Tag Archives: اسرائیلی فوج

غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری، شہادتیں 5800 سے متجاوز



اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے بعد غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 5800 سے تجاوز کر گئی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ایک روز میں 182 بچوں سمیت 704 فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے، اسرائیلی فوج پناہ گزینوں کے کیمپوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔

اسرائیلی بمباری سے زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 15 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے اور غزہ میں اس وقت صورت حال انتہائی گھمبیر ہے۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے جنگ بندی کی اپیل کے باوجود اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور دھمکی دی جا رہی ہے کہ کسی بھی وقت فلسطین پر زمینی فوج کے ذریعے حملہ کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب حماس نے اسرائیلی فوج کو خبردار کر رکھا ہے کہ اگر زمینی حملہ کیا گیا تو آپ کی فوج کو نیست و نابود کر دیا جائے گا۔

اسرائیلی فوج کا غزہ پر زمینی حملہ پسپا، 2 بلڈوزر اور ایک ٹینک تباہ



فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی غزہ میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے اور حملہ پسپا ہو گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق خان یونس کے علاقے میں اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے۔

القسام بریگیڈز کا دعویٰ ہے کہ جھڑپ کے دوران اسرائیلی فوج کا ایک ٹینک اور 2 بلڈوزر تباہ کر دیے گئے ہیں۔ صیہونی فوجی گاڑیاں چھوڑ کر واپس بھاگ نکلے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجی آہنی باڑھ کی مرمت کے لیے جانا چاہتے تھے کہ اس دوران ان کے ٹینک کو فلسطینیوں نے گھیر لیا۔ ایسی صورت حال میں فوجی ٹینک چھوڑ کر بھاگ نکلے۔

دوسری جانب اسرائیل نے بھی اعتراف کر لیا ہے کہ غزہ کی سرحد پر اس کا ٹینک تباہ ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث صورت حال تشویشناک ہے اور غزہ پر مسلسل بمباری کی جا رہی ہے، جبکہ اسرائیل نے اشارہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی وقت زمینی فوج کے ذریعے غزہ پر چڑھائی کرے گا جبکہ دوسری جانب حماس نے خبردار کیا ہے کہ ایسا کرنے کی صورت میں اسرائیلی فوج کو نیست و نابود کر دیا جائے گا۔

اسرائیل کی غزہ پر بمباری جاری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 4300 سے متجاوز



اسرائیلی فوج اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے بعد غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4300 سے تجاوز کر گئی ہے۔

اسرائیل کی جانب سے شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، قابض فوج ہسپتالوں اور عبادت گاہوں پر بھی حملے کر رہی ہے۔

اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی بمباری کے باعث غزہ کی پٹی پر 30 فیصد سے زیادہ گھر تباہ ہو چکے ہیں اور اب تک تقریباً 10 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے شیبافارمز سے متصل جنوبی لبنان کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، اب امکان ہے کہ اسرائیلی فوج کسی بھی وقت غزہ میں زمینی کارروائی کے لیے داخل ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ اگر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ نہ رکا تو یہ تنازع علاقئی جنگ میں بدل سکتا ہے جو خطرناک ہو گا۔

اداکارہ زارا نور نے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کر دی



پاکستان کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے فلسطین کے مظلوم عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اداکارہ زارا نور عباس نے کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ آج جو کچھ ہو رہا ہے یہی کل کو ہمارے ساتھ بھی ہو سکتا ہے، ہمیں مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنی چاہیے۔

اداکارہ نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت ہمارے آبائو اجداد نے اس لیے قربانیاں دی تھیں کہ اگر مستقبل میں کسی بھی مسلمان پر ظلم ہو تو ہم اس کے حق میں بول سکیں۔

زارا نور عباس نے فنکاروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ یہ چپ رہنے کا وقت نہیں، مہربانی فرما کر اس وقت یہ بھول جائیں کہ آپ کا بین الاقوامی سطح پر کوئی آڈیشن ہونے والا ہے یا آپ ٹام کروز کے ساتھ کوئی بڑی فلم کرنے والے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یاد رکھیں جس طرح دنیا کو فلسطین کی کوئی پرواہ نہیں ہے اسی طرح پاکستان کی بھی کسی کو پرواہ نہیں، لہٰذا ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں۔

اسرائیل حماس کشیدگی: امریکا کا دنیا بھر میں اپنے شہریوں کیلئے الرٹ جاری



اسرائیل اور حماس کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں امریکا نے دنیا بھر میں اپنے شہریوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ امریکی شہریوں کے خلاف دہشتگرد حملے، مظاہرے یا پرتشدد کارروائیاں ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے زور دیا ہے کہ غزہ میں امداد کی ترسیل کے دوران حملے نہیں ہونے چاہئیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان سمیت تمام ریاستیں پناہ گزینوں کے ساتھ روا سلوک پر اپنی ذمہ داریوں کو برقرار رکھیں۔

یاد رہے کہ اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان جاری کشیدگی کے بعد اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3900 ہو گئی ہے جبکہ ساڑھے 13 ہزار زخمی ہیں۔

اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری، مزید 433 فلسطینی شہید



اسرائیلی فوج اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان کشیدگی بدستور جاری ہے، اسرائیلی فوج نے غزہ پر بمباری کرتے ہوئے مزید 433 فلسطینی شہید کر دیئے ہیں۔

اب تک اسرائیلی فورسز کی بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے 3 ہزار ہو گئی ہے جبکہ 13 ہزار سے زیادہ زخمی ہیں۔

غزہ میں صورتحال تشویشناک ہے اور اب تک 4500 رہائشی عمارتیں اور 12 ہزار گھر تباہ ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کا احترام نہیں کیا جا رہا اور ہسپتالوں پر بھی بمباری کی جا رہی ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس میں غزہ میں ہونے والی بمباری کی مذمت کی گئی ہے جبکہ دوسری جانب سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرار داد امریکا نے ویٹو کر دی ہے۔

ہسپتال پرحملہ دوسرے فریق نے کیا،امریکی صدرنے اسرائیل کوبری کردیا، حملے کاالزام اسلامک جہاد پرعائد



غزہ میں ہسپتال پرحملے کے نتیجے میں سینکڑوں افراد جاں بحق ہونے کے باوجود امریکی صدرنے اسرائیل کو کلین چٹ دے دی اور مظلوموں کے خلاف دونوں ممالک کا گٹھ جوڑ کھل کرسامنے آگیا۔
امریکی صر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’ہسپتال کے واقعے پرانھیں بہت دکھ ہوا۔‘ تاہم ’میں نے جو دیکھا اس سے ایسا لگتا ہے کہ یہ کام دوسرے فریق نے کیا، آپ یعنی اسرائیل نے نہیں۔‘
بائیڈن نے کہا کہ ’بہت سے لوگوں کو یقین نہیں ہے تو ہمیں ابھی بہت سی چیزوں پر کام کرنا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے سات اکتوبر کو حماس کے حملوں سے متاثر ہونے والے اسرائیلی شہریوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے اظہار ہمدردی کیا۔ صدر بائیڈن نے حملے سے متعلق تجربات بھی سنے اور انھیں گلے لگا کر تسلی بھی دی۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے تل ابیب کے دورہ میں ہنگامی خدمات کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔
حماس کے اسرائیل پر کئے جانے والے حملوں میں 1400 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، 4200 زخمی اور 199 افراد کو غزہ میں یرغمال بنا لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات ایک ہسپتال پر ہونے والے حملے میں ایک ہزار کے لگ بھگ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے اب اسرائیلی فوج کی جانب سے چند دعوے کیے گئے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا کہ گزشہ رات کو فلسطین اسلامی جہاد نے تقریبا اسی وقت 10 راکٹ داغے جب ہسپتال میں دھماکہ سنائی دیا گیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہاگاری نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی فضائی فوٹیج کے مطابق یہ دھماکہ فلسطین اسلامی جہاد کے ایک راکٹ سے ہوا جو ہسپتال کے قریب ایک قبرستان سے چلایا گیا تھا۔
ان کے مطابق اس دھماکے میں ہسپتال کے باہر کار پارکنگ کو نقصان پہنچا جبکہ ’اسرائیلی حملہ ہوتا تو اس سے بہت زیادہ نقصان پہنچتا اور گڑھے بھی نظر آتے۔‘ ان کے مطابق فلسطین اسلامی جہاد کا یہ راکٹ ’مس فائر ہوا تھا۔‘

غزہ سے نقل مکانی کرنے والوں پر اسرائیل کی بمباری، شہید فلسطینیوں کی تعداد2300 تک پہنچ گئی



اسرائیل کی جانب سے غزہ کی سول آبادی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، اب تک کی کارروائیوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2 ہزار 300 تک پہنچ گئی  ہے۔

اسرائیل کے طیاروں نے غزہ سے نقل مکانی کرنے والے 3 قافلوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 70 فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں۔

غزہ کے شہریوں سے اظہاریکجہتی کے لیے مغربی کنارے پر کیے گئے مظاہرے پر بھی اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کی ہے جس سے 16 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کے بعد یرغمال بنائے گئے اسرائیلیوں کی لاشیں بھی ملنے لگی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنانی سرحد پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں ایک صحافی بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جب کہ 6 زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کے 4 ٹھکانوں پر دھاوا بولا ہے۔ اب تک ہلاک ہونے والے اسرائیلیوں کی تعداد 1300 ہے۔

اسرائیلی فوج کا حماس کے 2 رہنمائوں کو گرفتار کرنے کا دعوی



تل ابیب (این این آئی)اسرائیلی فوج نے حماس کے دو رہنمائوں کو نابلس سے گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔

اس حوالے سے اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ حماس کے رہنما شیخ عدنان اور احمد عواد کو گرفتار کر لیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا تھاکہ پورٹ سٹی حیفا کے اوپر 2 ممکنہ ڈرونز یا راکٹس کو مار گرایا ہے۔

اسرائیلی ڈرون پر لبنان سے حملہ کیا گیا تھا۔اسرائیلی فوج نے یہ بھی کہا کہ جوابی کارروائی میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، لبنان سے شمالی اسرائیل میں ڈرون داخل ہوئے۔

حملے کی اطلاعات تھیں مگر شدت کا اندازہ نہیں تھا: اسرائیلی فوج



اسرائیلی فوج نے حماس کے حملے سے بے خبر رہنے پر انٹیلی جنس ناکامی کااعتراف کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج کو حماس کے حملے کی منصوبہ بندی کی اطلاعات تھیں مگرحملے کی شدت کا اندازہ نہیں تھا۔ فوجی ترجمان نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج اس معاملے کو لے کر تحقیقات کررہی ہے۔