ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم تمام افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، صرف افغان مہاجرین کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ بھارت پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث ہے اور ہمیشہ مخالف پروپیگنڈے میں مصروف رہتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی ٹیم کو سیکیورٹی کی فراہمی بھارتی حکومت کی ذمے داری ہے۔
ممتاز زہرا نے کہاکہ پاکستان افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے خلاف نہیں بلکہ اس کے غلط استعمال کے خلاف ہے۔ ہماری افغان مہاجرین سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ ہم غیر قانونی مہاجرین کے خلاف ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ تبت میں ہونے والی عالمی کانفرنس کے موقع پر پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات ہو گی جس میں دوطرفہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ممتاز زہرا نے انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نگراں حکومت شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔