Tag Archives: اقوام متحدہ

اسرائیلی دبائو پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا یوٹرن ، فلسطین کے حق میں اپنے بیان سے مکر گئے



اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس فلسطینیوں کے حق میں بیان دینے کے بعد دباؤ  پر اپنے بیان سے ہی مکر گئے۔

گزشتہ روز اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے مشرق وسطیٰ پر ہونے والے سہ ماہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے فلسطینیوں کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ حماس کے حملے خلا میں نہیں ہوئے، فلسطینیوں کو 56 سال حبس زدہ قبضے کا شکار بنایا گیا۔حماس حملوں کو فلسطینیوں کو اجتماعی سزا دینےکا جواز نہیں بنایا جاسکتا۔

 فلسطینیوں کی حمایت میں بیان دینے پر اسرائیل نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے فوری  مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ، اس کے علاوہ اسرائیلی وزیرخارجہ ایلی کوہن نے انتونیو گوتریس سے ملاقات سے  انکار کر دیا، اس کے بعد انتونیو گوتریس فلسطینیوں کے حق میں بیان دینے کے بعد دباؤ پر اپنے بیان سے ہی مکر گئے۔

رپورٹس کے مطابق انتونیو گوتریس نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ حماس حملوں کی توجیہہ دینے کا الزام غلط ہے،7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملوں کی مذمت کرتا ہوں، جان بوجھ کر شہریوں کو نشانہ بنانے، شہریوں کی ہلاکت اور اغوا کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا۔

۔

پاکستان کا سلامتی کونسل میں فلسطین کی بھرپور حمایت کا اعلان



پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس نے فلسطین کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے عوام کی جدوجہد کو دہشت گردی سے نہ جوڑا جائے، وہ اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ فلسطینیوں کو حق خودارادیت اور مکمل آزادی کا حق حاصل ہے۔

منیر اکرم کا کہنا تھا کہ ہم فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اسرائیلی بمباری کے متاثرین کے لیے امداد لے جانے سے روکنا عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں سیکیورٹی کونسل پر زور دیا کہ اسرائیل کو عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذمہ ڈار ٹھہرایا جائے۔

غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری، شہادتیں 5800 سے متجاوز



اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان ہونے والی کشیدگی کے بعد غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 5800 سے تجاوز کر گئی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ایک روز میں 182 بچوں سمیت 704 فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے، اسرائیلی فوج پناہ گزینوں کے کیمپوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔

اسرائیلی بمباری سے زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 15 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے اور غزہ میں اس وقت صورت حال انتہائی گھمبیر ہے۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی جانب سے جنگ بندی کی اپیل کے باوجود اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور دھمکی دی جا رہی ہے کہ کسی بھی وقت فلسطین پر زمینی فوج کے ذریعے حملہ کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب حماس نے اسرائیلی فوج کو خبردار کر رکھا ہے کہ اگر زمینی حملہ کیا گیا تو آپ کی فوج کو نیست و نابود کر دیا جائے گا۔

فلسطینیوں کی حمایت کیوں کی؟ اسرائیل کا سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ



اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جانب سے فلسطین کے مظلوم کی حمایت کرنے پر اسرائیل سیخ پا ہو گیا اور ان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے فلسطین کے حق میں بیان پر احتجاج کیا ہے۔

اسرائیلی وزیر خارجہ نے انتونیو گوتریس سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا ہے جبکہ اقوام متحدہ میں اسرائیلی مندوب نے مطالبہ کیا ہے کہ سیکریٹری جنرل اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں۔

واضح رہے کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے اپنے خطاب میں فلسطین کے عوام کی حمایت کی تھی اور کہا تھا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکی جائیں۔

غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری، شہادتوں کی تعداد 5 ہزار سے متجاوز



اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان کشیدگی کے بعد اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، اور شہادتوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں میں مزید 436 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جن میں شامل بچوں کی تعداد 182 ہے۔7 اکتوبر سے اب تک 2 ہزار 55 بچے شہید ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی فضائیہ نے غزہ کہ الشاتی کیمپ پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 436 فلسطینی شہید ہوئے۔

اس کے علاوہ اسرائیلی فورسز نے خان یونس میں بمباری کرتے ہوئے 23 افراد کو شہید کر دیا، الفلوجہ میں 17 اور دیر البلاح میں بھی 10 افراد کو شہید کیا گیا ہے۔

اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے 3 مساجد پر بھی بمباری کی گئی ہے، حالیہ کشیدگی کے دوران اب تک 31 مساجد شہید ہو چکی ہیں۔

اسرائیل کی بمباری کے باعث غزہ میں صورتحال تشویشناک ہے، دوسری جانب اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار ہے اور دھمکی دی گئی ہے کہ کسی بھی وقت غزہ پر زمینی حملہ کر دیں گے۔

اقوام متحدہ نے غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا



سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی کی جائے۔

انتونیوگوتریس نے غزہ میں بلارکاوٹ امداد کی فراہمی کا اختیار دینے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی یرغمالیوں کو فی الفور رہا کیا جائے۔

اس سے قبل اقوام متحدہ نے کہا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کا شکار فلسطینیوں کے لیے فوری انسانی امداد ناگزیر ہے کیوں کہ وہاں پر پانی ختم ہو چکا ہے جس کی وجہ سے لوگ گندا پانی پینے پر مجبور ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں یہی صورت حال جاری رہی تو لوگ آلودگی اور وبائی امراض سے موت کے منہ میں چلے جائیں گے۔

اِدھر اسرائیل کی بمباری سے متاثرہ علاقے غزہ میں امدادی سامان کے قافلے آج داخل ہونا شروع ہوں گے۔

پاکستان کی جانب سے بھی فلسطینی عوام کی مدد کے لیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ مصر پہنچا دی گئی ہے جہاں سے غزہ کے متاثرہ لوگوں تک پہنچائی جائے گی۔

فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لئے تیار ہیں،اسرائیل پالیسی میں تبدیلی نہیں آئی: پاکستان



نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ اسرائیل سے متعلق پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ پاکستان ہمیشہ سے فلسطین کے معاملے پر واضح موقف رکھتا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ اسرائیل 6 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے فلسطینیوں پر ظلم کر رہا ہے، ہم غزہ کے گھیرائو کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کی صورتحال پر سعودی عرب سے رابطے میں ہیں، اوآئی سی کے 18 اکتوبر کو جدہ میں ہونے والے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کروں گا۔ غزہ میں انسانی امداد کے لیے ہمارا اقوام متحدہ سے بھی رابطہ ہے۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ اوآئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں انسانی المیہ ایجنڈے پر ہے۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ چینی صدر کی دعوت پر چین کا دورہ کررہے ہیں، چینی قیادت سے ملاقاتوں میں دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال ہو گا۔ اس موقع پر وزیراعظم عالمی رہنمائوں سے بھی ملیں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کے ساتھ سی پیک پر بات چیت چل رہی ہے، سی پیک معاملے پرسیکیورٹی سے متعلق بیرونی وجوہات کی وجہ سے مسائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے تعلقات خراب ہونے کا تاثر درست نہیں۔ افغانستان پر جب بھی کوئی مشکل پڑی انہوں نے پاکستان کی طرف دیکھا۔ افغان حکومت نے زلزلہ زدگان کے لیے امداد کی اپیل کی ہے۔

اسرائیل کا غزہ سے فلسطینیوں کے انخلا کا حکم، اقوام متحدہ کو تشویش لاحق



سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے اسرائیل کے اس الٹی میٹم کو خطرناک اور تشویشناک قرار دیا ہے جس میں اسرائیل نے فلسطینیوں کو غزہ سے نکلنے کا کہا ہے۔

انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کو غزہ سے نکلنے کے الٹی میٹم کے تباہ کن انسانی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے متاثرہ علاقے پہلے ہی اسرائیلی محاصرے اور بمباری کی زد میں ہیں، اب اسرائیل کی جانب سے جو الٹی میٹم دیا گیا ہے یہ کم از کم 11 لاکھ فلسطینیوں پر لاگو ہو گا۔

سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اس وقت جو صورتحال چل رہی ہے اس میں فلسطین کے متاثرین ایندھن، پانی اور خوراک جیسی بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کو الٹی میٹم دیا ہے کہ 24 گھنٹے میں غزہ خالی کر دیا جائے مگر فلسطینیوں نے اس الٹی میٹم کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اپنی سرزمین پر ڈٹے رہنے کا اعلان کیا ہے۔

روس غزہ پر اسرائیلی بربریت رکوانے کے لیے سامنے آ گیا



اسرائیل کی جانب سے غزہ پر چڑھائی کے بعد پیدا شدہ صورت حال پر روس میدان میں آ گیا ہے۔

روس کی جانب سے اسرائیل اور فلسطین کی لڑائی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد کا مسودہ پیش کر دیا گیا ہے۔

روس نے اقوام متحدہ کی 15 رکنی سلامتی کونسل کے بندہ کمرہ اجلاس میں مسودہ پیش کیا ہے۔

روس نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں جو مسودہ پیش کیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی جائے۔ روس نے شہریوں پر تشدد اور ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کا مطالبہ کیا ہے۔

روس کی جانب سے پیش کی گئی قرار داد کے مسودے میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ یرغمالیوں کو رہا کیا جائے۔

انہوں نے زور دیا ہے کہ انسانی بنیادوں پر متاثرین کو امداد کی فراہمی اور شہریوں کے محفوظ انخلا کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

اقوام متحدہ فلسطین میں سیز فائر کے لیے کوششیں کرے: پاکستان کا مطالبہ



پاکستان نے غزہ پر اسرائیل کی جانب سے ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ سیز فائر کے لیے بھرپور کوششیں کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس میں معصوم بچوں اور خواتین کی شہادتیں ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہےٓ اور اُن پر زمین تنگ کی جار ہی ہے، اس وقت مشرق وسطیٰ میں قیام امن وقت کی ضرورت ہے، اقوام متحدہ سیز فائر کے لیے اپنی کوششیں بروئے کار لائے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کونسل آف فارن منسٹرز کے اجلس میں مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے، حریت جماعتوں پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق حق خودارادیت دیا جائے۔

2022 سےدولت اسلامیہ افغانستان دنیا بھر میں منشیات کے فروغ کا گڑھ: اقوام متحدہ



واشنگٹن(ویب رپورٹ)
دنیا میں کاشت کی جانے والی افیون کا 80 فیصد افغانستان سے پیدا ہوتا ہے، جہاں دو لاکھ 33 ہزار ایکٹر سے زیادہ زمین پر افیون کاشت کی جاتی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این پر نشر ہونے والی اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی 95 فیصد ہیروئن افغانستان سے سپلائی کی جاتی ہے، جو دنیا بھر میں جرائم پیشہ گروہوں کے لیے کمائی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

افیون کی غیر قانونی تجارت سے افغانستان کے ہمسایہ ممالک بری طرح متاثر ہیں، جبکہ 2022 سے افغانستان میں افیون کی پیداوار میں 32 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

وی او اے کے مطابق افغانستان میں دو لاکھ 33 ہزار ایکٹر سے زائد زمین پر افیون کاشت ہوتی ہے، افیون دیہی آبادیوں کی آمدنی کا ایک بڑا حصہ ہے۔ سی این این نے کہا کہ افیون افغانستان کی جی ڈی پی میں11 فیصد تک حصہ ڈالتا ہے۔

حکومت پاکستان افیون اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات اٹھا رہی ہے، دنیا بھر میں منشیات سے تباہی پھیلانے پر عالمی سطح پر افغانستان سے جواب طلبی ہونی چاہیے۔

اقوام متحدہ کی پاکستان میں ہونے والے دہشتگرد حملوں کی مذمت



سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے پاکستان میں جمعہ کو ہونے والے دہشت گرد حملوں کی مذمت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انتونیو گوتریس نے کہاکہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہوں۔

سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ پُرامن مذہبی تقریبات کے دوران لوگوں کو نشانہ بنایا گیا جو ایک گھناؤنا عمل ہے، ایسے حملے کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔