Tag Archives: اڈیالہ جیل

کیا اب جیل کا کمرہ بھی تڑوا دوں؟ جج کا عمران خان کے وکیل سے مکالمہ



چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف قائم سائفر کی اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی ہے۔

آفیشل سیکرٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر عمران خان کے قانونی امور کے ترجمان اور وکیل نعیم پنجوتھا پیش ہوئے۔

نعیم پنجوتھا نے جج کے سامنے موقف اختیار کیا کہ آپ کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا جاتا، وکلا کو بھی عمران خان سے ملنے نہیں دیا جا رہا جبکہ اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کمرہ بہت چھوٹا ہے۔

خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات نے ریمارکس دیے کہ ہم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کے سیل کی دیوار تو تڑوا دی ہے اب کیا کمرہ بھی تڑوا دوں۔

نعیم پنجوتھا نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کو جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کرنے کے معاملے پر بہانے بنائے جا رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔ اس کے علاوہ وکلا سے بھی نہیں ملنے دیا جاتا۔

جج نے کہا کہ عمران خان اہم شخصیت ہیں ان کی زندگی کا تحفظ تو ضروری ہے۔

بعدازاں جج ابوالحسنات نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے وکلا کی ملاقات کے حوالے سے ہدایات جاری کر دیں۔

سائفر کیس: عمران خان اور شاہ محمود کے خلاف سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے خلاف اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت ہوئی ہے۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم اسلام آباد کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے اڈیالہ میں کیس کی سماعت کی۔

خصوصی عدالت نے سائفر کیس کی مجموعی طور پر چوتھی اور اڈیالہ جیل میں پہلی سماعت کی۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے وکلا اڈیالہ جیل میں ٹرائل کے دوران پیش ہوئے، اس موقع پر ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباسی نے پیروی کی۔ جیل میں ٹرائل کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کو جج کے سامنے پیش کیا گیا۔

سماعت کے دوران پی ٹی آئی وکلا نے کہاکہ سائفر کیس کی ان کیمرا سماعت کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، جب تک فیصلہ نہیں آ جاتا ایف آئی اے کے چالان کی کاپیاں وصول نہیں کی جائیں گی۔

آفیشل سیکرٹ عدالت کے جج ابوالحسنات محمدذوالقرنین نے پی ٹی آئی وکلا کے اعتراضات پر مزید سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔

جج نے سماعت روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ سماعت پر ایف آئی اے چالان کی نقول تقسیم کی جائیں گی۔

عمران خان کی منتقلی کے بعد اڈیالہ جیل کی سکیورٹی بڑھا دی گئی



راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) اڈیالہ جیل کی سکیورٹی پر مامور پولیس نفری اور حفاظتی پکٹس میں اضافہ کر دیا گیا۔

موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کے بعدا سپیشل برانچ راولپنڈی کی جانب سے کئے گئے سکیورٹی آڈٹ اور راولپنڈی پولیس اور جیل حکام کی میٹنگ کے تناظرمیں سینٹرل جیل راولپنڈی کے سکیورٹی پلان پر نظرثانی کی گئی ہے جس کے تحت جیل کے اردگرد پکٹس دو سے بڑھا کر پانچ کردی گئی ہیں ۔

یہ پکٹس داہگل گاؤں، جیل گیٹ نمبر 5، دیرہ موڑ، شائیگان فیکٹری اور ڈھوک منگا میں لگائی گئی ہیں جہاں 24گھنٹے نفری موجود ہوگی۔ جیل کے باہر تعینات نفری کی تعداد پچاس سے بڑھاکر 103 کردی گئی ہے۔ اڈیالہ جیل سکیورٹی کی اوور آل سپرویژن ایس ایس پی آپریشنز کریں گے۔