All posts by admin

ایف بی آرکا سسٹم ریٹرن فائلنگ کی سہولت کو یقینی بنانے کے لئے مکمل طور پر فعال ہے، ترجمان



اسلام آباد (این این آئی)ترجمان نے کہاہے کہ ایف بی آرکا سسٹم ریٹرن فائلنگ کی سہولت کو یقینی بنانے کے لئے مکمل طور پر فعال ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ایف بی آر کو لکھے گئے ایک خط میں کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کچھ مسائل کا ذکر کیا ہے جن کا یا تو تعلق ٹیکس سال 2023 کے ریٹرن فائل کرنے سے نہیں ہے یا انہیں پہلے ہی حل کیا جا چکا ہے۔

ایف بی آر نے ہمیشہ ٹیکس دہندگان اوران کے نمائندوں بشمول کراچی ٹیکس بار ایسو سی ایشن کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کو بروقت حل کرنے میں تیزی سے کام کیا ہے۔

اس حقیقت کا اعتراف کراچی ٹیکس بار ایسو سی ایشن / پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے ایف بی آر کے ساتھ مختلف خط و کتابت میں تحریری طور پر بھی کیا ہے۔مزید برآں اس سال اب تک کسی کی طرف سے سسٹم کی سست روی یا سسٹم کی خرابی سے متعلق کو ئی مسئلہ نہیں اٹھایا گیا ہے۔

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ IRISـ2.0 اپلیکیشن مکمل طور پر فعال ہے جسے ریٹرن باآسانی فائل کرنے اور ریٹرن کی تاریخ میں توسیع سے بچنے کے لئے یقینی بنایا گیا تھا۔کراچی ٹیکس بار ایسو سی ایشن کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل اور ان کے حل کی تفصیلات ایف بی آر کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہیں۔

ایف بی آر ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

چین ، سنکیانگ پائپ لائن انٹرپرائز کمپنی نے پاکستان کے ساتھ تعاون کی خواہش ظاہر کر دی



اسلام آباد (این این آئی)شمال مغربی چین کے سنکیانگ ایغور خود مختار علاقے میں تیل اور گیس پائپ لائن کے اجزا بنانے والی ایک ممتاز کمپنی نے پاکستان کے ساتھ تعاون کو گہرا کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

یہ انکشاف کمپنی کے ڈپٹی جنرل منیجر ژو شان زینگ نے 26 ستمبر کو الاشنکا میں پریس کانفرنس کے دوران چائنا اکنامک نیٹ (سی ای این)کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔

جنرل مینیجر نے سی ایس این کو بتایا کہ الاشنکا کمپری ہینسو بانڈڈ زون میں اسٹریٹجک طور پر پوزیشن میں ہے، زنبو پائپ لائن اس وقت اپنی 40فیصد مصنوعات مقامی مارکیٹ کو فراہم کرتی ہیں، اور بقیہ 60 فیصد کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (BRI) کے مطابق وسطی ایشیائی ممالک میں اپنی مارکیٹ ملتی ہے۔

چا نے انکشاف کیا کہ ہم نے قازقستان کے ساتھ سالانہ 30000 ٹن پائپ لائنوں کی فراہمی کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ازبکستان سے آرڈرز بھی بڑھ رہے ہیں۔

برآمدات پر مبنی ترقی کو بانڈڈ ایریا میں متعدد ترغیبات اور معاون پالیسیوں سے سہولت فراہم کی جاتی ہے، بشمول ہموار برآمدی عمل، ٹیکس میں وقفے اور مالی امداد شامل ہے۔

وسطی ایشیائی ممالک پر اپنی بنیادی توجہ کے باوجود، پائپ لائن کے اجزا بنانے والی کمپنی بھی پاکستان کے ساتھ تعاون کے امکانات کو دیکھتی ہے۔

ڈپٹی جنرل منیجر نے سی ایس این کو بتایا کہ چونکہ پاکستان پائپ لائنوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کا مشاہدہ کر رہا ہے، ہم ان کو پائپ لائن کے ضروری اجزا پیش کر سکتے ہیں۔

عمرہ کے نام پر سعودیہ جانے کی کوشش کرنے والا بھکاریوں کا گروہ پکڑا گیا



لاہور ( این این آئی) ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کر کے عمرہ کے نام پر سعودیہ جانے کی کوشش کرنے والے بھکاریوں کا گروہ گرفتار کر لیا ۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے خالد انیس نے بتایا کہ ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ائیر پورٹ پر کاروائی کی۔

بھکاریوں کے گروہ میں معصوم بچے بھی شامل ہیں ۔ایف آئی اے امیگریشن نے تحقیقات کیں تومعلوم ہوا نورو نامی ایجنٹ انہیں سعودیہ لیکرجاتا اور ان سے بھیک منگواتا ہے۔

گرفتار افراد میں 8خواتین، چارمرد اور4 بچے شامل ہیں جن کا تعلق کسووال سے ہے۔

ایف آئی اے میں 7افسران کے تقرر و تبادلے



لاہور ( این این آئی) ایف آئی اے میں 7افسران کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیئے گئے ۔

گریڈ 19کے ایڈیشنل ڈائریکٹرعامر عبداللہ نیازی کو اسلام آباد سے انٹرپول بھجوا دیا گیا ۔

گریڈ 18کے ڈپٹی ڈائریکٹر کاشف مصطفی کو اسلام آباد ہیڈ کوارٹر سے اکیڈمی بھجوا دیا گیا ۔

گریڈ 18کے ڈپٹی ڈائریکٹر سید ارتضیٰ حیدر کا اسلام آباد سے ملتان تبادلہ ، گریڈ 18 کے ڈپٹی ڈائریکٹر سکندر حیات اسلام آباد سے لاہور کارپوریٹ کرائم سرکل تعینات ، گریڈ 18کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد آماجگاہ کا اسلام آباد سے کرتار پور تبادلہ ، گریڈ 18 کے ڈپٹی ڈائریکٹر اعجاز احمد کا اسلام آباد سے فیصل آباد تبادلہ جبکہ تعیناتی کے منتظر گریڈ 17 کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رانا شیراز کو اسلام آباد تعینات کر دیا گیا ۔

مستونگ اور ہنگو دھماکے ، ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ



اسلام آباد/کراچی (این این آئی) بلوچستان کے ضلع مستونگ اور خیبر پختون خواکے ضلع ہنگو میں دھماکوں کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ۔

دھماکے کے فوری بعد پنجاب پولیس نے اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ مستعد اہلکاروں نے صوبے بھر میں نماز جمعہ کیلئے مساجد کی حفاظت کے فرائض انجام دیئے ۔

ادھر ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند نے مستونگ میں دھماکے کے تناظر میں کراچی پولیس کو مکمل طور پر ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردئیے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے کراچی پولیس کو شہر میں عید میلادالنبی ۖاور نماز جمعہ کے حوالے سے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت بنانے اور انتہائی متحرک رہنے اور غیر معمولی سرگرمیوں کی مکمل نگرانی کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے بیان میں کہا کہ اسلام آباد میں ممکنہ حالات کے پیش نظر سیکیورٹی الرٹ کردی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے تمام افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں الرٹ رہنے کے احکامات جاری کئے ۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی نے ہدایت کی ہے کہ عید میلادالنبیۖ کے جلوسوں کی سیکیورٹی مزید مؤثر کی جائے اور اسلام آباد پولیس کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہری پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کے متعلق 15 پر اطلاع دیں۔

اٹلی کی پاکستان کے ساتھ فاضل تجارت کے حجم میں سالانہ بنیادوں پرنمایاں اضافہ



لاہور( این این آئی)اٹلی کی پاکستان کے ساتھ فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں سالانہ بنیادوں پرنمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اعداد وشمار کے مطابق جولائی اوراگست میں اٹلی کوپاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر0.88فیصد جبکہ اٹلی سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر92فیصدکی نمایاں کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں اٹلی کوبرآمدات سے ملک کو195.53ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 0.88فیصدکم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اٹلی کو برآمدات سے ملک کو197.27ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہواتھا،اگست میں اٹلی کو پاکستانی برآمدات کاحجم 96.04ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوجولائی میں 99.49ملین ڈالر اورگزشتہ سال اگست میں 91.97ملین ڈالر تھا۔

مالی سال 2023میں اٹلی کو برآمدات سے ملک کو1.151ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔اٹلی سے برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں سالانہ بنیادوں پر92فیصدکی کمی ہوئی، جولائی اوراگست میں اٹلی سے درآمدات کاحجم 60.69ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 116.51ملین ڈالرتھا۔

رپورٹ کے مطابق اگست میں اٹلی سے درآمدات پر26.79ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواجوجولائی میں 33.90ملین ڈالر اور گزشتہ سال اگست میں 44.10ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023میں اٹلی سے درآمدات کامجموعی حجم 526.93ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

مصر میں ٹرین میں اتفاقیہ بچی کی پیدائش



قاہرہ(این این آئی)مصر میں 3 ڈاکٹروں کے اس موقف کی سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر تعریف کی جا رہی ہے جنہوں نے 20 سالہ لڑکی کو بالائی مصر جانے والی ریل گاڑی کے اندر بچی کو جنم دینے میں مدد فراہم کی تھی۔

عرب ٹی وی کے مطابق جیسے ہی ٹرین اسیوط میں اپنے سٹیشن کے قریب پہنچی، مسافر ٹرین سے اترنے سے پہلے مسافر اپنے سامان کو لے جانے کے لیے بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ تقریبا ایک گھنٹے سے بھی کم وقت بعد ایک بیس سالہ خاتون کی چیخ کی آواز آئی جو دردِ زہ میں متبلا تھی۔تمام مسافر آواز سن کر پریشان ہوگئے۔

ایسے میں پتا چلا کہ مسافروں میں گائنی کا ایک ڈاکٹر اور ان کی اہلیہ بھی موجود ہیں۔ انہوں نے ایک سرجن اور ایک پیرامیڈیک کو بھی تلاش کرلیا۔ یہ محض اتفاق تھا کہ زچگی کے وقت ٹرین میں یہ طبی عملہ موجود تھا۔

اسیوط کے اگلے اسٹیشن پر پہنچنے سے قبل پیدا ہونے والی اس بچی کا شمس رکھا گیا۔بالائی مصر میں ٹرین میں ماں اور اس کے بچے کی زندگی میں ڈاکٹروں کی کردار کو عوامی حلقوں کی طرف سے سراہا جا رہا ہے۔

مشکل وقت میں ڈاکٹروں نے ہمت دکھائی اور انہوں نے خاتون اور بچی کو بچالیا۔ اس آپریشن میں شامل ماہر امراض قلب ڈاکٹر عصام نان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اپنے صفحے پر لکھا کہ آج صبح کے وقت قاہرہ سے میری واپسی ہوئی۔

میں ملوی سٹیشن کے قریب پہنچا ایک لڑکی کی ٹرین کے اندر چیخنے کی آواز سنائی دی۔ جب ڈاکٹر اسلام ابو شامہ جو ایک گائناکالوجسٹ اور ان کی بیوی اورایک ماہر اطفال بھی اس کے پاس آیا، اور اس کے بعد ہم نے ٹرین کے کپتان کو اسے قریبی اسٹیشن پر روکنے کوکہا۔اس نے اسے ڈے روٹ سینٹر اسٹیشن پر روک دیا جہاں اس خاتون کی زچگی کا عمل مکمل ہوا۔

سعودی عرب، دنیا میں پہلا کامیاب مکمل روبوٹک لیور ٹرانسپلانٹ



ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں دنیا کا پہلا کامیاب مکمل روبوٹک لیور ٹرانسپلانٹ کر لیا گیا۔ یہ بے مثال کامیابی کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر میں تکمیل کو پہنچی۔

ساٹھ سالہ سعودی مریض نان الکوحل فیٹی لیور اور ہیپا ٹوسیلولر میں مبتلا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق روبوٹک لیور ٹرانسپلانٹ کو انجام دینے والی میڈیکل ٹیم کے رہنما اور سنٹر آف ایکسیلنس فار آرگن ٹرانسپلانٹس کے سی ای او پروفیسر ڈائیٹر بروئرنگ نے وضاحت کی کہ یہ اہم کامیابی طبی جدت طرازی اور دنیا بھر میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی صحت کی دیکھ بھال کے معیار کو بڑھانے کے عزم کی نشاندہی کر رہی ہے۔

یہ آپریشن اعضا کی پیوند کاری کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ کامیابی اس میدان میں عالمی رہنما کے طور پر سپیشلسٹ کی پوزیشن کو مستحکم کر رہی ہے۔اس پیوند کاری کو روایتی اور روبوٹک لیور ٹرانسپلانٹیشن کی وجہ سے منفرد حیثیت حاصل ہے۔

یاد رہے 2018 سے زندہ شخص سے جگر کے جزوی اخراج کے لیے مکمل طور پر روبوٹک سرجری پر انحصار کیا جا رہا ہے۔ مکمل روبوٹک جگر کی پیوند کاری دوسرے طریقوں سے نمایاں طور پر مختلف ہوتی ہے۔ اس پیوند کاری میں مریض کے جسم میں چھوٹے چیرے لگائے جاتے ہیں، صحت یابی کی مدت کو کم کر دیا جاتا اور پیچیدگیوں کے امکانات کو روبہ زوال کردیا جاتا ہے۔

یہ روایتی لیور ٹرانسپلانٹیشن یا ہائبرڈ اپروچ کے برعکس ہے۔ پرانے طریقے میں مریض کے جسم میں 15 سینٹی میٹر کا چیرا لگایا جاتا اور اس سے 50 فیصد معاملات میں پیچیدگیاں پیدا ہوجاتی تھیں۔

اس کے بعد مریض کو ایک لمبے عرصہ کیلیے ہسپتال میں رہنا پڑتا تھا۔ حالیہ کامیابی اعضا کی پیوند کاری کے ماہرین کے تمام امکانات پر قابو پانے کی خصوصی مہارتوں کی بھی نمائندگی کر دی۔

واضح رہے کنگ فیصل ہسپتال اعضا کی پیوند کاری کیلیے روبوٹک سرجری کے خصوصی تربیتی مرکز کے طور پر کام کرتا ہے۔ یہ ہسپتال دوسرے طبی اداروں کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کرتا اور کم سے کم نقصان دہ ا عضا کی پیوند کاری کے طریقہ کار کے بارے میں عالمی سمجھ بوجھ کو بڑھانے میں بھرپور مدد فراہم کرتا ہے۔

کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کو خصوصی صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والے دنیا کے صف اول کے اداروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ برانڈ فنانس کے مطابق کنگ فیصل ہسپتال 2023 میں سے دنیا کے بہترین صحت کی دیکھ بھال کرنے والے اداروں کی فہرست میں 20ویں اور مشرق وسطی اور افریقہ میں پہلے نمبر پر آیا ہے۔

سعودی یوٹیوبر حادثہ میں جاں بحق، چند گھنٹے بعد بیٹی بھی چل بسی



ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں یوٹیوبر ابراہیم السھیمی کی ایک ہولناک ٹریفک حادثے میں موت نے سعودیوں میں کھلبلی مچادی۔

عرب ٹی وی کے مطابق یہ اطلاع اس وقت سامنے آئی جب سعودی مواد کے تخلیق کار ثنیان خالد نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر ان کی موت کی خبر کا اعلان کیا اور ان کے لیے رحمت کی دعا کی۔

السھیمی کی بیٹی کی تصویر کے منظر عام پر آنے کے بعد صرف چند گھنٹے گزرے تھے کہ اس کی حادثہ میں موت ہو گئی۔ حادثے کی ایک ویڈیو کلپ میں وہ لمحہ دکھایا گیا ہے جب دو کاریں خوفناک طور پر آپس میں ٹکرا گئیں ۔

ان کاروں میں سے ایک کار کنٹرول کھو بیٹھی اور اپنی لین سے ہٹ گئی تھی۔یاد رہے ثنیان السھیمی سنیپ چیٹ پر بلاگر ثنیان خالد گروپ کے سب سے نمایاں اراکین میں سے ایک تھے اور اپنے مخصوص مواد کی وجہ سے ملک بھر انتہائی مقبول تھے۔

صرف دو برس قبل ان کی شادی ہوئی تھی اور ان کی صرف ایک بیٹی تھی ۔

ورلڈ کپ سے قبل بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا



کرکٹ کے عالمی مقابلے سے قبل بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے اور ان کے کپتان، مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن انجرڈ ہو گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بنگلا دیشی کپتان شکیب الحسن کو پریکٹس کے دوران فٹ بال کھیلتے ہوئے ایڑھی پر چوٹ لگی ہے اور اسی وجہ سے انہوں نے گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف وارم اپ میچ میں بھی حصہ نہیں لیا۔

وارم اپ میچ کے دوران ٹاس کے وقت بنگلادیشی کپتان گراؤنڈ میں نہیں آئے اور بتایا گیا کہ چوٹ کی وجہ سے ان کی ایڑھی سوجی ہوئی ہے۔

اب اس خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ شکیب الحسن دوسرا وارم اپ میچ بھی نہیں کھیل سکیں گے، بلکہ ورلڈ کپ کے اپنے افتتاحی میچ میں بھی شرکت مشکوک ہے۔

واضح رہے کہ شکیب الحسن کا شمار دنیا کے بہترین آل رائونڈرز میں ہوتا ہے اور اگر ان کی انجری ٹھیک نہ ہو سکی تو یہ بنگلا دیش کی ٹیم کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہو گا۔

ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کے ہاں نئے مہمان کی آمد کی خبریں



بھارت کے معروف کرکٹر اور بالی ووڈ کی معروف اداکارہ انوشکا شرما کے ہاں ننھے مہمان کی آمد کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ انوشکا شرما کچھ عرصے سے عوامی سطح پر سامنے نہیں آئیں، انہیں حال ہی میں اپنے شوہر کے ساتھ ممبئی کے ایک میٹرنٹی کلینک میں دیکھا گیا جس سے یہ اخذ کیا گیا ہے کہ وہ حاملا ہیں۔

اس کے علاوہ انوشکا شرما ویرات کوہلی کے میچوں میں بھی ان دنوں شرکت نہیں کر رہی ہیں۔

ابھی تک ویرات کوہلی یا انوشکا شرما کی جانب سے ایسی کوئی خبر شیئر نہیں کی گئی تاہم ان کے چاہنے والوں کا کہنا ہے کہ جلد ہی باضابطہ طور پر خوشخبری شیئر کی جائے گی۔

یاد رہے کہ دونوں کی شادی 2017 میں ہوئی تھی جس کے بعد 2021 میں ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

ورلڈ کپ سے قبل شاداب خان کو بڑا صدمہ پہنچ گیا



کرکٹ کے عالمی مقابلے سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کو بڑا صدمہ پہنچا ہے اور ان کی پھوپھو انتقال کر گئی ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میری پھوپھو انتقال کر گئی ہیں جس کی خبر مجھ تک پہنچی ہے۔ شاداب خان نے اپیل کی کہ ان کی مرحومہ پھوپھو کی مغفرت کے لیے دعا کی جائے۔

یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم اس وقت بھارت میں موجود ہے جہاں گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف وارم اپ میچ بھی کھیلا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کا پہلا میچ نیدر لینڈ کے خلاف 6 اکتوبر کو کھیلے گی، اس سے قبل 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ بھی شیڈول ہے۔