سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر میں دوبارہ صدر منتخب ہوا تو پہلے ہی دن مسلمانوں پر سفری پابندیاں عائد کردوں گا۔
ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں ریپبلکن یہودی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق امریکی صدر نے کہا کہ ہم بنیاد پرست مسلمان دہشت گردوں کو اپنے ملک سے باہر رکھیں گے۔
ٹرمپ کا مزیدکہنا تھا کہ میں اسرائیل کی ریاست میں اپنے دوستوں اور اتحادیوں کا اس طرح سے دفاع کروں گا جیسا اس سے قبل کسی نے نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع تہذیب اور وحشت کے درمیان، شائستگی اور بداخلاقی اور اچھائی اور برائی کے درمیان لڑائی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو سفری پابندیاں یاد ہیں؟ صدر منتخب ہوتے ہی پہلے دن میں اپنی سفری پابندی بحال کردوں گا۔
واضح رہے کہ 2017میں اپنے عہد صدارت کے آغاز میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران، لیبیا، صومالیہ، شام، یمن اورابتدائی طور پرعراق اور سوڈان کے مسافروں کے داخلے پر بڑے پیمانے پرپابندیاں عائد کر دی تھیں۔
صدر جو بائیڈن نے 2021 میں منصب صدارت سنبھالنے کے بعد پہلے ہی ہفتے میں اس پابندی کو واپس لے لیا تھا۔