مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف انتقام لینے نہیں، ملک کی ترقی کے لیے آ رہے ہیں، عوام تاریخی استقبال کریں۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف نے ملک سے اندھیرے ختم کیے، نواز شریف نے 5 ارب ڈالر کی آفر ٹھکرا کر ایٹمی دھماکے کیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف دور میں چینی 52 روپے کلو اور مہنگائی نام کی کوئی چیزنہیں تھی، نوازشریف کا جرم تھا کہ انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں تاریخی دھاندلی ہوئی، نوازشریف کی واپسی سے ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہو گا ، جہاں رکا تھا۔
شہباز شریف نے عوام سے کہا کہ وعدہ کریں 21 اکتوبر کو نواز شریف کا تاریخ کا سب سے بڑا استقبال کرنا ہے، نواز شریف کے ساتھ جان لڑاؤں گا اور دن رات کام کریں گے۔ شہبازشریف کا کہناتھا کہ نوازشریف واپس آکر کسی سے انتقام نہیں لیں گے انہوں نے اپنا معاملہ اللہ پرچھوڑ دیا۔