All posts by admin

سلمان خان کا بہن کیلئے آیت الکرسی کی کیلی گرافی کا تحفہ



ممبئی (این این آئی)بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نیا پنی بہن آرپیتا کے گھر میں خیر و برکت کیلئے آیت الکرسی کی کیلی گرافی کا تحفہ بنا کر دیا ہے۔

دبنگ خان اپنی اداکاری سے تو لوگوں کے دل جیتنے کے ماہر ہیں لیکن ان میں کیلی گرافی کا بھی ہنر پایا جاتا ہے، اداکار نے آیت الکرسی کی کیلی گرافی کی جسے انہوں نے بطور تحفہ اپنے بہنوئی کو پیش کیا۔

حال ہی میں سلمان خان کی بہن آرپیتا کے شوہر اداکار آیوش شرما نے بھارتی میڈیا کو اپنے گھر کا دورہ کروایا جس میں آیوش شرما نے آرپیتا سے اپنی شادی اور کیرئیر کے حوالے سے گفتگو کی۔

آیوش شرما نے بھارتی میڈیا کے ایک میزبان کو اپنے گھر کا دورہ کرواتے ہوئے بتایا کہ جب ہم اپنا گھر بنا رہے تھے تو میں نے سلمان خان سے کہا کہ مجھے اس دیوار کیلئے کچھ ایسا چاہیے جو بہت خوبصورت ہو جس کو دیکھ کر دلی سکون ملے تو پھر سلمان بھائی نے مجھے خود اپنے ہاتھ سے آیت الکرسی کی کیلی گرافی کا تحفہ دیا جس میں نماز ادا کرنے کے ارکان کی تصاویر بھی بنی ہیں۔

آیوش شرما نے کہا کہ یہ سلمان خان نے آیت کرسی کی کیلی گرافی کا آرٹ کا نمونہ گھر میں خیر و برکت کیلئے دیا ہے۔آرٹ کے اس نمونے میں قرآن کریم کی دیگر آیات بھی شامل ہیں، آیوش شرما کے اس انٹرویو کے بعد سلمان خان کے مداحوں کی جانب انہیں خوب سراہا جا رہا ہے۔

نارویجین ونگ سوٹ پائیلٹس کی عطا آباد جھیل کے قریب بلند پہاڑ سے چھلانگ



ہنزہ(این این آئی) گینیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر نارویجین ونگ سوٹ پائیلٹس نے پاکستان میں نیا کارنامہ سرانجام دیا۔ناروے سے تعلق رکھنے والے دو ونگ سوٹ پائیلٹس ایمبر فورٹ اور ایسپن نے ہنزہ کی وادی گوجال کے گاں ششکٹ میں بلند پہاڑ سے عطا آباد جھیل کے قریب چھلانگ لگائی۔

ایمبر فورٹ اور ایسپن پہلے بھی گینیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی خوبصورتی سے متاثر ہوکر یہاں آنے کا فیصلہ کیا۔

ایمبر اور ایسپن نے عطا آباد جھیل میں لینڈ ہونے کے بعد بے پناہ خوشی کا اظہار کیا اور ہنزہ کی خوبصورتی سے بہت متاثر ہوئے۔انہوں نے پاکستان کو سیاحت کیاعتبار سے محفوظ اور بہترین قرار دیتے ہوئے دنیا بھر سے سیاحوں کو پاکستان آنے کی دعوت دی۔

یہ وقت کبھی نہیں آئے گا، آصف کی بابر پر تنقید پر کپتان کے والد کا ردعمل



لاہور (این این آئی)سابق فاسٹ بولر اور کرکٹر محمد آ صف کی جانب سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم پر کی جانے والی تنقید کے بعد والد اعظم صدیقی نے کہاہے کہ یہ وقت کبھی نہیں آئے گا۔

سوشل میڈیا پر دیے گئے بیان میں محمد آصف نے کہا کہ میں نے بابر اعظم کو صرف 2گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد ٹرائلز میں منتخب کیا تھا، آپ ان کے والد ( اعظم صدیقی) سے پوچھ سکتے ہیں کہ میں نے بابر کو زیڈ ٹی بی ایل ٹرائلز میں منتخب کیا تھا، بابر ملک کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں تاہم وہ ڈاٹ بولز بہت زیادہ کھیلتے ہیں اور رضوان پر پریشر بڑھاتے ہیں، میں آج بھی ٹی 20 کرکٹ میں بابر اعظم کو میڈن اوور کروا سکتا ہوں،

اگر آپ بابر کو اچھی گیندیں کروائیں تو وہ ہٹ نہیں کر سکتا۔اس بیان کے وائرل ہونے کے بعد بابر کے والد نے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں درج تھا کہ بابر جب انڈر 16 کا ورلڈ کپ کھیل کہ آیا ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن گراؤنڈ کے ساتھ ایک کلب اسکول آف کرکٹ ہوا کرتا تھا اْس کلب کے ساتھ بابر کے کلب کا میچ ہوا دوسری طرف سے اْس وقت محمد آصف کم بیک کی تیاریاں کر رہے تھے وہ یہ میچ کھیلے بابر اوپن کرتا تھا .

محمد آصف نے اٹیک کیا بابر نے اْس میچ میں 84 کیا اور آصف نے ہی اْسے آؤٹ کیا خیر اننگ ختم ہوئی بابر بڑا دل برداشتہ باہر آیا میرے استفسار پر بتایا کہ آصف بھائی نے بہت بْرا بھلا کہا میں نے اْس کو تسلی دی کہا تم نے بھی تو اْن کو 11 چوکے مارے ہیں خیر بات یہاں ختم ہوئی۔

اعظم صدیقی نے بتایا کہ محترم منصور رانا نے بابر کو زیڈ ٹی بی ایل کی طرف سے کھیلنے میں مدد کی نیشنل اکیڈمی میں بابر کا ٹرائل ہورہا تھا محمد آصف آئے تو ٹرائل شروع بھی نہیں ہوا تھا، اس وقت بابر نے پیڈ کیے ہوئے تھے دیکھ کر کہا اوئے چھوٹو کدھر ؟

بابر نے بتایا آصف بھائی بینک کے ٹرائل ہیں اْسی وقت وہ بینک انتظامیہ کے پاس گئے اور بڑے سخت لہجے میں کہا اس کا کیا ٹرائل لے رہو ہو اس نے مجھے مارمار تھکا دیا تھا ، 11 چوکے مارے ہیں لکھو اس کا نام اور بینک میں رکھو یہ تمھارے بڑے کام آئے گا۔

کپتان کے والد نے بتایا کہ بابر کو 16800 جو پہلی سیلری ملی اس نے بابر کو آگے بڑھنے میں مدد کی، اول تو یہ وقت کبھی نہیں آئے گا اگر آ بھی گیا تو بابر احترام کی وجہ سے ہر صورت آپ کا اوور میڈن کھیل جائے گا آپ کی بر وقت گواہی ہمارے بڑے کام آئی۔ اعظم صدیقی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ عوام سے درخواست ہے کہ محمد آصف کے بارے میں بابر کے حوالہ سے کوئی الٹی سیدھی بات نہ کریں۔

اوور 40 گلوبل کرکٹ کپ، پاکستان نے مسلسل چوتھی فتح حاصل کرلی



کراچی (این این آئی)کراچی میں جاری اوور 40 گلوبل کرکٹ کپ میں پاکستان ویٹرنز نے ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹ سے شکست دے کر مسلسل چوتھی فتح اپنے نام کرلی۔

ویسٹ انڈیز کے 202 رنز کا ہدف پاکستان نے 41 ویں اوور میں با آسانی حاصل کرلیا۔پاکستان کی طرف سے رضوان اسلم نے 82 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ امجد علی نے 64 رنز بنائے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے 45 اوورز میں 8 وکٹ پر 201 رنز بنائے تھے، نرسنگھ دیونرائن نے 49 اور ڈیری بلگوبن نے 45 رنز بنائے۔پاکستان کے عبدالقادر نے 3 اور عمران علی نے 1 وکٹ حاصل کی۔

ایشین گیمز ، پاکستان ہاکی ٹیم نے سنگا پور کو صفر کے مقابلہ میں گیارہ گول سے شکست دیکر ایونٹ میں فتح کا کھاتہ کھول لیا



ہانگژو (این این آئی)چین کے شہر ہانگژو میں جاری 19ویں ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں سنگا پور کو صفر کے مقابلہ میں گیارہ گول سے شکست دیکر ایونٹ میں فتح کا کھاتہ کھول لیا۔

پاکستان کی جانب سے ارباز احمد نے تین گول، ارشد لیاقت نے تین گول ، عبدالرحمن، محمد عماد، افراز، سفیان خان اور رانا وحید نے ایک، ایک گول سکور کیا۔

پاکستان ہاکی ٹیم 26 ستمبر کو بنگلہ دیش کے خلاف اپنا دوسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق بارہ بجکر 45منٹ پر دن کھیلے گی۔

ایشین گیمز ہاکی مقابلوں میں بارہ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان سمیت انڈیا، جاپان، بنگلہ دیش، سنگا پور اور ازبکستان کی ٹیمں پول اے میں شامل ہیں جبکہ کوریا ، ملائشیا، چائینہ، عمان، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیمیں پول بی میں شامل ہیں۔

آشوب چشم کیا ہے اور اس سے کیسے بچا جاسکتا ہے؟


Featured Video Play Icon

فیض آباد پر مافیا کا راج ،عوام کو مشکلات


Featured Video Play Icon

انٹرنیشنل ڈرایئورنگ پرمٹ کیلئے آن لائن اپلائی کرنے اور انٹرنیشنل ڈرایئورنگ پرمٹ کی تصدیق کے طریقہ کار متعارف



اسلام آباد (این این آئی)ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کا انٹرنیشنل ڈرایئورنگ پرمٹ کیلئے آن لائن اپلائی کرنے اور انٹرنیشنل ڈرایئورنگ پرمٹ کی تصدیق کے طریقہ کار متعارف کروا دیا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق اب آپ گھر بیٹھے سٹی ایپ کے ذریعے انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے لیے آن لائن اپلائی کرسکتے ہیں جس کا طریقہ کار یہ ہے کہ اپنے ڈاکومنٹس سٹی ایپ کے ذریعے بھیجیں اور ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی جانب سے مسیج کا انتظار کریں۔

میسج آنے کے بعد فیسیلیٹیشن سنٹر کا وزٹ کریں گے اور اس کے بعد دس سے پندرہ منٹ کے بعد آپ کو پرمٹ جاری کردیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کی تصدیق کیلئے اپنے قومی شناختی کارڈ کا نمبر اور ڈرائیونگ پرمٹ رجسٹریشن نمبر کو سٹی ایپ پر انٹر کریں اور آپ کو معلوم ہوجائے گا کہ پرمٹ جعلی ہے اصلی، اس کے ساتھ ڈور اسٹیپ سروس اور سٹی ایپ کے ذریعے آپ بیشمار ایسے کام کرسکتے ہیں جن کیلئے آپ کو دفتر آنے کی ضرورت نہیں بلکہ آپ گھر بیٹھے اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

کولکتہ پولیس نے پاکستان ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی دینے کا پلان بنالیا



کولکتہ(این این آئی)کولکتہ پولیس نے پاکستان ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا پلان بنالیا۔

کولکتہ پولیس نے ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا پلان بنالیا، یہاں گرین شرٹس کو ایک میچ بنگلہ دیش کیخلاف 31 اکتوبر کو کھیلنا ہے، دوسرا انگلینڈ سے 11نومبرکو ہوگا،

یہ قبل ازیں 12نومبر کو شیڈول تھا مگر کالی پوجا کے تہوار کی وجہ سے پولیس نے سیکیورٹی میں مشکلات کا جواز پیش کیا جس پر ری شیڈول کردیا گیا۔

کولکتہ پولیس کمشنر ونیت گوئل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم کئی سال سے بڑے کرکٹ ایونٹس میں سیکیورٹی فراہم کرتے رہے ہیں مگر پاکستان ٹیم کیلئے مختلف اور زیادہ موثر پلان ہوگا۔

بھارتی ویزوں میں تاخیر، پاکستانی ٹیم کا ورلڈ کپ سے قبل دبئی کا دورہ منسوخ



اسلام آباد (این این آئی)بھارتی ویزوں میں تاخیر کے باعث پاکستانی ٹیم کا ورلڈ کپ سے قبل دبئی کا دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم کا دورہ دبئی منسوخ کردیا گیا ہے کیونکہ ٹیم ابھی تک بھارت جانے کے لیے ویزے کا انتظار کر رہی تھی۔

پاکستانی سکواڈ کو اگلے ہفتے کے اوائل میں یو اے ای جانا تھا اور 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے پہلے وارم اپ میچ سے قبل حیدر آباد روانہ ہونے سے پہلے کچھ دن قیام کرنا تھا۔

اگرچہ ایک اہلکار نے کہا کہ صورتحال خطرناک ہے، لیکن ایسا لگتا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے سفر کے لیے ویزے وقت پر پہنچ جائیں گے۔ورلڈ کپ کے لیے ہندوستان جانے والی نو ٹیموں میں سے پاکستانی ٹیم واحد ٹیم ہے جو ابھی تک ویزے کا انتظار کر رہی ہے۔

امریکی انٹیلی جنس نے کینیڈا کو سکھ رہ نما کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کی اطلاع دی



نیویارک(این این آئی )امریکی اخبارنے انکشاف کیا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے سکھ علیحدگی پسند رہ نما کے قتل کے بعد کینیڈا کو معلومات فراہم کیں جو کہ اس قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کی نشاندہی کرتی ہیں۔

لیکن کینیڈا نے مزید مخصوص انٹیلی جنس معلومات تیار کیں جس کی وجہ سے اس نے بھارت پر سازش کے ماسٹر مائنڈ کا الزام لگایا۔

امریکی اخبار کے مطابق قتل کے تناظر میں امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے اپنے کینیڈین ہم منصبوں کو وہ سیاق و سباق فراہم کیا جس سے کینیڈا کو یہ نتیجہ اخذ کرنے میں مدد ملی کہ بھارت اس میں ملوث ہے۔

کینیڈین حکام کا کہنا تھا کہ اوٹاوا نے وہ ایسی معلومات اکٹھی کی تھیں جواس کیس میں دلیل قاطع ثابت ہوئیں۔ اس کے بعد کینیڈا میں ہندوستانی سفارت کاروں کی بات چیت کو روکا گیا جو اس سازش میں ان کے ملوث ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔

عہدیداروں نے امریکی اخبار کو بتایا کہ امریکا کو اس سازش کے بارے میں یا اس میں ہندوستان کے ملوث ہونے کی نشاندہی کرنے والے شواہد کے بارے میں علم نہیں ہوا، جب تک کہ بھارتی ایجنٹوں نے سکھ رہ نما ہردیپ سنگھ نجر کو قتل نہیں کیا۔18 جون کو وینکوور کے علاقے میں دو افراد نے بھارتی نژاد کینیڈین شہری نجر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا جو ہندوستان میں سکھ اکثریتی علاقے کی آزادی کا دفاع کر رہا تھا۔

اسرائیل کی غزہ پر بمباری اور سرحدی جھڑپیں، کئی فلسطینی زخمی



مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)فلسطینی حکام نے کہا ہے کہ غزہ اور اسرائیل کے درمیان سرحد پر جھڑپوں میں تین فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔

دوسری طرف اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی میں حماس کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ میں فلسطینی شہری علیحدگی کی باڑ پر نسبتا پرسکون رہنے کے بعد آٹھ دنوں سے احتجاجی مظاہرے کر رہے ہیں۔

اسرائیلی فورسز نے ان پر براہ راست گولیاں برسائیں اور فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی فورسز پر پتھرا اور دیسی ساختہ بم پھینکے۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے غزہ کی پٹی میں سکیورٹی سرحدوں سے ملحقہ حماس کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔

غزہ کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ یہ مظاہرے اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک اور مسجد اقصی میں یہودیوں کے دھاوے اور دیگر مسائل کے خلاف احتجاج ہیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ مظاہرین نے آگ لگانے والے غبارے بھی اسرائیلی علاقے میں پھینکے ہیں جس سے باڑ کے قریب علاقوں میں آگ لگ گئی۔ فلسطینی وزارت صحت نے جمعہ کو کہا تھا کہ جھڑپوں کے دوران 31 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ یہ مظاہرے اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں ایک فلسطینی کے جاں بحق ہونے کے چند روز بعد شروع ہوئے ہیں۔