All posts by admin

ایف آئی اے حکام نے خاور مانیکا کو ایئرپورٹ پر روک لیا، اینٹی کرپشن کے حوالے



لاہور( این این آئی)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے بشری بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کو بیرون ملک جانے سے روک دیا۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ خاور مانیکا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی جا رہے تھے کہ ایف آئی اے نے خاور مانیکا کو روک لیا اور اینٹی کرپشن کے حوالے کر دیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ خاور مانیکا سرکاری ملازم ہیں اور باہر جانے کا این او سی بھی ان کے پاس موجود تھا تاہم سٹاپ لسٹ میں نام ہونے کی وجہ سے انہیں روک لیا گیا۔

اداکارہ ماورہ حسین کی انسٹا پوسٹ نے سوشل میڈیا صارفین کو بیک وقت حیرت وتجسس کا شکار کردیا



ممبئی (این این آئی)اداکارہ ماورہ حسین کی انسٹا پوسٹ نے سوشل میڈیا صارفین کو بیک وقت حیرت وتجسس کا شکار کردیا ہے۔ماورہ نے انسٹاگرام پر چند تصاویر شیئرکیں جن میں وہ ایک نوزائیدہ بچی کو اٹھائے ہوئے ہیں۔

خوشی سے سرشار ماورہ نے خود کو خالہ قراردیتے ہوئے کیپشن میں فالوورز کو بتایا کہ ان کی سوئٹی ان کی زندگیوں میں آچکی ہے اور یہ بہت زیادہ خوشی کا باعث ہے۔ماورہ نے بچی کا نام بھی اپنے مداحوں کے ساتھ شیئرکیا۔

اداکارہ نے لکھا، ‘ننھی مہربانو ہم تم سے بہت زیادہ پیار کرتے ہیں۔اس پوسٹ کے شیئرکرتے ہی دیکھنے والے شدید متجسس ہوئے کہ ماورہ کی ایک ہی بہن عروہ ہیں تو کیا یہ عروہ اور فرحان سعید کی بیٹی ہے۔بہت سوں نے تبصروں میں ماورہ سے براہ راست یہ سوال پوچھ بھی ڈالا۔

حقیقت کیا ہے یہ تو ماورہ ہی بتائیں گی لیکن بظاہر ایسا لگتا ہے کہ یہ ماورہ کی کسی عزیز ترین دوست کی بیٹی ہے کیونکہ وہ ماضی میں ابھی ایک ایسی پوسٹ شیئر کرچکی ہیں۔

واضح رہے کہ عروہ حسین اور فرحان سعید کے دونوں خاندانوں نے ایک ساتھ اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شئیرکرکے دونوں کے درمیان علیحدگی کی افواہوں کو ختم کردیا تھا۔ان تصاویرسے یہ واضح ہوگیا تھا کہ دونوں کے درمیان جاری کشیدگی اور اختلافات ختم ہو چکے ہیں اور دونوں اب دوبارہ سے ایک ہوگئے ہیں۔عروہ اور فرحان کو پھر سے ایک ساتھ دیکھ کر اس جوڑی کے مداحوں نے بیحد خوشی کا اظہار کیا تھا۔

افسوس! ہمارے ڈراموں میں پیار کی بجائے تشدد دکھایا جارہاہے، جگن کاظم



کراچی (این این آئی) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان جگن کاظم نے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ پاکستانی ڈراموں میں آج کل پیار کی بجائے تشدد دکھایا جا رہا ہے۔

جگن کاظم نے نجی ٹی وی چینل کے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی، اداکارہ نے پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افسوس! ہمارے ڈراموں میں پیار کے بجائے تشدد دِکھایا جارہا ہے جس کی وجہ سے معاشرے میں بھی کہیں نہ کہیں تشدد، لڑائی جھگڑوں کو فروغ مل رہا ہے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے جگن کاظم نے کہا کہ ڈراموں کی وجہ سے اب لوگوں کو تشدد عام سی بات لگتی ہے جبکہ اگر کہیں پیار محبت کو دِکھایا جاتا ہے تو اْس پر لوگ نامناسب ردعمل دیتے ہیں۔جگن نے شوہر کے ساتھ اپنی تصویر کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے شوہر کو بوسہ دیتے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس پر لوگوں نے مجھے بہت گالیاں دی تھیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ پیار محبت کو دیکھنا پسند نہیں کرتے۔

اْنہوں نے اپنے بچپن کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے بچپن میں لڑکوں کی طرح بات کرتی تھیں اور اْن کی خواہش تھی کہ وہ بڑی ہوکر اداکار بنیں۔اْنہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی پوچھتا تھا کہ بڑی ہوکر کیا بننا ہے؟ تو میرا جواب ہوتا تھا کہ اداکار بننا ہے اور جب لوگ پوچھتے تھے کہ کونسی اداکارہ بننا ہے تو میں کہتی تھی کہ مجھے امیتابھ بچن بننا ہے۔

فہد مصطفیٰ شوبز انڈسٹری سے دور کیوں ہیں؟ عجیب وجہ سامنے آگئی



کراچی (این این آئی) لاہور: پاکستانی اسٹار فہد مصطفیٰ کچھ عرصے سے شوبز دنیا سے دور ہیں اور وہ کسی ڈراما یا فلمی پروجیکٹ کا حصہ نہیں ہیں، اب اداکار کی طرف سے اس کی عجیب وجہ سامنے آئی ہے۔

اداکار نے نجی ٹی وی چینل کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے انڈسٹری کے بڑے ناموں کے ساتھ اپنے کام کے تجربے کو شیئر کیا اور نئے پروجیکٹس نہ کرنے کی وجہ بھی بتائی ہے۔فہد مصطفیٰ نے بتایا کہ انڈسٹری کے بڑے ناموں کے ساتھ ان کے تجربے اور پروفیشنل ازم کی وجہ سے کام کرنا زیادہ آسان اور پرلطف ہوتا ہے۔

اداکار سے جب پوچھا گیا کہ وہ نئے شوبز پروجیکٹ کیوں نہیں کررہے تو انہوں نے اس کی وجہ ڈر بتائی اور کہا کہ نئے اداکاروں کے ساتھ کام کرنا مشکل ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں نئے ابھرنے والے فنکاروں کی صلاحیت اور ٹیلنٹ پر شک نہیں لیکن ان کے ساتھ کام کرنے کے طریقہ کار پر دقت ہوتی ہے۔فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ شوٹنگ سیٹ پر فنکار وینیٹیز کو نہیں تلاش کرتے بلکہ وہ سب ایک کمرے میں ساتھ ہی ہوتے ہیں اور اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہوتا ہے لیکن نئے نوجوان اس کو نہیں سمجھتے۔

فلم جوان کی کمائی ایک ہزار کروڑ کے قریب پہنچ گئی



ممبئی (این این آئی)بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان اور جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والی اداکارہ نین تارا کی فلم جوان کی کمائی ایک ہزار کروڑ کے قریب پہنچ گئی۔

یہ فلم اس سال کی ہندی سینما کی سب سے بڑی بلاک بسٹر بن گئی اور امید ہے کہ اس ہفتے جوان ایک ہزار کروڑ کا بزنس مکمل کرلے گی۔یاد رہے کہ اس فلم میں شاہ رخ خان ڈبل رول کر رہے ہیں۔

مشہور تامل فلم ڈائریکٹر ایٹلی کی ہدایتکاری میں بننے والی جوان نے باکس آفس کے مطابق صرف 17 دن میں لگ بھگ ایک ہزار کروڑ کا بزنس کرلیا ہے اور اندازہ ہے کہ یہ ایک ہزار کروڑ کلب میں شامل ہونے کو ہے۔

پاکستانی گلوکار علی ظفر نے ورلڈکپ اینتھم بنانے کا اعلان کردیا



کراچی (این این آئی)پاکستانی معروف گلوکار اور پی ایس ایل کا اینتھم بنانے والی شخصیت علی ظفر نے اب ورلڈ کپ کا اینتھم بنانے کا اعلان کر دیا۔

ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی ایکس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر علی ظفر نے ویڈیو پیغام کے کپشن میں لکھا کہ ورلڈ کپ کرکٹ کے ترانے کے لیے آپ کے خیالات اور خواہشات کو ذہن میں رکھتے ہوئے مجھے ایک خیال آیاہے کہ ہم مل کر ایک شاہکار کیسے بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے ایک یوٹیوب چینل کا لنک دیتے ہوئے کہا کہ نیچے دیئے گئے لنک کو چیک کریں۔انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہاکہ یہ ایک دلچسپ تجربہ ہے جو اگر صحیح طریقے سے کیا جائے تو حیرت انگیز کام کر سکتا ہے۔

یہ نئے میوزک کمپوزرز، مصنفین، اور پروڈیوسرز کے لیے بھی ایک موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو زیادہ سے زیادہ جمہوری طریقے سے ظاہر کریں۔ انہوں نے مزید کہاکہ تخلیقی صلاحیتوں کی کوئی حد نہیں ہے لہذا کوئی بھی اپنے خیالات کا اشتراک کر سکتا ہے!

تو میری بات سنیں اور مجھے اپنے خیالات سے آگاہ کریں۔ اگر آپ کے پاس کچھ شیئر کرنا ہے تو براہ کرم ایک لنک یا ویڈیو فراہم کریں۔خیال رہے کہ علی ظفر فینز نے آفیشل اینتھم پسند نہ آنے پر اینتھم بنانے کی درخواست کی تھی۔

اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے اپنی شادی کی تصاویر جاری کردیں



ممبئی (این این آئی)بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور بھارتی سیاستدان راگھو چڈھا کی شادی گزشتہ روز ادے پور میں ہوئی جس میں بھارت کے نامور سیاستدانوں سمیت کئی اداکاروں نے شرکت کی۔

اب پیر کی صبح اداکارہ اور راگھو چڈھا نے مشترکہ طور پر فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر اپنی شادی کی تقریب کی خوبصورت تصاویر شیئر کیں۔

پرینیتی نے شادی پر گولڈ اور آف وائٹ رنگ کے عروسی جوڑے کا انتخاب کیا جب کہ دلہا آف وائٹ رنگ کی شیروانی میں دکھائی دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرینیتی کا جوڑا معروف سلیبریٹی ڈیزائنر منیش ملہوترا نے تیار کیا جو خود بھی شادی میں دکھائی دیے۔

تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جوڑے نے مہمانوں کے بیچ میں ایک دوسرے کے ہمراہ ہی انٹری دی۔پوسٹ کے کیپشن میں تحریر کیا گیا کہ ‘ناشتے کی میز پر پہلی ہی گپ شپ سے ہمارے دلوں کو معلوم ہو گیا تھا، ہم ایک طویل عرصے سے اس دن کا انتظار کر رہے تھے۔

اس سے قبل پرینیتی اور راگھو کی کچھ تصاویر سامنے آئی تھیں جن سے متعلق دعویٰ تھا کہ یہ جوڑے کے ریسیپشن کی تصویریں ہیں جن میں اداکارہ نے گلابی رنگ کی ساڑھی جب کہ راگھو نے سیاہ پینٹ کوٹ پہنا تھا۔واضح رہے کہ پرینیتی چوپڑا اور عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا کی منگنی کی تقریب 13 مئی کو نئی دلی میں ہوئی تھی جس میں کئی معروف بھارتی شخصیات نے شرکت کی تھی۔

موٹر سائیکلیں کی قیمتوں میں کمی کے بھی کوئی آثار نہیں، مارکیٹ لیڈر محمد صابر



کراچی (این این آئی)اکبر روڈ استعمال شدہ اور نئی بائیکس کے مرکز کے ایک سینئر مارکیٹ لیڈر محمد صابر شیخ نے کہا ہے کہ بائیکس کی قیمتوں میں کسی قسم کی کمی کے بظاہر کوئی آثار نظر نہیں آرہے کیونکہ اسمبلرز اس وقت درآمد شدہ پرزے اور کٹس لائے تھے جب ڈالر ریکارڈ بلندی پر پہنچا ہوا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کریک ڈاؤن کے بعد اور ڈالر کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں اسمبلرز کو اکتوبر کے آخر تک یا نومبر کے شروع میں 70 سی سی موٹرسائیکل کی قیمتوں میں 8 سے 9 ہزار روپے، 125 سی سی موٹر سائیکل کی قیمت میں 15 ہزار روپے اور 150 سی سی موٹرسائیکل کی قیمت میں 25 ہزار روپے کمی کرکے اس کا فائدہ دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نئی ایل سیز کم نرخوں پر کھولی جا رہی ہیں اور ڈالر کی قیمت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکس بھی وصول کیا جائے گا، اسمبلرز کو خریداروں کو راغب کرنے کے لیے قیمتیں کم کرنی چاہئیں۔

ڈالر کی قدر میں کمی کے باوجود اسمبلرز کا گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی سے گریز



کراچی (این این آئی)روپے کی قدر میں اضافہ اور ڈالر کی قیمت کو جلد ہی 260 یا 250 روپے تک لانے کے حکومتی ارادے کے باوجود آٹو اسمبلرز اس کا فائدہ صارفین تک پہنچانے میں ہچکچا ہٹ محصوص کر نے لگے ۔

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق اسمبلرز سے رابطہ کیا گیا کہ وہ مقامی طور پر اسمبل شدہ گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کے کسی بھی امکان کے بارے میں اپنا نقطہ نظر بتائیں، تو ان کا فوری جواب نہیں تھا۔

صارفین نے پی ڈی ایم حکومت کے 16 ماہ کے دور میں گاڑیوں کی قیمتوں میں بھاری اضافہ دیکھا جو کہ اسمبلرز کے مطابق ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے درآمدی پرزہ جات کی زیادہ لاگت اور ساتھ ہی بجلی اور گیس کے بھاری چارجز کی وجہ سے ہوا تاہم انٹربینک میں روپے کی قدر میں اضافے نے درآمدی پرزوں کی قیمتوں میں کمی ضرور کی ہوگی یا درآمدی پرزہ جات کی قیمت میں اضافے کے رجحان کو کم ضرور کیا ہوگا لیکن صارفین کو ابھی تک اس کا کوئی فائدہ نظر نہیں آیا۔

رواں ماہ 5 ستمبر کو انٹربینک میں ڈالر 307.10 روپے تک پہنچ گیا تھا جبکہ اِس وقت یہ 291.76 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے، اس کا مطلب ہے کہ بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد ڈالر کی قدر میں مقامی کرنسی کے مقابلے میں 15 روپے سے زیادہ کمی آچکی ہے۔اسمبلرز اس سے قبل روپے کی گراوٹ کی وجہ سے صارفین کو قیمتوں میں اضافے کی صورت میں فوری دھچکے دے چکے ہیں۔

حتیٰ کہ ایل سیز کھلنے کے مسائل اور درآمدی پرزوں کی قلت کے سبب پلانٹس بند بھی کرنے پڑے ہیں۔انڈس موٹر کمپنی (آئی ایم سی) کے ایک سینیئر عہدیدار نے گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کے امکانات کی تردید کردی، تاہم انہوں نے اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی کہ گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کیوں نہیں آسکتی۔

اسی طرح کا جواب ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ (ایچ اے سی ایل) کے ایک عہدیدار کی طرف سے مؤقف سامنے آیا تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ کمپنی نے ڈالر کی قدر میں اضافے کے بعد قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا۔مقامی طور پر اسمبل شدہ کاروں کے مجاز ڈیلرز نے بھی سخت کاروباری ماحول کے پیش نظر قیمتوں میں کمی کا کوئی اشارہ نہیں دیا، گزشتہ سال کے مقابلے میں گاڑیوں کی فروخت میں بھی کمی آئی ہے۔

لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ (ایل ایم سی ایل) کے ایک ڈیلر نے کہا کہ ابھی تک قیمت میں کوئی کمی نہیں ہوئی ہے، کیا گاڑیوں کے اِن اسمبلرز نے 6 ستمبر کو قیمتوں میں ساڑھے 3 لاکھ روپے تک اضافہ کیا تھا۔ایل ایم سی ایل کے ایک عہدیدار نے کہا کہ اگر روپیہ 280 سے نیچے مستحکم رہتا ہے اور دیگر چیزیں مہنگی نہیں ہوتیں تو گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کے بارے میں سوچ سکتے ہیں۔ڈائریکٹر پرنس ڈی ایف ایس کے سہیل عثمان نے کہا کہ قیمتوں میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے کیونکہ بجلی، مزدوری اور دیگر اخراجات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ



اسلام آباد(آن لائن) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا تسلسل برقرار ہے، جس کے باعث قیمتیں رواں سال بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق برینٹ آئل 32 سینٹ اضافے کے ساتھ 93.59 ڈالر فی بیرل جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ 24 سینٹ اضافے کے ساتھ 90.27 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔

دنیا کی تین چوتھائی تیل کی قیمت کے لیے استعمال ہونے والے برینٹ فیوچرز کی قیمت میں جون میں سعودی عرب کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کمی کے اعلان کے بعد سے تقریباً 26 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

بابر کو ٹرائلز کیلئے میں نے منتخب کیا، آج بھی اسے میڈن اوور کرواسکتا ہوں، محمد آصف



لاہور (این این آئی) سابق ٹیسٹ کرکٹر اور فاسٹ بولر محمد آصف نے پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں آج بھی بابر اعظم کو میڈن اوور کروا سکتا ہوں۔

سوشل میڈیا پر دئیے گئے بیان میں محمد آصف نے ورلڈکپ کیلئے منتخب پاکستانی اسکواڈ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ میں نے بابر اعظم کو صرف 2گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد ٹرائلز میں منتخب کیا تھا، آپ ان کے والد ( اعظم صدیقی) سے پوچھ سکتے ہیں کہ میں نے بابر کو زیڈ ٹی بی ایل ٹرائلز میں منتخب کیا تھا۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ بابر ملک کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں لیکن وہ ڈاٹ بولز بہت زیادہ کھیلتے ہیں اور رضوان پر پریشر بڑھاتے ہیں، میں آج بھی ٹی 20 کرکٹ میں بابر اعظم کو میڈن اوور کروا سکتا ہوں، اگر آپ بابر کو اچھی گیندیں کروائیں تو وہ ہٹ نہیں کر سکتا۔

پاکستانی بولر پر بات کرتے ہوئے محمد آصف نے کہاکہ آپ سے کہہ رہا ہوں کہ پاکستان ٹیم اپ سیٹ کرکے دکھا دے گی، اگر ایک کھلاڑی پر ایک اور انجرڈ ہوگیا! ۔انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس اسکواڈ میں تقریباً سارے بولرز ہی ایوریج ہیں کوئی بھی خاص نہیں ہے، ٹیم میں فیورٹ ازم ضرور چل رہی ہے جو پسند ہے اسے سلیکٹ کیا جا رہا ہے ۔

ٹیم میں خاص بولر شعیب اختر اور محمد آصف ہوا کرتے تھے اب کوئی خاص بولر نہیں ہیں۔سابق بولنگ کوچ محمد زاہد کے اکیڈمی چھوڑجانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کوچ کیلئے کی جانے والی آفر پر محمد آصف نے بتایا کہ مجھے کوچنگ کیلئے 11لاکھ ماہانہ کی آفر ہوئی تھی تاہم میں نے انکار کر دیا تھا کیونکہ میں نے کہا یہ تو میں ایک ہفتے میں کماتا ہوں، آپ مجھے 45 لاکھ روپے ماہانہ دیں تب آؤں گا۔

بھارت، مہنگے ترین انجینئرنگ کالج میں طلبہ کو دیے گئے کھانے سے مردہ مینڈک نکل آیا



نئی دہلی(این این آئی)بھارت کی انجینئرنگ یونیورسٹی میں طلبہ کو دیے جانے والے کھانے سے مردہ مینڈک نکل آیا۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارت کے شہر بھوبنیسور کیلنگا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں طلبا ہاسٹل کی طرف سے ملنے والے کھانے میں مردہ مینڈک دیکھ کر چونک گئے، کھانے سے مردہ مینڈک نکلنے کی تصویر ایکس پر ایک صارف کی جانب سے شیئر کرتے ہوئے کالج میں دی جانے والی سہولیات پر سوال اٹھایا گیا۔

ایکس پرآرینش نامی صارف نے کھانے سے نکلے مردہ مینڈک کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ بھارتی شہر بھوبنیشور میں 42 واں درجہ رکھنے والی آئی ٹی یونیورسٹی کی تصویر ہے، جہاں والدین اپنے بچوں کو انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کرنے کے لیے تقریبا 17.5 لاکھ بھارتی روپے ادا کرتے ہیں، یہ کھانا کالج کے ہاسٹل میں دیا جا رہا ہے۔

پھر ہم حیران ہوتے ہیں کہ بھارت سے طلبہ بہتر تعلیم اور سہولیات کے لیے دوسرے ممالک کیوں جاتے ہیں؟ صارف کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر وائرل ہونے کے بعد کالج کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے نوٹس بھی جاری کردیا۔نوٹس میں بتایا گیا کھانا تیار کرنے والے ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ بطور سزا کاٹی جائے گی۔