اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے لیے حتمی تاریخ کا اعلان نہ کیے جانے پر بڑھتی ہوئی تنقید کے پیش نظر الیکشن کمیشن کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ ایسا کرنا تکنیکی طور پر ممکن نہیں تھا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایک عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے دلیل دی کہ انتخابات کی تاریخ کا باضابطہ اعلان باقاعدہ مراحل کا ایک سلسلہ شروع کر دیگا جس کیلئے انتخابات سے قبل مخصوص ٹائم لائنز پر عمل کرنا ہوگا۔
اس جواز کی وضاحت کرتے ہوئے عہدیدار نے کہا کہ الیکشنز ایکٹ کے سیکشن 57 کے تحت پولنگ کی تاریخ کے اعلان کے بعد انتخابی شیڈول جاری کیا جانا چاہیے، جو پورے انتخابی عمل کو متحرک کرتا ہے۔
اس میں کاغذات نامزدگی جمع کرنا، ان کی جانچ پڑتال اور ان کے قبول یا مسترد ہونے پر فیصلے اور اپیلیں شامل ہیں، ہر مرحلہ ایک مقررہ ٹائم لائن کے تحت مکمل کرنا ہوتا ہے۔