نوازشریف نے عمرہ کی سعادت حاصل کرلی



پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے عمرہ  کی سعادت حاصل کر لی ۔

مسلم لیگ ( ن ) کے قائد میاں محمد نواز شریف جمعرات کے روز  لندن سے  آج سعودی عرب پہنچے تھے۔ میاں نواز شریف  سعودی عرب میں پانچ  دن قیام کریں گے، جس کے بعد وہ  دبئی جائیں گے اور وہاں سے 21  اکتوبر کو خصوصی طیارے کے ذریعے  وطن واپس آئیں گے۔

 

جے یو آئی کا یوم طوفان اقصیٰ منانے کااعلان ، نماز جمعہ کے بعد مظاہروں کی کال دے دی



جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملک بھر میں یوم طوفان اقصی منانے کا اعلان کردیا۔ جمعیت علمائے اسلام کے کارکن ملک بھر میں نمازجمعہ کے بعد فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالیں گے۔

مولانافضل الرحمان نے 14اکتوبرکو پشاور میں ہونے والی مفتی محمود کانفرنس کو بھی فلسطینی بھائیوں کے حق میں بڑے مظاہرے میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا۔

جے یوآئی سربراہ کاکہناتھا کہ سرزمین فلسطین پر آگ بھڑک اٹھی ہے ۔فلسطینی بچے بوڑھے خواتین اور عام شہریوں پر بمباری کی جارہی ہے ۔ مکانات ،پانی کے ذخائر اور ہسپتالوں پر بمباری کی جارہی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے اپیل کی کہ ہر مسلمان مظلوم فلسطینیوں کے حق میں کھڑے ہوکر ان کے موقف کو تقویت پہنچائے ۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل وحشی اور درندے کا کردار ادا کررہا ہے۔

پولیس نے خاتون کو نابالغ بچی سمیت حوالات میں بند کردیا۔                                                                                                                                                            



 

وکیل کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے کے دو سال پرانے کیس میں لاہور کی انویسٹی گیشن پولیس نے خاتون کو اس کی نابالغ بچی سمیت گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا۔

خاتون کے خلاف تھانہ وحدت روڈ میں مقدمہ 2021 میں درج ہوا تھا۔

مقدمہ خاتون اور ایک شخص پر دھمکیاں دینے کی دفعات کے تحت درج ہوا تھا۔ویمن پولیس نے 506 بی کے مقدمہ میں خاتون کو گرفتار کرکے بچی سمیت حوالات میں بند کیا

سویڈن نے قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے مجرم کو پہلی بار سزا سنادی



سویڈن کی عدالت نے شہری کو 2020 میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے ذریعے نسلی منافرت بھڑکانے کے الزام میں مجرم قرار دیا۔

یہ پہلا موقع ہے جب سویڈن کے عدالتی نظام نے قرآن مجید کی بے حرمتی کے الزام میں مقدمہ چلایا ہے۔

وسطی سویڈن کی لنکوپنگ ڈسٹرکٹ کورٹ نے 27 سالہ شخص کو مجرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے اقدام نے ”مسلمانوں کو نشانہ بنایا تھا نہ کہ اسلام کو ایک مذہب کے طور پر“۔

یاد رہے کہ 2020 کو سویڈن کے مالمو کے علاقے روزنگارڈ میں سیکڑوں مشتعل مظاہرین نے دوران احتجاج ٹائر اور پیلٹ جلائے اور ساتھ ہی آتش بازی بھی کی تھی۔

یہ احتجاج اس وقت کیاگیا جب جنوبی سویڈش شہر مالمو میں قرآن مجید کی بےحرمتی کی گئی تھی۔ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچا جس کے بعد بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے اور سیکڑوں افراد گھروں سے نکلے۔

عدالت کی جانب سے مجرم قرار دیے گئے شخص نے ستمبر 2020 میں لنکوپنگ کیتھیڈرل کے باہر ایک ویڈیو کلپ ریکارڈ کیا تھا جس میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی اور پھر ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ٹوئٹر اور یوٹیوب پر شائع کیا۔

بی بی سی کا حماس کے کارکنوں کو دہشتگرد لکھنے سے انکار



برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے حماس کے کارکنوں کو دہشتگرد لکھنے سے انکار کر دیا۔

برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ سرکاری دباؤ بڑھنے کے باوجود بی بی سی “عسکریت پسند” کی اصطلاح استعمال کرنے پر قائم ہے۔

برطانوی شاہی خاندان اور حکومت حماس کے لیے دہشتگرد کی اصطلاح استعمال کرنے پر بضد ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی طیارے مسلسل غزہ پر بمباری کر رہے ہیں ، جس کے نتیجے میں شہادتوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ، شہدا میں سینکڑوں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ، لڑائی کے نتیجے میں لاکھوں لوگ بے گھر بھی ہو چکے ہیں ، اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں بمباری سے بے گھر ہونے والوں کی تعداد ساڑھے 3 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

سعودی عرب، ایران اور ترکی کااسرائیلی کوجنگی جرائم سے روکنے پر اتفاق



ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا امن معاہدے کے بعد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے پہلا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی جنگی جرائم ختم ہونے چاہئیں۔

دریں اثنا سعودی ولی سے ترک صدررجب طیب ایردوان کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان غزہ اور گرد و نواح میں کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب کشیدگی روکنے کے لیے مشترکہ کوششیں کر رہا ہے۔

ورلڈ کپ ، جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو بڑے مارجن سے ہرا دیا



 ورلڈ کپ کے دسویں میچ میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو 134 رنز سے شکست دے دی۔

جنوبی افریقا کے 312 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری آسٹریلوی ٹیم 41 ویں اوور میں 177 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ورلڈکپ میں جنوبی افریقا کی یہ مسلسل دوسری کامیابی جبکہ آسٹریلیا کی مسلسل دوسری شکست ہے۔

لکھنو کے  رتن شری اٹل بہاری واجپائی ایکانا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔

جنوبی افریقا نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے، ڈی کوک 109 اورایڈم مارکرم 56 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، اوپنر بلے باز ڈیوڈ وارنر 13 رنز بنا کر لونگی نگیڈی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ مچل مارش 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

 سٹیون سمتھ بھی ٹیم کو سہارا دینے میں ناکام رہے اور 19 رنز بنا کر کاگیسو ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو جبکہ جوش انگلس5 رنز بنا کر ربادا کی گیند پر بولڈ ہوگئے، دیگر کھلاڑیوں میں مارکس سٹوئنس5 اور گلین میکسویل 3 رنز بنا کر چلتے بنے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا نے 3، کیشو مہاراج ، مارکو جانسن اور تبریز شمسی نے 2،2 جبکہ لونگی نگیڈی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مغل بادشاہ کی طرح عمران خان کی قید یا رہائی کا حکم نہیں دے سکتا ، انوار الحق کاکڑ



نگران ویراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ جنوری میں الیکشن سے متعلق بہت مطمئن ہوں ، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی قید یا رہائی کے حوالے سے میں مغل بادشاہ کی طرح کوئی فرمان جاری نہیں کر سکتا۔

 ایک انٹرویو میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں ہمیں دو چیلنجز درپیش ہیں ، ایک چیلنج سکیورٹی ا اور دوسرا گورننس کا ہے، گورننس پر بات کریں تو صوبہ کہتا ہے وسائل محدود ہیں، وسائل کم ہونا ایک پہلو ہے، وسائل کی بے انتظامی زیادہ بڑا مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوری الگ ہو رہی ہے اور مالی بدانتظامی بھی ہے، ان دونوں پہلوؤں پرتوجہ دینے سے ورننس کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

صحافی کے اس سوال کہ آپ نے ایسے ملکوں کا ذکرکیا جہاں آئین نہیں ،کیا آئین سے اختلاف ہے؟ اس پر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ آئین سے قطعاً اختلاف نہیں، آئین کی تاریخ پر دنیا میں علمی بحث چل رہی ہے۔

الیکشن سے متعلق سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی مشق بہت حدتک پوری کر چکا ہے، الیکشن کمیشن کی مشقوں میں حلقہ بندیاں اور اس سے جڑے معاملات ہیں ، اس کے علاوہ الیکشن کرانے کے لیے جو پیسے چا ہئیں اس پر بھی ان کی تیاری پوری ہے، مالی ضروریات کے لیے الیکشن کمیشن کے مذاکرات وزارت خزانہ کے ساتھ چل رہے ہیں۔

بھارتی میجر بائولا ہو گیا : اپنے چار افسروں سمیت 6 فوجیوں کو زخمی کر دیا



بھارتی فوج کے میجر نے حملہ کرکے چار افسران سمیت 6 فوجیوں کو زخمی کردیا، میجر نے فائرنگ کے ساتھ گرنیڈ بھی پھینکے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی نفسیاتی مریض بن گئے ہیں، اور صرف 6 ماہ کے دوران 3 بار ایک دوسرے پر قاتلانہ حملے کرچکے ہیں۔
تیسرے واقعے میں مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج کے میجر نے اپنے ہی ساتھیوں پر حملہ کردیا، جس میں چار افسران سمیت چھ فوجی زخمی ہوگئے، اور ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ راجوڑی کے تھانہ منڈی ایریا میں پیش آیا، جہاں بھارتی میجر نے اپنے ساتھیوں پر فائرنگ کے ساتھ گرنیڈ بھی پھینکے، اور متعدد فوجیوں کو یرغمال بھی بنائے رکھا۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی میجر ساتھیوں پر فائرنگ کرنے کے بعد یونٹ کے اسلحہ خانے کی جانب فرار ہوگیا اور اس میں پناہ لے لی، جب کہ اپنے ہی میجر کی بغاوت کے بعد قابض بھارتی فوج نے گھبرا کر قریبی دیہات خالی کر دیئے۔

میانمار: فوج کی پناہ گزین کیمپ پر گولہ باری؛ خواتین اور بچوں سمیت 29 ہلاک



میانمار میں مارشل لا مخالف عسکری تنظیم کاچن انڈیپنڈنس آرمی کے زیر انتظام علاقے میں ایک بے گھر کیمپ پر فوج نے گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک ہوگئے۔
میانماز میں فروری 2021 میں فوجی بغاوت کے بعد قائم ہونے والی مارشل لا حکومت نے احتجاج مظاہروں کو روکنے کے لیے طاقت کا بے دریغ استعمال شروع کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تازہ واقعے میں ایک بے گھر کیمپ کو میانمار کی فوج نے نشانہ بنایا۔ اقتدار پر قبضے کے بعد سے عام شہریوں پر یہ سب سے مہلک حملہ تھا۔
شیڈو نیشنل یونٹی گورنمنٹ اور ینگون میں برطانوی سفارت خانے نے بے گھر کیمپ پر گولہ باری کا ذمہ دار ملکی فوج کو ٹھہرایا جب کہ کاچن انڈیپینڈنس آرمی نے اسے نسل کشی قرار دیا۔
امریکا نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا جب کہ اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس نے ذمہ داروں کو اس قتل عام کا حساب دینا چاہیے۔
تاہم میانمار میں جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار سنبھالنے والی فوجی قیادت نے اس الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

’’تمھاری جوتیاں تمھارا سر‘‘:حماس نے اسرائیلی ہتھیار ہی صہیونیوں پر برسا کردھول چٹا دی



حماس کے پاس اسرائیل جیسی طاقتور فوج کو تگنی کاناچ نچانے والے ہتھیار کہاں سے آئے۔؟ امریکی رپورٹ میں حماس رہنما نے خود صاف صاف بتادیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق حیران کن بات یہ ہے کہ حماس کیسے اسرائیلی، مصری، سعودی انٹیلی جنس سے بچتے ہوئے ہزاروں راکٹس جمع کرلیتی ہے۔ یہ راکٹس اُن تک کیسے پہنچتے ہیں اور پھر کس طرح اُن کو فائر کرتے ہیں؟
ان سوالوں کے کھوج میں لبنان میں مقیم حماس کے ایک سینئر کمانڈر نے بالکل ہی الگ بات بتائی، ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ہر قسم کے ہتھیار تیار کرنے کے لیے مقامی سطح پر الگ الگ فیکٹریاں ہیں۔ حماس کے بیرون ملک قومی تعلقات کے سربراہ علی براکا نے بتایا کہ ہمارے پاس مارٹر اور ان کے گولوں، اسی طرح کلاشنکوف اور ان کی گولیاں بنانے کی فیکٹریاں ہیں اور یہ گولیاں ہم غزہ میں بنا رہے ہیں۔
ہمارے پاس 250 کلومیٹر، 160 کلومیٹر، 80 کلومیٹر، اور 10 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے راکٹس بنانے کی فیکٹریاں بھی ہیں۔ ان فیکٹریوں میں ماہر افراد موجود ہیں جنھوں نے ہمیں اسلحہ سازی میں خود کفیل کردیا ہے۔
واشنگٹن انسٹی ٹیوٹ کے احمد فواد نے سی این این کو بتایا کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے تباہ ہونے والی عمارتوں سے نکلنے والا سریہ، وائرنگ اور ملبہ وغیرہ بھی حماس کے ہتھیاروں کی تیاری میں کام آتا ہے۔غزہ میں نہ پھٹ سکنے والے اسرائیلی راکٹس اور گولہ بارود بھی حماس کےلیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ یہ جنگی سامان پھر اسرائیل کے ہی خلاف استعمال ہوتا ہے۔اسرائیلی جنگی سازوسامان کا دوبارہ استعمال بھی حماس کی سپلائی چَین میں اضافہ کرتا ہے۔
حماس کے اسرائیل پر پُراسرار انداز میں کیے گئے طوفان اقصیٰ کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ دنیا بھر کی انٹیلی جنس دھری کی دھری رہ گئیں اور مٹھی بھر جانبازوں نے اسرائیل کو دھول چٹا دی۔

سائفر مقدمہ جنرل باجوہ اور ڈونلڈ لو کو بچانے کے لئے گھڑا گیا، عمران خان کی ہرزہ سرائی



سابق وزیراعظم عمران خان کے جیل جانے کے بعد ان کے سوشل میڈیا اکائونٹ سے پہلی مرتبہ بیان جاری کردیا گیا جس میں سائفر کیس، گرفتار کارکنوں،جیل کے حالات سے متعلق بات کی گئی ہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ سائفر کا مقدمہ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ اور ڈونلڈ لُو کو بچانے کے لیے گھڑا گیا ۔
سابق وزیراعظم کا کارکنوں کومخاطب کرتے ہوئے مجھے جیسے حالات میں رکھیں آپ نے گھبرانا نہیں۔ اپنی دھرتی کو چھوڑ کر کہیں نہیں جاؤں گا۔میری عدلیہ سے اپیل ہے کہ ہمارے کارکنوں کو رہائی دلائی جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہناتھا کہ آج کے عمران خان اور 5 اگست کو قید ہونے والے عمران خان میں زمین آسمان کا فرق ہے۔جب 5 اگست کو مجھے اٹک جیل میں قید کیا گیا تھا تو ابتدائی چندروز میرے لیے خاصے مشکل تھے، سونے کے لیے بستر نہیں تھا اور مجھے فرش پر لیٹنا پڑتا تھا۔ جیل میں دن کے وقت کیڑے مکوڑے اور رات کو مچھر ہوتے تھے، تاہم اب میں ایڈجسٹ ہوگیا ہوں۔
میں آج روحانی، ذہنی اور جسمانی طور پر پہلے سے مضبوط اور طاقتور ہوں،جیل کی تنہائی میں مجھے قرآنِ کریم اوردیگر کتب کا مطالعہ کرنے کا موقع ملا، اپنی سیاسی زندگی کے گزشتہ چند برسوں کے واقعات پرغورکر رہا ہوں۔