غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کو دی جانے والے ڈیڈ لائن ختم ہونے میں ایک ہفتہ باقی رہ گیا لیکن کوئٹہ میں ان کو واپس بھجوانے کی سرگرمیاں نظر نہیں آرہی ہیں۔
غیر قانونی قیام پذیر تارکین وطن کو واپس بھیجنے کی ڈیڈ لائن میں صرف سات روز باقی ہیں لیکن کوئٹہ میں انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی دکھائی نہیں دے رہی ، غیر قانونی تارکین وطن نے اب تک نہ گھر خالی کئے اور نہ ہی کاروباری سرگرمیاں ترک کی ہیں۔
تارکین وطن نے نہ صرف واپس جانے سے انکار کرتے ہیں بلکہ یہ دعویٰ بھی کررہے ہیں کہ ’ ان کا جینا مرنا پاکستان میں ہے اور وہ ہرگز واپس نہیں جائیں گے’۔
دوسری جانب نگراں صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی اور نگراں حکومت کے ترجمان کا دعویٰ ہے کہ یکم نومبر سے پہلے غیر قانونی طور پر مقیم تمام تارکین وطن کو واپس جانا ہوگا۔غیر ملکی تارکین وطن کے بارے میں ایپکس کمیٹی میں واضح حکمت عملی تیار کی گئی تھی لیکن بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ انتظامیہ صرف خانہ پوری کررہی ہے اور با اثر تارکین وطن پر ہاتھ ڈالنے سے گریز کیا جارہا ہے۔