بیجنگ: نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا تزویراتی شراکت دار ہے،پاکستان کو چین کی دوستی پر فخر ہے۔
چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انوالحق کاکڑ نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان چین تعلقات میں دراڑیں نہیں ڈال سکتی۔چین پاکستان کا تذویراتی شراکت دار ہے،شی جن پنگ کی وژنری قیادت میں پاکستان کے لئے بہت مواقع موجود ہیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں مدعو کرنے پر چینی قیادت کے مشکور ہیں ۔ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ چین کی ترقی سب کے لئے بہترین مثال ہے،چینی صدر کی گزشتہ روز کی تقریر ان کے عظیم وژن کی عکاس تھی۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔
اس موقع پر چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کا فروغ چاہتا ہے، سی پیک پاکستان اور چین کے مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔