Tag Archives: امریکا

پیسے کی عزت کرنی چاہیے: گلوکار عاطف اسلم نے نوٹ نچھاور کرنے پر کنسرٹ روک دیا



عالمی شہرت رکھنے والے پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے ایک شخص کی جانب سے نوٹ پھینکنے کے موقع پر کنسرٹ روک دیا۔

پاکستانی گلوکار ان دنوں امریکا کے دورے پر ہیں جہاں پر وہ مداحوں کو اپنی جادو بھری آواز سے محظوظ کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلوکار پر کنسرٹ کے دوران جب نوٹ پھینکے جاتے ہیں تو وہ غصہ کرنے کے بجائے مداح سے کہتے ہیں کہ اپنے پیسے آ کر سمیٹ لو اور کسی اچھی جگہ پر عطیہ کر دینا۔

عاطف اسلم مزید کہتے ہیں کہ آپ کے امیر ہونے کا مجھے علم ہے لیکن ضروری ہے کہ پیسے کی عزت کی جائے اور اسے اچھے مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر صارفین نے عاطف اسلم کے اس عمل کو بہت پسند کیا ہے۔

امریکا: بھارتی سفارتخانے کے باہر سکھوں کا مظاہرہ، خالصتان کے حق میں نعرے



امریکا میں مقیم سکھ کمیونٹی نے بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاج کیا ہے اور اس دوران خالصتان تحریک کی حمایت میں نعرے بازی کی گئی ہے۔

بھارتی سفارتخانے کے باہر ہونے والے احتجاج میں مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے افراد نے شرکت کی، اس دوران خالصتان تحریک کی حمایت میں نعرہ بازی ہوتی رہی۔

مظاہرین نے کہا کہ بھارت میں مودی سرکار کی جانب سے سکھوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اس لیے امریکا بھارت پر دبائو ڈالے۔

احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سکھوں کی آزاد ریاست خالصتان کی کھل کر حمایت کی جائے، اس کے علاوہ یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ کینیڈا میں قتل ہونے والے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قاتلوں کو انصاف دلوایا جائے۔

اسرائیل حماس کشیدگی: امریکا کا دنیا بھر میں اپنے شہریوں کیلئے الرٹ جاری



اسرائیل اور حماس کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں امریکا نے دنیا بھر میں اپنے شہریوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ امریکی شہریوں کے خلاف دہشتگرد حملے، مظاہرے یا پرتشدد کارروائیاں ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے زور دیا ہے کہ غزہ میں امداد کی ترسیل کے دوران حملے نہیں ہونے چاہئیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان سمیت تمام ریاستیں پناہ گزینوں کے ساتھ روا سلوک پر اپنی ذمہ داریوں کو برقرار رکھیں۔

یاد رہے کہ اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان جاری کشیدگی کے بعد اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3900 ہو گئی ہے جبکہ ساڑھے 13 ہزار زخمی ہیں۔

اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری، مزید 433 فلسطینی شہید



اسرائیلی فوج اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان کشیدگی بدستور جاری ہے، اسرائیلی فوج نے غزہ پر بمباری کرتے ہوئے مزید 433 فلسطینی شہید کر دیئے ہیں۔

اب تک اسرائیلی فورسز کی بمباری سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے 3 ہزار ہو گئی ہے جبکہ 13 ہزار سے زیادہ زخمی ہیں۔

غزہ میں صورتحال تشویشناک ہے اور اب تک 4500 رہائشی عمارتیں اور 12 ہزار گھر تباہ ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کا احترام نہیں کیا جا رہا اور ہسپتالوں پر بھی بمباری کی جا رہی ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اجلاس میں غزہ میں ہونے والی بمباری کی مذمت کی گئی ہے جبکہ دوسری جانب سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرار داد امریکا نے ویٹو کر دی ہے۔

اسرائیل فلسطین تنازع روکنے کے لیے مدد کی جائے: امریکا کی چین سے اپیل



امریکا نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازع کو بڑی جنگ میں تبدیل ہونے سے روکنے کے لیے چین سے مدد مانگ لی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے چینی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے اور اس سلسلے میں تعاون کی اپیل کی ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے امریکی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے معاملے پر فوری بین الاقوامی کانفرنس بلائی جائے۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں اور شہریوں کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانے کے عمل کی مذمت کرتے ہیں۔

چین کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے تنازع کے قابو سے باہر نکلنے کا خدشہ ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ امریکا اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔ انہوں نے معاملے کے سیاسی حل پر زور دیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے مسئلے کے دوریاستی حل پر زور دیا ہے۔

یوکرین کی مدد کے حوالے سے پاکستان خود کوئی بات کر سکتا ہے: امریکا



ترجمان امریکی نیشنل سیکیورٹی کونسل جان کربی نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے اگر یوکرین کی مدد کی گئی ہے تو اس پر وہی بات کر سکتا ہے۔

پریس بریفنگ کے دوران جان کربی نے کہاکہ دنیا کے کئی ممالک کی جانب سے یوکرین کی مدد کی جا رہی ہے ان میں سے کچھ ممالک ایسے ہیں جو عوامی سطح پر توجہ چاہتے۔

ترجمان نے کہاکہ امریکا کا عمران خان اور وائٹ ہائوس کے باہر ہونے والے مظاہرے سے کوئی تعلق نہیں۔

جان کربی کا کہنا تھا کہ عمران کا معاملہ پاکستان کا داخلی ایشو ہے اس پر کوئی بھی موقف پاکستانی حکومت کی جانب سے ہی دیا جا سکتا ہے۔

انسداد دہشتگردی کے لیے پاکستان سے تعاون جاری رکھا جائے گا: امریکا



امریکا نے کہا ہے کہ واشنگٹن انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی فورمز پر تعاون جاری رکھے گا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان سے تعاون کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پُرتشدد انتہا پسندی کے مقابلے کی خاطر پاکستان کی کوششوں میں بہتری کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔

میتھیو ملر نے پاکستان میں ہونے والے خود کش حملے کی مذمت کی۔ اس کے علاوہ کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل پر ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا کی حکومت کے ساتھ اس معاملے پر قریبی رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہردیپ سنگھ کے قتل کے معاملے پر بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ تحقیقات میں کینیڈا کے ساتھ تعاون کرے۔

حکومت کے شٹ ڈاؤن کا خطرہ ٹل گیا، امریکا میں حکومتی اخراجات کا بل منظور



امریکا کے ایوان نمائندگان میں حکومتی اخراجات کا بل منظور کر لیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بل کے حق میں 209 ڈیموکریٹس اور 126 ریپلبلکنز نے ووٹ دیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایوان نے 45 روز کے لیے اخراجات کا بل منظور کیا ہے اور اس میں یوکرین جنگ کے لیے کوئی رقم نہیں رکھی گئی۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بل کی منظوری اہم پیشرفت ہے اور اب حکومتی شٹ ڈاؤن کا خطرہ ٹل گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر بل کی منظوری ممکن نہ ہوتی تو شٹ ڈاؤن میں وفاقی حکومت کے لاکھوں ملازمین فارغ ہو جاتے یا ان سے درخواست کی جاتی کہ بغیر معاوضے کے کام جاری رکھیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے حکومتی شٹ ڈاؤن کو روکنے کے معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔

سعودی اور اسرائیل تاریخی معاہدے کی جانب بڑھ رہے ہیں: امریکا



امریکا نے کہا ہے کہ دہائیوں کی دشمنی کے بعد سعودی عرب اور اسرائیل ایک تاریخی امن معاہدے کی جانب بڑھ رہے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات معمول پر آ جائیں گے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق صدر جوبائیڈن چاہتے ہیں کہ وہ اپنی مدت کے دوران یہ کامیابی حاصل کر لیں۔

امریکا کی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میرے خیال میں فریقین کی جانب سے ایک بنیادی فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے جس سے آگے بڑھنے کی امید ہے، کچھ پیچیدہ نوعیت کے معاملات پر دونوں فریقوں کو سمجھوتا کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ امریکا کی جانب دونوں اتحادیوں پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے سفارتی تعلقات کو معمول پر لائیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے حال ہی میں کہا تھا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے نزدیک آ رہے ہیں۔

افغانستان ٹی ٹی پی کا “پالنہار” خطے میں امن کیلئے خطرہ: امریکہ نے تصدیق کر دی



امریکا نے واضح طور پر کہا ہے کہ ٹی ٹی پی خطے کے امن کےلئے براہ راست خطرہ ہےامریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ کا کہناہے کہ افغان سرزمین کے دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ بلوچستان کے علاقے مستونگ میں حالیہ خود کش حملہ اس کی تازہ مثال ہے۔

تھامس ویسٹ نے ٹی ٹی پی کے پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے پاکستانی موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سب اس بات سے واقف ہیں کہ ٹی ٹی پی پاکستان سے نکالے جانے پر افغان طالبان کی حامی بن کر جنگ لڑتی رہی۔ افغان طالبان اور ٹی ٹی پی آپریشنل اور مالی معاونت میں ایک پیج پر ہیں۔ افغان طالبان ٹی ٹی پی کو لاجسٹک سپورٹ بھی فراہم کرتے آئے ہیں۔

تھامس ویسٹ نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن کے لیے ہمیشہ مددگار رہا ہے۔ پاکستان نے سیکیورٹی مسائل کی نشاندہی اور افغان مہاجرین کے معاملے پر بہت مدد کی۔

پاکستان میں رجیم چینج کی حمایت نہیں کرتے: امریکا کی پھر وضاحت



امریکا نے کہا ہے کہ لاکھ بار بتا چکے ہیں کہ ہم پاکستان میں رجیم چینج کی حمایت نہیں کرتے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاکستان میں حکومت کی تبدیلی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم بار بار اس کی وضاحت کر چکے ہیں کہ پاکستان میں رجیم چینج کی حمایت نہیں کرتے۔

میتھیو ملر نے کہا کہ ہماری پالیسی بالکل واضح ہے، پاکستان میں اس وقت انتخابات ہونے جا رہے ہیں اس لیے اس معاملے پر کوئی پوزیشن نہیں لیتے۔ واشنگٹن صاف اور شفاف انتخابات کی حمایت کرتا ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہاکہ پاکستان ہمارا اہم شراکت دار ہے، متعدد ایسے مسائل ہیں جن پر ہم اکھٹے کام کرتےہیں اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔