پاکستان میں ایک بار پھر مہنگائی کی شرح 31.44 فیصد پر پہنچ گئی ہے، ستمبر کے دوران ملک میں مہنگائی کی شرح میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق ماہ ستمبر کے دوران شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 1.67 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ستمبر میں دال لوبیا7.1 فیصد، دال ماش 9.46، چینی 10.8، سبزیاں 11.7، دال مسور 19.8 اور پیاز 39.3 فیصد مہنگا ہوا۔
اس کے علاوہ پیٹرولیم مصنوعات 11.3 جبکہ ایل پی جی کی قیمت میں 9.2 فیصد اضافہ ہوا جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کے کرائے 4.2 فیصد بڑھ گئے۔
ادارہ شماریات نے بتایا ہے کہ ستمبر 2022 سے ستمبر 2023 تک بجلی کی قیمت میں 163.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ چینی 93.4، آٹا 87.5 اور چائے کی قیمت میں 83.6 فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات نے بتایا ہے کہ ایک سال کے دوران ملک میں ٹرانسپورٹ کے کرائے 55.6 فیصد بڑھے، اس کے علاوہ اسٹیشنری 42.7 جبکہ گھریلو سامان کی قیمت میں 38.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔