ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 10 ہزار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سیکریٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے بتایا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔
اعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بجلی چوروں کے خلاف اب تک 23 ہزار 152 مقدمات درج ہوئے اور 14 ارب 33 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی ہے۔
راشد لنگڑیال نے کہاکہ لیسکو میں 3 ارب 85 کروڑ روپے ریکور کیے گئے ہیں اور اس دوران 2 ہزار 961 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران حیسکو میں 2 ارب 69 کروڑ روپے ریکور ہوئے جبکہ پیسکو میں کریک ڈائون کے دوران 2 ارب 42 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی ہے۔
راشد لنگڑیال نے بتایا کہ 75 فیصد مجموعی چوری کے باوجود سندھ اور خیبر پختونخوا سے صرف 725 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔