Tag Archives: الیکشن کمیشن

عام انتخابات :الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ سٹیشنز کی تفصیلات جاری



الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے حوالے سے پولنگ سٹیشنز کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

دستاویزات کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور 91 ہزار 809 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔

نارمل پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 41 ہزار 890 اور حساس پولنگ اسٹیشن کی تعداد 32 ہزار 508 ہو گی جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 17 ہزار 411 ہو گی۔

پنجاب میں 15 ہزار 829 حساس جبکہ 6 ہزار 599 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز قرار دیئے گئے ہیں۔ سندھ میں 8 ہزار 30 پولنگ اسٹیشنز حساس اور 4 ہزار 430 انتہائی حساس ہوں گے۔

بلوچستان میں 2 ہزار 68 پولنگ اسٹیشنز حساس اور 2 ہزار 38 انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 6 ہزار 582 حساس اور 4 ہزار 344 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کا جانبدار کابینہ ارکان کو ہٹانے کیلئے وزیراعظم کو نوٹس بھیجنے کا فیصلہ



الیکشن کمیشن نے جانبدار ارکان کو وفاقی کابینہ سے ہٹانے کے معاملے پر نگران وزیر اعظم  انوار الحق کاکڑ کو نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔ 

جانبدار ارکان کو وفاقی کابینہ سے ہٹانے کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے سماعت کی، الیکشن کمیشن میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان پیش ہوئے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل  سے کہا کہ کیا آپ احد چیمہ ، توقیر شاہ اور فواد حسن فواد کی نمائندگی کر سکتے ہیں ،اس معاملے پر کمیشن کی معاونت کرکے  نگران وزیر اعظم کو نوٹس جاری کریں جس کے بعد کیس کی سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔

انتخابات کے شیڈول کا اعلان30 نومبر کے بعد ہو جائے گا، الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کا بیان مسترد کردیا



الیکشن کمیشن نے صدر مملکت عارف علوی کا بیان مسترد کردیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے ڈاکٹر عارف علوی کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر مملکت کے انٹرویو سے یہ تاثر گیا ہے کہ شاید الیکشن ملتوی ہو جائیں گے جب کہ ایسا نہیں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی پوزیش واضح کر چکا ہے حلقہ بندیوں کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے، اعتراضات دائر کرنے کا دوسرا مرحلہ 27 اکتوبر 2023ء کو مکمل ہو جائے گا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ابتدائی حلقہ بندی پر اعتراضات کی سماعت 30/31 اکتوبر سے شروع ہوگی، 30نومبر 2023ء کو الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع ہو جائے گی ۔حلقہ بندی کی حتمی اشاعت کے بعد انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا جس میں کسی قسم کا ابہام نہیں۔

عام انتخابات: الیکشن کمیشن نے غیرملکی میڈیا اور مبصرین کو جائزے کے لیے مدعو کر لیا



الیکشن کمیشن آف پاکستان نے غیرملکی میڈیا اور مبصرین کو عام انتخابات کے جائزے کے لیے مدعو کر لیا ہے۔

الیکشن کمیشن سے جاری ایک بیان کے مطابق غیرملکی میڈیا اور مبصرین کی رجسٹریشن اوپن ڈورپالیسی کے تحت ہو گی، ایسے کسی شخص کی بطور مبصر رجسٹریشن نہیں کی جائے گی جس کی کسی سیاسی جماعت کے سے وابستگی ہو۔

غیرملکی صحافیوں اور مبصرین کے لیے لازم ہو گا کہ وہ اپنے تمام کوائف اور دستاویزات جمع کرائیں۔ رجسٹریشن کے خواہشمند مبصرین کو ادارے کا اتھارٹی لیٹر بھی فراہم کرنا ہو گا۔

اس کے علاوہ سیکیورٹی کلیئرنس کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

عمران خان کی الیکشن کمیشن میں عدم پیشی پر سیکریٹری داخلہ طلب



الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی عدم پیشی پر سیکریٹری داخلہ کو طلب کر لیا

عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبرسندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم کے وکیل شعیب شاہین نے پیروی کی۔

سماعت کے دوران شعیب شاہین نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کی پیشی کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے کہ انہیں پیش کیا جائے مگر حکم پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، کمیشن کی اصل توہین تو آج ہوئی ہے۔

اس کے موقع پر اے آئی جی آپریشنز پنجاب پولیس نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ وہ خود بھی اس خدشے کا اظہار کر چکے ہیں۔

ممبرالیکشن کمیشن سندھ نے استفسار کیا کہ عمران خان کو جو کہہ رہے ہیں اس کے صحیح ہونے کا آپ کو یقین ہے؟۔

اے آئی جی نے الیکشن کمیشن میں عمران خان کی پیشی سے متعلق معذرت کی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔

رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کی تجویز ہے کہ اڈیالہ جا کر الیکشن کمیشن سماعت کر سکتا ہے۔

ممبرالیکشن کمیشن نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر ایک شخص کو سیکیورٹی نہیں دی جا سکتی تو انتخابات کیسے ہوں گے۔

بعدازاں سیکریٹری داخلہ کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔

90 روز میں انتخابات کرانے کا کیس: وفاق اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری



سپریم کورٹ آف پاکستان نے 90 روز میں عام انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن پاکستان اور وفاق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 2 نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کیس کی سماعت کے دوران صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو غلط بیانی سے کام نہیں لینا چاہیے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے 90 روز میں عام انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کی، بینچ کے ممبران میں جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس امین الدین شامل ہیں۔

دوران سماعت پاکستان تحریک انصاف کے وکیل علی ظفر ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے۔

صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری نے عدالت کے سامنے دلائل دیے کہ ہم نے 5 اگست کو مشترکہ مفادات کونسل کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج کیا تھا۔ جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ یہ فوری نوعیت کا معاملہ تھا آپ نے جلد سماعت کے لیے درخواست کیوں نہ دی؟۔

وکیل عابد زبیری کا کہنا تھا کہ جلد سماعت کے لیے ہم نے درخواست دی تھی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ درخواست کو بروقت مقرر کر دیا جاتا تو اب تک فیصلہ ہو جاتا۔

عابد زبیری نے مشترکہ مفادات کونسل کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے 90 روز میں الیکشن کرانے کا حکم دینے کا مطالبہ کیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آپ چاہتے ہیں کہ انتخابات 2017 کی مردم شماری کے مطابق ہوں، جس پر عابدزبیری نے کہاکہ مردم شماری اور حلقہ بندیوں کی وجہ سے الیکشن میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ اسمبلی کی تحلیل کے بعد کب 90 روز پورے ہو رہے ہیں تو عابد زبیری نے کہا کہ 3 نومبر کو 90 دن ہو جائیں گے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر ہم 90 روز میں انتخابات کا حکم دیں تو اس پر عملدرآمد ہو جائے گا تو عابد زبیری نے کہا کہ نہیں۔ چیف جسٹس نے اس پر انہیں کہا کہ پھر درخواست میں ترمیم کر لیں۔

بعدازاں عدالت نے وفاق اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 2 نومبر تک ملتوی کر دی۔

رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو 144انتخابی نشانات الاٹ



الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں انتخابی نشانات کی نئی فہرست مرتب کر لی ہے۔

موقر قومی اخبار کی خبر کے مطابق الیکشن کمیشن نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو بلے سمیت 144 انتخابی نشانات الاٹ کر دئیے ہیں ۔

آزاد امیدواروں کیلئے 182 نشانات مختص کئے گئے ہیں۔ نئی فہرست میں پی ٹی آئی کیلئے بلے کا نشان بھی شامل ہے۔

عام انتخابات کے لئے عملے کی فہرست مرتب، تقریباً10 لاکھ ملازمین معاونت کریں گے



پاکستان میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں اور الیکشن کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کو تقریباً 10 لاکھ افراد کی خدمات درکار ہوں گی ۔
الیکشن کمیشن کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق پولنگ عملے کے تقریبا سات لاکھ ارکان ہوں گے، اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت یہ تعداد تقریباً 10 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔
انتخابی شیڈول کے اعلان ہونے کے بعد حتمی تعداد کی تصدیق ہو جائے گی۔
کمیشن نے پریذائیڈنگ افسران، اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ عملے کی فہرست مرتب کر لی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں کل 10,7361 افسران کو تعینات کیا جائے گا۔
پنجاب میں تقریباً 54,706 پریذائیڈنگ افسران، 310,968 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور 160,445 پولنگ سٹاف کو الیکشن ڈیوٹیاں سونپی جائیں گی۔
صوبے میں مجموعی طور پر 526,123 افسران کو تعینات کیا جائے گا۔
سندھ میں 20,315 پریذائیڈنگ افسران، 162,523 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور 81,262 پولنگ عملہ تعینات کیا جائے گا جس سے صوبے میں افسران کی کل تعداد 264,100 ہو جائے گی۔
خیبرپختونخوا میں 16,525 پریذائیڈنگ افسران، 100,085 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور 50,045 پولنگ عملہ تعینات کیا جائے گا،جس سے مجموعی طور پر 166,655 افسران ہوں گے۔
بلوچستان میں مجموعی طور پر 50,491 افسران کو نامزد کیا جائے گا، جن میں 5,266 پریذائیڈنگ افسران، 30,150 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور 15,075 پولنگ عملہ شامل ہیں۔
الیکشن کی حتمی تاریخ کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن ستمبر کے مہینے میں الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ عام انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کرائے جائیں گے۔

سندھ میں عام انتخابات کی تیاریوں پر جائزہ اجلاس طلب



اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے سندھ میں عام انتخابات کی تیاریوں کے جائزہ کے لئے اہم اجلاس طلب کر لیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ پیر16 اکتوبر کو کراچی پہنچیں گے،چیف الیکشن کمشنر کے ہمراہ سیکرٹری الیکشن کمشنر اور کمیشن کے دیگر افسر بھی ہوں گے، انتخابات سے متعلق چیف سیکرٹری آفس میں منگل 17 اکتوبر کو اہم اجلاس ہوگا جس میں صوبے میں انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔چیف سیکرٹری سندھ اجلاس میں صوبے میں انتخابات سے متعلق بریفنگ دیں گے، صوبائی الیکشن کمشنراعجاز انور چوہان بھی اجلاس میں بریفنگ دیں گے۔

الیکشن کمیشن نے ایک کروڑ30 لاکھ ووٹرز سے متعلق ابہام کی وضاحت کردی



اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایک کروڑ 30 لاکھ ووٹرز کے حق رائے دہی سے محروم ہونے کی خبروں کی تردید کی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 27 کے مطابق کسی بھی ووٹر کا اندراج اس کے شناختی کارڈ کے مطابق مستقل یا موجودہ پتے پر کیا جاتا ہے جس کا آبادی کے اعداد و شمار سے کوئی تعلق نہیں۔
مردم شماری کسی بھی شخص کی ذاتی موجودگی پر کی جاتی ہے جبکہ ووٹر کا اندراج شناختی کارڈ کے پتے کے مطابق ہوتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ ایک اخبار میں شائع ہونے والے اس رپورٹ میں کوئی صداقت نہیں کہ ایک کروڑ 30 لاکھ افراد اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کرسکیں گے ۔ تمام اہل افراد کے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنانے کے لیے انتخابی فہرستوں کو28 ستمبر2023 سے غیر منجمد کیا ہوا ہے اور عوام کو میڈیا کے ذریعے ووٹ کے اندراج، اخراج اور درستگی کے بارے میں مسلسل آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔ یہ عمل 25 اکتوبر 2023 تک جاری رہے گا۔
بیان کے مطابق نادرا کی جانب سے جن 8 لاکھ افراد کو شناختی کارڈ جاری کیے گئے تھے ان کا ڈیٹا یکم اکتوبر کوحاصل کرلیا گیا تھا اور اب ڈیٹا کے اندراج کا کام جاری ہے۔ یہ افراد آئندہ انتخابات میں حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے، الیکشن کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری اور ووٹرز کے حقوق سے بخوبی آگاہ ہے اور حلقہ بندی کے عمل سے ووٹر کے حق پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

آشوب چشم: متاثرہ ملازمین کا الیکشن کمیشن میں داخلہ بند



الیکشن کمیشن نے آشوب چشم کے متاثرہ ملازمین کی الیکشن کمیشن میں داخلے پر پابندی عائد کر دی۔

آشوب چشم کے مریضوں کے الیکشن کمیشن  میں داخلے کی پابندی کا سرکلر بھی جاری کر دیا گیا،آشوب چشم کے متاثرہ افسران یا ملازمین صحت یاب ہونے کے بعد صحت یابی کا سرٹیفکیٹ دینے کے پابند ہوں گے۔

سرکلر کے مطابق متاثرہ شخص  صحت یابی کے سرٹیفکیٹ کے الیکشن کمیشن میں نہیں آ سکے گا۔

الیکشن کمیشن کا اجلاس، غیر ملکی مبصرین کیلئے ضابطہ اخلاق کی منظوری



اسلام آباد(این این آئی) الیکشن کمیشن نے عالمی مبصرین کے ضابطہ اخلاق کی منظوری دیتے ہوئے عالمی مبصرین کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس 16اکتوبر کو طلب کر لیا۔

خواہش مند عالمی مبصرین کے کیسز کو فوری طور پر پراسس کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔

 الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوا۔

اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسروں نے بھی شرکت کی۔

الیکشن کمیشن نے وزرات داخلہ و خارجہ اور دیگر اداروں سے خصوصی نمائندے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

چیف الیکشن کمیشن نے اجلاس میں عالمی مبصرین کے ضابطہ اخلاق کی بھی منظوری ددیدی۔