Tag Archives: علیمہ خان

پولیس نے عمران خان کی بہنوں اور اسد عمر کی گرفتاری مانگ لی



لاہور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف  کے چیئرمین عمران خان  کی بہنوں اور پارٹی کے سابق سیکرٹری جنرل اسد عمر کی  9 مئی واقعات میں گرفتاری مانگ لی  ۔

نو مئی واقعات کے حوالے سےلاہور کے مختلف تھانوں میں درج مقدمات  میں عمران خان کی بہنوں اور اسدعمر کی عبوری ضمانت کی درخواستوں کی  انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت ہوئی ۔

سماعت کے دوران اسد عمر اور چیئرمین پی ٹی آئی کی دونوں بہنیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئیں، جہاں تفتیشی افسر نے  مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ملزمان کی گرفتاری مطلوب ہے ۔ ملزمان شامل تفتیش نہیں ہوئے ۔ 2، 2 ماہ سے عبوری ضمانتیں چل رہی ہیں۔ ملزمان تفتیشی افسر اور جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہورہے ۔ اِدھر آکر غلط بیانی کی جارہی ہے کہ تفتیش جوائن کرنے گئے ہیں اور تفتیشی افسر نہیں ملا۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے عبوری ضمانت پر سماعت  کے بعد اسد عمر سمیت دیگر ملزمان کی ضمانتوں میں 22 نومبر تک توسیع کردی۔

 

عمران خان عارف علوی سے مکمل مایوس ہیں، علیمہ خان



چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان صدر مملکت عارف علوی سے مایوس ہیں کیوں کہ وہ آئینی کردار ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہاکہ عمران خان کے حوصلے بلند ہیں، قید میں ہونے کے باعث ان کا وزن کم ہو گیا ہے، جیل میں ان کی ورزش اور واک کے لیے جگہ نہیں ہے اور ہم نے اس معاملے پر عدالت سے رجوع کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان کی عارف علوی سے مایوسی کی وجہ سے یہ ہے کہ صدر مملکت 90 روز میں انتخابات کرانے کے حوالے سے اپنا اختیار استعمال نہیں کر سکے۔

علیمہ خان نے کہاکہ عمران خان کو سائفر کیس میں لمبی سزا دینے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

ہمارے بھائی کو چھوٹے سے سیل میں رکھا گیاہے: علیمہ خان



اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ان کے بھائی کی پاکستان کیلئے 27 سالہ جدوجہد ہے، انہیں چھوٹے سے سیل میں رکھا گیا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں کہ ہمارے بھائی کے ساتھ عدالت میں کیا ہوگا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر کردی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت پیر کو ہوگی جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق سماعت کریں گے۔عدالت نے کیس میں دلائل کیلئے ایف آئی اے کو بھی نوٹس جاری کررکھا ہے۔