Tag Archives: بشریٰ بی بی

اینٹی کرپشن متحرک،بشریٰ بی بی کے بھائی کے گھرچھاپے



مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیےاینٹی کرپشن کا کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے دوران سابق خاتون اول بشری بی بی کے بھائی، سابقہ ارکان قومی و صوبائی اسمبلیز کے گھر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان اینٹی کرپشن نے بتایا کہ اینٹی کرپشن نے گزشتہ رات ساہیوال ،اوکاڑہ اور پاکپتن میں مفرور ملزمان کے گھر ریڈ کئے۔

اینٹی کرپشن ساہیوال نے سابقہ ایم این ایز رائے حسن نواز اور رائے مرتضی اقبال کے گھروں پر چھاپے مارے۔

سابقہ ایم پی اے نعیم ابراہیم ،سیاسی رہنماسلیم صادق کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا۔

سابق خاتون اول بشری بی بی کے بھائی احمد مجتبیٰ کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپہ مارا گیا،تاہم تمام ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

عمران خان کو جیل میں گھر جیسی سہولیات دینے کی درخواست پر سماعت ملتوی



اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے شوہر کو جیل میں سیکیورٹی اور تحفظ کے لئے دائر کی گئی درخواست پر سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔

بشریٰ بی بی کے وکیل لطیف کھوسہ نے عمران خان کو گھر کا کھانا فراہم کرنے کا مطالبہ کیا، انہوں نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کو جس سیل میں رکھا گیا ہے وہاں تو نماز پڑھنے کی بھی بمشکل جگہ ہے۔

لطیف کھوسہ نے کہا کہ یہاں جو بھی صدر یا وزیراعظم بنے وہ اڈیالہ یا اٹک جیل کا چکر ضرور لگاتا ہے، یہی ہماری تاریخ ہے۔

اس موقع پر چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہاکہ جو گنجائش بنتی ہو گی اس کے مطابق آرڈر کروں گا۔ بعدازاں انہوں نے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ: بشریٰ بی بی کی شوہر کو سیکیورٹی سے متعلق درخواست سماعت کے لیے مقرر



اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے شوہر کو سیکیورٹی سے متعلق دائر درخواست پر اعتراضات دور کر دیئے ہیں اور 5 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر سابق خاتون اول کے وکیل لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آپ کی جانب سے درخواست میں کیا استدعا کی گئی ہے۔

لطیف کھوسہ کی جانب سے دلائل دیے گئے کہ عمران کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، اس سے قبل وزیر آباد میں ان پر قاتلانہ حملہ ہو چکا ہے، ہمارا درخواست دائر کرنے کا مقصد جیل میں سیکیورٹی اور حقوق کا تحفط ہے۔

لطیف کھوسہ کی جانب سے دیئے گئے دلائل پر عدالت نے رجسٹرارآفس کے اعتراضات دور کر دیئے اور حکم دیا کہ درخواست کو 5 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

عمران خان کو کھانے میں زہر دینے کا خدشہ، بشریٰ بی بی عدالت پہنچ گئیں



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے جیل میں شوہر کی سیکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں معروف وکیل لطیف کھوسہ کے ذریعے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان کو جیل میں کھانے میں زہر دیا جا سکتا ہے۔

بشریٰ بی بی نے ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں وزارت داخلہ، وزارت دفاع، وزارت قانون اور دیگر کو فریق بنایا ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان جیل میں جن سہولیات کے حقدار ہیں وہ انہیں نہیں مل رہی، سابق وزیراعظم کے ساتھ جیل میں غیر انسانی سلوک آئین کے آرٹیکل 9 اور 14 کی خلاف ورزی ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ عمران خان کو گھر کے کھانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

بشریٰ بی بی نے استدعا کی ہے کہ عمران خان کی جیل میں سیکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنایا جائے، اس کے علاوہ یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ ذمہ دار میڈیکل آفیسر کے ذریعے انہیں خالص خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

بشریٰ بی بی کی ایف آئی اے میں طلبی کا نوٹس معطل، جواب طلب



اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کی ایف آئی اے میں طلبی کا نوٹس معطل کر دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے درخواست پر سماعت کی۔دورانِ سماعت بشری بی بی کی جانب سے سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالتِ عالیہ نے اس حوالے سے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔بشریٰ بی بی کی جانب سے عدالت میں دائر کی گئی درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ اس عدالت میں مرکزی کیس پہلے سے زیرِ سماعت ہے، 18 ستمبر کو عدالت نے ایف آئی اے کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اسی عدالت میں مرکزی کیس اب 30 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر ہے، کیس زیرِ التوا ہونے کے باوجود ایف آئی اے نے 19 ستمبر کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ جب تک کیس زیرِ التوا ہے عدالت ایف آئی اے کے نوٹس کو معطل کرے۔واضح رہے کہ ایف آئی اے نے بشری بی بی کو وائس میچنگ کے لیے آج تھانہ کوہسار میں طلب کر رکھا تھا۔