Tag Archives: احسان اللہ

ورلڈ کپ: فاسٹ بولر احسان اللہ کی پاک بھارت میچ کے حوالے سے اہم پیشگوئی



پاکستان کے فاسٹ بولر احسان اللہ نے پیش گوئی کی ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ میں کل ہونے والا پاک بھارت میچ پاکستان باآسانی جیت جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں احسان اللہ نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی سری لنکا کے خلاف تاریخی کامیابی پر مجھے خوشی ہوئی ہے، ہماری ٹیم سب کو ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گی۔

انہوں نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ جیت کر آئے تو یہ بہت ہی مزے کی بات ہو گی۔

احسان اللہ نے کہا کہ حارث رؤف، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی بڑے میچ کے کھلاڑی ہیں اور اچھی بولنگ کرتے ہیں۔ کبھی کبھار خراب دن آ جاتا ہے۔ کل ہونے والا بھارت کے خلاف میچ ہم یکطرفہ جیت جائیں گے۔

یاد رہے کہ فاسٹ بولر احسان اللہ انجری کے باعث سرجری کی وجہ سے ان دنوں کرکٹ سے دور ہیں۔

احسان اللّٰہ ان فِٹ، پانچ ماہ تک کرکٹ مقابلوں سے باہر



لاہور (این این آئی)پاکستان کے ایک اور فاسٹ بولر احسان اللّٰہ بھی ان فِٹ ہوجانے کی وجہ سے اب کچھ وقت کیلئے کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق کچھ ماہ قبل احسان اللّٰہ دائیں ہاتھ کی کہنی کی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے جس کے بعد گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں ان کی کہنی کا آپریشن کرا دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آپریشن کے باعث فاسٹ بولر چار پانچ ماہ تک کرکٹ مقابلوں سے باہر ہوگئے ہیں تاہم پی سی بی کے میڈیکل پینل نے انہیں بولنگ کی اجازت دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق احسان اللّٰہ قومی اکیڈمی میں ویٹ ٹریننگ کرتے رہے جس سے مرض بگڑ گیا جس کے بعد انگلینڈ کے ڈاکٹروں نے ان کی رپورٹس دیکھ کر فریکچر بتایا تھا۔

ذرائع کے مطابق احسان اللّٰہ کو آپریشن کے بعدہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے اور وہ ری ہیب میں مصروف ہیں، ان کی آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز اور پی ایس ایل میں واپسی مشکل ہے۔