کراچی(این این آئی) دبئی میں پاکستانیوں کی تیار کردہ مصنوعات نے ساری دنیا کی توجہ حاصل کرلی ۔
پیر 2 اکتوبر سے بدھ4اکتوبر تک جاری رہنے والی نمائش آٹو میکانیکا دبئی میں اختتام پذیر ہوگئی۔ نمائش میں6پاکستانی مینوفیکچررز گندھارا ٹائرز، حسین انجینئرنگ ورکس، پاکستان ایکومیولیٹرس، پینتھر ٹائرز، رستگار انجینئرنگ، اور تھل انجینئرنگ نے اپنی تیار کردہ مصنوعات دنیا بھر سے آئے ہوئے خریداروں کے سامنے پیش کیں۔تفصیلات کے مطابق آٹو میکانیکا دبئی 2023 بدھ کو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں مسلسل تین روز تک جاری رہنے کے بعد ختم ہوگئی ۔
آٹو میکانیکا دبئی 2023 کے 20ویں ایڈیشن میں 61 ممالک اور 20 سرکاری پویلینز سے 1,938 نمائش کنندگان یکجا ہوئے۔ یہ نمائش 14 ہالز پر محیط تھی، جس میں 154 ممالک سے آئے ہوئے 45,000 عالمی سامعین کے سامنے مختلف قسم کی جدید مصنوعات، خدمات اور ٹیکنالوجیز کی نمائش کی گئی۔آٹومیکانیکا دبئی میں آٹھ خصوصی پروڈکٹ سیکشنز بھی شامل ہیں ـ پرزے اور اجزاء ، الیکٹرانکس اور سسٹمز، لوازمات اور کسٹمائزنگ، ٹائر اور بیٹریاں، کار واش اینڈ کیئر، تیل اور چکنا کرنے والے سامان، تشخیص اور مرمت اور باڈی اینڈ پینٹ وغیرہ میںخریداروں کی دلچسپی دیکھی گئی۔
پاکستان سے اس نمائش میں مجموعی طور پر 200 سے زائد وزیٹرز نے شرکت کی۔