شیخوپورہ،بہو پر تشدد کرنیوالے ملزم کو تاحال گرفتار نہ کیا جا سکا



شیخوپورہ (این این آئی)شیخوپورہ میں بہو پر تشدد کرنے والے ملزم کو پولیس تاحال گرفتار نہ کر سکی اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے منڈی جھبراں میں بھی چھاپہ مارا گیا۔

ملزم منڈی جھبراں میں اجناس کی خرید و فروخت کا کام کرتا ہے۔پولیس نے بتایا کہ تشدد کی شکار خاتون کا شوہر روزگار کے لیے جنوبی افریقا میں ہے، ملزم کے دوسرے بیٹے نے تشدد کی ویڈیو بنا کر اپنے رشتے داروں کو بھیجی۔

ملزم کا دوسرا بیٹا زیرِ حراست ہے۔دوسری جانب ایک بیان میں متاثرہ خاتون نے کہا کہ میں نے سسر سے بدتمیزی کی تھی جس پر انہوں نے مجھے مارا، ہمارا گھریلو مسئلہ تھا اب وہ حل ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری صلح ہو گئی ہے میں نے کوئی قانونی کارروائی نہیں کرنی۔

شاہ محمود قریشی کی جوائنٹ بینک اکائونٹ کھلوانے کی درخواست پر ایف آئی اے سے جواب طلب



اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد کی آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی جوائنٹ بینک اکائونٹ کھلوانے کی درخواست پر ایف آئی اے سے جواب طلب کر لیا۔

شاہ محمود قریشی کی جوائنٹ بینک اکانٹ کے لیے بائیو میٹرک کی اجازت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری سیکرٹ ایکٹ عدالت پیش ہوئے۔

وکیل صفائی علی بخاری نے عدالت کو بتایا کہ شاہ محمود قریشی کا ایک ہی بینک اکانٹ ہے، وہ جیل میں ہیں، روز مرہ کے معاملات چلانے کے لیے جوائنٹ اکانٹ کھلوانا ہے۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ شاہ محمود قریشی کی بائیو میٹرک کے لیے بینک اسٹاف کو جیل جانا ہے، ان کا ایک ہی بیٹا ہے جو واحد کفیل ہے، سابق وفاقی وزیر کے ملازمین اور وکلا کو تنخواہیں بھی دینی ہیں۔

وکیل صفائی علی بخاری نے عدالت کو بتایا کہ شاہ محمود قریشی بیٹی اور بیوی کے ساتھ جوائنٹ بینک اکانٹ کھلوانا چاہتے ہیں۔جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا۔

شیر افضل مروت کی گرفتاری عدالت کی اجازت سے مشروط



اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے کورٹ کی پیشگی اجازت کے بغیر پی ٹی آئی لیگل ٹیم کے رکن شیر افضل مروت کی گرفتاری سے روک دیا۔

پی ٹی آئی لیگل ٹیم کے رکن شیر افضل مروت کی درخواست پر سماعت کاہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے حکم جاری کیا۔

عدالت نے پولیس اور دیگر فریقین سے شیر افضل مروت کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کر لیں۔

دورانِ سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ یہ بھی بتائیں کہ شیر افضل مروت کا نام ای سی ایل میں تو شامل نہیں؟اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت جمعے تک ملتوی کر دی۔

کراچی میں دبئی اور ایران سے بھتے کی کالز موصول ہونے لگیں



کراچی (این این آئی)کراچی میں بزنس کمیونٹی کو دبئی اور ایران سے بھتے کی کالز موصول ہونے لگیں۔

بھتہ خوری میں ملوث 2 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی)اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن یونٹ جنید شیخ نے کہا ہے کہ کراچی میں حالیہ دنوں میں بھتہ خوری کا سلسلہ بڑھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریئل اسٹیٹ میں کام کرنے والے شخص کو بھتے کی کال موصول ہوئی، دبئی سے کال موصول ہوئی، جس کو ٹریس کیا گیا۔

معاشی بحران، بیروزگار افراد کی تعداد 56 لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ



کراچی (پی پی آئی)انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن نے متنبہ کیا ہے کہ پاکستان میں معاشی بحران کے باعث رواں سال بیروزگار افراد کی تعداد 56لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ہے ۔

ملازمتوں میں کمی اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری پاکستان کی پیش رفت کو کئی دہائیاں پیچھے دھکیل سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی لیبر مارکیٹ ابھی تک عالمی وبا کورونا وائرس اور معاشی بحران سے مکمل طور پر بحال نہیں ہوئی اور اس سال بے روزگار افراد کی تعداد 56 لاکھ تک پہنچنے کاخدشہ ہے، جس میں 2021 کے بعد سے 15 لاکھ کا اضافہ ہے۔

موبائل فون سمزکی دوبارہ تصدیق ہو گی یا نہیں ؟ پی ٹی اے نے بتادیا



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی اے نے موبائل سمز کی دوبارہ تصدیق اور پاسپورٹ پر ایک سم جاری کرنے کے حوالے سے زیر گردش خبروں کی تردید کردی ہے۔

پی ٹی اےنے میڈیا پر ’موبائل سمز کی دوبارہ سے تصدیق‘ اور پاسپورٹ پر ایک سم جاری کرنے کے حوالے سے جاری خبروں پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’ایسی خبریں درست نہیں ہیں کیونکہ حکومت کی جانب سے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

پی ٹی اے نے واضح کیا کہ پاکستان سمیت بالخصوص خیبرپختونخوا میں بھی پاسپورٹ پر ایک سم جاری کرنے کے حوالے سے بھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور افغانستان میں رومنگ پر چلنے والی موبائل سمز پہلے ہی بلاک کی جاچکی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے فافن کا تجزیہ غلط فہمی پر مبنی قرار دے دیا



اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ابتدائی حلقہ بندیوں پر فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کا تجزیہ غلط فہمی پر مبنی قرار دے دیا۔ حلقہ بندیوں کے معاملے پر فافن کی رپورٹ پر ای سی پی نے وضاحتی بیان جاری کیا اور کہا کہ فافن کا ابتدائی حلقہ بندیوں سے متعلق تجزیہ غلط فہمی پر مبنی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 266 نشستیں صوبوں کے درمیان آبادی کی بنیاد پر تقسیم کی گئی ہیں ۔ صوبے کی مختص شدہ نشستوں کا کوٹہ آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے نکالا گیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ہر ضلع کی آبادی اور نشستوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے حلقہ بندی کی گئی۔ فافن نے صوبے کے کوٹہ کو بطور یونٹ لیا اور بنیادی انتظامی یونٹ کو نظر انداز کیا۔
ای سی پی کے مطابق ایکٹ کی سیکشن 20 (3) میں حالیہ ترمیم بھی تائید کرتی ہے کہ ضلع بنیادی یونٹ ہوگا، آبادی کا ڈیٹا ابتدائی حلقہ بندی میں پہلے ہی دستیاب ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق آبادی کے اعداد و شمار میں فرق سے متعلق جس ڈیٹا کا ذکر کیا گیا ہے وہ درست نہیں۔
64 حلقہ جات ایسے ہیں، جس میں 10فیصد سے زیادہ آبادی کی کمی اور بیشی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق عذر داری کی سہولت اسی لیے دی کہ ابتدائی حلقہ بندی میں غلطیوں کا ازالہ کیا جاسکے، غلطی پائی گئی تو اعتراضات کی سماعت کے دوران اسے درست کردیا جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے نومبر میں الیکشن کی تجویز دے دی



اسلام آباد(این این آئی) پی ٹی آئی کے رہنما شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ الیکشن 90دن میں کرانے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر ہے۔

ٹی وی پروگرام میں گفتگو شعیب شاہین نے کہاکہ ہم الیکشن وقت پر کرانے کیلئے عدالتوں میں جاچکے ہیں،90دن میں الیکشن کرانے کیلئے ہم نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے تجویز دی کہ نومبر کے آخری ہفتے میں الیکشن کروالیں۔

حضرت یوسف کے مزار میں داخل ہونے والے یہودیوں پرپتھربرس پڑے



تل ابیب(این این آئی)اسرائیل کے مغربی کنارے پر واقع شہر نابلس میں حضرت یوسف علیہ السّلام کے مبینہ مقبرے میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے 5 یہودیوں پر پتھر برس پڑے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مذکورہ یہودی حضرت یوسف علیہ السّلام کے مبینہ مقبرے میں غیر قانونی طور پر داخل ہوئے تو مشتعل ہجوم نے ان پر حملہ کردیا، جس کے بعد فلسطینی اتھارٹی کی پولیس کو انہیں بچا کر نکالنا پڑا۔ حضرت یوسف علیہ السلام کا یہ مبینہ مقبرہ فلسطینی اتھارٹی کے زیر کنٹرول علاقے میں واقع ہے، جو اسرائیلی شہریوں کی حد سے دور ہے۔
اسرائیلی باقاعدگی سے فوج کی مدد سے حضرت یوسف علیہ السلام کے اس مبینہ مقبرے میں داخل ہونے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ لیکن پیر کو داخل ہونے کی کوشش بنا کسی فوجی مدد کے ہوئی تھی۔

میاں بیوی کے درمیان بچی کے نام کا انوکھا تنازعہ : جج نے فیصلہ سنادیا



نئی دہلی : بھارتی ریاست کیرالہ کی عدالت عالیہ نے حال ہی میں ایک تین سالہ بچی کا نام رکھا ہے کیونکہ اس کے والدین نام رکھنے پر اتفاق قائم کرنے میں ناکام رہے ۔ والدین کے درمیان اختلاف کی وجہ سے بچی کا برتھ سرٹیفکیٹ بے نام رہ گیا تھا۔
امریکی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہائی کورٹ کا یہ فیصلہ ماں کی طرف سے دائر درخواست کے جواب میں آیا جس نے بچی کے لیے سرکاری دستاویز میں نام درج کرنے کی کوشش کی تاہم جب رجسٹرار نے دونوں والدین کی موجودگی کا مطالبہ کیا اور وہ اس معاملے پر اتفاق رائے پر پہنچنے میں ناکام رہے تو والدہ نے حل کیلئے عدالت کا رخ کیا۔
جسٹس بیچو کورین تھامس کی سنگل بنچ نے نے نوٹ کیا کہ بچی کے لیے نام کا نہ ہونا بچی کی فلاح و بہبود یا بہترین مفادات کے لیے سازگار نہیں ہے ۔ بچی کی فلاح کا تقاضا ہے کہ اسے ایک نام دیا جائے ۔
بچی کی ماں اس کا نام ”پنیا” رکھنا چاہتی تھی، جبکہ والد نے نام ”پدما” رکھا تھا۔ نتیجتاً، عدالت نے حکم دیا کہ بچی کا نام ماں کی پسند کے تحت ‘پْنیا’ رکھا جائے اور باپ کا نام کنیت کے طور پر شامل کیا جائے۔

سابق بھارتی کپتان اجے جدیجا افغان کرکٹ ٹیم کے مینٹور مقرر



نئی دہلی: سابق بھارتی کپتان اجے جدیجا کو افغانستان کرکٹ ٹیم کا مینٹورمقرر کر دیا گیا ۔ اجے جدیجا کو افغانستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ورلڈ کپ کے لیے مینٹور مقرر کیا ہے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ اجے جدیجا نے ٹیم کو مینٹور کے طور پر جوائن کر لیا ہے، وہ افغانستان کرکٹ ٹیم کے بیٹرز کے ساتھ خصوصی طور پر کام کریں گے۔افغانستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ اجے جدیجا کو صرف ورلڈ کپ کے لیے مینٹور مقرر کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ افغانستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 7 اکتوبر کو بنگلا دیش کے خلاف دھرمشالہ میں کھیلے گی۔

پاکستانی ہاکی ٹیم ایشیئن گیمزکے گولڈمیڈل کی دوڑسے باہر



ہینگزو: پاکستانی ہاکی ٹیم ایشیئن گیمز ہاکی کے گولڈمیڈل کی دوڑسے باہرہوگئی۔
ایشیئن گیمز میں جاپان نے پاکستان کو شکست دیکرہاکی کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔
پاکستان ہاکی ٹیم گروپ کے مسلسل دو میچ ہارنے کے بعداب پانچویں پوزیشن کا میچ کھیلے گی ۔