All posts by ghulam mustafa

پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم سب کے خلاف کارروائی ہورہی ہے: دفتر خارجہ



ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم تمام افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، صرف افغان مہاجرین کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ بھارت پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث ہے اور ہمیشہ مخالف پروپیگنڈے میں مصروف رہتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران پاکستانی ٹیم کو سیکیورٹی کی فراہمی بھارتی حکومت کی ذمے داری ہے۔

ممتاز زہرا نے کہاکہ پاکستان افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے خلاف نہیں بلکہ اس کے غلط استعمال کے خلاف ہے۔ ہماری افغان مہاجرین سے متعلق پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ ہم غیر قانونی مہاجرین کے خلاف ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ تبت میں ہونے والی عالمی کانفرنس کے موقع پر پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات ہو گی جس میں دوطرفہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ممتاز زہرا نے انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نگراں حکومت شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔

خیبرپختونخوا میں 75 فیصد خودکش دھماکوں میں افغان شہری ملوث ہیں: آئی جی کے پی کا دعویٰ



انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان نے کہا ہے کہ صوبے میں ہونے والے خودکش دھماکوں میں 75 فیصد افغان شہری ملوث نکلے ہیں۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ حملہ آوروں کے فنگرپرنٹس سے شناخت کی گئی جس کے بعد معلوم ہوا ہے کہ علی مسجد، باڑہ، ہنگو، باجوڑ اور پولیس لائنز میں حملے کرنے والے افغان شہری تھے۔

انہوں نے کہاکہ بھتہ خوری کے واقعات میں بھی افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں، رواں برس 76 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 49 کا سراغ لگایا گیا۔ بھتہ خوری میں مقامی افراد سمیت افغان شہری بھی ملوث پائے گئے جنہیں گرفتار کیا ہے۔

اختر حیات نے بتایا کہ جب سے بھتہ خوروں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز ہوا ہے تب سے اس جرم میں کمی آئی ہے، جن ملزمان نے لوکل کنٹریکٹرز سے بھتہ طلب کیا تھا ان کو گرفتار کر لیا گیا۔

انسپکٹر جنرل پولیس نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں ایک گروپ کے ساتھ ملوث ہونے پر 2 پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے اور ان کے خلاف مقدمات درج ہو چکے ہیں۔

پاکستان سے 212 اشیا افغانستان لے جانے پر پابندی عائد



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت تجارت کی جانب سے افغانستان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کے تحت پاکستان کی 212 اشیا افغانستان لے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

وزارت تجارت کے مطابق 212 اشیا پاکستان کے راستے افغانستان لے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

وزارت تجارت کے مطابق جن اشیا کے افغانستان لے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں 17 اقسام کا کپڑا، گاڑیوں کے ٹائرز، چائے کی پتی، کاسمیٹکس اور ٹوائلٹ میں استعمال کی جانے والی درجنوں اقسام کی اشیا شامل ہیں۔

وزارت تجارت نے نٹس، خشک اور تازہ پھل، فریج، ریفریجریٹر، ایئر کنڈیشنر، جوسر، مکسر بلینڈر سمیت دیگر اشیا بھی افغانستان لے جانے پر پابندی عائد کی ہے۔

کاہنہ میں شہباز شریف کی گاڑی روکے جانے کا واقعہ، لیگی صدر نے وضاحت کر دی



سابق وزیراعظم و صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ روز میرے حلقے کے لوگوں نے میری گاڑی روک کر اپنے مسائل بیان کیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے گزشتہ روز کاہنہ میں لوگوں کی جانب سے گاڑی روکے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ آج میں نے حلقے کے نمائندوں کو اپنے پاس بلا کر مسائل کو سنا اور حل کے لیے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ سیاست عبادت کا درجہ رکھتی ہے اور یہ خلق خدا کی خدمت کر کے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات کاہنہ کے عوام نے شہباز شریف کی گاڑی کو روک لیا تھا، اس موقع پر ان کو برا بھلا کہا گیا اور گاڑی کا شیشہ بھی توڑ دیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہو رہی تھیں مگر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی، اب شہباز شریف نے خود واقعے کی وضاحت کی ہے۔

عمران خان کو جیل میں گھر جیسی سہولیات دینے کی درخواست پر سماعت ملتوی



اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے شوہر کو جیل میں سیکیورٹی اور تحفظ کے لئے دائر کی گئی درخواست پر سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔

بشریٰ بی بی کے وکیل لطیف کھوسہ نے عمران خان کو گھر کا کھانا فراہم کرنے کا مطالبہ کیا، انہوں نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کو جس سیل میں رکھا گیا ہے وہاں تو نماز پڑھنے کی بھی بمشکل جگہ ہے۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ یہاں جو بھی صدر یا وزیراعظم بنے وہ اڈیالہ یا اٹک جیل کا چکر ضرور لگاتا ہے، یہی ہماری تاریخ ہے۔

اس موقع پر چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہاکہ جو گنجائش بنتی ہو گی اس کے مطابق آرڈر کروں گا۔ بعدازاں انہوں نے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد میں مقیم غیر ملکیوں کی پڑتال شروع، 1126افراد کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت کارروائی



اسلام آباد پولیس نے غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف آپریشنز کے دوران 1126 افراد کی جانچ کی، اس دوران 503 افراد سے کوئی شناختی دستاویز نہ ملنے پر ان کے خلاف 14 فارنر ایکٹ کے تحت کارروائی کرکے مجاز عدالتوں میں پیش کیا گیا جو جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں اور مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق 623 افراد کو منظور شدہ شناختی دستاویزات پیش کرنے پر رہا کیا گیا۔ اس تمام عمل کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

ترجمان نے بتایا کہ جرائم پیشہ عناصر کو غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے ساتھ منسلک کرنا درست نہیں ہے۔ کسی بھی شہری کے پاس اگراطلاع ہو کہ کہیں پر کوئی غیرقانونی طور پر مقیم ہے تو پولیس کو اطلاع دی جائے، نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ کسی غیر قانونی مقیم کو پناہ یا ملازمت دینا بھی جرم ہے جس پر قانونی کارروائی ہوسکتی ہے۔

گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے، خوف و ہراس



پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

ابھی تک زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہونے لگا، قیمت میں 4ڈالر فی بیرل کمی



عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، آج تیل کی قیمتوں میں 4 ڈالر فی بیرل سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 85.59 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا، اس کی قیمت میں 4 فیصد کمی ہو ئی ہے۔

اس کے علاوہ برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ آئل 87.40 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے، اس کی قیمت میں 3.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

15 روز کے دوران ریکارڈ کی گئی قیمتوں میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 7 ڈالر فی بیرل سے زیادہ گر گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پلس نے تیل کی پیداوار میں کمی یا زیادتی کے حوالے سے فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

ماہرین کا خیال ہے کہ اگر قیمتوں میں کمی کا سلسلہ برقرار رہا تو پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آ سکتی ہے۔

توشہ خانہ:عمران خان کی نااہلی ختم کرنے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ میں الیکشن کمیشن سے نااہلی کا فیصلہ معطل کرانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں دائر عمران خان کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں سزا معطل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ چونکہ توشہ خانہ کیس میں سزا کی بنیاد پر الیکشن کمیشن سے نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا، اب سزا معطل ہو چکی ہے لہٰذا نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن عدالت نے 5 اگست کو توشہ خانہ کیس میں عمران کو 3 سال قید سنائی تھی، بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی سزا کالعدم قرار دیتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا۔

10سنگین مقدمات میں مطلوب دہشتگرد مقابلے میں ہلاک، اسلحہ اور دستی بم برآمد



ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں پولیس اور دیگر اداروں نے کارروائی کی ہے جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کو مطلوب انتہائی مطلوب دہشت ہلاک ہو گیا ہے۔

سینٹرل پولیس آفس نے بتایا ہے کہ پولیس کے البرق یونٹ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے مشترکہ آپریشن کیا ہے جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کو مطلوب دہشت گرد ہلاک ہو گیا ہے۔

ہلاک ہونے والا دہشت گرد کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کو 10 مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ اس کے سر کی قیمت 60 لاکھ روپے مقرر تھی۔

سی پی او نے بتایا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

دھرنا کیس: ایم کیو ایم بھی درخواست واپس لینے سپریم کورٹ پہنچ گئی



متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے فیض آباد دھرنا کیس میں نظر ثانی درخواست واپس لینے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

ایم کیو ایم کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایم کیو ایم اور رابطہ کمیٹی کی ہدایات ہیں اس لیے ہم نظرثانی درخواست پر کارروائی نہیں چاہتے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وفاق، آئی بی، الیکشن کمیشن اور پیمرا سمیت تحریک انصاف نے بھی اپنی اپنی درخواستیں واپس لے لی ہیں، جبکہ شیخ رشید کے وکیل نے مقدمے کو التوا میں رکھنے کی درخواست کی ہے۔

سردیوں میں گیس لوڈشیڈنگ ہو گی یا نہیں؟ وزیر توانائی نے بتا دیا



اسلام آباد (این این آئی) نگراں وفاقی وزیرِ توانائی محمد علی نے کہا ہے کہ اس سال بھی گیس لوڈ شیڈنگ ہو گی، جس طرح گزشتہ سال دن میں 8 گھنٹے گیس آتی تھی، اسے جاری رکھیں گے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ موسمِ سرما میں گیس کی کمی پوری کرنے کے لیے 2 ایل این جی کارگوز خرید لیے ہیں۔

نگراں وفاقی وزیرِ توانائی محمد علی نے کہا کہ بجلی چوروں سے اب تک 16 ارب روپے کی ریکوری ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ نجکاری کے حوالے سے قومی ایئر لائن پی آئی اے پہلی ترجیح ہے۔