پاکستان ٹیم ایشین وکٹوں پر ورلڈ کپ نہیں جیتے گی تو کہاں جیتے گی،شاہد آفریدی



کراچی (این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم ایشین وکٹوں پر ورلڈ کپ نہیں جیتے گی تو کہاں جیتے گی۔

سٹی اسٹیشن پر فلٹر پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ بھارت کی وکٹیں بیٹنگ کے لیے سازگار ہوتی ہیں۔

شاداب خان اور اسامہ میر کی کارکردگی اہم ہو گی۔انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی سلیکشن میں صرف زمان خان کی کمی ہے، فخر زمان کے پاس پورا ورلڈ کپ ہے اور وہ رنز بنائے گا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ میں گرین شرٹس کو کارکردگی دکھانا ہو گی، پہلے وارم اپ میچ میں جن کھلاڑیوں کو آرام کرایا گیا انہیں اب موقع ملنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں ہمیشہ سے صاف پانی کا مسلئہ رہا ہے۔

ہماری فانڈیشن فلاحی کاموں میں پیش پیش رہتی ہے، چاروں صوبوں میں صاف پانی کے لیے پروجیکٹ پر بہت کام کیا ہے، سٹی اسٹیشن کے بعد کینٹ اسٹیشن پر بھی فلٹر پلانٹ لگائیں گے۔

جناح گاندھی ٹرافی؛ ذکا اشرف کی بھارتی بورڈ کو دوطرفہ سیریز کی پیشکش



 لااہور (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو جناح گاندھی ٹرافی کے تحت دوطرفہ سیریز کھیلنے کی پیشکش کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ذکا اشرف نے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کو بحال کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ایشز سیریز کی طرز پر جناحـ گاندھی ٹرافی کا انعقاد کرنے کا مشورہ دیا۔

دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کی وجہ سے سال 2012ـ13 کے بعد سے کوئی دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی ہے، اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے کئی کوششیں کی گئیں تاہم کوئی مثبت نتیجہ نہ نکلا۔

روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آئی سی سی یا اے سی سی کے ایونٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتے ہیں۔ 2019 کے بعد پاک بھارت ٹیموں کے درمیان کوئی ون ڈے مقابلہ نہیں کھیلا گیا ہے، بھارت میں شیڈول ورلڈکپ میں دونوں ٹیمیں 4 سال بعد ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

بنگلہ دیشی ٹیم مینجمنٹ کے انٹرویوز پر مکمل پابندی عائد ہوگئی



ڈھاکہ (این این آئی)بنگلہ دیش نے ورلڈکپ میں تنازعات سے بچنے کے لیے ٹیم مینجمنٹ کے انٹرویوز پر مکمل پابندی عائد کردی۔

میگا ایونٹ کے لیے روانگی سے قبل کپتان شکیب الحسن اور اوپنر تمیم اقبال کے درمیان لفظی گولہ باری ہوئی، جس کے بعد تمیم کو ورلڈکپ اسکواڈ سے باہر کردیا گیا۔

بی سی بی نے مزید کسی تنازع سے بچنے کے لیے بورڈ اسٹاف اور کوچز کو ٹیم، پلیئرز یا میگا ایونٹ کے حوالے سے ٹیم کی تیاریوں سے متعلق انٹرویو دینے پر پابندی عائد کردی ہے، ان میں سے کسی کو بھی میڈیا سے بات چیت کے لیے پہلے بورڈ سے اجازت لینا ہوگی۔

بنگال ٹائیگرز ورلڈکپ مہم کا آغاز 7 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف میچ سے کریں گے۔

ورلڈکپ 2023 کی افتتاحی تقریب اچانک منسوخ کردی گئی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ



نئی دہلی (این این آئی)بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم احمدآباد میں ورلڈکپ 2023 کے حوالے سے 4 اکتوبر کے روز ہونے والی افتتاحی تقریب اچانک منسوخ کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں کرکٹ کے ایک روزہ فارمیٹ ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا جس میں پہلا میچ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے 4 اکتوبر کے روز نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم احمدآباد میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب شیڈول کی گئی ہے۔

تقریب میں آتش بازی کے ساتھ بالی وڈ کے معروف اداکار و گلوکار جن میں رنویر سنگھ،ارجیت سنگھ، تمنا بھاٹیا، شریا گوشل اور آشا گوشل نے پرفارم کرنا ہے تاہم اب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہیکہ تقریب سے قبل اچانک اس کی منسوخی کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے دعویٰ کے مطابق ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب کچھ تکنیکی خرابی کے باعث منسوخ کی گئی ہے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا یہ بھی کہہ رہا ہے کہ بی سی سی آئی اس حوالے سے اختتامی سیشن یا پھر 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونے والے پاک بھارت میچ سے قبل فنکشن کروانے پر غور کررہا ہے تاہم افتتاحی تقریب کی منسوخی یا پھر تاریخ میں تبدیلی کے حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان سامنے نہ آسکا ۔

واضح رہے کہ افتتاحی تقریب 4 اکتوبر کے روز کپتانوں کے دن شام 7 بجے شیڈول کی گئی تھی تاہم اب کہا جارہا ہے کہ کل کپتانوں کے دن پر ٹورنامنٹ میں شامل تمام ٹیمز کے کپتان فوٹوشوٹ کروائیں گے۔

مقبوضہ کشمیر میں نامعلوم افراد کا بھارتی فوجیوں پر حملہ



مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوڑی میں نامعلوم افراد کی جانب سے بھارتی فوج پر حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا نے بتایا ہے کہ فوجی اہلکار راجوڑی میں معمول کی گشت پر تھے کہ اچانک نامعلوم مسلح افراد نے ان پر دھاوا بول دیا۔ فائرنگ کے دوران زخمی ہونے والے 3 اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر فوجی چھائونی میں تبدیل ہونے کے باوجود حملہ آوروں نے کامیابی سے کارروائی کی اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ حملہ آوروں نے بھارتی فوج کے اہلکاروں کو اسلحہ نکالنے کا موقع تک نہیں دیا۔

زخمی ہونے والے اہلکاروں کی ہسپتال میں حالت نازک ہے اور ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سیمنٹ کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر استحکام ریکارڈ



کراچی(این این آئی)ملک کے شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی ریٹیل قیمت میں گزشتہ ہفتہ کے دوران معمولی اضافہ جبکہ جنوبی علاقوں میں استحکام رہا۔

پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق 27 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک کے شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹیل قیمت 1210 روپے ریکارڈ کی گئی جو پیوستہ ہفتہ کے 1206 روپے کے مقابلہ میں 0.29 فیصدزیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں میں 27 ستمبرکوختم ہونے والے ہفتہ میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹیل قیمت 1171 روپے ریکارڈکی گئی جوپیوستہ ہفتہ میں بھی 1171 روپے تھی۔ اعددوشمارکے مطابق گزشتہ ہفتہ کے دوران اسلام آباد میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹیل قیمت 1206 روپے، راولپنڈی 1201 روپے، گوجرانوالہ 1200 روپے، سیالکوٹ 1200 روپے، لاہور1250 روپے۔

اعداد وشمار کے مطابق فیصل آباد1200 روپے، سرگودھا1193 روپے، ملتان 1214 روپے،بہاولپور1243 روپے، پشاور1200 روپے اوربنوں میں 1200 روپے ریکارڈکی گئی۔ اسی طرح کراچی میں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹیل قیمت 1144 روپے، حیدرآباد1150 روپے،سکھر1200 روپے، لاڑکانہ 1173 روپے، کوئٹہ 1190 روپے اور خضدرارمیں سیمنٹ کی فی بوری کی اوسط ریٹیل قیمت 1170 روپے ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ کمپنیوں کے منافع میں سالانہ بنیادوں پر16 فیصد اضافہ



کراچی(این این آئی)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں فہرستی کمپنیوں کے منافع میں گزشتہ مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر16 فیصدکی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کمپنیوں کی جانب سے جمع کرائے جانیوالے مالیاتی بیانات کے مطابق مالی سال 2023 میں کمپنیوں کومجموعی طورپر12 کھرب 4 ارب 42کروڑ50 لاکھ روپے کا بعد ازٹیکس منافع حاصل ہوا جومالی سال 2022 کے مقابلہ میں 16 فیصد زیادہ ہے۔

مالی سال 2022 میں کمپنیوں کو10 کھرب 40 ارب،24 کروڑ،80 لاکھ روپے کا بعدازٹیکس منافع حاصل ہواتھا۔

اعدادوشمار کے مطابق بینکوں کے منافع میں مالی سال 2023 کے دوران سالانہ بنیادوں پر68 فیصد، آئل ایکسپلوریشن اینڈپروڈکشن 69 فیصد، خوراک 35فیصد، کیمکلز 11 فیصد، ریفائنریز 35 فیصد اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے منافع میں 47 فیصد کی نموریکارڈ کی گئی۔

اس کے برعکس کھاد ساز کمپنیوں کے منافع میں سالانہ بنیادوں پر20 فیصد، سیمینٹ 12 فیصد، آئل مارکیٹنگ کمپنیز 88 فیصد، انجنئیرنگ 29 فیصد، فارما57 فیصد، پاور90 فیصد، آٹوموبائل 94 فیصد، اوردیگرکمپنیوں کے خالص منافع میں سالانہ بنیادوں پر7 فیصدکی کمی ہوئی۔

رواں مالی سال میں تازہ بانڈز میں 400 ارب روپے کا ہدف مکمل کرلیا گیا



کراچی(این این آئی)سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس)نے رواں مالی سال یکم جولائی سے 30 ستمبر تک تازہ بانڈز میں 400 ارب روپے کا ہدف پورا کیا ہے۔

سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگزسینئر عہدیدارکے مطابق سی ڈی این ایس نے سالانہ ہدف کو عبور کیا اور رواں مالی سال میں تازہ بانڈز میں 1.6 ٹریلین روپے کا ہدف حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پچھلے مالی سال 2021-22 کے 1300 ارب روپے کے ہدف سے 200 ارب روپے کا اضافی سالانہ ہدف ہے۔سی ڈی این ایس نے رواں مالی سال2021-22کے لیے 1.4 ٹریلین روپے کا جائزہ شدہ بچت کا ہدف مقرر کیا ہے جو ملک میں بچت کے کلچر کو فروغ دے گا۔

ملک میں مارکیٹ کے موجودہ رجحان کے پیش نظر بچت کے کلچر کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہدف مقرر کیا گیا تھا۔

سی ڈی این ایس میں ادارہ جاتی اصلاحات پر کام ہو رہا ہے اور نئی اصلاحات اور ایجادات متعارف کروائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت سی ڈی این ایس میں آٹومیٹڈ ٹیلر مشین(اے ٹی ایم) بھی متعارف کرائی گئی ہے جو صارفین کو کافی سہولیات فراہم کرے گی۔

رپورٹ کے مطابق جولائی 2023-24 کے مہینے میں اسلامک انویسٹمنٹ بانڈز کے ذریعے 16 ارب روپے کی سرمایہ کاری جمع کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈائریکٹوریٹ نے نئے مالی سال 2023-24 کے لیے اسلامک فنانس بانڈز کے لیے 75 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ: آسٹریلیا کی وارم اپ میچ میں پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری



کرکٹ کے عالمی مقابلے سے قبل پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آج وارم اپ میچ میں آمنے سامنے ہیں۔

آسٹریلیا نے وارم اپ میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد کھیل جاری ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں وارم اپ میچ میں حیدرآباد کے راجیوگاندھی اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہیں۔

آج کے میچ میں قومی ٹیم کی قیادت شاداب خان کر رہے ہیں، بابر اعظم بحیثیت بیٹر ٹیم میں موجود ہیں جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو آرام دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ محمد حارث فرائض سنبھالیں گے۔

واضح رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہونے جا رہا ہے اور پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

قومی ٹیم کو اس سے قبل پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ورلڈ کپ: حسن علی کے سسر پاک بھارت میچ کے لیے بے تاب کیوں؟



قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کے سسر لیاقت خان احمد آباد میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے لیے بے تاب ہیں اور ان کو اس گھڑی کا انتظار ہے جب پاکستانی ٹیم احمد آباد پہنچے گی۔

فاسٹ بولر حسن علی کے سسر لیاقت خان پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے موقع پر اپنی بیٹی اور نواسی سے ملنے کے خواہشمند ہیں۔

حسن علی کے سسر لیاقت خان بھارتی شہر ہریانہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ حسن علی اور سامعہ کی شادی 2019 میں دبئی میں ہوئی تھی جس کے بعد سامعہ اب تک بھارت نہیں گئیں۔

لیاقت خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی نواسی سے ملنا چاہتا ہوں اور مزید انتظار میرے لیے مشکل ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میری بیٹی نے حسن علی سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا تو میں رکاوٹ نہیں بنا تھا کیوں کہ اگر میری بیٹی خوش ہے تو میں بھی خوش ہوں۔ اور اس سے فرق نہیں پڑتا کہ شادی کس سے ہو رہی ہے۔

وزارت قانون نے خصوصی عدالتوں میں چار ججز کی تعیناتی کر دی



لاہور( این این آئی)وفاقی وزارت قانون نے خصوصی عدالتوں میں چار ججز کی تعیناتی کر دی ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج امجد علی شاہ کو سپیشل جج سنٹرل راولپنڈی،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نعیم شیخ سپیشل جج سنٹرل گوجرانوالہ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رانا اقبال کو سپیشل جج سنٹرل فیصل آباد جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تنویر احمد شیخ کو سپیشل جج سنٹرل لاہور تعینات کر دیا گیا ۔

محسن نقوی کے چیف سکیورٹی افسر کی سینئر ایس پی کے عہدے پر ترقی



لاہور ( این این آئی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے چیف سکیورٹی افسر حمزہ امان اللہ کو سینئر ایس پی کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔

نگران وزیراعلی محسن نقوی اور انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے حمزہ امان اللہ کو سینئر ایس پی کے بیج لگائے۔

سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔نگران وزیراعلی محسن نقوی نے حمزہ امان اللہ کو پروموشن پر مبارک باد دی اوران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔