بھارت میں خاتون ڈاکٹر پر چھری سے حملہ



نئی دہلی (این این آئی)بھارت کے شہر دہلی میں نامعلوم شخص نے خاتون ڈاکٹر پر چھریوں سے کئی مرتبہ وار کر کے زخمی کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزم نے 40 سالہ ڈاکٹر پر کلینک کی عمارت میں سیڑھیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئیں اور ان کا علاج جاری ہے۔

بھارتی پولیس کے مطابق خاتون عمارت کے گرانڈ فلور پر کلینک چلاتی ہیں جبکہ پہلی منزل پر ان کی رہائش بھی ہے۔

بھارتی پولیس کے مطابق ملزم حملے کے بعد فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔واقعے کا مقدمہ اقدامِ قتل کے تحت درج کیا گیا ہے جبکہ ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی کا نہیں لگتا۔

پاکستانی سفیر معین الحق کی چینی قیادت اور عوام کو قومی دن کی مبارکباد



چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے عوامی جمہوریہ چین کے 74 ویں قومی دن پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

اتوار کو اپنی ٹوئٹ میں معین الحق نے کہا کہ یہ خاص دن نا صرف عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی نشان دہی کرتا ہے بلکہ ایک عظیم قوم کی قومی تجدید اور جدید سوشلسٹ ملک کے ہدف کو حاصل کرنے کے عزم، لچک اور محنت کی بھی علامت ہے۔

فیس بک بھارتی دباؤ کا شکار، پروپیگنڈا مہم روکنے میں ناکام



امریکی اخبار نے فیس بک پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے نفرت اور پروپیگنڈے کے فروغ کا الزام بھارت پر عائد کر دیا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے فیس بک پر بہت سے جعلی اکاؤنٹس بنائے ہوئے ہیں جن کے ذریعے من گھڑت آپریشنز کی کہانیاں سامنے لائی جاتی ہیں۔

اخبار نے کہا ہے کہ ان جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے پاکستان، چین اور باالخصوص مسلمانوں کے خلاف بہت زیادہ پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھی پردہ اٹھایا ہے اور لکھا ہے کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے مگر ان اکاؤنٹس کے ذریعے علاقے کو پُرامن دکھایا جاتا ہے۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق فیس بک کمپنی کے بہت سے ملازمین بھی بھارت کے پروپیگنڈے میں ملوث ہیں۔

واشنگٹن پوسٹ نے لکھا ہے کہ فیس بک کے موجودہ اور سابق ملازمین نے اعتراف کیا ہے کہ فیس بک ایگزیکٹوز بی جے پی کو جھوٹا پروپیگنڈا کرنے پر سزا دینے سے گریز کرتے ہیں۔

اخبار نے ملازمین کے اس اعتراف کے بعد پروپیگنڈے کے فروغ میں فیس بک کے ذمہ داران کو بھی ذمہ دار قرار دیا ہے۔

برائلر گوشت کی فی کلو قیمت میں17روپے کمی



لاہور( این این آئی) شہر میں پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت 17روپے کمی سے525روپے، زندہ برائلر مرغی کی قیمت11روپے کمی سے350روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت ایک روپے اضافے سے297روپے فی درجن کی سطح پر رہی۔

بینکس ،مالیاتی ادارے تین روز بعد کل دوبارہ کھل جائینگے



لاہور( این این آئی)ملک بھر میں بینکس اور مالیاتی ادارے تین روز کے بعد کل  دوبارہ کھلیں گے۔12ربیع الاول کی مناسبت سے 29ستمبر بروز جمعہ عام تعطیل جبکہ 30ستمبر ہفتہ اور یکم اکتوبر اتوار کو معمول کی تعطیلات کی وجہ سے بینکس اور مالیاتی ادارے مجموعی طور پر تین روز بند رہے ۔ بینکس اور مالیاتی ادارے تین روز کی تعطیلات کے بعد 2اکتوبر بروز پیر کے روز دوبارہ کھلیں گے۔

ایئر لائنز السعودیہ نے اپنی نئی شناخت متعارف کرادی



ریاض(این این آئی)السعودیہ ایئرلائنز نے جدہ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران اپنی نئی بصری شناخت کی نقاب کشائی کردی۔

اس کے 1980 کی دہائی کے برانڈ ڈیزائن کو معمولی اپ ڈیٹس کے ساتھ واپس لایا گیا ہے۔

سعودی ایئر لائنز کا نیا لوگو 1980 کی دہائی میں اس کی شناخت سے متاثر ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودیہ گروپ میں مواصلات اور میڈیا کے امور کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر عبداللہ الشہرانی نے بتایا کہ سعودی ویژن 2030 نے ہوابازی کے شعبے کو ترقی اور اختراع کی رفتار کو تیز کرنے کی تحریک دی ہے۔

سعودی ایئر لائنز آج اپنے نئے دور کا اعلان کر رہی ہے۔30 ستمبر کا انتخاب السعودیہ ایئر لائنز کے نئے دور کے آغاز کی تاریخ کے طور پر آتا ہے۔

عفیف سے طائف تک السعودیہ کے ڈی سی 3 طیارے میں شاہ عبدالعزیز کی پہلی پرواز کی سالگرہ کے اعزاز میں میں 30 ستمبر کو اختیار کیا گیا۔

اس موقع پر ڈیجیٹل تبدیلی کے منصوبے کے فریم ورک کے اندر اقدامات کے ایک پیکیج کے اعلان کیا گیا۔

حکومت کے شٹ ڈاؤن کا خطرہ ٹل گیا، امریکا میں حکومتی اخراجات کا بل منظور



امریکا کے ایوان نمائندگان میں حکومتی اخراجات کا بل منظور کر لیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بل کے حق میں 209 ڈیموکریٹس اور 126 ریپلبلکنز نے ووٹ دیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایوان نے 45 روز کے لیے اخراجات کا بل منظور کیا ہے اور اس میں یوکرین جنگ کے لیے کوئی رقم نہیں رکھی گئی۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بل کی منظوری اہم پیشرفت ہے اور اب حکومتی شٹ ڈاؤن کا خطرہ ٹل گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر بل کی منظوری ممکن نہ ہوتی تو شٹ ڈاؤن میں وفاقی حکومت کے لاکھوں ملازمین فارغ ہو جاتے یا ان سے درخواست کی جاتی کہ بغیر معاوضے کے کام جاری رکھیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے حکومتی شٹ ڈاؤن کو روکنے کے معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔

ورلڈ کپ: سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے متوقع بولرز کی فہرست جاری، شاہین شاہ بھی شامل



دبئی (این این آئی) بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے متوقع بولرز کی فہرست جاری کر دی گئی۔ کرکٹ کے معروف جریدے نے 6 بولرز کی فہرست جاری کی ہے جس میں پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی بھی شامل ہیں۔

فہرست میں بھارت کے 3 بولرز کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ اور محمد سراج شامل ہیں۔ اس فہرست میں آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ بھی شامل ہیں۔

بھارت کے کلدیپ یادیو رواں برس اب تک سب سے زیادہ 33 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، انہوں نے ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف 25 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

شاہین آفریدی ابتدائی اوورز میں وکٹیں لینے کے لیے شہرت رکھتے ہیں اور جنوبی افریقا کے سابق فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے بھی شاہین آفریدی کو ورلڈ کپ کے ٹاپ بولرز میں شامل کیا ہے۔

ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر آسٹریلیا کے گلین میک گرا ہیں جنہوں نے 39 میچز میں 18.19 کی اوسط سے 71 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ سری لنکا کے اسپنر مرلی دھرن نے 40 میچز میں 19.63 کی اوسط سے 68 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

پشاور،ریلوے اسٹیشن میں غیر قانونی اسلحہ لانے پر ٹک ٹاکرگرفتار، مقدمہ درج



پشاور (این این آئی)پشاور میں ریلوے پولیس نے غیرقانونی اسلحے کے ساتھ ریلوے اسٹیشن میں داخل ہونے پر ٹک ٹاکر خاکسار انجم کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایچ او ریلوے اسٹیشن پشاور کینٹ جمال عبدالناصر نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ملزم خاکسار انجم غیرقانونی اسلحے کے ساتھ ریلوے اسٹیشن داخل ہوا۔

ملزم سے غیرقانونی اسلحہ سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔جمال عبدالناصر کے مطابق غیرقانونی اسلحہ رکھنے پر ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا گیا۔

ورلڈکپ: قومی کرکٹرز سے بھارتی فینز کی ملاقات، تصاویر بھی بنوائیں



حیدر آباد (این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی حیدر آباد میں فینز سے ملاقات ہوئی جس میں بھارتی فینز نے تصاویر بنوائیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں قومی کرکٹرز اور کوچنگ اسٹاف نے جیول آف نظام ریسٹورنٹ میں حیدرآبادی کھانوں سے لطف اٹھایا، اس دوران کھلاڑیوں نے فینز سے ملاقات کی اور تصاویر بھی بنوائیں۔

حیدرآباد کے فینز نے پاکستانی کھلاڑیوں کے رویے کی کھل کر تعریف کی جبکہ میدان میں سپورٹ کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ اس دوران ہوٹل انتظامیہ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا پھولوں سے استقبال کیا۔

قبل ازیں آئی سی سی ورلڈکپ میں شرکت کیلئے بھارت پہنچنے پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا ائیرپورٹ پر مداحوں نے شاندار استقبال کیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جبکہ ہوٹل کے باہر بھی ہزاروں شائقین کرکٹ کرکٹرز کی ایک جھلک دیکھنے کو بے تاب نظر آئے۔

پیشی پر آیا خطرناک ملزم بھاگ نکلا، 4 پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج



پتوکی(این این آئی) ڈسٹرکٹ جیل قصور سے پتوکی پیشی پر آئے خطرناک ملزم کے فرار پر چار پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق رشید عرف رشیدی نامی ڈاکو سنگین مقدمات میں ملوث ہے، ملزم کو ڈسٹرکٹ جیل قصور سے پتوکی پیشی پر لایا گیا جہاں سے وہ فرار ہو گیا۔

خطرناک ملزم کے فرار ہونے پر تھانہ سٹی میں 4 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم قتل، ڈکیتی اور منشیات جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہے۔

ڈی پی او قصور نے ملزم کی گرفتاری کیلئے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

سویرا شیخ کی شوبز میں کامیابیوں کے بعد شعبہ طب پر نظر



لاہور(این این آئی) اداکارہ و ماڈل سویرا شیخ نے کہا ہے کہ شوبز میں کامیابیوں کے بعد اپنی تمام تر توجہ شعبہ طب کی جانب کر لی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ میں روایتی بیان بازی نہیں کر رہی بلکہ میں حقیقت میں اپنے شعبے کے ذریعے دکھی انسانیت کی خدمت کرنا چاہتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم کا آخری سال ہے جس کے بعد وطن واپس آ کر اس کی پریکٹس شروع کر دوں گی، میرا یہ عزم ہے کہ میں غریب اور مستحق لوگوں کیلئے بغیر کسی معاوضے کے فرائض سر انجام دوں گی۔

انہوں نے کہا کہ میرا یہ ماننا ہے کہ اگر خدا کی ذات کی قربت حاصل کرنی ہے تو دکھی انسانیت کی خدمت کی جائے اور شعبہ طب اس کا بہترین ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا آخری سال ہے اور جلد میں ڈاکٹر بن کر دکھی انسانیت کی خدمت کا سلسلہ شروع کردوں گی۔