نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ عدالت کہتی ہے نواز شریف کو گرفتار کر کے جیل بھیجیں تو حکم پر عمل کریں گے۔
نجی تی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ابھی نہیں لگتا کہ نواز شریف کو کوئی بڑا ریلیف ملے گا، تمام فیصلے ہمیشہ کیلئے نہیں ہوتے بلکہ کچھ تبدیل بھی ہو جاتے ہیں، مستقبل میں کیا ہوگا اس سے متعلق کچھ کہا نہیں جا سکتا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ انتظار کریں گے نواز شریف آنے سے پہلے اپنے دفاع کیلئے کیا کریں گے، عدالت کہتی ہے نواز شریف کو گرفتار کر کے جیل بھیجیں تو حکم پر عمل کریں گے، اگر عدالت ان کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دیتی ہے تو اس پر بھی عمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عدالت کے فیصلے اور قانون کے مطابق سابق وزیر اعظم کی واپسی پر فیصلہ کریں گے، ان کو عدالت نے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی، وہ کوئی ڈیل کر کے گئے تھے یا نہیں اس بارے میں نہیں معلوم۔۔۔۔۔۔
نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ٹیکنیکل ناک آؤٹ کیا گیا یا نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو باہر ہماری حکومت نے نہیں رکھا، ان کو باہر رکھنے کا کام پہلے سے ہی شروع تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی اسمبلی نہ چھوڑتے تو نگراں وزیر اعظم کا انتخاب کوئی اور کرتا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پی ٹی آئی جلسہ کرنا چاہتی ہے تو انہیں اجازت ملنی چاہیئے، اگر انہیں اجازت نہیں ملتی تو مختلف پلیٹ فارم موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جلسے کی اجازت تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو ہونی چاہیئے، جو ادارے میرے ماتحت ہیں ان پر پی ٹی آئی کے جلسے کی کوریج ہوگی، سرکاری ٹی وی پر بھی جلسہ دکھایا جائے گا۔