Monthly Archives: October 2023
جرمن ائر لائن لفتھنزا نے بیروت کے لئے اپنی پروازیں روک دیں
برلن(این این آئی)جرمنی نے اسرائیل اور غزہ کے درمیان جنگ کو جواز بناتے ہوئے لبنانی دارالحکومت بیروت کے لئے اپنی ائیر لائن لفتھنزا کی پروازیں روک دی ییں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ابتدائی طور پر ان پروازوں کو 16 اکتوبر تک معطل کیا گیا ۔ جرمن ائیر لائن کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ مشرق وسطی کی موجودہ صورت حال کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
اس امر کی تصدیق ان دو مسافروں سے بھی کی گئی ہے جو پروازوں کے تعطل کی وجہ سے فرینکفرٹ سے بیروت نہیں جا سکے۔
اسرائیلی فوج کا حماس کے 2 رہنمائوں کو گرفتار کرنے کا دعوی
تل ابیب (این این آئی)اسرائیلی فوج نے حماس کے دو رہنمائوں کو نابلس سے گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔
اس حوالے سے اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ حماس کے رہنما شیخ عدنان اور احمد عواد کو گرفتار کر لیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا تھاکہ پورٹ سٹی حیفا کے اوپر 2 ممکنہ ڈرونز یا راکٹس کو مار گرایا ہے۔
اسرائیلی ڈرون پر لبنان سے حملہ کیا گیا تھا۔اسرائیلی فوج نے یہ بھی کہا کہ جوابی کارروائی میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، لبنان سے شمالی اسرائیل میں ڈرون داخل ہوئے۔
ہائیکورٹ نے زہرپینے کی اجازت مانگنے والے شہری کی درخواست خارج کردی
لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے زہر پینے کی اجازت مانگنے والے شہری کی درخواست خارج کردی۔
درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ 12ستمبر کو محفوظ کیا گیا تھا۔لاہور کے علاقے مزنگ کے رہائشی سرور تاج نامی شہری نے زہر پینے کی اجازت کیلئے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ یہ تجربہ سب کے سامنے کرنا چاہتا ہے اور اسے کچھ نہیں ہوگا۔
درخوست گزارکا کہنا تھا کہ مجھے کوئی شہرت نہیں چاہیے، میرا اللہ پر یقین ہے مجھے کچھ نہیں ہوگا۔ لاہور کے موچی گیٹ پر سب کے سامنے یہ تجربہ کرنا چاہتا ہوں، عدالت اجازت دے۔
جسٹس راحیل کامران شیخ نے درخواست سے متعلق 7صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ درخواست عوامی مفاد کی آڑ میں مشہوری حاصل کرنے کا ذریعہ لگ رہی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ اگر وہ مرتا ہے تو ا س کا کوئی ذمہ دار نہیں ہوگا لیکن اگر زندہ رہا تو حکومت کو یہ حکم دیا جائے کہ کینسر کے علاج کے لیے میرا نسخہ استعمال کیا جائے۔
درخواست گزار کے مطابق اس نے یہ نسخہ صوفیوں سے حاصل کیا۔تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست میرٹ پر نہ ہونے کے باعث خارج کی جاتی ہے، ہائیکورٹ ایسا کوئی بھی فیصلہ دے کر اپنے اختیار سے تجاوز کرے گی۔
فیصلے میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ عدالت کے پوچھنے پر درخواست گزار نے بتایا کہ وہ بذات خود کینسر کا مریض نہیں ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ بھارت سمیت کچھ ممالک میں انتہائی تکلیف کے باعث مریضوں کو اپنی جان لینے کا حق حاصل ہے لیکن پاکستان کا ریاستی مذہب اسلام ہے۔
اگر ایسی اجازت دی جاتی ہے تو دوسروں کو غیر قانونی کاموں کی حوصلہ افزائی ملے گی اس لیے عدالت درخواست گزار کو ایسی کوئی بھی چیز استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔
جہاز سے اتار کر پروٹوکول دینے کا کوئی جواز نہیں،حسن مرتضیٰ
لاہور ( این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کیا ہے کہ نواز شریف سمجھتے ہیں کہ وہ عدالت سے سرخرو ہو کر نکلیں گے تو یہ سہولت دوسروں کو بھی ملنی چاہیے۔
جہاز سے اتار کر پروٹوکول دینے کا کوئی جواز نہیں، نواز شریف اپنی سزا پوری کر کے الیکشن لڑیں،سمجھ سے بالا تر ہے جو چیزیں الیکشن کمشن نے کرنی ہیں ،پتہ نہیں مولانا اور نواز شریف کیوں انکے ترجمان بنے ہوئے ہیں۔
وہ پیپلز پارٹی سینٹرل سیکرٹریٹ میں پی پی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل،،میاں ایوب،رانا اشعر ،قلب عباس،عائشہ غوری،احسن رضوی اور افراز نقوی کیساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر حسن مرتضی نے پی پی 163سے آزاد امیدوار پرویز شفیع،پرانا کاہنہ سے پی ٹی آئی کے چیئرمین یونین کونسل اور سنٹرل پارک سے ن لیگ کے حاجی اصغر ڈوگر کو پیپلز پارٹی کامفلر پہنا کر پارٹی میں خوش آمدید کہا۔
کراچی،ملیریا اور ڈینگی کے مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی
کراچی(این این آئی)کراچی میں ملیریا اور ڈینگی کے مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی، شہر قائد میں چوبیس گھنٹے میں ڈینگی کے 9 کیسز سامنے آگئے۔
سندھ میں اکتوبر کے دوران ڈینگی کیسز کی تعداد 182ہوگئی۔شہر قائد کے ضلع شرقی ، وسطی، ملیر اور کیماڑی میں ڈینگی کے 2، 2مریض سامنے آگئے جبکہ کورنگی میں ایک کیس رپورٹ ہوا۔
سندھ میں اکتوبر کے دوران ڈینگی کیسز کی تعداد 182 ہوگئی ہے، کراچی میں 112، حیدرآباد 61، لاڑکانہ 5، میر پور خاص 2 اور شہید بینظیر آباد میں 2 کیسز سامنے آئے۔
ملیریا کے کیسز کے حوالے سے کراچی میں 1231، حیدرآباد 228، میر پور خاص میں 48 لاڑکانہ 30، سکھر 25 جبکہ شہید بینظیر آباد میں 11 مریض سامنے آئے۔
رواں سال سندھ میں ڈینگی سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی جبکہ رواں سال صوبے میں ملیریا سے دو افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
قوم آپ کے ساتھ ہے: وزیراعظم کا قومی کرکٹ ٹیم کو جذبے کے ساتھ کھیلنے کا مشورہ
نگراں وزیراعظم انوارِ الحق کاکڑ نے ورلڈ کپ کرکٹ میں بھارت کے خلاف آج کے میچ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے قومی ٹیم کو اعتماد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ دُعا ہے کہ آپ عزم، مہارت اور غیر متزلزل مقابلے کے جذبے کے ساتھ کھیلیں جس کے لیے آپ مشہور ہیں۔
اپنی ایک ٹوئٹ میں انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے، اور آپ کے لیے دعا گو ہے۔
کلدیپ یادیو بھی کپتان بابراعظم کی بیٹنگ کے معترف نکلے
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی بیٹنگ کی تعریفیں جہاں دنیا بھر میں کی جاتی ہیں وہیں بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر کلدیپ یادیو نے بھی کپتان کی بیٹنگ کی تعریف کر دی ہے۔
اپنے ایک انٹرویو میں کلدیپ یادیو نے کہا ہے کہ بابر اعظم سکون سے بیٹنگ کرتے ہیں جو مجھے بہت پسند ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابراعظم بیک فٹ کے شاندار پلیئر ہیں، وہ فاسٹ بولرز کو بہت اچھا کھیلتے ہیں۔
کلدیپ یادیو نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بابر اعظم ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور ان کی اپنی ایک کلاس ہے۔
پاک بھارت ٹاکرے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ میں بابراعظم کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے پُرجوش ہوں۔
پاک بھارت ورلڈ کپ دنگل ،1978سے 2019تک کا مکمل احوال ، احمر نجیب ستی کی زبانی
مذاق کیوں اڑایا؟ سونم کپور نے خاتون یوٹیوبر کو قانونی نوٹس بھیج دیا
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سونم کپور نے مذاق اڑانے پر خاتون یوٹیوبر کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سونم کپور نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ راگنی نامی یوٹیوبر نے اداکارہ، ان کے شوہر اور ان کے فیشن برانڈ کو نقصان پہنچایا ہے۔
سونم کپور نے نوٹس میں یوٹیوبر سے مطالبہ کیا ہے کہ یہ ویڈیو چینل سے فوری ڈیلیٹ کی جائے، اور مستقبل میں ایسا نہ کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔
نوٹس کے مطابق اگر یوٹیوبر راگنی کی جانب سے ویڈیو ڈیلیٹ نہ کی گئی تو اداکارہ کی جانب سے مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب یوٹیوبر راگنی کا موقف بھی سامنے آ گیا ہے جنہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹا گرام پر لکھا ہے کہ میری ویڈیو سونم کپور کے ان بیانات پر مبنی ہے جو ان کی جانب سے عوامی تقریبات میں دیئے گئے تھے۔
نیشنل بینک نے بینکاری میں جدت لانے کیلئے ڈیجیٹل اکائونٹ اوپننگ کے پائلٹ لائونچ کا آغاز کردیا
کراچی(این این آئی) نیشنل بینک آف پاکستان نے بینکاری میں جدت لانے کیلئے ڈیجیٹل اکائونٹ اوپننگ کے پائلٹ لائونچ کا آغاز کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی)نے ٹیکنالوجی کے ذریعے بینکاری میں جدت لاتے ہوئے ڈیجیٹل اکائونٹ اوپننگ کے پائلٹ لائونچ کا آغاز کیا ہے۔
نئی سروس کے باقاعدہ آغاز کے بعد صارفین ڈیجیٹل طور پر اپنا اکائونٹ کھول سکیں گے۔ملک بھر میں صارفین کسی بھی وقت کسی بھی جگہ سے این بی پی ڈیجیٹل ایپ ڈائون لوڈ کرنے کے بعد اوپن اکائونٹ پر ٹیپ کرکے آسانی کے ساتھ نیشنل بینک کے ساتھ اپنا اکائونٹ کھول سکیں گے۔
جدت پر مبنی پلیٹ فارم پاکستانی صارفین کیلئے بینکاری کے تجربے میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
این بی پی کی ڈیجیٹل اکائونٹ اوپننگ سروسز جو کسٹمرز ڈیجیٹل آن بورڈنگ فریم ورک (سی ڈی او ایف)سے ہم آہنگ ہیں۔
صارفین کو بہت سارے فوائد پیش کرتی ہے۔این بی پی کے صدر اور سی ای او رحمت علی حسنی نے افتتاحی تقریب کے موقع پر ڈیجیٹل اکائونٹ کھولا۔
انہوں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل اکائونٹ سروس سے صارفین آسانی، سیکیورٹی اور سہولت کے ساتھ بینکنگ سروسز استعمال کرسکتے ہیں۔
کراچی کی بندرگاہوں سے گندم کی ترسیل رک گئی، ملک بھر میں گندم کے بحران کا خدشہ
کراچی(این این آئی)کراچی کی بندرگاہوں سے گندم کی ترسیل رک گئی جس کے سبب ملک بھر میں گندم کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا، آٹے کی قیمت میں اضافے کا بھی امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ اور پورٹ قاسم سے گندم کی ملک بھر میں ترسیل رک گئی ہے اس حوالے سے فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے بتایاکہ ایکسل لوڈ پر عمل کے باعث ٹرکوں پرگندم لوڈ نہیں کی جارہی۔
انہوں نے بتایاکہ ترسیل رکنے سے گندم کا بحران پیدا ہوا تو آٹا بھی مزید مہنگا ہوگا، گزشتہ 48گھنٹے سے کراچی کی دونوں بندرگاہوں سے گندم کا ایک ٹرک بھی روانہ نہ ہوسکا۔کراچی کی دونوں بندرگاہوں پرگندم کے3جہازوں سے گندم آف لوڈ کی جارہی ہے، 2جہاز روس اور ایک جہاز رومانیہ سے گندم لے کر پہنچا ہے۔
تینوں جہازوں سے ڈیڑھ لاکھ ٹن گندم ملک بھر میں ترسیل کی جانی ہے۔ایکسل لوڈ نفاذ سے پہلے ایک ٹرالر پر6ہزار بوری آتی تھی اب3ہزار300آئیں گی، گندم کی ترسیل میں مہنگی ہونے سے ٹرانسپورٹیشن سے نرخ میں اضافہ ہوجائے گا۔
ٹرالرز اور ٹرکوں کے کرائے میں اضافے سے گندم کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا، ایکسل لوڈ کے باعث خوردنی تیل، درآمدی لوہا سمیت دیگراشیا کی ترسیل بھی رک گئی۔
ایوسی ایشن کے عہدیدار حماد پونا والانے بتایاکہ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس نے ایکسل لوڈ کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، ٹرک کو صرف 27ٹن وزنی لوہا لیجانے کی شرط سے امپورٹرز پریشان ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 10وہیلر خالی لوڈنگ گاڑی کا وزن 14سے15 ٹن ہوتا ہے، امپورٹر چھوٹا اسٹیل کوائل بھی لوڈ کرے تو کم ازکم وزن35ٹن ہے، آئرن اسٹیل مرچنٹ کے مطابق ایکسل لوڈ نفاذ کی صورتحال میں درآمد کنندہ سامان کیسے لوڈ کرسکتے ہیں؟