All posts by admin

ثانیہ مرزا کی پرینیتی چوپڑا کی شادی میں شرکت کی تصدیق



ممبئی(این این آئی) پاکستان کے کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور سیاستدان راگھو چڈھا کی شادی میں شرکت کی تصدیق کردی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزانے ریاست راجستھان کے شہر اودے پور میں اپنی دوست پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی میں شرکت کی۔

پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی سے ایک دن پہلے ثانیہ مرزا نے اپنی دوست کے لیے سوشل میڈیا پر خصوصی پیغام جاری کیا۔

ثانیہ مرزا نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں پرینیتی چوپڑا کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی جس میں اداکارہ نے ثانیہ مرزا کو جھپی ڈالی ہوئی ہے۔

انسٹاگرام اسٹوری میں پرینیتی چوپڑا کو اْن کی شادی کے لیے مبارکباد دیتے ہوئے ثانیہ مرزا نے کہا کہ ‘اب تمہیں سب سے بڑی جھپی دینے کی باری میری ہے۔

واضح رہے کہ پرینیتی چوپڑا راجستھان کے شہر اودے پور میں سیاستدان راگھو چڈھا کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئی ہیں۔

فلم جوان دیکھ کر کیلاش کھیر آبدیدہ، شاہ رخ کا ردعمل



ممبئی (این این آئی)بھارتی گلوکار کیلاش کھیر شاہ رخ کی فلم ‘جوان’ دیکھتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے، جس پر کنگ خان نے ردعمل دیدیا۔ریلیز کے بعد سے اب تک بھارت سمیت دنیا بھر میں شاہ رخ خان کی فلم ‘جوان’ کے چرچے ہیں، ایسے کیلاش کھیر نے اپنے صاحبزادے کبیر کے ساتھ فلم دیکھی اور وہ جذباتی ہوگئے۔

بھارت کے مشہور گلوکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر فلم جوان دیکھنے سے متعلق اپنے تجربے کو شیئر کیا، کیلاش کھیر کی آبدیدہ تصویر دیکھنے کے بعد شاہ رخ نے بھی اس پرردعمل دیا۔کیلاش کھیر نے اپنے پیغام میں لکھا کہ سفر اور کئی کنسرٹس کے بعد بلآخر میں نے کبیر کے ساتھ جاکر فلم جوان دیکھ لی۔

بھائی شاہ رخ نے میرا گانا اس میں ڈالا بالکل ایسے موقع پر کہ میں جذباتی ہوگیا اور آنکھیں بھیگ گئیں۔شاہ رخ خان نے بھارتی گلوکار کے بیان پر کہا کہ ‘کیلاش جی آپ شکریہ، آپ کی آواز میں جادو ہے، میری طرف سے آپ کیلیے محبت اور جھپی دونوں ہی۔

گزشتہ روز شاہ رخ خان نیاپنی این جی او میر فائونڈیشن کے ذریعے فلم جوان کے چیئریٹی شو کا اعلان کیا۔7 ستمبر کو ریلیز ہونے والی فلم نے اب تک کمائی کے کئی ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

اشوب چشم کی وبا پھوٹنے سے بیماری میں استعمال ہو نے والے والے ڈراپس اچانک مارکیٹ سے غائب



کوٹ ادو (این این آئی)ملک کے بعض حصوں میں اشوب چشم کی وبا پھوٹنے سے بیماری میں استعمال ہو نے والے والے ڈراپس اچانک مارکیٹ سے غائب ہوگئے ۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھاڑٹی نے بھی چپ سادھ لی ۔تفصیل کے مطابق اشوب چشم کی وبائی صورت حال نے اس بیماری میں استعمال ہونے والے ڈراپس ایف ایم ایل،میتھا کلور،ڈیکسا کلور ٹوبرا الی ڈراپس مارکیٹ میں دستیاب نہ ہونے سے سینکڑوں مریض پریشان ہیں تاہم محکمہ صحت ڈرگ ریگولیٹری اتھاڑٹی خاموش ہے۔

متاثرہ مریضوں نے حکومت سے ادویات کی عدم دستیابی پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

آئین میں واضح ہے کہ ملک کا نظام منتخب نمائندے چلائیں گے،نگران وزیر اطلاعات



کراچی(این این آئی)نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہاہے کہ آئین میں واضح ہے کہ ملک کا نظام منتخب نمائندے چلائیں گے،تمام سیاسی جماعتوں کو انتخاب لڑنے کی مکمل آزادی حاصل ہونی چاہیے۔

سرکاری میڈیا کسی سیاسی جماعت کی حمایت یا مخالفت نہ کرے، قانونی و آئینی اختیارات کے تحت ریڈیو کے مسائل حل کریں گے۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ریڈیو پاکستان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئین میں واضح ہے کہ ملک کا نظام منتخب نمائندے چلائیں گے۔

نگران وزیراطلاعات نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخاب لڑنے کی مکمل آزادی حاصل ہونی چاہیے،سرکاری میڈیا کسی سیاسی جماعت کی حمایت یا مخالفت نہ کرے۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے سرکاری میڈیا کو رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو منصفانہ کوریج دینے کی ہدایت کی اور کہاکہ شفاف انتخابات کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنا نگران حکومت کی ذمہ داری ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ ریڈیو پاکستان کی بہتری کے لئے کام کر رہے ہیں، ریڈیو پاکستان کی نشریات ڈیجیٹل ہونی چاہئیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ قانونی و آئینی اختیارات کے تحت ریڈیو کے مسائل حل کریں گے۔

یقین دلاتا ہوں کہ دیئے گئے وقت کو وسائل کے حل کے لئے استعمال کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ ریڈیو پاکستان دور جدید کے تقاضوں کو پورا کرے، یہ میرا خواب ہے، ریڈیو پاکستان کے بورڈ کی تشکیل نو کریں گے۔مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ ریڈیو پاکستان کے معاملات بہتر کرنا میری ذمہ داری ہے۔

بھارتی اینکرز اور تجزیہ کار کینیڈا پر ایٹمی حملے کی دھمکیاں دینے لگے



ٹورنٹو(این این آئی)کینیڈین وزیراعظم جسٹس ٹروڈو کی جانب سے بھارت کو ہردیپ سنگھ کے قتل کا ذمہ دار قرار دینے پر بھارتی میڈیا ہوش و حواس کھو بیٹھا ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی ٹی وی چینلز پر موجود اینکرز اور تجزیہ کار کینیڈا پر ایٹمی حملے کی دھمکیاں دینے پر اتر آئے۔

ٹی وی چینلرز پر بھارتی تجزیہ کاروں نے کہا کہ جسٹن ٹروڈو تم کیا ہو؟ 10 بھارتی آبدوزیں جائیں گی اور کینیڈا کو نیوک کردیں گی۔

تجزیہ کار نے یہ بھی کہا کہ اب بھارتی حکومت اس محاذ آرائی کو منطقی انجام تک پہنچائے۔یاد رہے کہ سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں گوردوارے کے سامنے 18جون کو قتل کردیا گیا تھا۔جس کے بعد کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا تھا کہ ہمارے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہیں کہ بھارت کے ایجنٹ کینیڈا کی سرزمین پر ایک کینیڈین کے قتل میں ملوث ہیں۔

جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ کا قتل ایک سنگین معاملہ ہے، سکھ رہنما کے قتل کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے اور ہم یہی کر رہے ہیں

ہمارے بھائی کو چھوٹے سے سیل میں رکھا گیاہے: علیمہ خان



اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ان کے بھائی کی پاکستان کیلئے 27 سالہ جدوجہد ہے، انہیں چھوٹے سے سیل میں رکھا گیا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں کہ ہمارے بھائی کے ساتھ عدالت میں کیا ہوگا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر کردی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت پیر کو ہوگی جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق سماعت کریں گے۔عدالت نے کیس میں دلائل کیلئے ایف آئی اے کو بھی نوٹس جاری کررکھا ہے۔

طلاق یافتہ خاتون کا کردار ملے تو خوشی خوشی نبھائوں گی،اشنا شاہ



کراچی(این این آئی)اداکارہ اشنا شاہ نے کہا ہے کہ اگر طلاق یافتہ خاتون کا کردار ملے تو خوشی خوشی نبھائوں گی۔سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پوسٹ میں اشنا شاہ نے کہا ہے کہ میں نے بہت سے ایسے سکرپٹ میں کام کیا ہے جن میں طلاق کو منفی انداز میں دکھایا گیا ہے۔

اگرچہ میں سکرپٹ تبدیل نہیں کرسکتی کیونکہ یہ میرے کام کا حصہ نہیں ہے لیکن طلاق سے متعلق میرے خیالات بالکل مختلف ہیں۔اپنے والدین کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے والدین کی بھی علیحدگی ہوگئی ہے ،میری والدہ نے ہمیں سنگل پیرنٹ کے طور پر پالا ہے، ہماری بہترین پرورش اور دیکھ بھال کیلئے تین ملازمتیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ایسی کہانی کا حصہ بننا چاہتی ہوں جس میں طلاق یافتہ خاتون کو مثبت انداز میں دکھایا جائے اور پیغام دیا جائے کہ طلاق کے بعد بھی خوشحال زندگی گزاری جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا کردار ہو جس میں طلاق یافتہ خاتون خود مختار زندگی گزار کر معاشرے میں مثال قائم کرے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سکرپٹ کیلئے پروڈیوسر کو راضی کرنا مشکل کام ہے ،ایسے ڈراموں پر عوام کی جانب سے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

بیوی کے علاوہ مرد کی بہتر تربیت کوئی نہیں کر سکتا، خلیل الرحمن قمر



کراچی (این این آئی)ڈراما نگار و لکھاری خلیل الرحمن قمر نے کہا ہے کہ اچھی و نیک بیوی خدا کی نعمت ہے ،اہلیہ کے علاوہ کوئی بھی مرد کی بہتر تربیت نہیں کر سکتا،مائوں کے آگے سرجھکانے والے مرد بیویوں کے سامنے بھی سر جھکا لیا کریں، وہ بھی مائیں ہوتی ہیں۔

نجی ٹی وی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے خلیل الرحمن قمر نے کہا کہ اچھا ڈرامہ یاسکرپٹ لکھنا صرف اچھی اردو لکھنے سے نہیں لکھا جا سکتا، نئے آنیوالے لکھاریوں کو سمجھنا چاہئے کہ اچھی تحریر لکھنا قدرت کا تحفہ ہوتا ہے، وہ دوسروں کی دیکھا دیکھی تحریری نہ لکھیں۔

انہوں نے کہا کہ فائزہ افتخار اور عمیرہ احمد اچھی لکھاری ہیں جبکہ ان کے علاوہ بھی دیگر ڈراما ساز چھے اسکرپٹ لکھ رہے ہیں۔ انہوں نے لکھاریوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ پروڈیوسرز یا ہدایت کار کے دبائو میں آکر نہ لکھیں، وہ اپنی مرضی سے غیرت کرکے کہانیاں لکھیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی کسی پروڈیوسر کی ہدایات کے مطابق نہیں لکھا ،اسی وجہ سے مشکل وقت کا بھی سامنا کرنا پڑا اور بھوک برداشت کی۔ انہوں نے کہا کہ میرے لکھے گئے مقبول ڈرامے میرے پاس تم ہو کی کامیابی میں میرے بعد دوسرا بڑا ہاتھ ہمایوں سعید کا ہے۔

انہوں نے مذکورہ ڈرامے میں بے وفائی کرنے والے افراد کو سزا بھی دی۔انہوں نے کہا کہ شوہروں کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے کہ وہ بیویوں کے سامنے ان کے شوہر نہ بنیں،شوہر یہ سوچ ذہن سے نکال دیں کہ بیوی ان کے بتائے اصولوں یا باتوں پر چلنے یا عمل کرنے کی پابند ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرد حضرات بیویوں کا ادب کریں، ان سے بحث نہ کریں، انہیں کم نہ سمجھیں، اگر وہ کبھی کبھی شوہروں کی بے عزتی بھی کرلیں تو انہیں برداشت کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اچھی اور نیک بیوی خدا کی نعمت ہوتی ہے ،کسی بھی مرد کی تربیت بیوی کے علاوہ کوئی اور نہیں کر سکتا۔انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ جس طرح بیٹے اپنی مائوں کے آگے کچھ بول نہیں سکتے، سر جھکا لیتے ہیں، اسی طرح بیویوں کے سامنے سر جھکا لیا کریں، کیوں کہ وہ بھی مائیں ہوتی ہیں۔

100فیصد یقین ہے میشا شفیع سچ بول رہی ہیں، عفت عمر



کراچی (این این آئی)اداکارہ و سپر ماڈل عفت عمر نے گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے گلوکار علی ظفر پر لگائے گئے  ہراسانی کے الزامات پر رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے 100فیصد یقین ہے میشا شفیع سچ بول رہی ہیں۔

سچ بولنے کی وجہ سے دوستوں نے مجھے نظر انداز کرنا شروع کر دیا،کام بارے لوگوں کے رویوں میں تبدیلی دیکھ کر خود ہی شوبز انڈسٹری میں کام کرنا چھوڑ دیا۔

اداکارہ نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ کیلئے یوٹیوب پر انٹرویو دیا۔می ٹو مہم اور جنسی ہراسانی کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے عفت عمر نے گلوکارہ میشا شفیع اور علی ظفر بارے کہا کہ مجھے 100فیصد یقین ہے کہ میشا شفیع سچ بول رہی ہیں۔

میشا کے علی کے خلاف الزامات سچ ہیں، میں میشا شفیع کے ساتھ ہوں، مجھے جو ٹھیک لگا میں نے اس کا ساتھ دیا جس کا مجھے کوئی پچھتاوا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنسی طور پر ہراساں کرنا بہت بڑا مسئلہ ہے، اس پر بات کرنی چاہئے، میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھتی ہوں میں نے کئی لوگوں کو ہراساں ہوتے ہوئے دیکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہت سے نوجوان مرد اور خواتین ہراسگی پر بات نہیں کرتے ہیں، میرا خیال ہے جب کوئی اس موضوع پر بات کرے تو اس کی بات سنی جائے، مسئلے کو ختم کرنے کا یہی واحد طریقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن خواتین کے ساتھ ہراسگی ہو رہی ہے انہیں کھلے عام اس شخص کا نام لینا چاہیے تا کہ وہ آئندہ ایسا عمل کرنے سے پہلے کئی بار سوچے۔انہوںنے کہا کہ میں سچ بولنے سے نہیں گھبراتی۔

مجھے جو بہتر لگتا ہے وہ میں کہہ دیتی ہوں جس کی وجہ سے مجھے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑتا ہے حتی کہ ذہنی اور مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ سچ بولنے کی وجہ سے دوستوں نے مجھے نظر انداز کرنا شروع کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کام بارے لوگوں کے رویوں میں تبدیلی دیکھی تو خود ہی شوبز انڈسٹری میں کام کرنا چھوڑ دیا۔

اسپورٹس مین اسپرٹ کا بھرپور مظاہرہ، سوڈھی نے حسن کو گلے لگالیا



آکلینڈ (این این آئی) بنگلادیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ میں اسپورٹس مین اسپرٹ کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری تھی کہ اننگز کے اختتامی لمحات میں بنگلادیش کے بولر حسن محمود نے نان اسٹرائیکر پر موجود اش سوڈھی کو منکڈ آٹ کرکے امپائر سے اپیل کردی۔

آئوفٹ کا فیصلہ تھرڈ امپائر کی جانب گیا تو ریپلے کے مطابق وکٹوں پر گیند مارے جانے کے وقت اش سوڈھی کیریز سے باہر تھے لہذا تھرڈ امپائر نے انہیں آٹ قرار دیا۔

اس موقع پر بنگلادیشی کپتان لٹن داس نے اسپرٹ آئوٹ کرکٹ کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے پویلین کی جانب جاتے سوڈھی کو واپس بلا لیا۔

اش سوڈھی نے بھی بنگلادیشی کپتان اور بولر کی جانب سے انہیں واپس بلائے جانے پر گرم جوشی کے ساتھ بنگلادیشی بولر حسن محمود کو اسپورٹس مین اسپرٹ پر گلے لگالیا۔

چاند پر بھیجے گئے بھارتی مشن چندریان 3 سے سگنل آنا بند



نئی دہلی(این این آئی)چاند پر بھیجے گئے بھارتی مشن چندریان 3 سے سگنل آنا بند ہوگئے۔

بھارتی ٹی وی نے بتایا کہ بھارتی خلائی ایجنسی کے مطابق چاند کے جنوبی قطب پر شدید ٹھنڈ کے باعث بیٹریوں کو نقصان پہنچا، چندریان 3 سے رابطے کی کوششیں تاحال ناکام ہیں۔

بھارتی خلائی تحقیق کے ادارے اسروکا کہنا تھا کہ چندریان 3 مشن کے وکرم لینڈر اور پراگیان روور سے کوئی سگنل موصول نہیں ہورہے، مشن سے رابطہ بحال کرنے اور اسے ویک اپ موڈ میں لانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

چندریان 3 مشن اگست میں چاند کی جنوبی سطح پر اترا تھا، اس سے دو ہفتے تک ڈیٹا اور تصاویر موصول ہوتی رہیں، جس کے بعد مشن کو سلیپ موڈ میں کر دیا گیا تھا۔بھارتی خلائی ایجنسی کا کہنا تھا کہ امید ہے بیٹریاں ری چارج ہونے کے بعد مشن دوبارہ سگنل بھیجنے لگے گا، چاند کے جنوبی قطب پر انتہائی شدید ٹھنڈ کے باعث بیٹریوں کو نقصان پہنچا ہے۔

ورلڈ کپ 2023،پی سی بی نے قومی ٹیم کی مینجمنٹ کا اعلان کردیا



لاہور (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے ورلڈ کپ 2023 کیلیے قومی ٹیم کی مینجمنٹ کا اعلان کردیا۔پی سی بی اعلامیے کے مطابق ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کے منیجر کے طور پر ریحان الحق فرائض سر انجام دیں گے۔

اعلامیے کے مطابق ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر، ہیڈ کوچ گرانٹ براڈبرن، بیٹنگ کوچ اینڈریو ہیوٹک جبکہ مورنے مورکل بولنگ کوچ ہوں گے۔

پی سی بی نے آفتاب خان کو فیلڈنگ کوچ، عبدالرحمان کو اسسٹنٹ کوچ، ڈاکٹر سہیل سلیم کو ٹیم ڈاکٹر، ڈریکس سائمن اسٹرینگتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ، کلف ڈیکن فزیو تھراپسٹ مقرر کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم کے میڈیا منیجر احسن افتخار ناگی ہوں گے جبکہ عثمان انوری سیکیورٹی منیجر کے فرائض انجام دیں گے۔پی سی بی نے مقبول بابری کو سائیکالوجسٹ، طلحہ اعجاز کو اینالسٹ اور ملنگ علی کو مساجر مقرر کیا ہے۔