Tag Archives: اسرائیلی بمباری

بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر کا اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی



بھارت کی معروف اداکارہ سوارا بھاسکر نے اسرائیل کی بمباری کا شکار مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ اگر میری پیدائش بھی غزہ میں ہوئی ہوتی تو کیسے اپنی بیٹی کی حفاظت کرتی۔

انہوں نے لکھا کہ میری طرح ہر ماں کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچے کو سکون دے، کوئی ماں اپنے بچے کو نقصان پہنچتا نہیں دیکھ سکتی۔

بھارتی اداکارہ نے کہا کہ جب میری بیٹی سکون سے سو رہی ہوتی ہے تو میرے دل میں یہ خیال پیدا ہوتا ہے کہ اگر میری بیٹی غزہ میں پیدا ہوئی ہوتی تو اس کی حفاظت کیسے کرتی۔

سوارا بھاسکر نے مزید لکھا کہ جیسے حالات آج غزہ میں ہیں دعا ہے میری بیٹی کو کبھی ایسا نہ دیکھنا پڑے۔

غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری، اسرائیلی فوج کو زمینی کارروائی کیلئے گرین سگنل



اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3900 ہو گئی ہے جبکہ 13 ہزار 500 سے زیادہ زخمی ہیں۔

غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کو غزہ میں زمینی کارروائیوں کے لیے تیار رہنے کا گرین سگنل دے دیا گیا ہے جس کے بعد حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے عرب اور مسلم دنیا سے اسرائیل کی جانب مارچ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے رفاح میں گھروں پر بم برسائے گئے ہیں جس کے نتیجے میں 33 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ الزیتون کے علاقے میں چرچ کو نشانہ بنایا گیا ہے جہاں متاثرہ لوگ پناہ لیے ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ مغربی کنارے میں الشمس پناہ گزیں کیمپ پر حملہ کیا گیا ہے جس سے 12 فلسطینی شہری شہید ہو گئے جبکہ خان یونس کے علاقے میں بمباری سے 7 شہادتیں ہوئی ہیں۔

فلسطینی حکام نے بتایا ہے کہ اب تک جتنے لوگ شہید ہو چکے ہیں ان میں 1500 سے زیاد بچے، ایک ہزار خواتین اور 120 بزرگ شہری بھی شامل ہیں، جبکہ تباہ عمارتوں کی تعداد میں اس حد تک اضافہ ہو گیا ہے کہ رضاکاروں کے لیے ممکن ہی نہیں کہ وہ ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال سکیں۔

فلسطینیوں کی مدد: امدادی سامان کے قافلے آج غزہ میں داخل ہوں گے



اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے، اسرائیلی فضائی حملوں سے متاثرہ فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان کے قافلے آج غزہ میں داخل ہوں گے۔

مصر کے بارڈر پر اس وقت 100 ٹرک امدادی اشیا لے کر قطار میں لگے ہیں اور سرحد کھلنے کا انتظار کر رہے ہیں۔

پاکستان کی جانب ے بھیجا گیا سامان بھی مصر میں پہنچ چکا ہے اور راستہ کھلتے ہی غزہ کے متاثرین تک پہنچایا جائے گا۔

ابتدا میں امدادی سامان کے 20 ٹرک غزہ روانہ کیے جائیں گے، اب تک وینزویلا نے 30 ٹن امداد مصر پہنچا دی ہے، اس کے علاوہ روس کی جانب سے 27 ٹن امداد روانہ کی گئی ہے۔

پاک فوج اور این ڈی ایم اے کی جانب سے غزہ کے لیے بھیجے گئے امدادی سامان کی پہلی کھیپ میں ایک ہزار خیمے، 4 ہزار کمبل اور 3 ٹن ادویات شامل ہیں۔

عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ 20 امدادی ٹرک غزہ بھیجنا سمندر میں قطرے کی مانند ہے، اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر امدادی سامان سے بھرے ٹرک غزہ روانہ کیے جائیں۔

غزہ پر اسرائیلی بمباری: قومی کرکٹرز کا فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی



پاکستانی کرکٹرز نے اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے معصوم شہریوں کی نسل کشی پر فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان، فاسٹ بولر حارث رئوف، بیٹر افتخار احمد، اسامہ میر، محمد نواز، سابق کپتان اظہر علی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔

قومی کرکٹرز کی جانب سے اظہار یکجہتی کے لیے ایکس پر فلسطینی پرچم کی تصاویر پوسٹ کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے انسانیت سوز حملے کیے جا رہے ہیں اور فلسطین کے عوام محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

قومی کرکٹرز کے علاوہ زمبابوے کے کرکٹر سکندر رضا نے بھی فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے اور سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کی ہے۔