اسلام آباد(این این آئی)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ریاست کی رٹ قائم کرنے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے، ہر ایک پاکستانی شہری کی جان و مال سب سے مقدم ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہر اعتبار سے تاریخی تھا، اجلاس میں تمام وفاقی اور صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان ایک چھت تلے موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ غالباً یہ پہلی دفعہ تھا کہ ملک کے تمام قانون نافذ کرنے والے چھوٹے اور بڑے ادارے اس میٹنگ کا حصہ تھے، اجلاس کے دوران بڑی کلیریٹی اورغیر مبہم انداز میں بات چیت کی گئی ۔ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ایک پاکستانی شہری کی جان و مال اور فلاح و بہبود کسی بھی دوسرے ملک اور کسی بھی دنیاوی مفاد سے مقدم ہے۔ آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان کے پاس صرف ایک ہی آپشن ہے، ہمیں ان چیلنجز کے سامنے کھڑے ہونا ہے، ہم ریاست کی عمل داری قائم کرنے کے لیے انتہائی اقدام تک جائیں گے۔ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے آخر میں آرمی چیف نے اقبال کا یہ شعر بھی پڑھا کہ ”نہ سمجھو گے تو مٹ جاؤ گے اے ہندوستان والو، تمہاری داستاں تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں”۔