پشاور میں افغانستان کے قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر نے کہا ہے کہ امارت اسلامی نے فتویٰ جاری کیا ہے کہ پاکستان میں حملہ جہاد نہیں۔
قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر نے ایک نجی ٹی کو بتایا کہ امارت اسلامی نے فتویٰ جاری کیا ہے کہ پاکستان میں حملہ جہاد نہیں جبکہ افغان وزیردفاع بھی واضح کر چکے ہیں کہ پاکستان پر حملےجہاد نہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ ہم واضح کرنا چاہتے ہیں افغانستان سے پاکستان کے خلاف کوئی اقدام نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں افغان مہاجرین سے متعلق پاکستان کے فیصلہ پر اعتراض نہیں لیکن افغان مہاجرین کی واپسی کیلئے مناسب طریقہ کار اپنایا جائے تو بہتر ہوگا کیونکہ وطن واپسی کا پہلا مرحلہ یقیناً سخت ہے۔