑنے جارہے ہیں ۔
منگل کو یہاں سابق وزیراعظم خاقان عباسی نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے حسن نواز کے دفتر میں ملاقات کی ۔ شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعدکہا کہ میاں نوازشریف سے ملاقات میں ملکی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی، میں نے اپنی تجاویز بھرپور طریقے سے پیش کیں ۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نوازشریف کے ساتھ جو زیادتی ہوئی اس کا ازالہ کیا جائے، اس سے بڑی کیا زیادتی ہوگی کہ وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر ہٹا دیا جائے، میں مسلم لیگ ن کی کارکردگی سے متاثر نہیں ہوں، نئی پارٹی کی ضرورت بھی ہے اور گنجائش بھی، میاں صاحب سے ملکی حالات پر بات چیت ہوئی ہے، سیاست انتقام کا نام نہیں ہے، مجھے کسی سے کوئی گلہ نہیں ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف سے 35 سال کا تعلق ہے، میں استقبال کا قائل نہیں ہوں، پارٹی کے کسی لیڈر کے حوالہ سے میرے کوئی تحفظات نہیں ہیں، نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے کی گئی مشاورت میں شامل نہیں تھا۔ انہوں نے کہاکہ نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
شاہد خاقان عباسی کی گفتگو کے دوران چند افراد مسلسل نعرے بازی کرتے رہے جس پر سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مظاہرے کرنے والے افراد کو اللہ ہدایت دے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن جیتی تو وزارت عظمیٰ کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔

جنوری سے 24 خودکش حملے ، 14 افغانیوں نے کئے ، سرفراز بگٹی



نگران  وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ جنوری سے اب تک 24 خود کش حملے ہوئے جن میں سے 14 افغانیوں نے کئے۔

 میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزی داخلہ نے کہا کہ  ہر پاکستانی کی فلاح و بہبود اور تحفظ ہمارے لئے سب سے مقدم ہے، ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم افراد کو یکم نومبر تک اپنے ملکوں میں چلے جانے کا کہا ہے۔  قانون نافذ کرنے والے ادارے رضا کارانہ طور پر واپس نہ جانے والوں کو ڈی پورٹ کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ غیرقانونی طور پر مقیم افراد کی املاک اور کاروبار کی نشاندہی کی جائے گی، ہم ایک ہیلپ لائن نمبر بنا رہے ہیں، غیر قانونی مقیم افراد کی اطلاع دینے والے کا نام کسی سے شیئر نہیں کیا جائے گا۔ وزارت داخلہ میں اس سلسلے میں ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جعلی شناختی کارڈ رکھنے والوں  کے ڈی این اے ٹیسٹ کئے جائیں گے۔

، وزیر داخلہ نے کہا کہ  افغانستان سے پاکستان پر حملے ہوتے ہیں، پاکستان واحد ملک ہے جہاں بغیر پاسپورٹ، ویزے کے لوگ آجاتے ہیں۔ بارہ ربیع الاول کو ہنگومیں حملہ کرنے والے دہشتگرد افغانی تھے، افغان شہریوں کے حملوں میں ملوث ہونے کے تمام شواہد موجود ہیں۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ کسی کو بندوق کے زور پر اپنا ایجنڈا مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اسلام کا نام لیکر ریاست پر حملہ آور گروہوں کو سختی سے کچلا جائے گا۔

“ہم کیوں پیچھے رہیں”عالمی بنک بھی اپنے مطالبات لے آ یا



اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان ڈیولپمنٹ اپ ڈیٹ رپورٹ 2023 جاری کر دی، جس میں موجودہ مالی سال جی ڈی پی گروتھ 1.7 فی صدتک محدود رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ بینک نے رواں سال کی ڈیولپمنٹ رپورٹ میں کہا ہے کہ اس مالی سال پاکستان میں مہنگائی 26.5 فی صد کی بلند سطح پر رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں عالمی بینک نے ٹیکسوں میں چھوٹ کم کرنے اورریونیو بڑھانے پر زور دے دیا ہے، اور کہا ہے کہ ری ٹیل، زرعی اور پراپرٹی سیکٹر میں ٹیکس وصولی کے لیے اصلاحات کی جائیں۔
عالمی بینک نے سگریٹس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھانے کا بھی مشورہ دے دیا ہے، اور انکم ٹیکس اصلاحات اور مختلف اشیا پر درآمدی ڈیوٹی استثنیٰ میں کمی کا مطالبہ کیا، توانائی شعبے میں سبسڈیز میں کمی اور زیرو ریٹنگ محدود کرنے کی بھی سفارش کی۔
ورلڈ بینک نے اپنی رپورٹ میں مختلف سرکاری اداروں میں بہتری کے لیے نجی شعبے کی شمولیت کو اہم قرار دیا، عالمی بینک نے کہا ہے کہ رعایتی ٹیکس ریٹس کا خاتمہ کیا جائے اور مختلف شعبوں پر زیرو ریٹ ٹیکس محدود کیا جائے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں نا موافق معاشی حالات کی وجہ سے غربت بڑھ گئی ہے، ایک سال میں غربت کی شرح 34.2 فی صد سے بڑھ کر 39.4 فی صد تک پہنچ گئی، اور پاکستان میں گزشتہ ایک سال میں مزید 1 کروڑ 25 لاکھ افراد غربت کا شکار ہو گئے ہیں، اس کی بڑی وجہ مہنگائی، مالی خسارے میں اضافہ، اور روپے کے مقابلے ڈالر کی اونچی اڑان قرار دی گئی۔
عالمی بینک نے اخراجات پر قابو پانے اور توانائی سمیت پائیدار معاشی اصلاحات پر زور دیا ہے، اور کہا ہے کہ پاکستان میں ترقیاتی اخراجات کم اور غیر ترقیاتی اخراجات زیادہ ہیں، مشترکہ مفادات کونسل کے کردار کو زیادہ فعال بنایا جائے۔

ٹانک آپریشن میں10 دہشتگردہلاک ہو گئے ،آئی ایس پی آر



ٹانک میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دس دہشتگردہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ضلع ٹانک کے علاقے پیزو میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسزاور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوافائرنگ کے نتیجے میں دس دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
یہ دہشت گرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی سرگرم رہے۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

پشاور ہائیکورٹ کا پی ٹی آئی رہنما عرفان سلیم کو رہا کرنیکا حکم



 پشاور ہائیکورٹ نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتارپی ٹی آئی کے مقامی رہنما عرفان سلیم کو رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

 پی ٹی آئی کے مقامی رہنما کے کیس کی سماعت چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس محمد ابراہیم کی سربراہی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔

  چیف جسٹس نے ڈپٹی کمشنر پشاور سے استفسار کیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود درخواست گزار کو کیوں گرفتار کیا گیا، ڈی سی اورپولیس کیا اتنے طاقتور ہیں کہ عدالتی احکامات پر عمل نہیں کرتے۔

 ڈپٹی کمشنر نے  بتایا کہ عدالتی احکامات کا پتہ نہیں تھا، پولیس کے امن وامان خراب ہونے کے مراسلے پر عرفان سلیم کو گرفتار کیا تھا۔

 چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے احکامات پرعمل نہیں ہوا تو پھر ہمیں کرسی پر بیٹھنے کا کوئی حق نہیں، ڈپٹی کمشنر نے عدالتی احکامات کو بھی ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔

عدالت نے عرفان سلیم کو رہا کرنے کا حکم دیدیا جبکہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

۔

غیر قانونی لون ایپس کے خلاف کریک ڈاؤن: عوام کیلئے انتباہ جاری



اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) شہریوں کی جانب سے شکایات اور خودکشی کے متعدد واقعات کے بعد ایس ای سی پی کا غیر قانونی لون ایپس کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔
نجی ٹی وی نے نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے جاری اعلامیہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ 120غیر قانونی لون ایپس کو ہٹایا جاچکا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق غیرقانونی ایپس کی نئی فہرست ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی ہے، ایف آئی اے، پی ٹی اے کے تعاون سے کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ ایپس آپریٹرز نے گوگل، ایپل پلے اسٹور کے بجائے متبادل چینلز بنالیے ہیں، ویب چینلز کے ذریعے دستیاب غیر قانونی لون ایپس صارفین کیلئے سنگین خطرہ ہے۔
سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ عوام صرف منظور شدہ لون ایپس ہی گوگل، ایپل کے پلےاسٹور سے ڈاؤن لوڈ کریں۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ غیرقانونی ایپس دھوکا دہی، ذاتی معلومات کا غلط استعمال، بلیک میلنگ، ہراساں کرسکتی ہیں، ویب سائٹ سے یا واٹس ایپ وغیرہ پر شیئرکی گئی غیر قانونی ایپس کو ڈاؤن لوڈ نہ کریں۔
عوام الناس کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ لائسنس یافتہ این بی ایف سیز اور منظور شده لون ایپس کے خلاف کسی بھی شکایت کی صورت مینایس ای سی پی کے کمپلنٹ پورٹل https://sdms.secp.gov.pk/sdmsadmn/ پر شکایات درج کرائیں۔ اس کے علاوہ غیر قانونی لون ایپس یا غیر قانونی سرمایہ کاری کی اسکیموں کی اطلاع بھی اس پورٹل پر دے سکتے ہیں۔

علی امین گنڈا پور کی رہائش گاہ پر چھاپہ: سیلاب متاثرین کیلئے بھیجا گیا سامان برآمد



ڈیرہ اسماعیل خان ( مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ اینٹی کرپشن نے سابق وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور بھارتی مقدار میں سیلاب متاثرین کے لیے بھجوایا گیا سامان برآمد کرلیا۔
محکمہ اینٹی کرپشن ڈیرہ اسماعیل خان کو غلام عباس نامی شہری کی جانب سے درخواست موصول ہوئی کہ پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر سردار علی امین گنڈا پور کی رہائش گاہ پر سیلاب متاثرین کی جانب سے یو این ایچ سی آر اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے بھجوایا گیا سامان موجود ہے۔
درخواست پر محکمہ اینٹی کرپشن ڈیرہ اسماعیل خان نے عدلیہ سے اجازت کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کے ہمراہ سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی رہائش گاہ ’الامین ہاؤس ’پر چھاپہ مار کر رہائش گاہ سے منسلک مکان سے سیلاب متاثرین کے لیے یو این ایچ سی آر کی جانب سے بھجوائے گئے 17ٹینٹ اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے بھجوائے گئے 8 ٹینٹ برآمد کرلیے۔ محکمہ اینٹی کرپشن کے ذریعے کے مطابق اس موقع پر سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے والد امین اللہ خان گنڈا پور بھی موجود تھے، جو برآمد ہونے والے سیلاب متاثرین کے لیے بھجوائے گئے سامان کی موجودگی کے بارے میں تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
محکمہ اینٹی کرپشن نے سامان کی برآمد گی کے بعد اپنی انکوائری کا سلسلہ وسیع کردیا ہے۔

سکیورٹی اداروں کا 221 مبینہ دہشتگردوں سے ایک ارب روپے برآمد کرنے کا دعویٰ 



سکیورٹی اداروں نے 221 مبینہ دہشتگردوں سے ایک ارب روپے کی خطیر رقم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

 ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ سال کے دوران خیبر پختونخوا میں ایک ہزار732 مبینہ دہشتگرد وں کو  گرفتار کیا گیا ، جن کیخلاف  مالی معاونت کے کیسز درج کیے گئے۔ 194دہشتگردوں کو مالی معاونت کے جرم میں سزا ہوئی ہے۔

900 کیسز میں دہشتگردوں کو سزا ہوچکی ہے ،233ملزمان کو عدالتوں نے ناکافی شواہد کی بنیاد پربری کردیا، 10 مبینہ دہشتگرد کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت کرتے ہوئے پائے گئے، مشترکہ آپریشن سی ٹی ڈی، کسٹم، ایف آئی اے اور حساس اداروں نے شروع کیا تھا۔

عمران خان سے اہلیہ اور بہنوں کی اڈیالہ جیل میں ملاقات



راولپنڈی(این این آئی) پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان سے اہل خانہ کی اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی ہے ۔اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے بہن علیمہ خان، عظمیٰ خان اور اہلیہ بشری بی بی نے ملاقات کی۔اڈیالہ جیل حکام کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی سے اِن کے اہل خانہ کی ملاقات کی تصدیق کی گئی ہے۔واضح رہے کہ سابق خاتون اول کی اڈیالہ جیل میں پہلی بار چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے۔

انقرہ خودکش حملہ ، ترک پولیس کی  18 صوبوں میں کارروائی  ، 90 افراد گرفتار



ترکیہ میں پولیس نے دو روز قبل  انقرہ خودکش حملے میں ملوث دہشتگردوں کی تلاش میں 18 صوبوں میں بڑا  آپریشن کیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کرد عسکریت پسند گروپ سے تعلق کے الزام کے شبے میں 90 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب ہونے والے دھماکے کی ذمے داری کرد عسکریت پسندوں نے قبول کی تھی۔

اتوار کو ایک خودکش بمبار نے خود کو اڑا لیا تھا جس کے نتیجے میں  2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے ۔جبکہ ایک خودکش حملہ آور کو پولیس نے فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا تھا۔