لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی بمباری سے 500سے زائد فلسطینیوں کی شہادت کے سوگ میں پارٹی قائد نواز شریف کی آمد کے سلسلے میں نئے ترانے کے اجرا ء کی تقریب منسوخ کر دی ۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ایک تقریب میں پارٹی ترانہ جاری کرنا تھا۔شہباز شریف کی ہدایت پر فلسطینیوں سے یکجہتی اور بے گناہوں کی شہادتوں پر افسوس کے اظہار کے طور پر تقریب منسوخ کی گئی۔
علاوہ ازیں اپنے ٹوئٹ میں شہباز شریف نے معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی بمباری پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال پر اسرائیلی حملے میں پانچ سو سے زائد معصوم فلسطینی جانوں کی شہادت سے صدمے کا سامنا ہے ۔
شہید ہونے والوں میں زیادہ تر بیمار بچے، خواتین اور بوڑھے تھے،اسرائیل کی نسل پرست ریاست بین الاقوامی قوانین کی پرواہ کیے بغیر فلسطینیوں کی بدترین نسل کشی کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگی جرائم کے ارتکاب کی حوصلہ افزائی کرنے والے بھی اس قتل عام میں برابر کے مجرم ہیں جنہیں تاریخ کبھی نہیں بھولے گی۔