All posts by ghulam mustafa

بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری، اب تک 10 ہزار افراد گرفتار



ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 10 ہزار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

سیکریٹری پاور ڈویژن راشد لنگڑیال نے بتایا ہے کہ بجلی چوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں۔

اعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بجلی چوروں کے خلاف اب تک 23 ہزار 152 مقدمات درج ہوئے اور 14 ارب 33 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی ہے۔

راشد لنگڑیال نے کہاکہ لیسکو میں 3 ارب 85 کروڑ روپے ریکور کیے گئے ہیں اور اس دوران 2 ہزار 961 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران حیسکو میں 2 ارب 69 کروڑ روپے ریکور ہوئے جبکہ پیسکو میں کریک ڈائون کے دوران 2 ارب 42 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی ہے۔

راشد لنگڑیال نے بتایا کہ 75 فیصد مجموعی چوری کے باوجود سندھ اور خیبر پختونخوا سے صرف 725 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

وزیراعظم، وزیر اطلاعات و دیگر کی چینی قیادت اور عوام کو قومی دن کی مبارکباد



چین کے 74 ویں قومی دن کے موقع پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سمیت پوری چینی قوم کو مبارکباد دی ہے۔

اپنی ایک ٹوئٹ میں نگراں وزیراعظم نے کہاکہ آج کی دنیا میں چین امن، استحکام کے ساتھ ساتھ ترقی اور خوشحالی کا مرکز بن چکا ہے۔ اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے پاک چین دوستی زندہ باد بھی تحریر کیا۔

وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ امید ہے کہ موجودہ سال اور آنے والے برسوں میں پاکستان اور چین کے تعلقات کامیابیوں کے نئے سنگ میل عبور کریں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین تعلقات باہمی احترام، تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں پر استوار ہیں،پاکستان اور چین کے عوام ایک دوسرے سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے دکھ سکھ کا ساتھی ہے۔

حالات خرابی کی ذمہ داری قبول کرنے کو کوئی بھی تیار نہیں، سراج الحق



جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں حالات کی خرابی کا اعتراف سب کی جانب سے کیا جا رہا ہے لیکن کوئی بھی ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی خبر پڑھی، لیکن ساتھ ہی دوسری خبر یہ تھی کہ گیس کی قیمت میں 20 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ اس وقت عوام خوف اور بے یقینی کی کیفیت کا شکار ہیں، ہر طرف تباہی و بربادی نظر آ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت اور وزیراعظم سے لے کر پولیس تک ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ ملک میں حالات خراب ہیں مگر کوئی بھی اس کا اعتراف نہیں کر رہا کہ یہ حالات کیسے پیدا ہوئے۔

سراج الحق نے کہاکہ کہ اس وقت تو افغان کرنسی نے پاکستانی کرنسی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور 3 گنا زیادہ مضبوط ہو چکی ہے، بنگلا دیش، نیپال، بھوٹان، سری لنکا، انڈیا سب ترقی یافتہ ملک بن چکے ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہماری معیشت ترقی کر رہی ہے اور یہاں امن و امان کی صورت حال میں بہتری آ رہی ہے۔

پاکستانی سفیر معین الحق کی چینی قیادت اور عوام کو قومی دن کی مبارکباد



چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے عوامی جمہوریہ چین کے 74 ویں قومی دن پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

اتوار کو اپنی ٹوئٹ میں معین الحق نے کہا کہ یہ خاص دن نا صرف عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی نشان دہی کرتا ہے بلکہ ایک عظیم قوم کی قومی تجدید اور جدید سوشلسٹ ملک کے ہدف کو حاصل کرنے کے عزم، لچک اور محنت کی بھی علامت ہے۔

فیس بک بھارتی دباؤ کا شکار، پروپیگنڈا مہم روکنے میں ناکام



امریکی اخبار نے فیس بک پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے نفرت اور پروپیگنڈے کے فروغ کا الزام بھارت پر عائد کر دیا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے فیس بک پر بہت سے جعلی اکاؤنٹس بنائے ہوئے ہیں جن کے ذریعے من گھڑت آپریشنز کی کہانیاں سامنے لائی جاتی ہیں۔

اخبار نے کہا ہے کہ ان جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے پاکستان، چین اور باالخصوص مسلمانوں کے خلاف بہت زیادہ پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔

واشنگٹن پوسٹ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھی پردہ اٹھایا ہے اور لکھا ہے کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے مگر ان اکاؤنٹس کے ذریعے علاقے کو پُرامن دکھایا جاتا ہے۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق فیس بک کمپنی کے بہت سے ملازمین بھی بھارت کے پروپیگنڈے میں ملوث ہیں۔

واشنگٹن پوسٹ نے لکھا ہے کہ فیس بک کے موجودہ اور سابق ملازمین نے اعتراف کیا ہے کہ فیس بک ایگزیکٹوز بی جے پی کو جھوٹا پروپیگنڈا کرنے پر سزا دینے سے گریز کرتے ہیں۔

اخبار نے ملازمین کے اس اعتراف کے بعد پروپیگنڈے کے فروغ میں فیس بک کے ذمہ داران کو بھی ذمہ دار قرار دیا ہے۔

حکومت کے شٹ ڈاؤن کا خطرہ ٹل گیا، امریکا میں حکومتی اخراجات کا بل منظور



امریکا کے ایوان نمائندگان میں حکومتی اخراجات کا بل منظور کر لیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بل کے حق میں 209 ڈیموکریٹس اور 126 ریپلبلکنز نے ووٹ دیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایوان نے 45 روز کے لیے اخراجات کا بل منظور کیا ہے اور اس میں یوکرین جنگ کے لیے کوئی رقم نہیں رکھی گئی۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بل کی منظوری اہم پیشرفت ہے اور اب حکومتی شٹ ڈاؤن کا خطرہ ٹل گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر بل کی منظوری ممکن نہ ہوتی تو شٹ ڈاؤن میں وفاقی حکومت کے لاکھوں ملازمین فارغ ہو جاتے یا ان سے درخواست کی جاتی کہ بغیر معاوضے کے کام جاری رکھیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے حکومتی شٹ ڈاؤن کو روکنے کے معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔

ورلڈ کپ: سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے متوقع بولرز کی فہرست جاری، شاہین شاہ بھی شامل



دبئی (این این آئی) بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے متوقع بولرز کی فہرست جاری کر دی گئی۔ کرکٹ کے معروف جریدے نے 6 بولرز کی فہرست جاری کی ہے جس میں پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی بھی شامل ہیں۔

فہرست میں بھارت کے 3 بولرز کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ اور محمد سراج شامل ہیں۔ اس فہرست میں آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک اور نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ بھی شامل ہیں۔

بھارت کے کلدیپ یادیو رواں برس اب تک سب سے زیادہ 33 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، انہوں نے ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف 25 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

شاہین آفریدی ابتدائی اوورز میں وکٹیں لینے کے لیے شہرت رکھتے ہیں اور جنوبی افریقا کے سابق فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے بھی شاہین آفریدی کو ورلڈ کپ کے ٹاپ بولرز میں شامل کیا ہے۔

ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر آسٹریلیا کے گلین میک گرا ہیں جنہوں نے 39 میچز میں 18.19 کی اوسط سے 71 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ سری لنکا کے اسپنر مرلی دھرن نے 40 میچز میں 19.63 کی اوسط سے 68 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

ورلڈکپ: قومی کرکٹرز سے بھارتی فینز کی ملاقات، تصاویر بھی بنوائیں



حیدر آباد (این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی حیدر آباد میں فینز سے ملاقات ہوئی جس میں بھارتی فینز نے تصاویر بنوائیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں قومی کرکٹرز اور کوچنگ اسٹاف نے جیول آف نظام ریسٹورنٹ میں حیدرآبادی کھانوں سے لطف اٹھایا، اس دوران کھلاڑیوں نے فینز سے ملاقات کی اور تصاویر بھی بنوائیں۔

حیدرآباد کے فینز نے پاکستانی کھلاڑیوں کے رویے کی کھل کر تعریف کی جبکہ میدان میں سپورٹ کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ اس دوران ہوٹل انتظامیہ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا پھولوں سے استقبال کیا۔

قبل ازیں آئی سی سی ورلڈکپ میں شرکت کیلئے بھارت پہنچنے پر قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا ائیرپورٹ پر مداحوں نے شاندار استقبال کیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جبکہ ہوٹل کے باہر بھی ہزاروں شائقین کرکٹ کرکٹرز کی ایک جھلک دیکھنے کو بے تاب نظر آئے۔

ترکیہ میں پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب دھماکا، 2 پولیس اہلکار زخمی



ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب خود کش دھماکا ہوا ہے اور فائرنگ بھی کی گئی ہے جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ بھڑکنے کے باعث 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

ترکیہ کی وزارت داخلہ نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انقرہ میں دہشتگرد حملہ کیا گیا جو قابل مذمت ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق ترکیہ کی وزارت داخلہ کی عمارت کے قریب دھماکا کیا گیا ہے جس کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔

بتایا گیا ہے کہ ایک خودکش حملہ آور نے وزارت داخلہ کی بلڈنگ کے مرکزی گیٹ سے گاڑی ٹکرائی جس سے دھماکا ہو گیا جبکہ دوسرے حملہ آور کو جوابی کارروائی میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔

دھماکا پارلیمنٹ کا افتتاحی اجلاس شروع ہونے سے کچھ گھنٹے پہلے ہوا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

بابر اعظم بڑا کھلاڑی، سرفراز سے زیادتی ہوئی ہے تو ازالہ کریں گے: ذکا اشرف



لاہور (این این آئی)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں بابر اعظم بہت بڑا کھلاڑی ہے، سرفراز احمد سے زیادتی ہوئی ہے تو ازالہ کریں گے۔

ایک انٹرویو کے دوران ذکا اشرف نے کہا کہ ورلڈ کپ 2023 میں ابھی وارم اپ میچ ہوا ہے، پلیئرز ایڈجسٹ ہو رہے ہیں، ٹیم کم بیک کرے گی، ابھی ورلڈ کپ چل رہا ہے، ہماری ساری دعائیں ٹیم کیساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر اور ان کی ٹیم کو میرے آنے سے پہلے رکھا گیا تھا، غیر ملکی کوچز سے معاہدے کی اگر پاسداری نہ کریں تو بورڈ کی بدنامی ہوتی ہے۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ مکی آرتھر نے وعدہ کیا ہے کہ وہ پوریورلڈ کپ اور دورہ آسٹریلیا میں دستیاب ہوں گے۔ ورلڈ کپ کے بعد تبدیلی ہوگی یا نہیں، اس پر میں ابھی کوئی بات نہیں کروں گا، میگا ایونٹ کے بعد ٹیم کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور پھر دیکھیں گے کہ کیا کرنا ہے۔

ذکا اشرف نے کہا کہ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی ٹاپ پلیئرز ہیں جو پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں، لیگ کرکٹ کی چمک دمک سے انٹرنیشنل ٹیموں کو مشکلات ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگریز کا فیصلہ میں نے نہیں کیا، کرکٹ کے فیصلے کرکٹرز کرتے ہیں، پلیئرز کو زیادہ پیسے اس لیے ہی دیے ہیں کہ وہ پاکستان ٹیم کو ترجیح دیں۔