پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ ہفتے سے سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کر لیا۔
پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کی ذیلی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ ہفتے سے دیگر سیاسی جماعتوں سے روابط کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ ہوا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سیاسی جماعتوں سے روابط، ملکی سیاسی صورتحال، سیاسی حکمتِ عملی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ پیپلز پارٹی قائدین کے لیول پلیئنگ فیلڈ اور پی ٹی آئی کے انتخابی عمل میں شمولیت کے بیانات کا جائزہ لیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا پی ٹی آئی کی شمولیت کے بغیر انتخابات تسلیم نہ کرنے کا بیان درست سوچ کا عکاس ہے۔ اجلاس میں مزید کہا گیا کہ آزادانہ، منصفانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے لیے تمام جماعتوں کے لیے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ لندن معاہدے کے تحت کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل سے باہر کرنے کے منفی اثرات ہوں گے.