عمران خان نے بیرسٹر علی ظفر کے ذریعے اہم پیغام دے دیا، عدالتی فیصلے پر اطمینان



اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے پریکٹس اینڈ پروسیجرایکٹ کے بارے میں عدالتی فیصلے پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے انتخابات کے لئے بھی سپریم کورٹ سے امید لگالی۔
اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد بیرسٹر علی ظفر نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سپریم کورٹ کے کل کے فیصلے سے مطمئن ہیں کہ ماضی کے کیس نہیں کھلیں گے اور انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تو الیکشن نہیں کرائے اب ساری نظریں سپریم کورٹ پر ہیں، انہوں نے کہا اپیل کا حق ہونا چاہیے یہ درست فیصلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کامطالبہ ہے 90 دن میں انتخابات سے متعلق پٹیشن کو سماعت کیلئے مقرر کیا جائے، الیکشن وقت پرہوں اورسپریم کورٹ کی سپر ویژن میں ہوں۔
علی ظفرکاکہناتھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے، انہوں نے پیغام دیا ہے کہ ملک معاشی بحران کا شکارہے اور ملک کو اس وقت مقبول رہنما کی ضرورت ہے، مقبول لیڈر صرف انتخابات کے ذریعے آسکتا ہے۔

احمد آباد ، پاک بھارت میچ کے جعلی ٹکٹ بیچنے والے 4 افراد گرفتار



بھارت کے شہر احمدآباد میں پاک بھارت میچ کے جعلی ٹکٹ بیچنے والے 4 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 14 اکتوبر کو احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

 خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جعلی ٹکٹ 25 گنا مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں،رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ احمدآباد میں ہوائی جہازوں کے کرایوں میں بھی 4 گنا اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ بھارتی ریلوے نے ممبئی اور احمد آباد کے درمیان 2 سپر فاسٹ ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

میچ والے دن احمد آباد شہر کو نو ڈرون زون قرار دیا گیا، پاک بھارت میچ کے دن شہر میں ڈرونز کے اڑانے پر مکمل پابند ی لگائی گئی۔ میچ والے دن 11 ہزار سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

عالمی برادری نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے کوششیں تیز کر دیں



غزہ میں جنگ بندی کے لیے عالمی سطح پر کوششیں تیز ہو گئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل اور فلسطین تنازع پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہو گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا، متحدہ عرب امارات، ایران، ترکی اور اردن کے سربراہوں کے اس حوالے سے رابطے ہوئے ہیں جس میں بڑھتے تشدد اور کشیدگی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اماراتی صدر شیخ محمد بن زید النہیان اور امریکی صدر جوبائیڈن کے ٹیلی فونک رابطے میں کشیدگی فوری کم کرنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی ہم آہنگی پر غور کیا گیا جبکہ شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دینے اور انسانی امداد کی ترسیل کے لیے محفوظ راہداری کھولنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

علاوہ ازیں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے جنگی جرائم کے خاتمے پر اتفاق کیا۔

سعودی ولی عہد نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو بھی ٹیلی فون کرکے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی،ادھر متحدہ عرب امارات اور ایران کے وزرائے خارجہ کی ٹیلیفونک گفتگو  میں عام شہریوں کے تحفظ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے اسرائیل حماس جھڑپوں میں ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ فلسطین کی سرزمین فلسیطینیوں کی ہے اور انھیں ایک آزاد ریاست کا مکمل حق حاصل ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن اسرائیل پہنچ گئے ہیں، وہ کل عمان میں فلسطینی صدر محمود عباس اور اردن کے شاہ عبداللّٰہ دوم سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

نگران حکومت حویلی بہادرشاہ اور بلوکی پاور پلانٹس کی نجکاری نہیں کرے گی



حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ شیئر کیے جانے والے پلان میں 2 ایل این جی پاورپلانٹس کی نجکاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ حویلی بہادرشاہ اور بلوکی پاور پلانٹس کی نجکاری کی کمنٹمنٹ تھی لیکن نگران حکومت کے دوران ان پاورپلانٹ کی نجکاری نہیں کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف نے پاورپلانٹس سمیت حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری کامطالبہ کیا ہے اور پاورپلانٹس کی نجکاری نہ ہونے پرآئی ایم ایف اقتصادی جائزے میں سخت مطالبات کر سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی تجویزتھی کہ پاورپلانٹس کی نجکاری سے زرمبادلہ ذخائر بڑھیں گے تاہم ان دونوں دونوں پاور پلانٹس کی نجکاری کا فیصلہ آئندہ منتخب حکومت کرے گی۔

کل سے بارش، ژالہ باری اور برفباری کی پیش گوئی



محکمہ موسمیات نے 14 تا 17 اکتوبر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 13 اکتوبر کو مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، یہ ہوائیں 14 اکتوبر کی رات تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں تک پھیل جائیں گی، 13 سے 17 اکتوبرکے درمیان خیبرپختونخوا کے بلند پہاڑوں پر برف باری اور میدانی علاقوں میں ژالہ باری کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، بونیر ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، نوشہر اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش اور آندھی متوقع ہے، 13 سے 17 اکتوبر کے دوران اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، مری، گلیات، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ میں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
مزید کہاگیا ہے کہ 16 سے 18 اکتوبر کے دوران لیہ، بھکر، کوٹ ادو، راجن پور، بہاولپور اور رحیم یارخان میں بارش متوقع ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے ایک اور خطرناک اثر کا انکشاف



اقوام متحدہ کے عالمی موسمیاتی ادارے (ڈبلیو ایم او) نے موسمیاتی تبدیلیوں کے ایک اور خطرناک اثر کا انکشاف کیا ہے۔
عالمی ادارے کی جانب سے جاری اسٹیٹ آف گلوبل واٹر ریسورسز رپورٹ میں بتایا گیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آبی چکر (تبخیر اور تکثیف کے ذریعے سطح زمین پر پانی کی گردش) کا توازن تیزی سے بگڑ رہا ہے۔
ڈبلیو ایم او کے سیکرٹری جنرل پروفیسر Petteri Taalas نے بتایا کہ ‘ہم کچھ خطوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کو دیکھ رہے ہیں اور کچھ حصوں میں زیادہ پانی بخارات بن کر اڑ رہا ہے، جس سے سطح خشک ہو رہی ہے اور خشک سالی شدت بڑھ گئی ہے’۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہماری دنیا کے 50 فیصد سے زیادہ آبگیری علاقوں (وہ علاقے جہاں کا پانی بہہ کر کسی دریا میں جاتا ہے) میں دریائی پانی کی سطح میں کمی آئی ہے اور زیادہ تر حصے معمول سے زیادہ خشک ہو گئے ہیں، جس کی ایک مثال چین کا دریائے Yangtze ہے۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ دوسری جانب کچھ خطے جیسے پاکستان میں گزشہ سال سیلاب کے باعث 17 سو سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔
ڈبلیو ایم او کا کہنا تھا کہ ہم ابھی دنیا کے تازہ پانی کے ذخائر کی حقیقی حالت کے بارے میں بہت کم جانتے ہیں۔
عالمی ادارے کی جانب سے پانی کی صورتحال کے حوالے پالیسیوں میں بنیادی تبدیلی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

لاہور میں پی ٹی آئی جلسے کی درخواست پر فیصلے کا حکم



لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شہر میں جلسے کی اجازت سے متعلق فیصلہ کر کے جمعہ 13 اکتوبر کے روز رپورٹ عدالت میں جمع کروائے۔
تحریک انصاف کی جانب سے ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک میں عنقریب عام انتخابات کا انعقاد ہونے جا رہاہے اور تحریک انصاف اس ضمن میں الیکشن کے لیے اپنے منشور کا اعلان جلسے میں کرنا چاہتی ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق 15 اکتوبر کو لاہور میں اس متوقع جلسہ کے لیے ‏ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر ذمہ داران کو درخواستیں دی گئیں تاکہ اجازت نامہ مل سکے تاہم لبرٹی چوک میں جلسے کی اجازت نہیں دی گئی۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کے لیے آئین ہر سیاسی جماعت کو عوامی رابطے کی اجازت دیتاہے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ‏اجازت نہ ملنے سے جلسے کے انتظامات کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ڈپٹی کمشنر لاہور کو یہ جلسہ کرنے کی اجازت دینےکا حکم دے۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنرلاہور کو جلسے کی درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ عدالت میں جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔

ایک تولہ سونے کی قیمت میں7800 روپے کی بڑی کمی



پاکستان میں سونے کی قیمت میں جمعرات کے روز بڑی کمی ریکارڈ کی گئی جب ایک تولہ سونے کی قیمت 7800 روپے کمی کے بعد 197200 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔
ملک میں سونے کی قیمت میں اُس وقت کمی ریکارڈ کی گئی جب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے اور عالمی مارکیٹ میں ایک اونس سونے کی قیمت 1885 ڈالر کی بلند سطح پر موجود ہے۔
سونے کی تجارت سے منسلک افراد کے مطابق سونے کی قیمت میں کافی اضافہ ہو چکا تھا جس کے بعد ستمبر کے مہینے اور اکتوبر کے پہلے ہفتے میں صرافہ بازار بند رہا جب حکومت کی جانب سے سونے کے کاروبار میں سٹے کی اطلاعات کے بعد کارروائی کا اعلان کیا گیا تھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مارکیٹ کے کھلنے کے بعد سونے کی قیمت کو انٹر بینک ڈالر کے ساتھ منسلک کر دیا گیا جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں کمی کی وجہ سے سونے کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ماہرہ خان نے شادی کی مزید تصاویر جاری کردیں



رواں ماہ اپنے قریبی دوست سلیم کریم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں ہونے والی سُپر اسٹار ماہرہ خان نے اپنی شادی کی تقریبات کی مزید تصاویر جاری کردی ہیں۔
ماہرہ خان نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی نئی تصاویر پوسٹ کی ہیں جن میں وہ پیلے رنگ کی ساڑھی میں ملبوس ہیں جبکہ اُن کے ہاتھوں پر مہندی بھی لگی ہوئی ہے۔اداکارہ نے تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘میری خدیجہ نے میرے لیے یہ ساڑھی تیار کی، میں تمہارے لیے ہر دن دعا کرتی ہوں۔ماہرہ خان کی تصاویر پر جہاں شوبز شخصیات کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے
سلیم کریم کے ساتھ ماہرہ خان کی یہ دوسری شادی ہے، ماہرہ خان کی پہلی شای سال 2007 میں علی عسکری کے ساتھ ہوئی تھی جن سے اداکارہ کا ایک بیٹا اذلان بھی ہے لیکن اُن کی پہلی شادی صرف 8 سال تک رہ سکی اور 2015 میں طلاق ہوگئی تھی

دو بہنوں کاریپ کرنے والے ڈاکو مقابلے میں ہلاک



شیخوپورہ میں ڈکیتی کے دوران 2 بہنوں سے زیادتی کرنے والے 5 ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔
ڈی پی او شیخو پورہ زاہد نواز کے مطابق سرگودھا شیخوپورہ بائی پاس پر پولیس مقابلے کے دوران ملزمان نے پولیس وین پر فائرنگ کی تو پولیس نے گھیراؤ کرلیا ۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران زیر حراست ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ ہلاک ملزمان دوران ڈکیتی خواتین سے زیادتی کرتے تھے اور اس طرح کے متعدد واقعات میں ملزمان کی شناخت ہوئی ہے اور ڈی این اے بھی میچ ہوئے ہیں۔ ملزمان نے ایک ماہ قبل ڈکیتی کے دوران 2 بہنوں کا ریپ کیا تھا۔

لاہورپولیس کاسرکاری ملازمین کے دھرنے پردھاوا،100 سے زائد گرفتار



لاہور میں پولیس نے احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین پردھاوا بول کر خواتین سمیت 100 سے زائد مظاہرین کوگرفتارکرلیا۔سرکاری ملازمین پنشن رولز میں ترامیم کے خلاف سول سیکرٹریٹ کے باہر احتجاج کررہے تھے ۔
پولیس کادعویٰ ہے کہ سیکرٹریٹ چوک میں موجود مظاہرین ڈنڈوں سے لیس تھے۔ پولیس نے مظاہرین کے کیمپ پر رات کے وقت دھاوا بول کر49 افراد کو موقع سے حراست میں لے لیاجبکہ بعض اطلاعات کے مطابق 100 سے زائد افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ مظاہرین کے خلاف تھانہ اسلام پورہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت، اقدام قتل، پولیس پر حملے سمیت دیگردفعات کوشامل کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ڈنڈوں سے لیس افراد نے پولیس پارٹی پر حملہ کیا ، سرکاری ہیلمٹ اور دیگر سامان چھین کر پولیس اہلکاروں کی وردیاں پھاڑ دیں۔
دوسری طرف یہ بھی اطلاعات ہیں کہ دھرنے کے منتظمین پولیس آپریشن سے قبل ہی غائب ہوگئے تھے ۔

امریکی وزیر خارجہ اسرائیل پہنچ گئے



حماس اور اسرائیل کی جنگ کے دوران امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن انتہائی اہم دورے پراسرائیل پہنچ گئے ۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکا نے لڑاکا طیارہ بردار ایک بحری جہاز اسرائیل روانہ کیا تھا اورجمعرات کو امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن خود اسرائیل پہنچ گئے ہیں ۔
امریکی وزیر خارجہ ایسے موقع پر اسرائیل پہنچے ہیں جب حماس کے اسرائیل پر حملے میں 22 امریکی شہریوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔
وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن کی اسرائیل آمد حماس کے خلاف صیہونی ریاست کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلانا ہے جب کہ ایک اور طیارہ بردار بحری جہاز بھی بھیج کر اسرائیل کی فوجی مدد کی جائے گی۔