All posts by admin

بینک دیوالیہ ہونیکی صورت میں 5 لاکھ روپے تک کی رقم کو قانونی تحفظ حاصل ہے، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک



ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ بینکوں میں صرف پانچ لاکھ روپے تک کی رقوم کو قانونی تحفظ حاصل ہے۔

 سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں شرکاء کو بریفنگ کے دوران  ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک نے بتایا  کہ کوئی بینک دیوالیہ، ڈوب جائے یا ناکام ہو جائے تو 5 لاکھ سے زیادہ  جمع رقم کو تحفظ حاصل نہیں۔ اکاؤنٹ میں موجود 5 لاکھ روپے سے زائد رقم محفوظ نہیں ۔

ڈپٹی گورنرسٹیٹ بینک نے مزید کہا کہ 5 لاکھ روپے تک کے ڈپازٹس رکھنے والے کھاتہ داروں کی شرح 94 فیصد ہے، صرف 6 فیصد اکاؤنٹ ہولڈرز کا بینک بیلنس 5 لاکھ روپے سے زیادہ ہے۔ 5 لاکھ روپے تک کے اکائونٹ ہولڈرز کو ڈیپازٹس پروٹیکشن کارپوریشن کے ذریعے ادائیگی کی جا سکتی ہے۔

۔

ورلڈ کپ کے احمد آباد میں ہونیوالے میچوں کے دوران دہشتگردی کا خطرہ ہے ، بھارتی میڈیا



بھارتی میڈیا نے کرکٹ ورلڈ کپ  2023 کے بھارتی شہر احمد آباد میں ہونے والے میچز کے دوران دہشتگردی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ پچھلے میگا ایونٹ کی دفاعی چیمپئن انگلینڈ ا ور رنرز اپ نیوزی لینڈ کے درمیان کل احمد آباد  کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،تاہم ورلڈ کپ شروع ہونے سے قبل بھارتی میڈیا دعویٰ کر رہا ہے کہ  احمد آباد میں ہونے والے میچز کے دوران دہشتگردی کا خطرہ ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  احمد آباد میں ہونے والے میچز میں دہشتگردوں کی جانب سے حملے کی دھمکی دی گئی ہے جس کے بعد احمد آباد اسٹیڈیم اور اطراف میں سکیورٹی بڑھا دی گئی  ہے ،بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد اسٹیڈیم اور اطراف میں 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ میچز کے دوران اسٹیڈیم جانے والی سڑک کو مکمل بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ احمد آباد اسٹیڈیم میں میچ کے دوران موبائل فون کے علاوہ کوئی چیز اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

واضح رہے کہ احمد آباد میں ورلڈکپ کے افتتاحی اور پاک بھارت میچ سمیت کل 5 میچز شیڈول ہیں، آئی سی سی ورلڈ کپ کا فائنل میچ بھی احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

چمن ، باب دوستی پر افغان فورسز کی فائرنگ ، 2 شہری شہید ، سکیورٹی اہلکار سمیت 2 زخمی



چمن میں باب دوستی گیٹ پر افغان فورسز کی  فائرنگ سے 2 پاکستانی شہری شہید جبکہ ایک سکیورٹی اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر چمن راجہ اطہر عباس کے مطابق بدھ کی شام پاک افغان سرحد زیرو لائن کے قریب باب دوستی گیٹ پر افغان فورسز ، نے  پاکستانی علاقے میں بلا اشتعال فائرنگ کر دی ، جس کے نتیجے میں  70 سالہ عبدال محمد اور 14 سالہ لڑکا شہید ہو گئے جبکہ ایک 16  رفیع اللہ اور ایف سی اہلکار محمد عمران  زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ واقعے میں جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ حکام کے مطابق افغان فورسز کی فائرنگ کے بعد سرحد پر پاکستانی فورسز کو الرٹ کر دیا گیا تاہم فائرنگ کا تبادلہ نہیں ہوا، یکطرفہ فائرنگ کے بعد کچھ دیر کیلئے باب دوستی گیٹ پر پیدل آمد و رفت بند کردی گئی جسے بعد ازاں کھول دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر چمن راجہ  کے مطابق سرحد پر سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور فورسز کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔

 

 

نواز شریف اب کسی سے بھی انتقام نہیں لیں گے، شہبازشریف کااعلان



مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف انتقام لینے نہیں، ملک کی ترقی کے لیے آ رہے ہیں، عوام تاریخی استقبال کریں۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم  نے کہا کہ نواز شریف نے ملک سے اندھیرے ختم کیے، نواز شریف نے 5 ارب ڈالر کی آفر ٹھکرا کر ایٹمی دھماکے کیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف دور میں چینی 52 روپے کلو اور مہنگائی نام کی کوئی چیزنہیں تھی، نوازشریف کا جرم تھا کہ  انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، انہوں نے کہا کہ 2018ء کے  انتخابات  میں تاریخی دھاندلی ہوئی، نوازشریف کی واپسی سے ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہو گا ، جہاں رکا تھا۔

شہباز شریف نے عوام سے کہا کہ وعدہ کریں 21 اکتوبر کو نواز شریف کا تاریخ کا سب سے بڑا استقبال کرنا ہے، نواز شریف کے ساتھ جان لڑاؤں گا اور دن رات کام کریں گے۔ شہبازشریف کا کہناتھا کہ نوازشریف واپس آکر کسی سے انتقام نہیں لیں گے انہوں نے اپنا معاملہ اللہ پرچھوڑ دیا۔

ٹینڈر کی منسوخی ، راولپنڈی تا کھاریاں موٹروے منصوبے میں اربوں روپے کا نقصان 



راولپنڈی تا کھاریاں موٹروے منصوبے کے لیے  ٹینڈر منسوخ ہونے سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہونے کا انکشاف  ہوا ہے۔

 سینیٹ کی قائمہ کمیٹی مواصلات میں این ایچ اے حکام کے متضاد بیانات  پر ارکان نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ   منصوبہ اگر85 ارب روپے کی ابتدائی لاگت سے زیادہ کا ہوا تو کیس نیب کو بھجوا دیا جائے گا ۔ ٹیکنو میٹرا کان کی پاورچائنا سے مل کر منصوبہ 85 ارب میں ہی مکمل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔

کمیٹی کے رکن دنیش کمار نے کہا کہ ٹھیکہ منسوخ ہونے کے  بعد لاگت بڑھنے سے پاکستان کو 200 ارب کا نقصان ہو رہا ہے ۔این ایچ اے افسران ایک دوسرے سے اتفاق نہیں کر رہے ۔ قابل تنسیخ کی اصطلاح پر خصوصی زور کیوں دیا گیا؟ اس پر ایک افسر نے کہا کہ میرے ساتھی کی زبان پھسل گئی تھی ۔

این ایچ اے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ  ٹیکنو میٹرا کان اور پاور چائنا کمپنی کو قابل تنسیخ لیٹرآف انٹینٹ جاری کیا گیا،لیڈنگ پارٹنر کے طور پر پاورچائنا سے مقررہ مدت میں تصدیق فراہم نہیں کی گئی اس لیے ٹھیکہ منسوخ کر دیا گیا۔

دوسری طرف ٹیکنو میٹرا کا کمپنی کے نمائندے نے کہا کہ پاور چائنا این ایچ اے کے بجائے ہمیں جوابدہ ہے ،اس نے 3 مرتبہ تحریری طور پر ان کے مطالبے کی تصدیق کی لیکن اب دوبارہ اس کا ٹھیکہ دیئے جانے  پر اس منصوبے کی لاگت 190 ارب تک جائے گی۔

کمیٹی چیئرمین احمد عمر احمد زئی نے پوچھا ، جب ایل او آئی ٹیکنو میٹراکان کو دیا گیا تو ڈالر 170 روپے کا تھا، اس حساب سے اب اس منصوبے کی لاگت کیا ہے؟ نمائندہ ٹیکنو میٹرا کان نے بتایا کہ لاگت 85 ارب روپے تھی۔ یقین دلاتا ہوں کہ پاورچائنا کیساتھ  مل کر منصوبہ 85 ارب میں ہی مکمل کریںگے ، جس پر کمیٹی چیئرمین نے  کہا کہ لاگت اس سے زیادہ بڑھی تو پھر معاملہ نیب  دیکھے گا۔

ایس آئی ایف سی کے اقدامات کو پانچ سالہ پلان کا حصہ بنانے کا فیصلہ



سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے اقدامات کو پانچ سالہ پلان کا حصہ بنانے کی تجویز دیدی گئی ۔

نگران وزیراعظم کی زیر صدارت ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی نے عزم ظاہر کیا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے حالات کو سازگار بنایا جائے گا ۔ اپیکس کمیٹی  میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خصوصی شرکت کی ، اجلاس میں معاشی صورتحال اور سرمایہ کاری کیلئے سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

 کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ ملک میں امن کا قیام یقینی بنا کر معاشی حالات کو کیسے بہتر بنایا جائے، کمیٹی نے قرار دیا کہ معاشی بحالی اور پائیدار ترقی کے لئے خلیجی ممالک سے سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے ۔ سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات ، قطر اور چین کے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کرنا ہوں گے ۔

 اجلاس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے قابل عمل منصوبوں پر غور کیا گیا۔ ٹیلی کام سیکٹر میں اضافی اسپکٹرم کی نیلامی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے زراعت ، معدنیات اور آئی ٹی میں 20 سے 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا ۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سفارش کی گئی کہ سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اقدامات کو 5 سالہ پلان کا حصہ بنایا جائے، نگران وزیراعظم نے تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے وزارت منصوبہ بندی کو ہدایت کی کہ ایس آئی ایف سی اقدامات کو 2024 تا 2028 مجوزہ پلان میں شامل کرنے پر کام شروع کیا جائے ۔

کرکٹ کی بڑی جنگ کل شروع ہو گی ، ٹرافی لے جانا تمام ٹیموں کا خواب



دنیا کی 10 ٹیموں کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا آغاز 5 اکتوبر سے ہو رہا ہے۔

 اگلے ڈیڑھ ماہ تک 10 ممالک کے کھلاڑی اس سب سے بڑے انعام کو حاصل کرنے کا خواب دیکھیں گے ، 1975سے 2019  کے دوران 12 بار ورلڈ کپ کے مقابلوں کا انعقاد ہوا ، 6 ٹیموں نے ٹرافی کو اپنے نام کیا، جن میں آسٹریلیا (5 بار)، ویسٹ انڈیز (2 بار)، بھارت (2 بار)، پاکستان (ایک بار)، سری لنکا (ایک بار) اور انگلینڈ (ایک بار) شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو ورلڈ کپ ٹرافی کا انعام دیا جاتا ہے ، ہوسکتا ہے  آپ کو علم نہ ہو مگر یہ ٹرافی کئی بار تبدیل ہو چکی  ہے ، 1975 سے 1983 تک تمام ورلڈ کپ ایونٹس کا انعقاد انگلینڈ میں ہوا تھا۔

تینوں ایونٹس کو پروڈینشل انشورنس نامی کمپنی نے اسپانسر کیا تھا اور اسی وجہ سے ٹرافی کو پروڈینشل کپ ٹرافی کا نام دیا گیا، یہ ومبلڈن ٹینس ایونٹ کی ٹرافی سے ملتی جلتی ٹرافی تھی اور اب یہ لارڈز کے کرکٹ میوزیم میں موجود ہے،1987 کو پہلی بار یہ ٹورنامنٹ برصغیر یعنی پاکستان اور بھارت میں منعقد ہوا۔

ریلائنس انڈسٹریز نے اس ورلڈکپ کو اسپانسر کیا اور ایونٹ کے لیے گولڈ پلیٹڈ ٹرافی تیار کی گئی جس پر ہیرے جڑے تھے اور اسے ریلائنس ورلڈ کپ کا نام دیا گیا، اس ٹرافی کی تیاری پر اس زمانے میں 6 لاکھ بھارتی روپے خرچ ہوئے جو موجودہ وقت کے 80 لاکھ بھارتی روپوں کے برابر ہیں، اسے اب تک کی ڈیزائن کی گئی سب سے خوبصورت ورلڈکپ ٹرافی بھی تصور کیا جاتا ہے۔

سونا مزید 5 ہزار روپے فی تولہ سستا ہو گیا



مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کا تسلسل  برقرار ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سونے کی قیمت میں مزید پانچ ہزار روپے کی کمی ہو گئی ، جس کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی اور پشاور میں فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 97 ہزار روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت کم ہو کر ایک لاکھ 68 ہزار 896 روپے کی سطح پر آ گئی۔

یاد رہے کہ 31 اگست کو سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 39 ہزار 800 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچی تھی۔ جس کے بعد اب تک سونے کی فی تولہ قیمت میں مجموعی طور پر 42 ہزار روپے کی کمی واقع ہوئی  ہے۔

آشوب چشم: متاثرہ ملازمین کا الیکشن کمیشن میں داخلہ بند



الیکشن کمیشن نے آشوب چشم کے متاثرہ ملازمین کی الیکشن کمیشن میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔

آشوب چشم کے مریضوں کے الیکشن کمیشن  میں داخلے کی پابندی کا سرکلر بھی جاری کر دیا گیا،آشوب چشم کے متاثرہ افسران یا ملازمین صحت یاب ہونے کے بعد صحت یابی کا سرٹیفکیٹ دینے کے پابند ہوں گے۔

سرکلر کے مطابق متاثرہ شخص  صحت یابی کے سرٹیفکیٹ کے الیکشن کمیشن میں نہیں آ سکے گا۔

سرکاری ملازمین پر ہیلتھ ٹیکس عائد کر دیا گیا



  سرکاری ملازمین پر ” صحت سہولت کارڈ پروگرام “ کے تحت سالانہ فی ملازم 4350 روپے ہیلتھ ٹیکس عائد کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  ہیلتھ ٹیکس تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کر کے وصول کیا جائے گا، میاں بیوی سرکاری ملازمین ہونے کی صورت میں صرف ایک فرد ٹیکس ادا کر نے کا پابند ہو گا، اس کے بغیر کسی سرکاری ملازم اس کی فیملی کو سرکاری ہسپتالوں میں مفت کوئی ہیلتھ سہولت نہیں ملے گی۔

دوسری جانب اساتذہ ، کلرک تنظیموں نے فیصلہ اور کٹوتی کو مسترد کر دیا ہے، آل پاکستان کلر کس ایسوسی ایشن کے مرکزی سینئر نائب صدر شہزاد کیانی نے کہا کہ سابق پی ٹی آئی حکومت نے فری ہیلتھ کارڈ پوری قوم کو دیا تھا، پی ڈی ایم ، مسلم لیگ ن اور نگران حکومت نے اسے ختم کر کے ملازمین سے ہی پیسے لیکر ان پر خرچ کرنا شروع کر دیا ہے ، جو غلط ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر مسئلہ سہولت پر ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتیوں کا سلسلہ ختم کیا جائے، چھوٹے ملازمین کی تنخواہ سے ماہانہ 500 روپے کٹوتی ظلم ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کی اڈیالہ جیل میں پہلی ملاقات ، کچھ دیر سرگوشیاں کیں



سائفرکیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی پہلی ملاقات ہوئی، دونوں نے کچھ دیر سرگوشیاں کیں۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے وکلا نے اڈیالہ جیل میں سہولیات سے متعلق کوئی شکایت نہیں کی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کی  استدعا پر 9 اکتوبر تک سماعت ملتوی ہوئی، کمرہ عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی، شاہ محمود سلاخوں کے پیچھے کرسی پر بیٹھے رہے، کمرہ عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کے درمیان سلاخیں حائل رہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ  پی ٹی آئی وکلاء کی چیئرمین پی ٹی آئی سے تھوڑی دیر بات چیت ہوئی، ہاتھ بھی ملایا، چیئرمین پی ٹی آئی بظاہر نارمل نظر آ رہے تھے، وزن کم لگ رہا تھا۔

ادارے فروخت کرنے کے بجائے کرپشن کیوں ختم نہیں کرتے ؟ سراج الحق



امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ادارے فروخت کرنے کے بجائے ملک سے کرپشن کو کیوں ختم نہیں کیا جا رہا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  ہمارا خیال تھا کہ نگران حکومت آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کرے گی، آئی پی پیز کے ساتھ ڈالروں میں معاہدے کئے گئے، سارا بوجھ عوام پر ڈالا جاتا ہے، آئی ایم ایف کے کہنے پر آئے روز بجلی مہنگی کی جاتی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ بجلی چوری کا بوجھ عام آدمی برداشت کرتا ہے، جتنی بجلی استعمال کی جاتی ہے اتنا ہی بل لیا جائے، بجلی بلوں میں 15 اقسام کے ٹیکسز ظلم ہے، نئے لگنے والے میٹر موٹروے کی رفتارسے چلتے ہیں، یہ عوام کو نئے طریقے سے لوٹنے کی ایک سازش ہے جس کا فرانزک آڈٹ کیا جائے۔