اسرائیل نے غزہ شہر تباہ کردیا،بربادی کی دردناک تصاویر سامنے آگئیں



اسرائیلی فوج نے غزہ شہرکو تباہ کردیا، دل دہلا دینے والی تصاویر سامنے آگئیں۔

فلسطین کے پبلک ورک اینڈ ہاؤسنگ کے وزیر محمد زیارا کے مطابق 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی بمباری سے تقریباً دو لاکھ مکانات تباہ ہوچکے ہیں، غزہ شہر میں ہسپتال، عبادت گاہیں، بیکریاں، واٹر فلنگ اسٹیشن، بازار، اسکول، اور تعلیمی ادارے سب کچھ  تباہ ہوچکاہے۔

بائیس لاکھ آبادی پر مشتمل غزہ کی پٹی 365 مربع کلومیٹر (141 مربع میل) کے ایک چھوٹے سے علاقے پر محیط ہے۔

اقوام متحدہ کے دفتر کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث کم از کم 45 فیصد گھر مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں ، سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں بیت حانون، بیت لاہیا، شجائیہ، شاتی مہاجر کیمپ کے آس پاس کے علاقے اور خان یونس میں اباسن الکبیرہ شامل ہیں۔

غزہ میں حالیہ ہونے والی بمباری سے پہلے اور بعد کی سیٹلائٹ کے ذریعے کچھ تصاویر میکسار ٹیکنالوجیز کی جانب سے جاری کی گئی ہیں، پہلے اور بعد کی تصاویر میں واضح فرق دیکھا جاسکتا ہے، یہ دردناک تصاویر غزہ کی کہانی خود ہی بیان کررہی ہیں۔

غزہ کا علاقہ، بیت حنون، اسرائیل کی سرحد سے صرف 2 کلومیٹر دور ہے، یہ ایک ایسا علاقہ ہے جو بری طرح متاثر ہوا ہے، اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ یہ علاقہ حماس کا مرکز ہے جہاں اسرائیل نے یہاں کے رہائشیوں کو علاقے سے نکل جانے کی تنبیہ دی تھی۔

بیت حنون کا علاقہ مرکزی سڑک کے ساتھ واقع ہے جو ایریز بارڈر کراسنگ کی طرف جاتا ہے، کئی اونچی عمارتیں جو دو ہفتے قبل واضح طور پر نظر آتی تھیں اب بری طرح تباہ شدہ حالت میں ہیں، جن میں سے کچھ کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

الجزیرہ ٹی وی نے رپورٹ کیا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق غزہ میں 14 لاکھ افراد مسلسل بمباری کی وجہ سے بے گھر ہو چکے ہیں، تقریباً 6 لاکھ 29 ہزار افراد پناہ گاہوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں

قتل یا خود کشی ؟مولانا طارق جمیل کا بیٹا عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق



قتل یا خود کشی ؟ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کا بیٹا عاصم جمیل گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ 

ڈی ایس پی میاں چنوں سلیم مارتھ   کے مطابق عاصم جمیل نے اپنے سینے پر  گولی مار کر خود کشی کی، انہیں تشویشناک حالت میں تلمبہ رورل ہیلتھ سنٹر پہنچایا گیا مگر جانبر نہ ہو سکے۔

ڈی ایس پی  میاں چنوں  کا کہنا ہے کہ عاصم جمیل کی خود کشی کی وجہ  تاحال سامنے نہیں آ سکی ، دریں اثنا  آئی جی پنجاب عثمان انور  نے  مولانا  طارق جمیل کے بیٹے کی موت کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شواہد اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں موت کی وجوہات کا تعین کیا جائے، پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پی او خانیوال اور  سینئرپولیس افسران نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔

دریں اثناءمولانا طارق جمیل  نے اپنے ایکس ( ٹوئٹر ) پیغام میں بیٹے کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا  ہے کہ  میرے  بیٹے عاصم جمیل کا  انتقال ہو گیا ہے۔  اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار  بنا دیا ، مولانا طارق جمیل نے کہا کہ غم کے موقع پر ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، اللہ میرے فرزند کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

دوبارہ صدر منتخب ہوا تو پہلے ہی دن مسلمانوں کاداخلہ بند کروں گا،ٹرمپ



سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر میں دوبارہ صدر منتخب ہوا تو پہلے ہی دن مسلمانوں پر سفری پابندیاں عائد کردوں گا۔

 ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں ریپبلکن یہودی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق امریکی صدر نے کہا کہ ہم بنیاد پرست مسلمان دہشت گردوں کو اپنے ملک سے باہر رکھیں گے۔

 ٹرمپ کا مزیدکہنا تھا کہ میں اسرائیل کی ریاست میں اپنے دوستوں اور اتحادیوں کا اس طرح سے دفاع کروں گا جیسا اس سے قبل کسی نے نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع تہذیب اور وحشت کے درمیان، شائستگی اور بداخلاقی اور اچھائی اور برائی کے درمیان لڑائی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو سفری پابندیاں یاد ہیں؟ صدر منتخب ہوتے ہی پہلے دن میں اپنی سفری پابندی بحال کردوں گا۔

واضح رہے کہ 2017میں اپنے عہد صدارت کے آغاز میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران، لیبیا، صومالیہ، شام، یمن اورابتدائی طور پرعراق اور سوڈان کے مسافروں کے داخلے پر بڑے پیمانے پرپابندیاں عائد کر دی تھیں۔

صدر جو بائیڈن نے 2021 میں منصب صدارت سنبھالنے کے بعد پہلے ہی ہفتے میں اس پابندی کو واپس لے لیا تھا۔

سابق ایم پی اے وجیہہ قمرپی ٹی آئی چھوڑ کر ن لیگ میں شامل



پاکستان تحریک انصاف کی سابق رکن قومی اسمبلی وجیہہ قمر نے پارٹی کو خیرباد کہہ کر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

اتوار کے روز مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف سے ملاقات میں وجیہہ قمر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا ۔شہباز شریف نے وجیہہ قمر کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اورنئے سیاسی سفر کی مبارکباد پیش کی ۔

ملاقات کے موقع پر سابق ایم پی اے وجیہہ قمر کاکہناتھا کہ نواز شریف اورشہباز شریف کی قیادت پرمکمل اعتماد کرتی ہوں، نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں تاریخی کردار ادا کیا ہے

 

اسرائیل نے ساری حدیں پار کر لیں ، اب ہمارے جواب کا انتظار کرے ، ایرانی صدر



 ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے بری فوج کو غزہ میں داخل کرکے ساری حدیں پار کر لیں ، اب صیہونی ریاست ہمارے جواب کا انتظار کرے۔

الجزیرہ  ٹی وی کو انٹرویو میں ابراہیم رئیسی نے کہا کہ غزہ میں صیہونی حکومت کی بری فوج کی کارروائی حماس کی طوفان اقصیٰ آپریشن کو شکست دینے میں ناکامی سے بھی بدتر ناکامی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  امریکا ہمیں غزہ میں کچھ نہ کرنے کا کہتا ہے لیکن اسرائیل کی غزہ میں وحشیانہ بمباری اور بری حملوں کی وسیع تر حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ صیہونیوں نے غزہ پر فضائی، بحری اور بری حملے کیے لیکن امریکا اور بعض یورپی ممالک کی مالی اور فوجی مدد کے باوجود ان قابضین کو پسپائی پر مجبور ہونا پڑا جو فلسطینی قوم کی بڑی فتح ہے۔

ایرانی صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران فلسطینی مزاحمت کی حمایت جاری رکھے گا اور تمام امریکی تسلط سے آزاد تمام ممالک سے بھی توقع رکھتا ہے کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کی مدد کریں گے۔

کرم میں چھٹے روز بھی جھڑپیں ، ایک اور شخص جاں بحق ، تعداد 20 ہو گئی



 ضلع کرم میں قبائل کے درمیان  6 روز سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، تازہ جھڑپوں میں مزید ایک شخص جاں بحق اور  3 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق جھڑپوں میں راکٹ اور مشین گن سمیت بھاری اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔اب تک جھڑپوں میں 20 افراد جاں بحق اور 41 زخمی ہو چکے ہیں۔

کشیدگی کے باعث کرم میں آمدورفت کے راستے اور انٹرنیٹ سروس تاحال بند ہے جبکہ مارکیٹوں میں اشیائے خورد و نوش اور ادویات کی قلت پیدا ہو گئی ہے، جھڑپوں کے باعث تعلیمی ادارے بند اور کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ جھڑپیں رکوانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب ہنگو اورکزئی سے آئے جرگہ ممبران نے مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ صدہ، پالش خیل، بوشہرہ ڈنڈا، مقبل گنج ،علیزئی، پیواڑ اور تری مینگل علاقوں میں عمائدین کا مذاکراتی عمل جاری ہے۔

بھارت سیمی فائنل میں پہنچ گیا، دفاعی چیمپئن انگلینڈ ورلڈ کپ سے باہر



آئی سی سی ورلڈکپ کے 29 ویں میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو100 رنز شکست دے کرسیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا جبکہ دفاعی چیمپئن انگلینڈ ٹرافی کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔

انگلش ٹیم230 رنز کے تعاقب میں35 ویں اوور میں129 رنز پرڈھیر ہوگئی،انگلش ٹیم کے تین کھلاڑی صفر پرآؤٹ ہوئے۔

جونی بیرسٹو14، ڈیوڈ میلان 16 رنز بناسکے ،جوئے روٹ اور بین اسٹوکس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے،جوز بٹلر10 اور معین علی 15 رنز بنا سکے۔

لیونگسٹن27، کرس ووکس10، عادل رشید16 رنز بناکرآؤٹ ہوئے،مارک ووڈ بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے،ڈیوڈن ویلے16 رنز بناکرناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں بھارت  نے انگلینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر229 رنز بنائے تھے ۔

بھارتی کی طرف اوپنر شبمن گل9 رنز بناکرآؤٹ ہوئے جبکہ ویراٹ کوہلی بغیر کوئی رنز بنائے ہی پویلین لوٹ گئے۔

شہریاس لیئر بھی صرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، چوتھی وکٹ کی شراکت میں کے ایل راہول اور کپتان روہت شرمانے 32 ویں اوور میں سکور131 رنز تک پہنچایا تو کے ایل راہول بھی 39 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان روہت شرما87 رنز بناکر عادل رشید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ رویندرا جدیجا8 اور محمد شامی صرف ایک رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

سوریا کمار یادیو نے 49 رنز بنائے، جسپریت بمرا 16 اور کلدیپ یادیو9 رنز بناسکے۔

انگلینڈ کی طرف سے ڈیوڈ ویلے نے 3، عادل رشید اورکرس ووکس نے دو،دو جبکہ مارک ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ بھارت ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل پر 5 میچوں میں 10 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 5 میچوں میں 4 شکستوں کے بعد سب سے آخری نمبر پر ہے۔

سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ساجد کا تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان



 سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ساجد نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا، چوہدری ساجد 2008 میں تحریک انصاف میں شامل ہو کر پی پی 9 گوجر خان سے منتخب ہوئے تھے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری ساجد نے کہا کہ میں تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں اور میرا آج سے تحریک انصاف سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا  کہ میں 9 مئی کے واقعہ کی مذمت کرتا ہوں اور عدلیہ سے امید ہے اس میں ملوث کرداروں کو کڑی سزا دی جائے گی۔  میں چیئرمین پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیہ کی بھی مذمت کرتا ہوں۔

حضرت نظام الدین اولیاء کے عرس کی تقریبات ، بھارت نے 102 پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کر دیئے



حضرت نظام الدین اولیاؒ کے عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت نے 102 پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کر دیئے ، زائرین 31 اکتوبر کو واہگہ بارڈر کے راستے نئی دہلی روانہ ہونگے۔

حضرت نظام الدین اولیاؒ کے 720 ویں سالانہ عرس کی تقریبات 28 اکتوبر سے شروع ہو چکی ہیں، عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے جن زائرین نے ویزا درخواستیں جمع کروائی تھیں وہ جمعہ کے روز حاجی کیمپ لاہورپہنچ گئے تھے لیکن بھارتی سفارتخانے کی طرف سے ویزے جاری نہیں کیے گئے تھے۔

وفاقی وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ بھارتی سفارتخانے  نے 102 پاکستانی زائرین کو ویزے جاری کیے ہیں۔ زائرین 31 اکتوبر کی صبح واہگہ بارڈر کے راستے  اٹاری بارڈر سے بذریعہ بس امرتسرریلوے اسٹیشن پہنچیں گے ، وہاں سے ٹرین کے ذریعے دہلی جائیں گے۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق بھارت نے 148 پاکستانی زائرین کی ویزا درخواستیں مسترد کردیں۔  وفاقی وزارت مذہبی امور کے توسط سے 250 زائرین نے ویزا درخواستیں جمع کروائی تھیں، زائرین عرس تقریبات میں شرکت کے بعد 8 نومبر کو واپس آئیں گے۔

اردوان کی سخت تقریر کے بعد اسرائیل نے ترکیہ سے سفارتی عملہ واپس بلا لیا



 اسرائیل نے ترکیہ کے ساتھ تعلقات کا ازسر نوجائزہ لینے کااعلان کرتے ہوئے سفارتی عملہ واپس بلا لیا۔

اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی طرف سے سخت تقریر کے بعد کہا ہے کہ وہ ترکیہ کی جانب سے بڑھتے ہوئے بیانات کی روشنی میں اپنے تعلقات کا از سر نو جائزہ لینے کے لیے اپنے سفارت کاروں کو واپس بلا رہے ہیں۔

دوسری طرف اسرائیل کے وزیر توانائی اسرائیل کاٹز نے ترک صدر کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ طیب اردگان نے ریلی میں اپنا اخوان المسلمون کا اصلی چہرہ بے نقاب کیا ہے۔

واضح رہے کہ ترک صدر نے ہفتے کو استنبول ایئرپورٹ پر فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی ریلی سے خطاب میں کہا تھاکہ غزہ میں ایک گھناؤنا قتل عام کیا جا رہا ہے جس پر ہم اسرائیل کو دنیا کے سامنے جنگی مجرم کے طور پر پیش کریں گے۔ غزہ میں ہونے والے قتل عام میں اسرائیل کے ساتھ امریکا اور مغرب بھی برابر کے شریک ہیں۔

ترک صدر نے کہا تھا کہ کیا مغرب دوبارہ صلیبی جنگ شروع کرنا چاہتا ہے۔

ترک صدر نے کہا کہ ترکیہ ابھی مرا نہیں بلکہ اپنی پوری قوت کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم نے اپنی جس طاقت کا مظاہرہ لیبیا اور کاراباخ میں دکھایا ہے، مشرق وسطیٰ میں تمہیں ویسی ہی طاقت کا مظاہرہ دکھائیں گے۔

یکم نومبر سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان



 پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں فی بیرل 5 ڈالر کمی ہوئی ہے جس کے باعث یکم نومبر سے پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے۔

آئندہ ماہ پیٹرول کی قیمت میں 15 سے 20 روپے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 10 سے 16 روپے کی فی لیٹر کمی متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کا تیل بھی یکم نومبر سے سستا ہو گا، اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی حتمی سمری 31 اکتوبر کو پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی جائے گی، جس کے بعد سمری وزیراعظم کو بھیجیں گے جس کے بعد نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ حتمی قیمتوں کا فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے رہے کہ 16 اکتوبر کو پیٹرول  40 روپے جبکہ ڈیزل بھی 15 روپے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا۔

مصر میں خوفناک حادثہ ، 29 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ، 32 افراد ہلاک ، 60 زخمی



مصر میں ٹریفک کے خوفناک حادثے کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حادثہ ہفتے کے روز مصر کے گورنریٹ بہیرا کے ہائی وے پر پیش آیا۔ انتظامیہ نے بتایا کہ ایک مسافر بس مصر کے دارالحکومت قاہرہ کی جانب رواں دواں تھی کہ صبح کے وقت شدید دھند کے باعث ہائی پر کھڑی ایک گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے بعد دیکھتے دیکھتے دیگر گاڑیاں بھی پہلے بس اور پھر ایک دوسرے  سے ٹکرا گئیں۔

اطلاعات کے مطابق  تصادم میں 29 گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ ایک بس سمیت 6 گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے نقصان زیادہ ہوا۔

مصر کی وزارت صحت نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک اور  60 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔